مجلسِ عامہ
یِسُوع مسِیح والدین کی مضبُوطی ہے
مجلسِ عامہ اپریل ۲۰۲۳


15:13

یِسُوع مسِیح والدین کی مضبُوطی ہے

یِسُوع مسِیح پر اِیمان قائِم کرنے کے لیے، اُس کی اِنجِیل اور اُس کی کلِیسیا سے محبّت کرنے کے لیے اور زِندگی بھر راست فیصلے کرنے کی تیاری کے لیے اپنے بچّوں کی مدد کریں۔

ایک دفعہ کا ذکر ہے کہ کوئی والد شام کو بشپ صاحبان کے اجلاس کے لیے روانہ ہونے والے تھے۔ اُن کی چار برس کی بیٹی پاجامہ پہنے اور کِتابِ مورمن کی کہانیوں والی کِتاب پکڑے، اُن کے سامنے آئی۔

”آپ کو اِس اجلاس میں جانے کی ضرُورت کیوں ہے؟“ اُس نے پُوچھا۔

”کیوں کہ مَیں بشپ صاحبان کی صدارت میں مُشِیر ہُوں،“ اُنھوں نے جواب دِیا۔

”آپ میرے ڈیڈی بھی تو ہیں!“ اُس کی بیٹی نے احتجاج کرتے ہُوئے کہا۔

وہ بیٹی کے سامنے گُھٹنوں پر بیٹھے۔ ”میری جان،“ اُنھوں نے کہا، ”مُجھے معلُوم ہے کہ تُم چاہتی ہو مَیں اِس کو پڑھُوں تاکہ تُمھیں سونے میں آسانی ہو، لیکن آج شام کو مُجھے بشپ کی مدد کرنی ہے۔“

اُس کی بیٹی نے جواب دِیا، ”کیا بشپ کا ڈیڈی نہیں ہے جو اُس کو سُلانے میں مدد دے؟“

ہم اِن لاتعداد اَرکان کے ہمیشہ کے لیے شُکر گُزار ہیں جو ہر روز کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِینِ آخِری ایّام میں مُستعدی سے خِدمت انجام دیتے ہیں۔ آپ کی قُربانی صحیِح معنوں میں مُقدّس ہے۔

بلکہ جَیسا کہ یہ لڑکی سمجھ رہی تھی، کہ بچّے کی پرورش کرنے والے والدین کے حوالے سے—جِن کا کوئی مُتبادل نہیں—یکساں طور پر مُقدّس ہے۔ اِس سے آسمان کی اعلیٰ مثال جھلکتی ہے۔۱ ہمارا آسمانی باپ، ہمارا اِلہٰی والد یقِیناً خُوش ہوتا ہے جب اُس کے بچّوں کو زمِینی والدین تعلیم و تربِیّت دیتے ہیں۔۲

والدین، ہر اُس ذِمہ داری کے لیے آپ کا شُکریہ جو آپ اپنے بچّوں کی پرورش کے لیے انجام دے رہے ہیں۔ اور بچو، اُس سب کے لیے آپ کا شکریہ جو آپ اپنے والدین کی پرورش کرنے کے لیے کر رہے ہیں، چُوں کہ جیسا کہ سب والدین جانتے ہیں، ہم اکثر اپنے بچّوں سے اِیمان، اُمِّید اور محبّت کی بابت اُسی قدر سِیکھتے ہیں جِس قدر وہ ہم سے سِیکھتے ہیں!۳

والدین کا مُقدّس فرِیضہ ہے

کیا آپ نے کبھی اُس خَوف ناک جوکھم کے مُتعلق سوچا ہے جو ہمارا آسمانی باپ ہر بار مول لیتا ہے جب وہ کسی بچّے کو زمِین پر بھیجتا ہے؟ یہ بیٹے بیٹِیاں اُس کی رُوحیں ہیں۔ وہ لامحدود صلاحیت کے مالک ہیں۔ نیکی، فضل، اور سچّائی کی پُرحشمت ہستیِاں بننا اُن کا مُقدر ہے۔ اور پِھر بھی وہ بالکل بے بسی کی حالت میں زمِین پر آتے ہیں، فقط مدد کے لیے رونے کے علاوہ کُچھ نہیں کر پاتے ہیں۔ خُدا کی حُضُوری میں اُن کے زمانہ کی یاد پر پردہ ڈال دیا جاتا ہے، اِس کے ساتھ ساتھ اُن کے عِلمِ پہچان پر کہ وہ اَصل میں کون ہیں اور کیا بن سکتے ہیں۔ وہ زِندگی، محبّت، خُدا، اور اُس کے منصوبہ کے مُتعلق اپنی قُوّتِ اِدراک کی صُورت گری اِس بُنیاد پر کرتے ہیں کہ اُن لوگوں سے وہ کیا سِیکھتے ہیں جو اُن کے اِرد گِرد ہوتے ہیں—خاص طور پر اُن کے والدین، جو دیانت داری سے، ابھی تک خُود اپنے لیے اِن باتوں کا سُراغ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

نوزائیدہ بچّے

خُدا نے والدین کو ”اپنے بچّوں کی محبّت اور راستی سے پرورش کرنے، اُن کی دُنیاوی اور رُوحانی ضرُورتوں کو پُورا کرنے، اور اُنھیں خُدا کے حُکموں … کو ماننے کی تعلیم و تربِیّت دینے کا مُقدّس فرِیضہ سونپا ہے۔“۴

سب سے زیادہ فرض شناس والدین کو بھی رات کو جگانے کے لیے یہ کافی ہے۔

سب والدین کے لیے میرا پیغام یہ ہے:

خُداوند آپ سے پیار کرتا ہے۔

وہ آپ کے ساتھ ہے۔

وہ آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔

وہ آپ کے بچّوں کے راست فیصلوں میں ہدایت دینے کے لیے آپ کی قُوّت ہے۔

اِس اعزاز اور فرض کو دلیری اور خُوشی سے قبول کریں۔ آسمانی نعمتوں کے اِس سرچشمہ کو کسی دُوسرے کی تحویل میں دینے کی کوشش نہ کریں۔ اِنجِیلی قدروں اور سچّائیوں کے دائرہِ اِختیار میں، اپنے بچّے کی زِندگی کے روزمرہ کے فیصلوں میں ہدایت و راہ نُمائی کرنے والے آپ ہی ہیں۔ یِسُوع مسِیح پر اِیمان قائِم کرنے کے لیے، اُس کی اِنجِیل اور اُس کی کلِیسیا سے محبّت کرنے کے لیے اور زِندگی بھر راست فیصلے کرنے کی تیاری کے لیے اپنے بچّوں کی مدد کریں۔ درحقیقت، والدین کے لیے یہ خُدا کا منصُوبہ ہے۔

شَیطان آپ کی مُخالفت کرے گا، آپ کو گُمراہ کرے گا، آپ کی حوصلہ شِکنی کرنے کی کوشش کرے گا۔

بلکہ ہر بچّہ آسمان سے براہِ راست رابطہ کے لیے مسِیح کے نُور کے ساتھ پَیدا ہوتا ہے۔ اور نجات دہندہ آپ کی مدد کرے گا، اِصلاح کرے گا، اور آپ کی حوصلہ اَفزائی کرے گا۔ اُس کی مدد کے مُشتاق ہوں۔ خُداوند سے دریافت کریں!

خُداوند یِسُوع مسِیح

جِس طرح یِسُوع مسِیح نوجوانان کی قُوّت ہے، اُسی طرح یِسُوع مسِیح والدین کی تقوِیّت بھی ہے۔

وہ محبّت کو بڑھاتا ہے

بعض اوقات ہم سوچیں کہ گویا ہمارے بچّوں کی ہدایت و اِصلاح کے لیے کوئی اور شخص زیادہ بہتر لیاقت کا مالک ہو سکے۔ بلکہ اِس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ آپ کو کس قدر نا اہلی کا احساس ہے، آپ کے پاس وہ شَے ہے جو آپ کو مُنفرد طریقے سے اہل بناتی ہے: اپنے بچوں کے لیے آپ کی محبّت۔

بچّے کے لیے والدین کی محبّت کائنات کی مضبُوط ترین قُوّتوں میں سے ایک ہے۔ اِس دھرتی پر موجُود چند چِیزوں میں سے ایک ہے جو صحِیح معنوں میں اَبَدی ہو سکتی ہے۔

اب، شاید آپ کو لگتا ہے کہ آپ کے بچّے کے ساتھ آپ کا رِشتا مثالی سے کم ہے۔ یہیں سے نجات دہندہ کی قُدرت مُیّسر آتی ہے۔ وہ بِیماروں کو شِفا دیتا ہے، اور وہ رِشتوں کو بہتر کر سکتا ہے۔ وہ روٹی اور مچھلی کو بڑھاتا ہے، اور وہ آپ کے گھر میں محبّت اور خُوشی کو بڑھا سکتا ہے۔

آپ کے بچّوں کے لیے آپ کی محبّت سچّائی سِکھانے اور اِیمان کی تعمیر کے لیے موّثر ماحول تخلِیق کرتی ہے۔ اپنے گھر کو دُعا کا گہوارہ، خُوش گوار مُعاملات کا آشیانا، اپنایّت کا کاشانا؛ خُدا کا ٹھکانا بنائیں۔۵ اور ”اپنے دِل کی ساری قُوّت کے ساتھ باپ سے دُعا کریں، تاکہ [اُس کی] محبّت سے [آپ] بھر جائیں، جِسے وہ … [عطا ] کرتا ہے، جو اُس کے بیٹے، یِسُوع مسِیح، کے پیروکار ہیں۔“۶

وہ معمُولی اور سادہ کاوِشوں کو بڑھاتا ہے

ایک اور مضبُوطی جِس کے آپ مالِک ہیں، والدین کی حیثیت سے، وہ روزانہ جاری ہدایت و اِصلاح کا موقع ہے۔ ہم عُمر دوست، اَساتذہ، اور مِیڈیا پر با اَثر افراد آتے جاتے ہیں۔ اَلبتہ آپ اپنے بچّے کی زِندگی پر سب سے زیادہ مُسلسل و مستقل، اثر ہو سکتے ہیں۔

ہو سکتا ہے کہ دُنیا میں آپ کے بچّے جِس قدر بُلند و بانگ آوازیں سُنتے ہیں اُن کے مُقابلے میں آپ کی کوششیں چھوٹی لگیں۔ بعض اوقات ایسا محسوس ہو سکتا ہے کہ آپ نے زیادہ کام یابی حاصل نہیں کی ہے۔ لیکن یاد رکھیں کہ ”چھوٹے چھوٹے وسِیلوں سے خُداوند بڑے بڑے کام کر سکتا ہے۔“۷ ایک شامِ خاندان، ایک اِنجِیلی گُفتگُو، ایک نیک نمونہ شاید آپ کے بچّے کی زِندگی کو فوراً نہ بدل سکے، بالکُل جَیسے بارِش کی ایک بُوند پَودے کی فوراً بڑھوتی کا باعث نہیں بنتی۔ بلکہ چھوٹے چھوٹے اور معمُولی اعمال کی مُستقل مزاجی سے روز بروز، کی انجام دہی، کبھی کبھار اُٹھنے والے طُوفانوں سے زیادہ بہتر تعلیم و تربِیّت کرتی ہے۔۸

یہی خُداوند کا طریقہ ہے۔ وہ دھِیمی اور مدھم آواز میں آپ کے ساتھ اور آپ کے بچّے کے ساتھ کلام کرتا ہے، طُوفان و آندھی کی آواز میں نہیں۔۹ اُس نے نعمان کو ”کسی شاہانہ چیز“ سے نہیں بلکہ بار بار غوطہ لگانے کے معمُولی طریقے سے شِفا عطا کی تھی۔۱۰ بنی اِسرائیل نے بِیابان میں بٹیروں کی ضیافت کا مزا اُٹھایا، لیکن جِس شَے نے اُنھیں زِندہ رکھا وہ مَنّ کا چھوٹا سا اور معمُولی سا مُعجزہ تھا—اُن کی روز کی روٹی۔۱۱

بھائیو اور بہنو، روز کی روٹی بہترین طریقے سے گھر میں تیار کی جاتی ہے اور پیش کی جاتی ہے۔ اِیمان اور گواہی کو عام اور فطری طریقوں سے موّثر انداز سے فروغ دیا جاتا ہے، ایک وقت میں ایک نوالہ، چھوٹے چھوٹے اور معمُولی لمحات میں، روزمرہ کی زِندگی کے جاری بہاؤ میں۔۱۲

ہر لمحہ لمحہِ تربیت ہے۔ ہر لفظ اور عمل انتخابات کرنے کے لئے ہدایت نامہ ہو سکتا ہے ۔۱۳

ہو سکتا ہے آپ اپنی کوششوں کے فوری ثمرات نہ دیکھ پائیں۔ لیکن ہمت نہ ہاریں۔ ”بلکہ سب باتوں کو اپنے وقت پر ہونا لازم ہے،“ خُداوند نے فرمایا۔ ”پس، نیک کام کرنے میں ہمت نہ ہارو، کیوں کہ [تُم] ایک عالی و ارفع کام کی بُنیاد رکھ رہے ہو۔“۱۴ خُدا کے نایاب بچّوں کی مدد کرنے سے بڑھ کر اور کون سا فرض ہو سکتا ہے اُنھیں سِکھانا کہ اُن کی اَصل کیا ہے اور یِسُوع مسِیح پر، اُس کی اِنجِیل پر، اور اُس کی کلِیسیا پر اُن کا اِیمان مضبُوط کرنا؟ یِسُوع مسِیح آپ کی مسلسل کاوِشوں کو برکت بخشے گا اور بڑھائے گا۔

وہ مُکاشفہ عطا کرتا ہے

خُداوند کی طرف سے والدین کی مدد کرنے کا ایک اور پُرزور طریقہ شخصی مُکاشفہ کی بے مثال نعمت ہے۔ خُدا والدین کو ہدایت و راہ نُمائی دینے کے واسطے اپنا رُوح نازِل کرنے کے لیے بے تاب ہے۔

جب آپ رُوح کے لیے دُعا گو اور حساس ہوتے ہیں، تو وہ آپ کو پوشِیدہ خطرات سے خبردار کرے گا۔۱۵ وہ آپ کے بچّوں کی لیاقتوں، اُن کی قابلِیتوں اور اُن کی اَن کہی پریشانیوں کو ظاہر کرے گا۔۱۶ خُدا آپ کے بچّوں کو اَیسے دیکھنے میں آپ کی مدد کرے گا جَیسے وہ اُنھیں دیکھتا ہے—اُن کی ظاہری شکل و صُورت سے ہٹ کر،اور اُن کے باطن میں جھانک کر۔۱۷

خُدا کی مدد سے، آپ اپنے بچّوں کو سچّے اور آسمانی طریقے سے جاننا سِیکھ سکتے ہیں۔ مَیں آپ کو دعوت دیتا ہُوں کہ اپنے خاندان کی ہدایت و اِصلاح کرنے کے لیے خُداداد شخصی مُکاشفہ کو قبُول کریں۔ اپنی دُعاؤں میں خُداوند کی ہدایت کے مُشتاق رہیں۔۱۸

بڑی تبدیلی

شاید سب سے اہم مدد جو یِسُوع مسِیح والدین کو عطا کرتا ہے وہ دِل کی”زبردست تبدیلی“ ہے۔۱۹ یہ وہ مُعجزہ ہے جِس کی ہم میں سے ہر ایک کو ضرُورت ہے۔

ایک لمحے کے لیے، اِس صُورتِ حال کا تصُّور کریں: آپ گرجا گھر میں ہیں، خاندانوں کے بارے میں پیغام سُن رہے ہیں۔ مُقرّر کامِل گھر اور اِس سے بھی کامل اَہلِ خانہ کی تفصِیل بتاتا ہے۔ میاں بیوی میں کبھی جھگڑا نہیں ہوتا۔ بچّے اپنے صحائف پڑھنا صرف اُس وقت چھوڑتے ہیں جب ہوم ورک کرنے کا وقت ہوتا ہے۔ اور پس منظر میں ”ایک دُوسرے سے پیار کریں“۲۰ کا گِیت بج رہا ہے۔ اِس سے پہلے کہ مُقرّر باتھ روم کو خُوش دلی سے صاف کرنے میں شامل ہونے والے ہر فرد کے بارے میں بات کرے، آپ پہلے ہی سوچ رہے ہوں گے، ”میرا خاندان مایُوس کُن ہے۔“

عزیز بھائیو اور بہنو، تسلّی رکھیں! اِس اجتماع میں سب ایک ہی بات سوچ رہے ہیں! حقیقت یہ ہے کہ، تمام والدین موّثر طور پر اچّھے نہ ہونے کی پریشانی میں مُبتلا ہیں۔

خُوش بختی سے، والدین کی مدد کا جو اِلہٰی وسِیلہ ہے: وہ یِسُوع مسِیح ہے۔ وہ ہمارے دِل کی بڑی تبدیلی کا مَنبَع ہے۔

جُونہی آپ نجات دہندہ اور اُس کی تعلیمات کے لیے اپنے قلوب کھولتے ہیں، وہ آپ کو آپ کی کمزوری دِکھائے گا۔ اگر آپ یِسُوع مسِیح پر فروتن دِل کے ساتھ تکیہ کرتے ہیں، ، تو وہ اُن کمزور چِیزوں کو مضبُوط بنا دے گا۔۲۱ وہ معجزات کا خُدا ہے۔

کیا اِس سے مُراد یہ ہے کہ آپ اور آپ کا خاندان ہر لحاظ سے کامِل ہے؟ نہیں۔ بلکہ آپ بہتر ہوتے جائیں گے۔ نجات دہندہ کے فضل کے وسِیلے سے، آہستہ آہستہ، آپ مزید صفات کو پروان چڑھائیں گے جن کی والدین کو ضرُورت ہے: خُدا اور اُس کے بچّوں کے لیے محبّت، تحمُل، بےلوث شفقت، مسِیح پر ایمان، اور راست انتخابات کرنے کی ہمت۔

یِسُوع مسِیح اپنی کلِیسیا کے ذریعے سے مدد فراہم کرتا ہے

یِسُوع مسِیح پر اِیمان قائِم کرنے کی ہماری کاوِشوں کی توجہ کا مرکز ہر فرد، اور مرکوز ہر خاندان ہے۔ اور اِس کو کلِیسیا کی حمایت حاصل ہے۔ پاک صحائف اور نبیوں کے نوِشتے فراہم کرنے کے علاوہ، نجات دہندہ کی کلِیسیا والدین اور بچّوں کو راست فیصلے کرنے میں مدد دینے کے لیے بُہت سے وسائل و ذرائع پیش کرتی ہے:

برائے مضبُوطیِ نوجوانان: فیصلہ سازی کے لیے ہدایت نامہ
  • برائے مضبُوطیِ نوجوانان: فیصلہ سازی کے لیے ہدایت نامہ آپ کو کرنے یا نہ کرنے والے کاموں کی فہرست نہیں دیتا ہے۔ یہ یِسُوع مسِیح کی حیات و تعلیمات پر مرکُوز انتخابات کرنے میں مدد دینے کے لیے اَبَدی سچّائیاں سِکھاتا ہے۔ اپنے بچوں کے ساتھ اِس کا مُطالعہ کریں۔ اُنھیں اِس کے مُتعلق بات چِیت کرنے دیں۔ اِن ابدی و الہٰی سچائیوں کو اُنہیں اُن کے انتخابات کی راہ نُمائی کرنے میں مدد کرنے دیں۔۲۲

  • ایف ایس وائے ایک اور حیرت انگیز ذریعہ ہے۔ مُجھے اُمِّید ہے کہ ہر نوجوان شرِیک ہوگا۔ مَیں غیر شادی شدہ نوجوان بالغوں کو اِن اجلاس میں مُشِیروں اور صلاح کاروں کی حیثیت سے شامِل ہونے کی دعوت دیتا ہُوں۔ مَیں والدین کو دعوت دیتا ہُوں کہ وہ رُوحانی جوش پروان چڑھائیں جو یہ نوجوان ایف ایس وائے سے گھر لاتے ہیں۔

  • اور کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِینِ آخِری ایّام میں بچّوں اور نوجوانوں کے لیے اُساتذہ، صلاح کار، اور اتالِیق ہیں۔ اکثر آپ کسی نوجوان کی زِندگی میں اِیمان اور گواہی کو تقویّت دینے اور مدد فراہم کرنے کے لیے کسی اہم لمحے میں داخل ہوتے ہیں۔ آپ میں سے بعض غیر شادی شدہ بالغ ہیں۔ بعض کے ابھی بچّے نہیں ہیں۔ خُدا کے بچّوں کے لیے آپ کی خُوش کُن خِدمت خُدا کی نظر میں مُقدّس ہے۔۲۳

مُعجزے کا دامن کبھی نہ چھوڑیں

میرے پیارے دوستو، میرے عزیز بھائیو اور بہنو، کسی بچّے میں اِیمان پیدا کرنا کُچھ اَیسے ہے جَیسے پُھول کو بڑھنے میں مدد دینا۔ آپ کسی ٹہنی کو لمبا کرنے کے لیے اُس کو کھینچ نہیں سکتے۔ آپ کلی کو جلدی سے کِھلنے کے لیے اُس کو کھول کر جھانک نہیں سکتے۔ اور آپ پھول کے ساتھ غفلت نہیں برت سکتے اور پھر اِس کے بے ساختہ بڑھنے یا کِھلنے کی توقع نہیں کر سکتے۔

اُبھرتی ہُوئی نسل کے لیے آپ جو کُچھ کر سکتے ہیں اور جو کرنا چاہیے وہ یہ ہے کہ اُنھیں ذرخیز زمِین فراہم کریں، آسمان سے بہتے پانی سے اِن کی آبیاری کریں۔ جڑی بُوٹیوں اور آسمانی نُور کو روکنے والی کوئی بھی چِیز ہٹا دیں۔ نشو نما کے لیے اِنتہائی سازگار ماحول پَیدا کریں۔ صبر کے ساتھ اُبھرتی ہُوئی نسل کو اِلہامی فیصلے کرنے کی اِجازت دیں، اور خُدا کو اپنا معجزہ کرنے دیں۔ نتیجہ اِس سے زیادہ خُوب صُورت اور اِس سے زیادہ عالی شان اور اِس سے زیادہ خُوش کُن ہو گا جس کی آپ خُود تکمیل کر سکتے تھے۔

آسمانی باپ کے نظام میں، خاندانوں کے تعلُقات اَبَدی ہونے کے لیے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ والدین کی حیثیت سے، آپ کبھی ہار نہیں مانتے، یہاں تک کہ اگر آپ کو اِس بات پر فخر نہیں ہے کہ ماضی میں حالات کیسے گُزرے ہیں۔

یِسُوع مسِیح، عظِیم و جلِیل شافی اور مُنجی کے ساتھ، ہمیشہ نئی اِبتدا ہو سکتی ہے؛ وہ سدا اُمِّید بخشتا ہے۔

یِسُوع مسِیح خاندانوں کی قُوّت ہے۔

یِسُوع مسِیح نوجوانوں کی قُوّت ہے۔

یِسُوع مسِیح والدین کی قُوّت ہے۔

جس کی مَیں گواہی دیتا ہُوں یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔

حوالہ جات

  1. ”تقریباً سب والدین میں یہ تمنا بدرجہِ اُتم موجُود ہوتی ہے کہ وہ اپنے بچّوں کو اَخلاقی خُوبیاں سِکھائیں۔ یہ آسمانی باپ کے منصُوبے کے معجزے کا اہم حِصّہ ہے۔ اُس کی منشا ہے کہ اُس کے بچّے دُنیا میں آئیں، فلک میں موجُود اَبَدی خاندانوں کے طرزِ نمونہ کی تقلِید کریں۔ خاندان عرشِ بریں کی بُنیادی تنظیمی اَکائی ہیں، چُناں چہ وہ چاہتا ہے کہ زمِین پر بھی اُن کے لیے بُنیادی اَکائی قائِم کی جائے۔ اگرچہ زمِینی خاندان کامِلیت سے کوسوں دُور ہیں، تو بھی وہ خُدا کے بچّوں کا اِس دُنیا میں اِستقبال کرتے ہیں فقط اُس واحد محبّت کے ساتھ جِس کو ہم نے آسمان پر محسُوس کِیا تھا—یعنی والدین کی محبّت۔ خاندان اَخلاقی خُوبیوں اور آفاقی سچّائیوں کو محفُوظ رکھنے اور اُن کو مُنتقل کرنے کا بہترین طریقہ بھی ہیں جو ہمیں خُدا کی حُضُوری میں واپس لے جانے کا سب سے زیادہ اَمکان فراہم کرتے ہیں“ (ہنری بی آئرنگ، ”خُدا کے خاندان کو اِکٹھا کرنا،“ لیحونا، مئی ۲۰۱۷، ۲۰)۔

  2. بلاشبہ، ہم جانتے ہیں کہ جِس طرح خُدا کی مرضی ”آسمان پر پُوری ہوتی ہے اُس طرح زمین پر“ ہمیشہ پُوری نہیں ہوتی (متّی ۶:‏۱۰)۔ فانی مقامِ والدین خُدا کے تصُّور کے سامنے یقِیناً پِھیکا پڑ جاتا ہے۔ وہ یقیناً دیکھتا ہے۔ وہ خاندانی رِشتوں کے تمام دُکھوں اور دِلی صدموں پر ضرُور اشک بار ہوتا ہوگا۔ اور ابھی تک اُس نے خاندان کو نہیں چھوڑا۔ اور وہ اَیسا نہیں کرے گا، کیوں کہ خُدا اپنے بچوں کے ابدی مُقدر کے لیے جَلِیلُ القدر منصوبہ رکھتا ہے۔ اور خاندان اِس منصوبہ کا مرکز ہے۔

  3. دیکھیے متّی ۱۸:‏۱–۵؛ مُضایاہ ۳:‏۱۹۔

  4. خاندان: دُنیا کے لیے فرمان،“ ChurchofJesusChrist.org؛ مزید دیکھیے عقائد اور عہُود ۶۸:‏۲۵–۲۸۔

  5. دیکھیے ”گھر میں آمُوزش رِشتوں پر اُستوار کی جاتی ہےنجات دہندہ کے طریق پر تعلیم دینا:اُن سب کے لیے جو گھر اور کلِیسیا میں آموزش کرتے ہیں (۲۰۲۲)، ۳۰–۳۱؛ مزید دیکھیے عقائد اور عہُود ۱۰۹:‏۸۔

  6. مرونی ۷:‏۴۸۔

  7. ۱ نِیفی ۱۶:‏۲۹؛ مزید دیکھیے ایلما ۳۷:‏۶–۷۔

  8. دیکھیے ”گھر میں آمُوزش چھوٹی چھوٹی، سادہ، مُسلسل کوششوں پر مُشتمل ہوتی ہے،“ نجات دہندہ کے طریق پر تعلیم دینا، ۳۱۔ صدر ڈیوڈ او مکے نے سِکھایا: ہمیں یہ نہیں سوچنا چاہیے، چُوں کہ بعض [چیزیں] … چھوٹی اور معمولی لگتی ہیں، چُناں چہ [وہ] غیر اہم ہیں۔ زِندگی، آخِر کار، چھوٹی چھوٹی چِیزوں سے مِل کر بنی ہے۔ ہماری زِندگی، ہمارا وجُود، بشری صُورت میں، دِل کی چھوٹی چھوٹی دھڑکنوں سے بنا ہے۔ اِس چھوٹے سے دِل کی دھڑکن بند ہو جائے اور اِس دُنیا کی زِندگی ختم ہو جائے۔ عظیم سُورج کائنات میں اِنتہائی زبردست قوت ہے، لیکن ہم [اِس کی] شعاعوں کی برکات پاتے ہیں کیوں کہ وہ ہمارے پاس چھوٹی چھوٹی کرنوں کی صُورت آتی ہیں، جو مجمُوعی طور پر پُوری دُنیا کو سُورج کی روشنی سے بھر دیتی ہیں۔ اندھیری رات کو چھوٹے چھوٹے سِتاروں کی ٹمٹماتی روشنی جگ مگا دیتی ہے، اور اِسی طرح حقِیقی مسِیحی زِندگی اِس گھڑی، اِس لمحے، گھر میں انجام پانے والے چھوٹے چھوٹے مانِندِ مسِیح اعمال سے بنی ہے“ (کلِیسیائی صدُور کی تعلیمات: ڈیوڈ او مکے [۲۰۰۳]، ۲۱۹)۔

  9. دیکھیں ہیلیمن ۵:‏۳۰۔

  10. دیکھیں ۲ سلاطین ۵:‏۹–۱۴۔

  11. دیکھیے خُروج ۱۶۔

  12. دیکھیے”اپنے بچّوں کو خُدا کے عہد کے راستے پر زندگی بھر گامزن رہنے کے لیے تیار کرنا،“ آ، میرے پیچھے ہو لے—برائے افراد و خاندان: نیا عہد نامہ ۲۰۲۳، ضمیمہ (صِرف ڈیجیٹل)

  13. دیکھیے ”گھر پر سیکھنے کی منصوبہ بندی کی جا سکتی ہے لیکن بے ساختہ بھی ہو سکتی ہے،“ نجات دہندہ کے طریق پر تعلیم دینا، ۳۱؛ ۱ پطرس ۳:‏۱۵۔

  14. عقائد اور عہُود ۶۴:‏۳۲–۳۳۔

  15. دیکھیں متّی ۲:‏۱۳۔

  16. دیکھیے ایلما ۴۰:‏۱؛ ۴۱:‏۱؛ ۴۲:‏۱۔

  17. دیکھیں ۱ سموئیل ۱۶:‏۷۔

  18. دیکھیں ۱ نِیفی ۱۵:‏۸۔

  19. ایلما ۵:‏۱۳۔

  20. ”ایک دُوسرے سے پیار کریں،“ گیت، نمبر ۳۰۸۔

  21. دیکھیں عیتر ۱۲:‏۲۷۔

  22. ”بچّوں کے مُعاملے میں اَخلاقی ہدایت و اِصلاح دینے کی ذمہ داری والدین پر عائد ہوتی ہے۔ وہ ہر بچّے کے مزاج، سمجھ بوجھ، اور ذہانت کو جانتے ہیں۔ والدین اپنے بچّوں میں سے ہر ایک کے ساتھ اچھے رابطے قائم کرنے اور اُسے برقرار رکھنے کی جُستجُو میں زِندگی گُزارتے ہیں۔ وہ اپنی اَولاد کی فلاح اور بہبود کے حوالے سے حتمی اَخلاقی فیصلے کرنے کی بہترین حالت میں ہوتے ہیں“ (جیمز ای فاؤسٹ، ”شَرِیعت کے بڑے اہم مُعاملات: فیصلہ، رحم، اور اِیمان،“ انزائن، نومبر ۱۹۹۷، ۵۴)۔

  23. دو دیگر وسائل قابل ذکر ہیں: اِس سال کے آ، میرے پیچھے ہو لے کے ڈیجیٹل ورژن میں نیا حوالہ بعنوان ”اپنے بچّوں کو تاحیات خُداوند کے عہد کے راستے پر گام زن رہنے کے لیے تیار کرنا“ شامل کیا گیا ہے۔ یہ بچّوں کو بپتسما کی تیاری، اور دیگر عہُود اور رسومات کے لیے تیار ہونے میں مدد دینے کے لیے سادہ، گھر پر مُرتکز مشورے تجویز کرتا ہے۔ اور نئے نظرثانی شُدہ نجات دہندہ کے طریق پر تعلیم دینا کے کِتابچہ میں ایک حِصّہ بعُنوان ”گھر اور خاندان“ ہے جو یہ واضح کرتا ہے کہ مانِندِ مسِیح تدریسی اُصُولوں کا اِطلاق گھر میں کیسے کرنا ہے (دیکھیے صفحات ۳۰–۳۱)۔