مجلسِ عامہ
ایسٹر کی عظیم کہانی جو کبھی سنائی گئی
مجلسِ عامہ اپریل ۲۰۲۳


ایسٹر کی عظیم کہانی جو کبھی سنائی گئی

مورمن کی کتاب کو ایک نئی روشنی میں دیکھیں اور اِس کی مضبُوط گُواہی پر غور کریں جو یہ زِندہ مسِیح کی سچائی کے حوالے سے فراہم کرتی ہے۔

ایسٹر پر صدارتِ اَوّل کا خط

آپ کو شاید یاد ہوگا کہ کچھ ہفتے پہلے صدارتِ اَوّل کی جانب سے آپ کی وارڈ یا برانچ میں ایک خط پڑھا گیا تھا۔ اُس خط میں اعلان کیا گیا تھا کہ اگلے اِتوار—ایسٹر کے اِتوار—تمام حلقے اور شاخیں صرف عشائے ربانی کی عبادت کے لیے اکٹھی ہوں گی، باقی کا وقت گھروں میں خاندانوں کے طور پر عبادت کرتے ہوئے اِس عظیم دن کو منائیں گے۔۱

صدارتِ اَوّل کے خط نے میری توجہ اپنی طرف مبذول کرائی، اور اِس کی وجہ سے مَیں نے بیتے سالوں میں اپنے خاندان کے ایسٹر منانے کے طریقے پر غور و حوض کیا۔ جتنا مَیں نے اپنی تقریبات کے بارے سوچا، اتنا ہی زیادہ میں حیران ہوا کہ کہیں ہم غلطی سے اِس تعطیل کے حقیقی معنوں کو نظر انداز تو نہیں کر رہے، جو یِسُوع مسِیح کے تمام پیروکاوں کے لیے مرکزی ہے۔

کرسمس اور ایسٹر کی روایات

اُن خیالات نے مجھے ہمارے کرسمس اور ایسٹر منانے کے فرق پر غور کرنے کی طرف مائل کیا۔ دسمبر کے دوران، ہم ”جِنگل بیلز،“ کرسمس کی جرابوں اور تحفوں کے لُطف کو دُوسری خوبصورت روایات میں شامل کر لیتے ہیں—جیسا کہ ضروت مندوں کا خیال رکھنا، پسندیدہ کرسمس کیرل اور گیت گانا، اور بے شک کلامِ مُقدّس کو کھولنا اور لُوقا ۲ سے کرسمس کی کہانی کا مُطالعہ کرنا۔ ہر سال جب ہم ایک پُرانی بڑی بائبل سے اِس پسندیدہ کہانی کو پڑھتے ہیں، تو ہمارا خاندان بھی وہی کرتا ہے جو شاید آپ کا خاندان کرتا ہے—یوسف، مریم اور بہت سارے جو ننھے یِسُوع کی عبادت کرنے آئے تھے اُن کی طرح لگنے کے لیے سر پر تولیے لپیٹنا، اُنہیں کندھوں پر اوڑھنا اور باتھ روب پہننا، اِس طرح ہم نجات دہندہ کی پیدائش کی کہانی کی اداکارانہ ادائیگی کرکے لُطف اندوز ہوتے ہیں۔

تاہم، ایسٹر پر ہمارے خاندان کی تقریبات، کسی حد تک فرق رہی ہیں۔ مَیں محسوس کرتا ہوں کہ اِس خاص اِتوار کے دن، پُرمعنی، مرکزِ مسِیح ایسٹر منانے کے لیے ہمارے خاندان نے زیادہ تر انحصار ”چرچ جانے“ پر کیا تھا؛ اور پھر اُس کے بعد خاندان کے طور پر ایسٹر سے متعلقہ روایات منانے کے لیے ہم اکٹھے ہوتے تھے۔ مُجھے اپنے بچوں اور اب پوتے پوتیوں نواسے نواسیوں کو ایسٹر ایگز ڈھونڈتے اور ایسٹر کی ٹوکریوں میں سے تحفے تلاش کرتے دیکھنا اچھا لگتا ہے۔

لیکن صدارتِ اَوّل کا خط بیدار کر دینے والا تھا۔ اُنھوں نے نہ صرف ہمیں یہ دعوت دی ہے کہ اِس زمین پر روُنما ہونے والے اہم ترین واقعے—یِسُوع مسِیح کے کفارے اور قیامت—کو منانا یقینی بنائیں، اِس میں احترام اور عزت کو شامل کریں جس کا خُداوند حقدار ہے، بلکہ اِس کے ساتھ ساتھ ہمارے خاندانوں اور دوستوں کے ساتھ ایسٹر کے لیے اُنہوں نے ہمیں اور وقت دیا ہے۔

شبیہ
جی اُٹھا مُنجّی

نبی جوزف سمِتھ نے ایک حتمی جُملے میں ہمارے عقیدے میں نجات دہندہ کے مرکزی کردار کی تصدیق کی: ”ہمارے مذہب کے بنیادی اُصول رسُولوں اور نبیوں کی یِسُوع مسِیح کے متعلق، گواہی ہے، کہ وہ مؤا، دفن کِیا گیا، اور تِیسرے دِن جِی اُٹھا، اور آسمان پر چڑھ گیا؛ اور دیگر تمام چیزیں جو ہمارے مذہب سے ہیں وہ صِرف اُس کا ضمیمہ ہیں۔“۲

لیسا اور مَیں نے اُن طریقوں پر گفتگو کی ہے جس سے ہمارا خاندان ایسٹر کے تہوار کو بہتر طریقے سے منا سکتا ہے۔ ایک سوال جو ہم نے خود سے پوچھا ہے شاید یہ ایک ایسا سوال ہے جس پر ہم سب غور کر سکتے ہیں: ہم کس طرح سے یِسُوع مسِیح کے جی اُٹھنے، ایسٹر کی کہانی کی تعلیم اور تقریبات کو، یِسُوع مسِیح کی پیدائش، کرسمس کی کہانی کی طرح اُسی اہمیت، معموری اور مذہبی روایات کے ساتھ منا سکتے ہیں؟

ایسا لگتا ہے کہ ہم سب کوشش کر رہے ہیں۔ مَیں مُقدّسینِ آخِری ایّام میں زیادہ مرکزِ مسِیح ایسٹر منانے کی ایک بڑھتی ہوئی کوشش کو دیکھتا ہوں۔ اِس میں کھجوروں کے اِتوار اور پاک جمہ کو مزید فہم و فراست کے ساتھ منانا ہے جیسے ہمارے کچھ مسِیحی بہن بھائی مناتے ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ ہم مناسب مسِیح مرکز ایسٹر کی روایات کو بھی اپنا لیں جنہیں دُنیا بھر کے ممالک کی ثقافتوں میں منایا جاتا ہے۔

نئے عہد نامہ کے عالم این ٹی رائٹ نے تجویز دی: ”ہمیں ایسٹر کو تخلیقی طریقوں سے منانے کے لیے اقدام اُٹھانے چاہیں: آرٹ، ادب، بچّوں کے کھیل، شاعری، موسیقی، رقص، تہوار، گھنٹیاں، خاص سُر سنگیت۔ … یہ ہمارا عظیم تہوار ہے۔ اگر کرسمس کو ایک طرف کر دیں تو بائبل کی اصطلاح میں آپ صرف متّی اور لُوقا کے آغاز میں سے دو باب کھو دیں گے، اور کچھ نہیں۔ ایسٹر کو ایک طرف کر دیں، تو آپ کے پاس نیا عہد نامہ نہیں ہوگا؛ آپ کے پاس مسِیحیت نہیں ہوگی۔“۳

ایسٹر، بائبل اور مورمن کی کتاب

ہم بائبل سے پیار کرتے ہیں کیونکہ یہ یِسُوع مسِیح کی پیدائش، خدمت، تصلیب، اور جی اُٹھنے کے بارے سِکھاتی ہے۔ کوئی بھی تین اِلفاظ نسلِ انسانی کی اُمید اور ابدی نتائج اِس طرح بیان نہیں کرتے جیسا کہ وہ اِلفاظ جو آسمانی فرشتے نے ایسٹر کی صبح قبر والے باغ میں کہے: ”وہ جی اُٹھا ہے۔“۴ ہم دِل کی گہرائیوں سے نئے عہد نامہ کے شُکرگُزار ہیں جہاں ایسٹر کی کہانی اور نجات دہندہ کی یہودیہ اور گلیل میں ایسٹر کی خدمت محفوظ ہے۔

لیسا اور مَیں نے ہمارے خاندان کی ایسٹر کی تقریبات کو مزید مرکزِ مسِیح بنانے پر مسلسل غور کرتے اور سوچتے ہوئے، گفتگو کی کہ کلامِ مُقدّس میں سے کِس تلاوت کو خاندانی روایت کے طور پر متعارف کروانا چاہیے—جو لُوقا ۲ ایسٹر کے متوازی ہو۔

اور پھر اچانک ہمیں یہ الہام ملا: نئے عہد نامے میں ایسٹر کی اہم آیات کے ساتھ ساتھ ہم مُقدّسینِ آخِری ایّام کو ایسٹر کے ایک عظیم ترین تحفے کی بخشش حاصل ہے! ایک منفرد گُواہ کا تحفہ، ایسٹر کے معجزے کا ایک اور عہد نامہ جس میں ساری مسِیحیت میں سے سب سے اہم صحیفے موجود ہیں۔ مَیں بے شک مورمن کی کتاب کا حوالہ دے رہا ہوں، خاص طور پر، اُس بیان کا جس میں یِسُوع مسِیح اپنے جی اُٹھے جلال میں، ایک نئی دُنیا کے باشندوں پر ظاہر ہوتا ہے۔

نبی جوزف سمتھ نے مورمن کی کتاب کو ”کسی بھی کتاب سے زیادہ درُست“ کے طور پر بیان کیا ہے،۵ اور ۳ نیفی ۱۱ سے آغاز کرتے ہوئے، یہ جی اُٹھے مسِیح کی نیفیوں سے ملاقات، نجات دہندہ کی ایسٹر کی خدمت کی شاندار کہانی بیان کرتی ہے۔ ایسٹر کے یہ صحائف، خُداوند یِسُوع مسِیح کے جی اُٹھنے کی گُواہی دیتے ہیں۔

اِن ابواب میں، مسِیح بارہ رسُولوں کو مقرر کرتا ہے، جمع ہوئے لوگوں کو پہاڑی واعظ جیسی تعلیم دیتا ہے، وہ اعلان کرتا ہے کہ اُس نے موسیٰ کی شریعت کو پورا کیا ہے، اور اسرائیل کے آخِری ایّام کے اجتماع کے بارے میں نبوت کرتا ہے۔ وہ بیماروں کو شفا دیتا ہے اور لوگوں کے لیے ایسے شاندار طریقے سے دُعا کرتا ہے کہ ”کوئی زبان ویسا بول نہیں سکتی، کوئی آدمی اِسے ضابطہِ تحریر میں نہیں لا سکتا، اور نہ ہی اِنسانوں کے دِل ایسی عظیم اور حیرت انگیز چیزیں سمجھ سکتے ہیں؛ اور کوئی بھی ہماری خُوشی کو نہیں سمجھ سکتا جس نے اُس وقت ہماری جانوں کو بھر دیا جب ہم نے اُسے ہمارے لیے باپ سے دُعا کرتے سُنا۔“

شبیہ
مسِیح نیفیوں پر ظاہر ہُؤتے ہوئے

اِس ایسٹر، ہمارا خاندان ۳ نیفی ۱۱ کی پہلی ۱۷ آیات پر توجہ مرکوز کرے گا، جن سے آپ واقف ہیں۔ آپ کو فراوانی کی زمین پر ہیکل کے گِرد عظیم اجتماع کے بارے میں یاد ہوگا جس نے خُدا کی آواز سُنی اور ایسٹر کی خوبصورت دعوت دینے کے لیے یِسُوع مسِیح کو آسمان سے اُترتے دیکھا:

”اُٹھو، اور میرے پاس آؤ، … تاکہ اپنے ہاتھ میری پسلی میں ڈالو اور کہ تُم میرے ہاتھوں اور پیروں میں کِیلوں کے نِشانوں کو چھُوؤ تاکہ تُم جانو کہ مَیں … ساری زِمین کا خُدا ہُوں، اور مَیں دُنیا کے گُناہوں کی خاطر مُؤا ہُوں۔

”اور … ہجُوم آگے بڑھا، … باری باری جا کر … اور اپنی آنکھوں سے دیکھا اور اپنے ہاتھوں سے چھُوا، … اور یقینی طور سے جانا اور ذاتی گواہی پائی۔ …

”اور … اُنہوں نے مِل کر یہ کہتے ہوئے، آواز بُلند کی:

”ہوشعنا! خُدا تعالیٰ کا نام مبارک ہو! اور وہ یِسُوع کے قدموں میں گرے، اور اُس کی پرستش کی۔“۷

تصوّر کریں: نیفیوں نے ہیکل پر درحقیقت زِندہ مسِیح کے ہاتھوں کو چھُوا! ہمیں اُمید ہے کہ ہم ۳ نیفی کے اِن ابواب کو اپنی ایسٹر کی روایات کا ویسے ہی حصّہ بنائیں گے جیسا کہ لُوقا ۲ ہماری کرسمس کی روایت کا حصّہ ہے۔ حقیقت میں، مورمن کی کتاب ایسٹر کی کبھی سُنائی گئی عظیم کہانی بتاتی ہے۔ اِسے ایسٹر کی ویسی کہانی نہ بننے دیں جو کبھی سُنائی نہیں گئی۔

مَیں آپ کو دعوت دیتا ہوں کہ مورمن کی کتاب کو نئی روشنی میں دیکھیں اور زِندہ مسِیح کی حقیقت کی اِس کی مضبُوط گُواہی پر اور ساتھ ساتھ مسِیح کی تعلیم کی معموری اورگہرائی پر غور کریں۔

مورمن کی کتاب یِسُوع مسِیح کی گواہی دیتی ہے

شاید ہم سوال کریں، ایسٹر پر مورمن کی کتاب میں سے صحائف پڑھنا ہماری زِندگیوں کو اور ہمارے عزیزوں کو پُر معنی طریقے سے کیسے بابرکت بنا سکتا ہے؟ ہماری سوچ سے کہیں زیادہ۔ جب کبھی بھی ہم مورمن کی کتاب کو پڑھتے یا اِس پر غور کرتے ہیں تو ہم قابلِ ذکر نتائج کی توقع کر سکتے ہیں۔

حال ہی میں، لیسا اور مَیں ایک پیاری دوست کی میت کو دیکھنے گئے، ایک بااِیمان عورت، جس کی بیماری نے زِندگی چھین لی تھی۔ ہم اُس کے خاندان اور قریبی دوستوں کے ساتھ اکٹھے ہوئے، اور اُس خوب صورت شخصیت کی یادیں ایک دُوسرے سے بانٹیں جنہوں نے ہماری زندگیوں معمور کیا تھا۔

کفن سے تھوڑا دور کھڑے، جب ہم دُوسروں سے بات کر رہے تھے، مَیں نے نوٹس کیا کہ پرائمری کی عمر کی دو لڑکیاں کفن کے پاس گئیں اور اپنی ایڑیاں اونچی کر کے کھڑی ہوئیں—مشکل سے اُن کی نظروں نے میت کو دیکھا—تاکہ اپنی پیاری خالہ یا پھپھو کے ساتھ آخری بار اپنے احترام کا اِظہار کر سکیں۔ کوئی پاس نہیں تھا، اِس لیے اُنہیں سمجھ اور اطمینان دینے کرنے کی غرض سے لیسا جھک کر اُن کے پاس پہنچی۔ اُس نے اُن سے پوچھا کہ وہ کیسا محسوس کر رہی ہیں اور کیا وہ جانتی ہیں کہ اُن کی خالہ یا پھپھو کہاں ہے۔ اُنہوں نے اپنی غم ناکی کا بتایا، لیکن پھر خُدا کی اُن پیاری بیٹیوں نے، اپنی آنکھوں میں اعتماد کی چمک کے ساتھ، کہا کہ وہ جانتی ہیں کہ اُن کی خالہ اب خُوش ہے اور وہ یِسُوع کے پاس ہوں گی۔

اِس نازک عمر میں، اُنہوں نے، اپنے معصومانہ طریقے سے، خُوشی کے عظیم منصوبے میں اِطمینان پایا، اور نجات دہندہ کے جی اُٹھنے کی گہری حقیقت اور سادہ خوبصورتی کی گواہی دی۔ پیار کرنے والے والدین، خاندان اور پرائمری کے راہنماؤں کی تعلیم اور یِسُوع مسِیح اور اَبَدی زِندگی پر اِیمان کے بیچ کی بدولت وہ یہ سب اپنے دِلوں میں جانتی تھیں۔ اپنی عمر سے کہیں زیادہ عقل مند، بہت ساری سچّایاں جو اُن چھوٹی لڑکیوں نے سمجھیں ایسٹر کے پیغام، زِندہ مُنجّی کی خدمت اور انبیا کے کلام سے ہم تک پہنچیں جیسا کہ مورمن کی کتاب میں بتایا گیا ہے۔

مَیں نے مشاہدہ کیا ہے کہ جب صدر رسل ایم نیلسن کسی کو، بشمول دُنیا کے لیڈرز کے، مورمن کی کتاب کا تحفہ دیتے ہیں جن کا تعلق ہمارے اِیمان سے نہیں ہوتا، وہ اکثر ۳ نیفی سے زِندہ مسِیح کے نیفیوں پر ظہُوُر کے متعلق پڑھتے ہیں۔ ایسا کرنے سے، زِندہ نبی درحقیقت زِندہ مسِیح کی گواہی دیتے ہیں۔

ہم یِسُوع مسِیح کے گُواہ کے طور پر تب تک کھڑے نہیں ہو سکتے جب تک کہ ہم اُس گواہی نہیں دیتے۔ مورمن کی کتاب یِسُوع مسِیح کی ایک اور گُواہ ہے کیونکہ پوری کتاب میں اِس کے مُقدّس صفحات پر یکے بعد دیگرے انبیا گُواہی دیتے ہیں کہ نہ صرف مسِیح آئے گا بلکہ وہ آیا تھا۔

اُس کی بدولت

میرے ہاتھ میں مورمن کی کتاب کے پہلے ایڈیشن کی جلد ہے۔ ایسا کرنا مجھے ہمیشہ تحریک بخشتا ہے۔ میرے بالغ پن کے زیادہ تر عرصے میں، مَیں اُن اقدام سے مسحور، مرعوب اور متاثر ہوا ہوں جو جوزف سمتھ نے اِس مُقدّس کتاب کے ترجمہ اور شائع کرنے کے لیے اُٹھائے۔ رُونما ہونے والے مُعجزات ہلا کر رکھ دینے والے ہیں۔

لیکن یہ کتاب مجھے اِس وجہ سے متاثر نہیں کرتی۔ مَیں اِس لیے متاثر ہوتا ہوں، کیونکہ اِس زمین پر شائع ہونے والی کسی بھی دُوسری کتاب کی نسبت، یہ کتاب یِسُوع مسِیح کی زِندگی، خدمت، تعلیمات، کفارے اور جی اُٹھنے کی زیادہ گواہی دیتی ہے۔ میرے پیارے بھائیو اور بہنو، پابندی سے یِسُوع مسِیح کے بارے میں اِس کتاب میں سے پڑھنا آپ کی زِندگی بدل دے گا۔ یہ نئے ممکنات کے حوالے سے آپ کی آنکھیں کھول دے گی۔ یہ آپ کی اُمید بڑھائے گی اور آپ کے دِل کو مُحبّت سے بھر دے گی۔ سب سے بڑھ کر، یہ یِسُوع مسِیح پر آپ کے اِیمان کی تعمیر اور ترویج کرے گی اور آپ کو اُس حتمی علم سے بابرکت کرے گی کہ وہ اور ہمارا باپ آپ کو جانتے ہیں، مُحبّت کرتے ہیں، اور وہ چاہتے ہیں کہ ہم واپس گھر کی جانب راستہ تلاش کریں۔

پیارے بھائیو اور بہنو، وقت آ گیا ہے، جس کے بارے قدیم انبیا نے بتایا تھا، ”جب نجات دہندہ کے بارے علم ہر قوم، نسل، زبان اور لوگوں تک جا پہنچے گا۔“۸ مورمن کی کتاب میں موجود یِسُوع مسِیح کی گُواہی کے وسیلے سے، ہم اِس نبوت کی تکمیل اپنی آنکھوں کے سامنے دیکھ رہے ہیں۔

شبیہ
خُداوند یِسُوع مسِیح

کوئی بھی کتاب اِس سے زیادہ نہیں دکھاتی کہ:

  • یِسُوع مسِیح کی بدولت، ہر چیز بدل گئی۔

  • اُس کی وجہ سے، ہر چیز بہتر ہوگئی۔

  • اُس کی بدولت، زِندگی کو جیا جا سکتا ہے—خاص طور پر درد بھرے لمحوں میں۔

  • اُس کی وجہ سے، ہر چیز ممکن ہے۔

خُدا باپ کے تعارف کے ساتھ، زِندہ نجات دہندہ کے طور پر اُس کا ملنے آنا، ایسٹر کا سب سے شاندار اور جلالی پیغام ہے۔ مُنجّی اور مخلصی دینے والے کے طور پر، یِسُوع مسِیح کی ذاتی گواہی پانے میں یہ ہمارے اپنے خاندان کے افراد کی، مدد کرے گی۔

مَیں مورمن کی کتاب کی سچائی اور یِسُوع مسِیح کی زِندہ خُدا کے بیٹے کے طور پر اپنی گواہی کے ساتھ اختتام کرتا ہوں۔ یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔

حوالہ جات

  1. دیکھیں مراسلہ صدارتِ اَوّل، ۱۵ فروری، ۲۰۲۳۔

  2. کلِیسیائی صدور کی تعلیمات: جوزف سمتھ (۲۰۰۷)، ۴۹؛ تاکید اضافی ہے۔

  3. N. T. Wright, Surprised by Hope: Rethinking Heaven, the Resurrection, and the Mission of the Church (2008), 256.

  4. متّی ۶:۲۸۔

  5. تعلیمات: جوزف سمتھ، ۶۴۔

  6. ۳ نیفی ۱۷:۱۷۔

  7. دیکھیں ۳ نیفی ۱:۱۱–۱۷۔

  8. مضایاہ ۲۰:۳۔

شائع کرنا