اپنے فرض کی راہ پر
آپ جو آج اپنے فرض کی راہ پر آگے بڑھ رہے ہیں، نجات دہندہ کی بحال شُدہ کلِیسیا کی طاقت ہیں۔
مَیں رُوحُ القُدس کی مدد کے لیے خلُوصِ دِل سے دُعا کرتا ہُوں جیسا کہ مَیں اب پُوری دُنیا میں کلِیسیائے یِسُوع مسِیح براے مُقدّسِینِ آخِری ایّام کے اَرکان کے لیے اپنی محبّت، تحسِین، اور تشکُر کا اِظہار کرتا ہُوں۔
وہ آخِری بگی والے
سال ۱۹۴۷ میں سالٹ لیک ویلی میں آنے والے پہلے مُقدّسِینِ آخِری ایّام کے علم برداروں کی ۱۰۰ ویں سال گرہ منائی گئی۔ اِس سال کے دوران میں بُہت سی یادگار تقریبات مُنعقد کی گئیں، اور یِسُوع مسِیح کے اِن عقیدت مند شاگردوں کے لیے اِظہارِ تشکر کا نذرانہ پیش کِیا جِنھوں نے راستوں کو چراغاں کِیا، گھر بنائے، بنجر صحراؤں میں فصلیں لگائیں، اور برادریوں کو آباد کِیا۔
صدر جے روبن کلارک، صدارتِ اَوّل کے مُشِیرِ اَوّل، نے اکتوبر ۱۹۴۷ کی مجلِسِ عامہ میں اِن بااِیمان علم برداروں کو سب سے زیادہ یادگار اور دِل کو چُھو لینے والا خراجِ تحسین پیش کیا۔
اپنے پیغام میں، صدر کلارک نے مُختصراً اُن معرُوف راہ نُماؤں کا اِعتراف کِیا جنِھوں نے مغرب کی طرف ہجرت کرنے میں قیادت فرمائی تھی، مثلاً بریگھم ینگ، ہیبر سی قِمبل، وِلفورڈ ووڈرف، پارلی پی پراٹ، اور بُہت سے دُوسرے۔ تاہم، اُس کا بُنیادی مقصد اِن قابلِ ذِکر اَفراد کے کارناموں کو بیان کرنا نہیں تھا۔ بلکہ، اُس نے اپنے بیانات میں اُن دلیر جانوں پر توجہ مرکوز کی جن کے نام کلِیسیا کی تاریخ میں نہ تو معلُوم ہیں اور نہ سرکاری طور پر درج ہیں۔ اُن کے پیغام کا عُنوان ہے، ”وہ آخِری بگی والے۔“۱
صدر کلارک نے میدانی عِلاقوں کو عبُور کرنے والی بگیوں کے ہر طویل قافلے میں سے آخِری بگی میں سفر کرنے والے تارکِینِ وطن کی صفات اور اُن کو درپیش مُشکلات کو بڑی تفصیل سے بیان کیا۔ اُنہوں نے اِن گُم نام اور غیر معرُوف بُہادر لوگوں کو خراجِ تحسِین پیش کِیا، جِن کا دِنوں، ہفتوں، اور مہینوں تک، اُن کے آگے آگے چلنے والی ساری بگیوں کے سبب سے اُڑنے والی دُھول سے دم گُھٹتا تھا—اور اُنھوں نے راستے میں حائل بے رحم رُکاوٹوں کو بھی شِکست دی۔
صدر کلارک نے اِعلان کیا، ”وہ آخری بگی والے آگے بڑھ رہے تھے، تھکے ماندے اور خستہ حال، زخمی پاؤں، بعض اوقات تقریباً دِل شِکن، اپنے اِیمان کی خاطِر یہ برداشت کِیا چُوں کہ خُدا اُن سے پیار کرتا ہے، کیوں کہ بحال شُدہ اِنجِیل سچّی ہے، اور یہ کہ خُداوند نے پیش پیش بھائیوں کی ہدایت اور راہ نُمائی فرمائی تھی۔“۲
اُنھوں نے اپنے پیغام کا اِختتام اِس ولولہ انگیز تحسِین کے ساتھ کیا: ”اِن فروتن جانوں کے نام، اِیمان میں زبردست، کام میں شان دار، راست زِندگی گُزارنے میں افضل، اپنے اَنمول ورثے کی تعلِیم و ترتیب میں اعلیٰ، اِن فروتن جانوں کو، مَیں اپنا پیار، اپنا احترام، اپنی عقیدت حلیمی کے ساتھ پیش کرتا ہُوں۔“۳
کم کارآمد نہیں
۱۹۹۰ میں، صدر ہاورڈ ڈبلیو ہنٹر، اُس وقت کے بارہ رسُولوں کی جماعت کے صدر، نے کلِیسیا کے لاتعداد اَرکان کی اشد ضرُوری خِدمات کے حوالے سے پیغام دیا جو جانفشانی اور وفاداری سے خِدمت کرتے ہیں اور جِنھیں بُہت کم یا کوئی عوامی پذیرائی یا تحسِین نہیں مِلتی ہے۔
صدر ہنٹر نے وضاحت فرمائی:
”[نوجوان اور بُہادر سِپہ سالار مرونی] کی بابت کہا گیا تھا:
”’اگر سارے اِنسان جو تھے، جو ہیں، اور جو ہوں گے، مرونی کی مانِند ہوتے، تو دیکھو، دوزخ کی یہی طاقتیں ہمیشہ کے لِیے دہل جاتیں؛ ہاں، بنی آدم کے دِلوں پر اِبلِیس کبھی غلبہ نہ پا سکتا‘ (ایلما ۴۸:۱۷)۔
”کسی معرُوف اور بُہادر اِنسان کی اَیسی تعریف و توصِیف۔ … دو آیات کے بعد ہیلیمن اور اُس کے بھائیوں کی بابت بیان ہے، جِنھوں نے مرونی سے کم نمایاں کِردار اَدا کیا، جِس میں لکھا ہے:
”’ہیلیمن اور اُس کے بھائی قَوم کے لِیے مرونی کی نسبت کوئی کم کارآمد نہ تھے‘ (ایلما ۴۸:۱۹)۔“
صدر ہنٹر جاری رکھتے ہیں، ”دُوسرے لفظوں میں، اگرچہ ہیلیمن مرونی کی طرح قابلِ توجہ یا مُمتاز نہیں تھا، وہ اتنا ہی کارآمد تھا، یعنی مددگار یا مُفِید جتنا مرونی۔“۴
صدر ہنٹر نے پھر نصِیحت فرمائی کہ ہم سب کو کم کارآمد نہیں ہونا ہے۔ اُنھوں نے فرمایا، ”اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ جو کُچھ اِس برس یا آنے والے برسوں میں انجام دیتے ہیں وہ آپ کو زیادہ مشہُور و معرُوف نہیں بناتا، تو دِل کو سنبھالیں۔ بےشُمار بڑے لوگ جو گُزر گئے ہیں اُنھوں نے بھی شُہرت نہیں پائی تھی۔ اِیمان داری اور خاموشی سے خِدمت کریں اور ترقی پائیں۔“۵
اپنے فرض کی راہ پر
مَیں کلِیسیا کے لاکھوں اَرکان کا شُکرگُزار ہُوں جو آج نجات دہندہ۶ کے پاس آ رہے ہیں اور ہمارے موجُودہ زمانے کے قافلے کی آخِری بگیوں میں سوار عہد کے راستے پر آگے بڑھ رہے ہیں—اور جو واقعی کم کارآمد نہیں ہیں۔ آسمانی باپ اور خُداوند یِسُوع مسِیح پر آپ کا پُختہ اِیمان اور آپ کی نمُود و نمایش سے پاک، مُقدّس زِندگیاں مُجھے بہتر اِنسان اور شاگِرد بننے کی ترغیب دیتی ہے۔
مَیں آپ سے پیار کرتا ہُوں۔ مَیں آپ کی قدر کرتا ہُوں۔ مَیں آپ کا شُکر ادا کرتا ہُوں۔ اور مَیں آپ کو سراہتا ہُوں۔
مورمن کی کِتاب میں سیموئیل لامنی کا بیان آپ کے واسطے میرے جذبات کی بہترین عکاسی کرتا ہے۔
”غَور کرو کہ اُن کی اکثرِیّت اپنے فرض کی راہ پر، اور خُدا کے حُضُور دانِش مندی سے چلتی ہے، اور وہ موسیٰ کی شرِیعت کے مُوافِق اُس کے حُکموں اور اُس کے آئین پر پابندی سے چلتی ہے۔ …
”ہاں، مَیں تُم سے کہتا ہُوں کہ اُن کی اکثرِیّت یہی کر رہی ہے، اور اَن تھک جاں فشانی کے ساتھ کوشِش کر رہی ہے تاکہ وہ اپنے باقی ماندہ بھائیوں کو سچائی کے علم کی طرف لائے۔“۷
میرا یقین ہے کہ یہ جملہ ”اپنے فرض کی راہ پر“ اُن صاحبِ اِدراک بھائیوں اور بہنوں کو بیان کرتا ہے جو ایسے لوگوں کو ڈُھونڈتے اور اُن کے ساتھ بیٹھتے ہیں جو گرجا گھروں کی عِبادات اور دیگر مُختلف صُورتوں میں تنہا ہوتے ہیں۔ وہ لگاتار اُن کو تسلّی دینے کی کوشِش کرتے ہیں جو تسلّی کے مُحتاج ہوتے ہیں،۸ بڑھائی یا احسان جتائے بغیر۔
یہ جملہ ”اپنے فرض کی راہ پر“ اُن اَزواج اور بچّوں کو بیان کرتا ہے جو اپنے شوہر، والِد، یا بچّے کی ہمت اَفزائی کرتے ہیں جو خُداوند کی بحال شُدہ کلِیسیا میں قائدِین کی حیثیت سے خِدمت انجام دیتے ہیں۔ اُن کی ثابت قدمی، خاموش، عام طور پر غیر مقبول حمایت کا اَثر اُن بےشُمار خاندانوں اور اَفراد کی برکات کو اَیسے طریقوں سے مُمکن بناتا ہے جو صِرف اَبَدیّت میں مُکمل طور پر ظاہر ہوں گی۔
یہ جملہ ”اپنے فرض کی راہ پر“ اُن اَفراد کو بیان کرتا ہے، جِنھوں نے کبھی خُدا سے مُنہ موڑ لِیا تھا، مگر حلیمی کے ساتھ ایک بار پِھر اُس کی طرف رُجُوع کر رہے ہیں،۹ اپنے اپنے گُناہوں سے تَوبہ کر کے، اور نجات دہندہ کے کَفارہ کی شِفا بخش اور پاک صاف کرنے کی قُدرت کو تلاش کرتے ہُوئے۔ مسِیح کے پاس آنا۱۰ اُن گُناہ آلودہ چکروں سے مُڑ کر جو ”ممنُوعہ راستوں“۱۱ میں لے جاتے ہیں عہد کی شاہ راہ پر لَوٹ آنا ہے جو رُوحانی طور ضرُوری اور راستی کے اِعتبار سے کٹھن ہے۔ جب وہ اِیمان کے ساتھ آگے بڑھتے اور نیک کام کرنے میں ہِمّت نہیں ہارتے، تو وہ اپنی اپنی اِنفرادی زِندگی میں،۱۲ تمام نسلوں اور اَبَدِیّت کے لیے اعلیٰ و ارفع امر کی بُنیاد رکھ رہے ہوتے ہیں۔۱۳
یہ جملہ ”اپنے فرض کی راہ پر“ اُن راست باز اَفراد کو بیان کرتا ہے جو نجات دہندہ کے جُوئے میں اُس کی اِنجِیل کے مُجاز عہُود اور رُسُوم کے ذریعے سے جوتے جانے کے مُشتاق ہیں—لیکن اُن عوامل کے باعث جو اُن کے قابُو سے باہر ہیں منع کِیے گئے ہیں۔ مَیں وعدہ کرتا ہُوں کہ آپ کو ذاتی عذاب سے رہائی مِل جائے گی اور آپ کی فرماں برداری اور اِیمان داری کو صبر کے ساتھ اپنی مرضی کو خُدا کے سپرد کرنے کا صِلہ ”خُداوند کے اپنے مُقرّرہ وقت“ پر مِلے گا۔۱۴ ”رات کو شاید رونا پڑے، پر صبح خُوشی کی نوید لاتی ہے۔“۱۵
یہ جملہ ”اپنے فرض کی راہ پر“ دُنیا بھر کے اُن ماہر مُترجُموں اور ترجُمانوں کو بیان کرتا ہے، جو دوستوں اور اَرکان کو ”اِنجِیل کی مَعمُوری کو [اُن کی] اپنی اپنی بولی، اور [اُن کی] اپنی اپنی زبان میں سُننے“۱۶ میں مدد کر کے خُداوند کی خِدمت کرتے ہیں۔ اُن کی آوازیں، اِشاروں کی زبان، اور ترجُمہ شُدہ صحیفے اَبَدی سچّائیوں کو بیان کرتے ہیں، پھر بھی ہم میں سے بُہت کم لوگ اُن کے نام جانتے یا کبھی تعریف و تحسِین کا اِظہار کرتے ہیں۔ زبانوں کے ترجُمے کی نعمت کے وسِیلے سے اُنھوں نے برکت پائی ہے، مُترجُم اور ترجُمان مُستَعِدی سے، بے لوث، اور اکثر گُم نامی کی حالت میں لوگوں کو خُدا کا کلام پڑھنے اور سُننے کے ذریعے سے اِیمان کی رُوحانی نعمت پانے میں مدد کرتے ہیں۔۱۷
یہ جملہ ”اپنے فرض کی راہ پر“ اُن وفادار شادی شُدہ مردوں اور عورتوں کو بیان کرتا ہے جو بڑھنے پھلنے اور دُنیا کو مَعمُور و محکُوم کرنے کے اپنے عہد کی ذمہ داری کا احترام کرتے ہیں، اور جِنھیں اپنے بّچوں کے ساتھ عِشاے ربانی کی عِبادات کے دوران میں کُشتی لڑنے کی طاقت اور صلاحیت سے نوازا جاتا ہے۔ آفتوں اور بِگڑی ہُوئی ترجیحات سے گھِری ابتری سے بھری دُنیا میں، یہ دلیر جانیں خُود پرستی کی مالا جپنے والی لادینی آوازوں پر دھیان نہیں دیتیں؛ وہ آسمانی باپ کی اپنی اُمّت کے لیے اِقبال مندی کے منصُوبے میں زِندگی کے تقدُس اور اہمیت کی تکریم بجا لاتے ہیں۔
بے شُمار شادی شُدہ جوڑے اُس وقت بھی خُدا پر توکّل کرتے ہیں جب اُن کے دِلوں کی نیک خواہشات پُوری نہیں ہوتیں کہ اُنھوں نے کیسے یا کب اِن کا خواب دیکھا تھا۔ وہ ”خُداوند کا اِنتظار کرتے ہیں“۱۸ اور تقاضا نہیں کرتے کہ اُس کو اُن کی دُنیاوی کاموں کی تکمیل کے لیے مقررہ وقت پر پُورا اُترنا ہے۔ ”پَس جب سے دُنیا وُجُود میں آئی ہے نہ اِنسان نے سُنا نہ کان نے محسُوس کِیا، نہ کسی آنکھ ہی نے دیکھا، اَے خُدا، تیرے سِوا، کیسی حیرت انگیز ہر شَے تُو نے اُس کے لیے بنائی جو تیرا مُنتظر رہتا ہے۔“۱۹
یہ جملہ ”اپنے فرض کی راہ پر“ اُن ہزارہا نرسری کے قائدین اور پرائمری کے اَساتذہ کو بیان کرتا ہے جو ہر سبت کے دِن کلِیسیا کے بچّوں کو پیار کرتے اور تعلیم دیتے ہیں۔
اِن عقیدت مند شاگردوں کی خِدمت کے اَبَدی اثرات پر غَور کریں—اور اُن اعلیٰ و افضل برکات پر غَور کریں جو بچّوں کی خِدمت کرنے والوں سے وعدہ کی گئی ہیں۔
”اور [یِسُوع] نے ایک بّچے کو لے کر اُن کے بِیچ میں کھڑا کِیا: پھِر اُسے گود میں لے کر اُن سے کہا۔
جو کوئی میرے نام پر اَیسے بّچوں میں سے ایک کو قبُول کرتا ہے وہ مُجھے قبُول کرتا ہے: اور جو کوئی مُجھے قبُول کرتا ہے، وہ مُجھے نہیں، بلکہ اُسے جِس نے مُجھے بھیجا ہے قبُول کرتا ہے۔“۲۰
یہ جملہ ”اپنے فرض کی راہ پر“ اُن فرماں بردار بچّوں کو بیان کرتا ہے جو بُوڑھے والدین کی شفقت سے دیکھ بھال کرتے ہیں، نِیند سے محرُوم ماں خَوف زدہ بچّے کو تسلّی دیتی ہے جِس دوران میں وہ ”دروازہ پر شیرنی“ کی مانِند کھڑی اپنے گھر کی رکھوالی کرتی ہے،۲۱ کلِیسیا کے اَرکان جو جلدی پُہنچتے ہیں اور کُرسیاں لگانے اور اِکٹھی کرنے کے لِیے دیر تک رُکتے ہیں، اور صاحبِ بصِیرت افراد جو خاندان، دوستوں اور ساتھیوں کو دعوت دیتے ہیں کہ آئیں اور دیکھیں، آئیں اور مدد کریں، اور آئیں اور ٹھہریں۔۲۲
مَیں نے عہد کی پاس داری کی صِرف چند مُنتخب مثالیں بیان کی ہیں اور آپ جَیسے یِسُوع مسِیح کے سچّے شاگرد جو ”[آپ کے] فرض کی راہ پر آگے بڑھ رہے ہیں۔“ مُقدّسِینِ آخِری ایّام کی لاکھوں مزید مثالیں جو اپنی ”ساری جان“۲۳ خُدا کو پیش کرتی ہیں مسِیح مرکُوز گھروں میں اور دُنیا بھر کی کلِیسیائی اکائیوں میں موجُود ہیں۔
آپ پیار کرتے اور خِدمت کرتے ہیں، سُنتے اور سِیکھتے ہیں، دیکھ بھال کرتے اور تسلّی دیتے ہیں، رُوحُ القُدس کے وسِیلے سے سِکھاتے اور گواہی دیتے ہیں۔ آپ روزہ رکھتے ہیں اور کثرت سے دُعا کرتے ہیں، فروتنی میں مضبُوط سے مضبُوط تر ہوتے ہیں، اور مسِیح پر اِیمان میں قوی سے قوی تر ہوتے ہیں، ”[آپ کی] جانوں کے لِیے خُوشی اور تسلّی پانے کے لِیے، ہاں، بلکہ اُنھوں نے [آپ کے] دِلوں کو پاک اور صاف کر لِیا، یہ وہی پاکیزگی ہے جو … [آپ کے] دِلوں کو خُدا کی طرف رُجُوع لانے کا باعث ہُوئی۔“۲۴
وعدہ اور گواہی
وہ آخِری بگی والے، وہ سب کم کارآمد نہیں ہیں، اور آپ جو آج اپنے فرض کی راہ پر آگے بڑھ رہے ہیں، نجات دہندہ کی بحال شُدہ کلِیسیا کی طاقت ہیں۔ اور چُوں کہ خُداوند نے وعدہ کِیا ہے کہ، ”سارے تاج و تخت اور سلطنتیں، حُکومتیں اور اِختیارات ظاہر کیے جائیں گے اور اُنھیں بخشے جائیں گے جِنھوں نے یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کے لیے دلیری سے برداشت کِیا ہے۔“۲۵
مَیں خُوشی سے گواہی دیتا ہُوں کہ آسمانی باپ اور اُس کا پیارا بیٹا زِندہ ہیں، اور اُن کے وعدے یقینی ہیں، خُداوند یِسُوع مسِیح کے مُقُدس نام پر، آمین۔