مجلسِ عامہ
میں فرشتوں پر ایمان رکھتا ہوں
مجلسِ عامہ اکتوبر ۲۰۲۰


10:45

میں فرشتوں پر ایمان رکھتا ہوں

خُداوند اُن چنوتیوں سے آگاہ ہے جن کا آپ سامنا کرتے ہیں۔ وہ آپ کو جانتا ہے؛ وہ آپ سے محبت کرتا ہے؛ اور میں وعدہ کرتا ہوں کہ وہ آپ کی مدد کو فرشتے بھیجے گا۔

بھائیو اور بہنوں میں فرشتوں پر ایمان رکھتا ہوں، اور میں اُن کے ساتھ اپنے تجربات بیان کرنا چاہتا ہوں۔ ایسا کرتے ہوئے، میں اُمید و دُعا کرتا ہوں کہ ہم اپنی زندگیوں میں فرشتوں کی اہمیت کو پہچانیں۔

ایک سابقہ مجلسِ عامہ سے بزرگ جیفری آر ہالینڈ کے یہ اِلفاظ ہیں ”جب ہم اُن کی بات کرتے ہیں جو خُدا کے ہاتھ میں آلہ کار ہیں، ہمیں یاد دِلایا گیا ہے کہ سارے فرشتے حجاب کی دُوسری جانب سے نہیں آتے ہیں۔ اُن میں سے کچھ کے ساتھ ہم—یہاں، ابھی، اور ہر روز چلتے اور بات کرتے ہیں۔ اُن میں سے کچھ ہمارے اپنے پڑوس میں رہائش پذیر ہیں۔ … درحقیقت آسمان کبھی بھی اتنا دُور محسوس نہیں ہوتا جب ہم اتنے اچھے اور اتنے خالص لوگوں کی شفقت اور عقیدت میں خُداکی محبت کا ظہور دیکھتے ہیں جن کے لیے ذہن میں صرف لفظ ملائکی آتا ہے“ (”فرشتوں کی خدمت،“ لیحونا، نومبر ۲۰۰۸، ۳۰)۔

یہ حجاب کی اِس جانب والے فرشتگان ہیں جن کی میں بات کرنا چاہتا ہوں۔ فرشتگان جو ہماری روزمرہ زندگیوں میں ہمارے درمیان میں چلتے پھرتے ہیں ہمارے لیے خُدا کی محبت کی قوی یاد دِہانی۔

پہلے فرشتگان جن کا میں ذکر کروں گا دو مبلغہ بہنیں ہیں جنہوں نے مجھے انجیل سِکھائی جب میں نوجوان تھا: بہن ولمہ مولینا اور بہن اِونیٹہ رِیویٹِی۔ مجھے اور میری چھوٹی بہن کو کلیسیائی سرگرمی میں مدعو کیا گیا جہاں ہم اِن دو فرشتگان سے متعارف ہوئے۔ میں نے کبھی تصور بھی نہ کیا تھا کہ وہ سادہ سی سرگرمی میری زندگی کو کتنا بدل دے گی۔

اُس وقت میرے والدین اور رشتہ دار کلِیسیا کے متعلق مزید جاننے میں دلچسپی نہیں رکھتے تھے۔ حتٰی کہ وہ مبلغین کے ہمارے گھر میں آنے پر بھی رضا مند نہیں تھے، لہذا میں نے تبلیغی اسباق چرچ کی عمارت میں وصول کیے تھے۔ چیپل کا وہ چھوٹا سا کمرہ میرے لیے ”مُقدس جھنڈ“ بن گیا۔

نوجوان بزرگ گوڈئے اپنی بہن کے ہمراہ

اِن فرشتگان کے مجھے انجیل سے متعارف کروانے کے ایک ماہ بعد، میرا بپتسمہ ہوگیا۔ میں ۱۶ برس کا تھا۔ بد قسمتی سے میرے پاس اُس مُقدس واقعہ کی کوئی تصویر نہیں، مگر میرے پاس میری اور میری بہن کی ایک تصویر ہے جس وقت ہم نے اُس سرگرمی میں شرکت کی تھی۔ مجھے شاید وضاحت کرنی پڑے کہ اُس تصویر میں کون کون ہے۔ میں دراز قد دائیں طرف ہوں۔

جیسے کہ آپ تصور کر سکتے ہیں، کلیِسیا میں ایک نو عمر کے لیے جس کا طرزِ زندگی ابھی بدلا ہو، جس کا خاندان اُسی راہ پر نہ چل رہا ہو، سرگرم رہنا کتنا مشکل تھا۔

جب میں اپنی نئی زندگی، نئے تمدن، اور نئے احباب سے ایڈجسٹ ہو رہا تھا، میں نے غیر موزوں محسوس کیا۔ کئی مرتبہ میں نے تنہا اور بے ہمت محسوس کیا۔ میں جانتا تھا کہ کلِیسیا سچی ہے، میں اِس کا حصہ بننے میں مشکل محسوس کر رہا تھا۔ اگرچہ میں بے چین اور بے یقین تھا جس دوران میں اپنے نئے مذہب میں فِٹ ہونے کی کوشش کر رہا تھا، میں نے تین روزہ نوجوانان کی مجلس میں شرکت کرنے کا حوصلہ پایا، جو میرا خیال تھا کہ نئے دوست بنانے میں میری مدد کرے گی۔ تب ہی میں ایک اور بچانے والی مونیکا برانڈیونامی، فرشتہ سے مِلا۔

بہن گوڈئے

وہ علاقے میں نئی تھی، جو برازیل کے ایک اور علاقے سے وہاں منتقل ہوئی تھی۔ وہ جلد ہی میری توجہ کا مرکزبن گئی اور، خُوش قسمتی سے میرے لیے، مجھے بطور دوست قبول کر لیا۔ میرا خیال ہے کہ اُس نے مجھے باہر کی بجائے اندر سے دیکھا۔

چونکہ اُس نے مجھے دوست بنایا، مجھے اُس کے دوستوں سے متعارف کروایا گیا، جو پھر میرے دوست بن گئے جب ہم نے دیگر بہت سی نوجوانان کی سرگرمیوں سے لطف اُٹھایا جن مِیں مَیں نے بعد میں شریک ہوا۔ میری اِس نئی زندگی میں انضمام کے لیے وہ سرگرمیاں نہایت اہم تھیں۔

بزرگ گوڈئے کے دوست

اِن اچھے دوستوں نے بڑا فرق ڈالا، مگر گھر میں معاون خاندان کے بغیر انجیل سِکھائے جانے سے میری تبدیلی کے جاری عمل کو اب بھی خطرہ لاحق تھا۔ کلِیسیا میں میرے انجیلی روابط میری پروان چڑھتی ہوئی تبدیلی کے لیے مزید اہم بن گئے۔ تب اضافی مدد کے لیے خُداوند کی جانب سے دو اور فرشتوں کو بھیجا گیا۔

اُن میں سے ایک لیڈا ویٹوری، میری الصُبح سیمنری کی معلمہ تھی۔ اُس کی قبول کرنے والی محبت اور الہام بخش جماعتوں کے ذریعے، اُس نے مجھے ”خُدا کے عمدہ کلام“ (مرونی ۶: ۴) کی میری روزانہ کی خوراک دی، جس کی مجھے پورا دِن ضرورت تھی۔ اِس نے مجھے جاری رکھنے کی روحانی مضبوطی پانے میں مدد دی۔

میری مدد کے لیے بھیجا گیا ایک اور فرشتہ ینگ مین کا صدر، مارکو اینٹونیو فسکو تھا۔ اُسے میرا سینئر خاندانی معلم ساتھی بھی مقرر کیا گیا تھا۔ تجربہ کی کمی اور میرے مختلف حلیے کے باوجود، اُس نے مجھے کاہنوں کی جماعت کی مجالس اور خاندانی تدریس کی مُلاقاتوں میں سِکھانے کی ذمہ داریاں دیں۔ اُس نے مجھے عمل کرنے اور سیکھنے اور صرف انجیل کا ناظر نہ بننے کا موقع بخشا۔ اُس نے مجھ پر، مجھ سے زیادہ اعتماد کیا۔

اُں تمام فرشتگان کا شکریہ، اور بہت سے دیگر کا جن سے میرا سامنا اُن اہم ابتدائی برسوں میں ہوا، جب میں نے سچائی کی روحانی گواہی پائی میں نے راہِ عہد پر قائم رہنے کے لیے کافی قوت پائی ۔

اور ویسے، وہ فرشتہ لڑکی، مونیکا؟ ہم دونوں کے تبلیغی خدمت کرنے کے بعد، وہ میری بیوی بنی۔

میرے خیال میں اچھے دوست، کلِیسیائی ذمہ داریاں، خُدا کے اچھے کلام سے پرورش پانا، اتفاقیہ نہیں تھے، یہ اُس عمل کا حصہ تھے۔ صدر گورڈن بی ہینکلی نے دانشمندی سے سِکھایا: ”اس کلِیسیا میں شمولیت اختیار کرنے کے لیے منتقلی کے واقعہ کوسہل بنانا آسان نہیں ہے۔ اِس کا مطلب پُرانے ناطے توڑنا ہے۔ اِس کا مطلب دوستوں کو چھوڑنا ہے۔ اِس کا یہ مطلب بھی ہو سکتا ہے کہ محبوب اعتقادات کو ایک طرف رکھنا۔ اس میں عادات میں تبدیلی اور اشتہا کو دبانے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ بہت سے معاملات میں اِس کا مطلب تنہائی اور حتٰی کہ انجانا خوف ہو سکتا ہے۔ تبدیل کُندگان کی زندگیوں کے اِس مُشکل دور کے دوران لازماً پرورش اور مضبوطی دینی چاہیے“ (”لازمی پیامبر ہونے چاہیں،“ انزائن، اکتوبر ۱۹۸۷، ۵)۔

بعد میں اُنھوں نے اضافہ کیا، ”اُن میں سے ہر ایک کو تین چیزوں کی ضرورت ہے: ایک دوست، ایک ذمہ داری، اور ’خُدا کے عمدہ کلام سے پرورش‘“ (”تبدیل شدگان اور نوجوان مرد،“ انزائن، مئی ۱۹۹۷، ۴۷)۔

میں آپ کے ساتھ اِن تجربات کا اشتراک کیوں کر رہا ہوں؟

اول، یہ اُن کو پیغام دینا ہے جو ابھی ایسے یکساں حالات سے گزر رہے ہیں۔ آپ شاید نئے تبدیل شدگان ہوں، یا کچھ عرصہ کے لیے ادھر اُدھر آوارہ گردی کرنے کے بعد کلِیسیا میں واپس لوٹے ہیں، یا محض فِٹ ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مہربانی سے، مہربانی سے، اِس بڑے خاندان کا حصہ ہونے کی اپنی کاوشوں کو ترک مت کریں۔ یہ یِسُوع مسِیح کی سچی کلِیسیا ہے!

جب بات آپ کی خُوشی اور نجات کی ہو، کوشش کرتے رہنا ہمیشہ قابلِ قدر ہے۔ اپنے طرزِ زندگی اور روایات کو ایڈجسٹ کرنے کی کوششیں قابلِ قدر ہیں۔ خُداوند اُن چنوتیوں سے آگاہ ہے جن کا آپ سامنا کرتے ہیں۔ وہ آپ کو جانتا ہے؛ وہ آپ سے محبت کرتا ہے؛ اور میں وعدہ کرتا ہوں کہ وہ آپ کی مدد کو فرشتے بھیجے گا۔

مُنجی نے اپنے الفاظ میں فرمایا ہے: ”میں تمھارے سامنے جاؤں گا۔ میں تمھارے دائیں ہاتھ اور تمھارے بائیں ہوں گا، اور میرا روح تمھارے دِلوں میں ہوگا، اور میرے فرشتے، تمھیں سہار ادینے کے لیے، تمھارے چوگرد ہوں گے“ (تعلیم اور عہود ۸۴: ۸۸

ان تجربات کا اشتراک کرنے کا میرا دوسرا مقصد تمام ارکانِ کلِیسیا کو پیغام بھیجنا ہے—ہم سب کو۔ ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ نئے تبدیل شدگان، لوٹنے والے دوستوں، اور مختلف طرزِ زندگی والوں کے لیے فوری طور پر فِٹ ہونا آسان نہیں ہے۔ خُداوند اُن چنوتیوں سے آگاہ ہے جن کا اُنہیں سامنا ہے، اور وہ مدد کرنے کے لیے رضامند فرشتوں کی تلاش میں ہے۔ خُداوند ہمیشہ دُوسرے لوگوں کی زندگیوں میں فرشتے ہونے کے لیے خواہش مند رضاکاروں کا متلاشی ہے۔

بھائیو اور بہنوں، کیا آپ خُداوند کے ہاتھوں میں آلہ بننے کے لیے رضامند ہوں گے۔ کیا آپ اِن فرشتوں میں سے ایک ہونے کے لیے رضامند ہیں؟ حجاب کی اِس جانب سے، خُدا کی طرف سے بھیجا گیا، ایک سفیر بننے کو، کسی کے لیے جس کے بارے وہ فکر مند ہے؟ اُسے آپ کی ضرورت ہے۔ اُنہیں آپ کی ضرورت ہے۔

یقیناً، ہم ہمیشہ اپنے مبلغین پر بھروسہ کر سکتے ہیں۔ وہ ہمیشہ موجود ہیں، اِس کارِ ملائکہ میں اندراج کروانے والے اولین ترین لوگ۔ مگر وہ ناکافی ہیں۔

اگر آپ غور سے ارد گرد دیکھیں آپ ایک فرشتے کی مدد کے بہت سے ضرورت مند دیکھیں گے۔ اِن لوگوں نے شاید سفید قمیضیں، ملبوسات، یا اتوار کا کوئی لباس نہیں پہنا ہو گا۔ وہ شاید چیپل یا کمرہِ جماعت کے عقب کی جانب تنہا بیٹھے ہوں، بعض اوقات ایسا محسوس کرتے ہوئے جیسے وہ غیر مُرئی ہوں۔ شاید اُنکے بالوں کا سٹائل انتہائی جدید ہو یا اُن کا ذخیرہِ الفاظ مختلف ہو، مگر وہ وہاں ہیں، اور وہ کوشش کر رہے ہیں۔

کچھ سوچ رہے ہوں گے، ”کیا میں واپس آنا جاری رکھوں؟ کیا میں کوشش کرتا رہوں؟“ دیگر لوگ سوچ سکتے ہیں آیا کسی روز وہ قبول شدہ اور محبت محسوس کریں گے۔ فرشتوں کی ضرورت ہے، ابھی اِسی وقت، فرشتگان جو اُنہیں گلے لگانے کے لیے اپنے حلقہِ آرام کو چھوڑنے پر رضا مند ہیں ”[لوگ جو] اتنے خالص ہیں کہ [اُنہیں بیان کرنے] کے لیے صرف لفظ ملائکی ذہن میں آتا ہے“ (جیفری آر ہالینڈ، ”فرشتوں کی خدمت،“ ۳۰)۔

بھائیو اور بہنو، میں فرشتوں پر ایمان رکھتا ہوں۔ آج ہم سب یہاں ہیں، ایک بہت بڑی فوج جو ایامِ آخر میں، مُحب خالق کے بڑھے ہوئے ہاتھوں کے طور پر دُوسروں کی خدمت کرنے کے لیے مخصوص کی گئی ہے۔ میں وعدہ کرتا ہوں اگر ہم خدمت کرنے کے لیے رضامند ہیں، خُداوند ہمیں خدمت گذار فرشتگان بننے کے موقع عطا فرمائے گا۔ وہ جانتا ہے کہ کسے ملائکی مدد کی ضرورت ہے، اور وہ اُنہیں ہماری راہ میں لائے گا۔ خُداوند روزانہ ہماری راہ میں اُن کولاتا ہےجنہیں ملائکی مدد کی ضرورت ہے۔

میں اُن سب فرشتوں کے لیے شکر گزار ہوں جن کو خُداوند میری پوری زندگی میں میری راہ میں لایا ہے۔ اُن کی ضرورت تھی۔ میں اُس کی انجیل کا نہایت شکر گزار ہوں جو ہمیں تبدیل ہونے میں مدد دیتی اور ہمیں بہتر ہونے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

یہ محبت کی انجیل ہے، خدمت گزاری کی انجیل۔ جس کی میں گواہی دیتاہوں یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔