”ضمیمہ: بحالی میں معاونت،“ نجات دہندہ کے وسیلہ سے شفا: نشے/لت سے بحالی کا پروگرام بحالی کے 12-مراحل کا ہدایت نامہ (2023)
”بحالی میں معاونت،“ نشے/لت سے بحالی کا پروگرام بحالی کے 12-مراحل کا ہدایت نامہ
بحالی میں مُعاونت
مُعاونت پانے کی اہمیت
بحالی اور شِفا پانے میں ہماری مدد کے لیے دُوسروں کی مُعاونت اہم ہے۔ کمزوری کے اوقات میں کسی اَیسے شخص کا ہونا جس کی طرف ہم رُجُوع کر سکتے ہیں اَکثر ضرُوری ثابت ہوتا ہے۔ اِنکار اور تنہائی عادی اور لت آمیز رویوں کی پہچان ہیں۔ دُوسروں کی مُعاونت اور تناظر کے بغیر اِن رویوں میں واپس لوٹنا آسان ہوتا ہے۔ یہ ضرُوری ہے کہ ہم اپنی بحالی میں جتنی جلد ممکن ہو مُعاونت پائیں۔
دُوسروں کے ساتھ رابطے میں رہنا نہ صِرف وہ ہمت فراہم کرتا ہے جس کی ہمیں ضرُورت ہو سکتی ہے بلکہ ہمیں یہ یاد رکھنے میں بھی ہماری مدد کرتا ہے کہ ہم طِفلِ خُدا ہونے کے ناطے محبّت کے لائق ہیں۔ جب ہم مُعاونت کے لیے دُوسروں تک پُہنچتے ہیں، تو ہم برکت پاتے ہیں، اور اِس کے ساتھ ساتھ ہماری مدد کرنے والے بھی بابرکت ہوتے ہیں۔ جب ہم 12 مراحل کا اِستعمال کرتے اور دُوسروں سے مُعاونت کے طالِب ہوتے ہیں، ہم ذیل کے مُعاونتی ذرائع سے مُستفید ہو سکتے ہیں:
-
آسمانی باپ، یِسُوع مسِیح اور رُوحُ القُدس۔ آسمانی باپ، یِسُوع مسِیح اور رُوحُ القُدس ہماری مُعاونت کے عظیم ترین ذرائع ہیں۔ تبدیلی یِسُوع مسِیح اور اُس کے کفّارے کے وسیلے سے مُمکن ہوتی ہے۔ مورمن کی کِتاب میں، ایلما نبی بتاتا ہے کہ مسِیح ”اُن کی کم زوریاں خُود پر لے لے گا، تاکہ بشریت کے اعتبار سے اُس کا دِل رحم سے لبریز ہو، تاکہ وہ بشریت کے اعتبار سے جانے، کہ اُن کی کم زوریوں میں اُن کی مدد کیسے کرے“ (ایلما 7:12)۔ جب ہم فروتنی کے ساتھ اپنے آسمانی باپ اور اُس کے بیٹے، یِسُوع مسِیح کے پاس جائیں گے تو ہم دَست گِیری اور پرورش محسُوس کریں گے۔
ضرُور ہے کہ کفّارہ کے ذریعے مُنّجی کی مدد کو نظر اَنداز نہ کِیا جائے۔ اُس نے ہمیں سِکھایا ہے کہ،”راہ، حق، اور زِندگی مَیں ہُوں“ (یُوحنّا 14:6)۔ رُوحُ القُدس آگے بڑھنا جاری رکھنے کے واسطے ہمیں تسلّی، اِطمینان، اور رُوحانی قُوت بخش سکتا ہے۔
-
اَرکانِ خاندان اَرکانِ خاندان محبّت اور قبُولیت کی پیش کش کرتے ہُوئے مُعاونت کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔ وہ ہدایت نامہِ مُعاونت :شریکِ حیات اور اُن کے خاندان کی لیے مدد جو زیرِ بحالی ہیں میں سِکھائے گئے اِنجِیلی اُصُولوں کو لاگُو کر کے مُعاونت کرنے کی اپنی صلاحیت کو بڑھا سکتے ہیں۔ اَگرچہ تمام اَرکانِ خاندان تسلّی فراہم کرنے کے لیے جذباتی حالت میں نہیں ہوں گے، مگر وہ جو کر سکتے ہیں وہ اَکثر مُعاونت کے سب سے قوی ذرائع میں سے ایک ہوتے ہیں۔
-
دوست احباب۔ دوست احباب محبّت اور مُعاونت فراہم کر سکتے ہیں جب ہم اُن سے اپنی جدوجہد کے مُتعلق بات کرتے ہیں، بھلے ہم تفصیلات کی بابت اُن پر اعتماد کریں یا نہ کریں۔ جب دوستوں میں اُن رویوں کی نِشان دہی کرنے کی ہمت ہوتی ہے جنھیں ترک کرنے کی ہمیں ضرُورت ہے، یا جب وہ مدد طلب کرنے کے لیے ہماری حوصلہ اَفزائی کرتے ہیں، تو ہم بحالی کی طرف اپنی پیش رفت میں آگے بڑھ سکتے ہیں۔ جب ہم دوستوں سے محبّت اور مُعاونت کا تجربہ حاصل کرتے ہیں، تو یہ ہمیں ہماری قدر و قِیمت کی یاد دلا سکتا ہے۔
-
کلِیسیائی قائدین۔ کلِیسیائی قائدین تبدیلی کے عمل میں ضرُوری مُعاونت فراہم کر سکتے ہیں۔ یہ قائدین مُنّجی کی محبّت کو محسُوس کرنے میں ہماری مدد کر سکتے ہیں اور ہمیں توبہ کرنے اور عادی اور لت آمیز رویوں سے رُوحانی طور پر پاک صاف ہونے میں کلیدی کِردار اَدا کر سکتے ہیں۔
-
سپانسرز۔ سپانسرز وہ لوگ ہوتے ہیں جنھوں نے12 مراحل کو پُورا کر کے بحالی پائی ہوتی ہے۔ اپنے تجربے کی بُنیاد پر، وہ جانتے ہیں کہ کس طرح کام کرنے اور مراحل کا اِطلاق کرنے میں ہماری مدد کرنی ہے۔ وہ عمُوماً بے اِیمانی کو پہچان اور دیگر مُشکلات کو سمجھ سکتے ہیں حتٰی کہ جب ہم اُن سے واقف نہ بھی ہوں۔
-
اِجلاسِ بحالی۔ اِجلاسِ بحالی محفُوظ مقام ہیں جہاں ہم قبُولیت، محبّت اور مُعاونت پا سکتے ہیں۔ اِن اِجلاسوں میں ہم اپنے تجربے کے ساتھ ساتھ اپنے اِیمان اور مُنّجی یِسُوع مسِیح کے وسیلے بحالی کی اُمید اور اپنی زِندگیوں میں 12 مراحل کو لاگُو کرتے ہُوئے اِن کا اشتراک کرتے ہیں۔ اپنے تجربات بتانے سے ہمیں ضرُوری تبدیلیوں کی طرف کام کرنے میں مدد اور اُمید مِل سکتی ہے کہ بحالی اور شِفا مُمکن ہے۔
-
ذہنی صحت اور طِبی پیشہ ور اَفراد۔ ذپنی صحت اور طبی پیشہ ور اَفراد اَکثر بصِیرت اور نایاب مہارتیں فراہم کر سکتے ہیں جو عادی اور لت آمیز رویوں سے بحال ہونے کے لیے ضرُوری ہیں۔ اگر ہم اَب بھی عادی اور لت آمیز رویوں کے ساتھ نبردآزما ہیں حتیٰ کہ جب ہم نشے/لت سے بحالی کا پروگرام میں شریک ہوتے ہیں، تو ہمیں ذہنی صحت یا طِبی پیشہ ور اَفراد سے پیشہ ورانہ مدد لینے پر غور کرنا چاہیے۔ پیشہ ورانہ مدد طلب کرتے وقت، اَرکانِ کلِیسیا کو کسی اَیسے شخص کا چُناؤ کرنا چاہیے جو اِنجِیل کے اُصُولوں کا حامی ہو۔
اپنی مُعاونت کے لیے لوگوں کا چُناؤ کرنا
کلِیسیا کے نشے/لت سے بحالی کا پروگرام میں، آپ کو سپانسرز یا کوئی مُعاونتی نظام تفویض نہیں کِیا جاتا ہے۔ یہ فیصلہ کرنا کہ کب اور کس سے مدد طلب کرنی ہے شخصی فیصلہ ہے۔ دُعا کے ساتھ اپنے قُرب و جوار میں اُن لوگوں پر غور کریں جن سے آپ مدد طلب کرنے میں سب سے زیادہ آرام دہ محسُوس کرتے ہیں یا کون آپ کے واسطے سب سے زیادہ مددگار ثابت ہو گا۔ عمُومی طور پر، جتنے زیادہ لوگ آپ کی مُعاونت کے لیے ہوں گے، آپ کی بحالی کے اِمکانات اُتنے ہی روشن ہوں گے۔ ایک دفعہ جب آپ اُن لوگوں کی شناخت کر لیں جن کو آپ اپنے مُعاونتی نظام میں رکھنا پسند کریں گے، تو اُن کی مدد طلب کرنا عاجزانہ اور ڈراؤنا بھی ہو سکتا ہے۔ بہر کیف، جب آپ اَیسا کرتے ہیں، تو آپ کو محسُوس ہونے والی محبّت اور قبُولیت کی کثرت پر حیرانی ہو سکتی ہے۔ جتنا زیادہ آپ دُوسروں سے رابطہ رکھیں گے، آپ کو محبّت حاصِل کرنے کے اُتنے ہی زیادہ مواقع مِلیں گے۔
یقینی بنائیں کہ آپ اپنی معاونت کے لیے انتہائی قابل بھروسہ لوگوں کا انتخاب کریں۔ آپ کی مُعاونت کرنے کے لیے سب سے زیادہ مؤثر لوگ وہ ہیں جن کا آپ سے کوئی موجُودہ تعلق ہے (والدین، شریکِ حیات، خاندان، کلِیسیائی قائدین)، جو چاہتے ہوں کہ آپ کامیاب ہوں، کلِیسیا میں بھرپُور سَرگرم ہوں، اور جو آپ کو دَرپیش چنوتی کی صحیح نوعیت کو سمجھتے یا سمجھنے کی تمنّا رکھتے ہوں۔ کوئی اَیسا شخص جس نے خُود اپنی چنوتیوں پر غلبہ پایا ہو وہ اَکثر اِن چنوتیوں کے لیے زیادہ ہمدردی رکھتا ہے جن کا سامنا دُوسروں کو ہوتا ہے۔ آپ جیسی یکساں مُشکلات رکھنے والے اَکثر آپ کی جدوجہد سے ہمدردی رکھنے کی زیادہ صلاحیت رکھتے ہیں۔
جب آپ تبدیلی کا عمل شُروع کرتے ہیں، تو آپ جسمانی، جذباتی اور رُوحانی طور پر مجروح ہو سکتے ہیں۔ مُحتاط رہیں کہ اپنی مُعاونت کرنے والے کسی بھی شخص کے ساتھ کوئی نامُناسب تعلق اُستوار نہ کریں۔