مجلسِ عامہ
یِسُوع مسِیح کی قوتِ شفا
مجلسِ عامہ اکتوبر ۲۰۲۰


9:36

یِسُوع مسِیح کی قوتِ شفا

جب ہم یِسُوع مسِیح پر ایمان کی مشق، توبہ، اور عہد باندھنے اور پورا کرنے سے اُس کے پاس آتے ہیں، ہماری شکستگی—اِس کا سبب کچھ بھی ہو—شِفا پا سکتی ہے۔

اِس سال کے آغاز ہی سے، ہم بہت سے غیر متوقع واقعات سے نبردآزما رہے ہیں۔ عالمی وباء کی بدولت زندگی اور آمدن کے نقصان نے سنگین طور پر عالمی برادری اور معیشت کو متاثر کیا ہے۔

دُنیا کے مختلف حصوں میں زلزلوں، آتش زدگیوں، اور سیلابوں، اِس کے ساتھ ساتھ موسمی آفات نے لوگوں کو بے یار و مدگار، نااُمید، اور شکستہ دِل چھوڑا ہے، یہ سوچتے ہوئے آیا کہ اُن کی زندگیاں پھر کبھی پہلے جیسی ہوں گی۔

مجھے آپ کو شکستگی کی ایک ذاتی کہانی کے متعلق بتانے دیں۔

جب ہمارے بچے چھوٹے تھے، اُنہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ پیانو کے اسباق لینا چاہتے ہیں۔ میرا شوہر، روڈی اور میں اپنے بچوں کو یہ موقع دینا چاہتے تھے، مگر ہمارے پاس کوئی پیانو نہیں تھا۔ ہم ایک نئے پیانو کے متحمل نہیں ہو سکتے تھے، پس روڈی نے ایک استعمال شدہ کی تلاش شروع کر دی۔

اُس سال کرسمس کے لیے، اُس نے ہم سب کو پیانو کے ساتھ حیران کر دیا، اور سال کے دوران، ہمارے بچوں نے اِسے بجانا سیکھ لیا۔

پرانا پیانو

جب ہمارے بیٹے جوان ہو گئے اور گھر سے چلے گئے، پُرانے پیانو پر گرد جمنے لگی، پس ہم نے اِسے فروخت کر دیا۔ چند سال بیت گئے، اور ہم نے کچھ پیسے جمع کر لیے تھے۔ ایک روز روڈی نے کہا، ”میرا خیال ہے کہ اب وقت ہے کہ ہم نیا پیانو خریدِیں۔“

میں نے پوچھا، ”ہم پیانو کیوں خریدیں، جب کہ ہم میں سے کوئی بھی نہیں بجاتا؟“

اُس نے کہا، اوہو، مگر ہم ایک خُّود کار پیانو لے سکتے ہیں! ایک آئی پیڈ استعمال کرتے ہوئے، آپ پیانو کو ۴۰۰۰ سے زائد گانے بجانے کے لیے پروگرام کر سکتے ہیں، گیتوں، خیمہِ اجتماٰع کی کوائر کے گانوں، پرائمری کے سارے گیتوں سمیت، اور بہت کچھ۔“

مختصراً کہوں، روڈی ایک اچھا فروخت کار ہے۔

نیا پیانو

ہم نے ایک خُوبصورت نیا پلیئر پیانو خرید لیا، اور چند روز بعد، دو بڑے، قوی اشخاص نے اِسے ہمارے گھر پہنچا دیا۔

میں نے اُنہیں بتایا کہ اِسے کہاں رکھنا تھا اور راستے سے ہٹ گئی۔

پیانو کو منتقل کرنا

یہ ایک بے بی گرینڈ پیانو تھا، اور اِسے دروازے میں سے گزارنے کے لیے، اُنہوں نے اِس کی ٹانگیں الگ کردیں اور پیانو کو ترچھا کر کے متحرک ٹرالی کے اُوپر رکھ لیا جو وہ اپنے ساتھ لائے تھے۔

ہمارا گھر قدرے ڈھلوان پر واقع ہے، اور بد قسمتی سے اُس روز صُبح کو برفباری ہوئی تھی، جس نے چیزوں کو گیلا اور پھسلن دار کر دیا تھا۔ آپ تصور کر سکتے ہیں کیا ہو سکتا تھا؟

جب آدمی پیانو کو اُس ہلکی سی ڈھلوان سے اُوپر چڑھا رہے تھے، تو یہ پھسل گیا، اور میں نے ٹُوٹنے کی بڑی آواز سُنی۔ پیانو متحرک ٹرالی سے گر گیا تھا اور اِس بُری طرح زمین سے ٹکرایا تھا کہ اِس سے ہمارے لان میں ایک گڑھا پڑ گیا۔

میں نے کہا، ”او، میرے خُدایا۔ کیا آپ ٹھیک ہو؟“

شکر ہے دُونوں آدمی بالکل ٹھیک تھے۔

اُن کی آنکھیں پھٹی ہوئی تھیں جب اُنہوں نے ایک دُوسرے کی طرف دیکھا، اور پھر میری طرف دیکھا اور کہا، ”ہم نہایت معذرت خواہ ہیں۔ ہم اِسے واپس سٹور پر لے جائیں گے اور ہمارا مینجر آپ کو فون کرے گا۔“

جلد ہی مینجر روڈی سے نئے پیانو کی ترسیل کا بندوبست کرنے کے لیے بات کر رہا تھا۔ روڈی بہت شفیق اور معاف کرنے والا ہے اور مینجر سے کہا کوئی بات نہیں، اگر وہ صرف نقصان کی مرمت کر دیں اور وہی پیانو واپس بھیج دیں، مگر مینجر نے ہمیں نیا ہی موصول کروانے پر اصرار کیا۔

روڈی نے یہ کہتے ہوئے جواب دیا، ”اِس کا اتنا بھی نقصان نہیں ہوا ہو گا۔ صرف اِس کی مرمت کر کے اِسے لے آئیں۔“

مینجر نے کہا، ”لکڑی ٹُوٹ گئی ہے، اور ایک بار جب لکڑی ٹُوٹ جائے، یہ دُوبارہ کبھی پہلے جیسی آواز نہیں دے گا۔ آپ کو نیا پیانو مِل جائے گا۔“

بہنو اور بھائیو، کیا ہم اِس پیانو کی مانند نہیں ہیں، کچھ ٹُوٹے، پھُوٹے اور خراب، محسوس کرتے ہوئے ہم پھر کبھی پہلے جیسے نہ ہوں گے؟ البتہ، جب ہم یِسُوع مسِیح پر ایمان کی مشق، توبہ، اور عہد باندھنے اور پورا کرنے سے اُس کے پاس آتے ہیں، ہماری شکستگی—اِس کا سبب کچھ بھی ہو—شِفا پا سکتی ہے۔ یہ عمل، جو مُنجی کی قوتِ شِفا کو ہماری زندگیوں میں مدعو کرتا ہے، ہمیں نہ صرف اُس میں بحال کرتا ہے جو ہم پہلے تھے بلکہ ہمیں اُس سے کہیں بہتر بناتا ہے جو ہم کبھی بھی تھے۔ مَیں جانتی ہوں کہ ہمارے مُنجی، یِسُوع مسِیح کے ذریعے، ہم سب بحال کیے، ٹھیک کیے، اور بالکل نئے پیانو کی مانند سُنائی دے سکتے ہیں۔

صدر رسل ایم نیلسن نے سِکھایا: ”جب ہم پُر سوز آزمائش میں پڑے ہوں، یہ خُدا پر ہمارے ایمان کو مزید گہرا کرنے، سخت محنت کرنے، اور دُوسروں کی خدمت کرنے کا وقت ہے۔ پھر وہ ہمارے شکستہ دِلوں کو شفا یاب کرے گا۔ وہ ہمیں ذاتی اطمینان اور تسلی عطا کرے گا۔ اِن عظیم نعمتوں کو تباہ نہیں کیا جائے گا، حتیٰ کہ موت سے۔“۱

یِسُوع نے فرمایا:

”اَے محنت اُٹھانے والو اور بوجھ سے دبے ہُوئے لوگو سب میرے پاس آؤ، میں تُم کو آرام دُوں گا۔

”میرا جُوا اپنے اُوپر اُٹھا لو اور مُجھ سے سِیکھو؛ کِیُونکہ مَیں حلِیم ہُوں اور دِل کا فروتن: تو تُمہاری جانیں آرام پائیں گی۔

کیوں کہ میرا جوُا ملائم ہے اور میرا بوجھ ہلکا“ (متی ۲۸:۱۱–۳۰

ہمارا مُنجی، یِسُوع مسِیح

اُس کے پاس آنے سے شکستگی کو شفا یاب کرنے کی خاطر، ہمیں یِسُوع مسِیح پر ایمان لانے کی ضرورت ہے۔ ”یِسُوع مسِیح پر ایمان رکھنے کا مطلب اُس پر مکمل بھروسہ کرنا ہے—اُس کی لامحدود قدرت … اور محبت پر اعتماد کرنا ہے۔ اِس میں اُس کی تعلیمات پر ایمان لانا بھی شامل ہے۔ اِس کا مطلب ایمان رکھنا ہے کہ اگرچہ ہم سب باتوں کو نہیں سمجھتے، وہ سمجھتا ہے۔ چونکہ اُس نے ہمارے تمام درد، تکلیفوں، اور کمزوریوں کا تجربہ کیا ہے، وہ جانتا ہے کہ ہمیں ہمارے روز مرہ کے مسائل سے کیسے اُوپر اُٹھانا ہے۔“۲

جب ہم اُس کے پاس آتے ہیں، ”ہم خُوشی، اطمینان، اور تسلی سے معمور ہو سکتے ہیں۔ زندگی سے متعلق وہ سب جو [مشکل اور آزمائش] بھرا ہے یِسُوع مسِیح کے کفارہ کی بدولت درست کیا جا سکتا ہے۔“۳ اُس نے ہمیں نصحیت فرمائی ہے، ”ہر خیال میں میری طرف دیکھو؛ شک نہ کرو، خوف نہ کھاؤ“ (عقائد و عہود ۳۶:۶

مورمن کی کتاب میں جب ایلما کے لوگ اُن پر ڈالے گئے بوجھ کی بدولت قریباً ٹوٹ چُکے تھے، لوگ مدد کے لیے چلائے۔ خُداوند نے اُنکے بوجھ نہیں ہٹائے بلکہ اُس نے اُنہیں وعدہ کیا:

”اور جب تک تُم غلامی میں ہو، میں تمھارے کندھوں کے بوجھ اتنے ہلکے کر دُوں گا جو تمھیں تمھاری پیٹھ پر محسوس بھی نہ ہوں گے، اور میں یہ اِس لیے کروں گا کہ تُم اِس کے بعد میں میرے گواہ رہو، اور تم یقیناً جان لو کہ میں، خُداوند خُدا، اپنے لوگوں کی مصیبتوں میں اُن کے پاس جاتا ہوں۔

”اور اب ایسا ہوا کہ وہ بوجھ جو ایلما اور اُس کے بھائیو پر ڈالے گئے تھے ہلکے کر دیے گئے، ہاں، خُداوند نے اُنہیں اتنا مضبوط بنا دیا کہ وہ اپنے بوجھ کو آسانی سے اُٹھا سکیں اور اُنہوں نے خُوشی اور صبر سے خُدا کی مرضی پوری کی“ (مضایاہ۱۴:۲۴–۱۵

مُنجی کی شفا دینے اور بوجھ ہلکے کرنے کی اہلیت کے بارے، بزرگ ٹاڈ آر کالیسٹر نے سِکھایا ہے:

”کفارہ کی برکت میں سے ایک یہ ہے کہ ہم مُنجی کی سہارا دینے کی قوت حاصل کر سکتے ہیں۔ یسعیاہ نے بار ہا خُداوند کے شفا و آرام دینے والے اثر کا ذکر کیا ہے۔ اُس نے گواہی دی کہ مُنجی ’محتاج کے لیے پریشانی کے وقت ملا اور آندھی سے پناہ گاہ، گرمی سے بچانے کو سایہ‘ ہوا (یسعیاہ ۴:۲۵)۔ اور وہ جو غمگین ہیں، یسعیاہ نے اعلان کیا کہ مُنجی ’سب غمگینوں کو دِلاسا دینے‘ (یسعیاہ ۲:۶۱)، اور ’سب کے چہروں سے آنسو پونچھ ڈالنے‘ (یسعیاہ ۸:۲۵؛ مُکاشفہ ۱۷:۷بھی دیکھیں)؛ ’فروتنوں کی رُوح کو زندہ کرنے‘ (یسعیاہ ۱۵:۵۷)؛ اور ’شکستہ دِلوں کو تسلی‘ (یسعیاہ ۱:۶۱؛ لوقا ۱۸:۴؛ زبور ۳:۱۴۷بھی دیکھیں) دینے کی قدرت رکھتا ہے۔ سہارا دینے کی اُس کی قدرت اِس قدر وسیع ہے کہ وہ ’راکھ کے بدلے سہرا، اور ماتم کی جگہ خُوشی کا روغن، اُداسی کے بدلے ستائش کی خِلعت‘ بخش سکتا ہے (یسعیاہ ۶۱: ۳

”آہا، اِن وعدوں سے کیسی اُمید بڑھ جاتی ہے! … اُس کا رُوح شفا دیتا ہے، یہ نکھارتا، یہ تسلی دیتا، یہ نااُمید دِلوں میں زندگی کی نئی سانس پُھونکتا ہے۔ زندگی میں جو بھی مکروہ و معیوب اور بے قدر ہے وہ اُسے اعلیٰ و ارفع اور جلالی شان و شوکت میں تبدیل کرنے پر قادر ہے۔ وہ موت کی راکھ کو ابدیت کے سہرے میں بدلنے کی قدرت رکھتا ہے۔“۴

میں گواہی دیتی ہوں کہ یِسُوع مسِیح ہمارا محبت کرنے والا مُنجی اور مخلصی دینے والا، مالک شافی، اور ہمارا وفادار دُوست ہے۔ اگر ہم اُس کر طرف رجوع کریں، وہ ہمیں شِفا دے گا اور ہمیں پھر سے صحت یاب کرے گا۔ مَیں یہ گواہی دیتی ہوں یہ اُس کی کلِیسیا ہے اور وہ ایک بار پھر اِس زمین پر قوت اور جلال سے حکومت کرنے کے لیے لوٹنے کی تیاری کر رہا ہے۔ یِسُوع مسِیح کے نام پر آمین۔

حوالہ جات

  1. رِسل ایم نیلسن، ”یِسُوع مسِیح—مالک شفا دینے والا،“ لیحونا، نومبر، ۲۰۰۵، ۸۷۔

  2. یِسُوع مسِیح پر ایمان،“ اِنجیلی عنوانات، topics.ChurchofJesusChrist.org۔

  3. میری اِنجیل کا پرچار کرو: تبلیغی خدمت کی راہ نما کتاب، ترمیم شدہ شمارہ (۲۰۱۸)، ۵۲، ChurchofJesusChrist.org۔

  4. دیکھیے ٹاڈ آر کالیسٹر، لامحدود کفّارہ (۲۰۰۰)، ۲۰۶–۷۔