مجلسِ عامہ
تُمھاری خُوشی کتنی زیادہ ہو گی
مجلسِ عامہ اکتوبر ۲۰۲۳


13:48

تُمھاری خُوشی کتنی زیادہ ہو گی

اب مَیں آپ کو دعوت دیتا ہُوں کہ آپ اپنے”عِلم“ کے ساتھ ساتھ، اپنی مضبُوط گواہیوں کو لے کر، مُنادی کے لیے جائیں۔

میرے پیارے بھائیو اور بہنو، آج میرے خیالات اِسرائِیل کو اِکٹھا کرنے کے حوالے سے ہیں، جو صدر رسل ایم نیلسن کے اَلفاظ میں ”آج دُنیا میں رونُما ہونے والا اہم ترین امر ہے۔ بڑائی میں کوئی شَے بھی اِس کا مقابلہ نہیں کرتی، اہمیت میں کوئی شَے بھی اِس کا مقابلہ نہیں کرتی، عظمت میں کوئی شَے بھی اِس کا مقابلہ نہیں کرتی۔“۱

اِکٹھا کرنے کی حتمی پہچان یہ ہے کہ ”خُدا کی نظر میں جانوں کی قدر و قیمت عظیم ہے۔“۲ یہ اِنتہائی آسان ہے۔ ہم اِن آخِری ایّام میں خُدا کی اُمّت کو اِکٹھا کر رہے ہیں تاکہ اُن کے سروں پر ”رحمتیں اُنڈیلی جائیں“۳ اور وہ وعدہِ ”اَبَدیّت کی معموری پائیں۔“۴ اِس کے بعد یہ ہے کہ اِسرائِیل کو اِکٹھا کرنے کے لِیے ہمیں مُنادوں کی ضرُورت ہے—جو خِدمت کر رہے ہیں اُن سے کہیں زیادہ۔۵ آج، مَیں کلِیسیا کے بے شُمار تجربہ کار عُمر رسِیدہ لوگوں سے بات کر رہا ہُوں جو مُنادوں کی حیثیت سے خِدمت انجام دے سکتے ہیں۔ خُداوند کو آپ کی ضرُورت ہے۔ ہمیں نیویارک اور شِکاگو، آسٹریلیا اور افریقہ، تھائی لینڈ اور میکسیکو، اور اِس کے درمیان ہر جگہ آپ کی ضرُورت ہے۔

آئیے مَیں آپ کو سال ۲۰۱۵ میں واپس لِیے جاتا ہُوں۔ بارہ رسُولوں کی جماعت میں بُلاہٹ پانے والا مَیں نیا رُکن تھا۔ رسُولوں کی حیثیت سے ہماری نہایت اہم ذمِہ داریوں میں سے ایک مُنادوں کو اُن کے شعبوں میں فرائض سونپنا ہے۔ مَیں نے اِس عمل میں ستر کی حیثیت سے حِصّہ لیا تھا،۶ لیکن اب، رُسول کے طور پر، مُجھے اِس ذِمہ داری کی اہمیت کا مُکمل احساس ہُوا تھا۔ مَیں نے دُعا کے ساتھ بڑی تعداد میں نوجوان ایلڈرز اور بہنوں کو، ایک ایک کر کے، دُنیا بھر کے مُنادی کے عِلاقوں کے لِیے نامزد کرنا شُروع کِیا۔ پھر، مَیں عُمر رسِیدہ جوڑوں کی طرف مُتوجہ ہُوا۔ فہرست میں دس تھے۔ بُہت زیادہ نہیں۔ حیران ہو کر، مَیں نے مشن شُعبہ سے اپنے ساتھی سے پُوچھا، ”اِس ہفتے ہمیں گُزارشات کو پُورا کرنے کے لیے کتنی ضرُورت ہے؟“

اُنھوں نے جواب دیا، ”۳۰۰۔“

وہ لمحہِ فِکریہ میرے ساتھ چِپک گیا: ۳۰۰ درخواستوں کے لِیے ۱۰ جوڑے۔

صدر رسل ایم نیلسن نے جوڑوں کی حوصلہ افزائی کی ہے کہ وہ ”گھُٹنوں کے بل جُھکیں اور آسمانی باپ سے پُوچھیں کہ آیا اُن کے لیے اِکٹھے مشنری خِدمت کرنے کا وقت صحیح ہے۔“۷ تمام شرائط میں سے، اُنھوں نے کہا، ”خِدمت انجام دینے کی آرزُو سب سے زیادہ اہم ہے۔“۸

جَیسا صحائف بتاتے ہیں، ”اگر تُم خُدا کی خِدمت کے خواہاں ہو تو تُم اِس مُشقّت کے لیے بُلائےجاتے ہو۔“۹ اَیسا کام فصل کی کٹائی کے قانون کی بابت ہے۔ ہم یُوحنّا میں پڑھتے ہیں، ”بونے والا اور کاٹنے والا دونوں مِل کر خُوشی کریں۔“۱۰

مَیں نے فصل کی کٹائی کے قانون کو اپنے خاندان میں پُورا ہوتے دیکھا ہے۔

چند برس پہلے، مَیں خاندان سے مِلنے جا رہا تھا، جب اُسقُف نے مُجھ سے عِشائے ربانی کی عِبادت کی نگہبانی کو کہا۔۱۱ جب مَیں مِنبر سے نیچے آ رہا تھا تو ایک عورت اپنے سات بچّوں کے ساتھ میرے قریب آئی اور اپنا تعارُف سسٹر ربیکا گُزمین کے طور پر کرایا۔

اُس نے پُوچھا، ”ایلڈر ریس بینڈ کیا آپ رُولون اور وردا ریس بینڈ کو جانتے ہیں؟“

مَیں نے خُوشی سے اُچھل کر جواب دِیا، ”وہ میرے والدین ہیں۔“

آپ دیکھ سکتے ہیں کہ یہ بات کہاں جا رہی ہے۔ ربیکا کی اِجازت سے، جو کانفرنس سنٹر میں اپنے خاندان کے ساتھ یہاں ہے، مَیں اُس کے خاندان کی کہانی سُناتا ہُوں۔۱۲

بہن وردا اور بُزرگ رولون ریس بینڈ۔

میرے والدین، بُزرگ رولون اور سسٹر وردا ریس بینڈ، فورٹ لاڈرڈیل فلوریڈا کے عِلاقہِ مُنادی میں سینئر جوڑے کے حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔۱۳ وہ مُنادی کر رہے تھے اور اِلہٰی ہدایت سے ربیکا کے گھر کے دروازے پر دستک دی۔ وہ ابھی نوعُمر تھی اور آسمنڈز کی موسیقی سُننا پسند کرتی تھی، خاص طور پر، میرے دوست ڈونی کو—وہ بھی آج یہاں ہمارے ساتھ ہیں۔۱۴ اُس نے اُن کے میڈیا انٹرویوز کو سُنا تھا اور معلُوم ہُوا تھا کہ وہ کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِینِ آخِری ایّام کے رُکن ہیں۔ اُس کو لگا کہ اُن میں کوئی مُنفرد بات ہے، اور یہ سوچ کر کہ یہ اُن کا مذہب ہو سکتا ہے، ربیکا نے سکول کی لائبریری میں کلِیسیا کے عقائد پر تحقیق کرنے میں دو سال گُزارے۔ لہٰذا، جب پُرشفِیق جوڑے نے اُس گھر کے دروازے پر دستک دی اور اپنا تعارُف ایّامِ آخِر کے مُنادوں کی حیثیت سے کرایا، تو وہ اُنھیں دیکھ کر حیران ہوگئی۔

”میری ماں نے کہا کہ اُن سے جان چُھڑاؤ،“ ربیکا نے بعد میں لِکھا، ”لیکن میرا دِل بولا ’نہیں۔‘ مَیں نے اُن کے چہروں پر نِگاہ ڈالی اور مُجھے بُہت زیادہ شفقت اور اُلفت کا احساس ہُوا۔ یہ یاد آج بھی میری آنکھوں میں آنسو لے آتی ہے اور میرے دِل میں گہرے جذبات سرایّت کر جاتے ہیں۔“۱۵

ربیکا نے اُنھیں اندر آنے کو کہا، اور میرے مُناد والدین نے اُس کو، اُس کی دو چھوٹی بہنوں کو اور، اعتراض کے باوجُود، اُس کی ماں کو پیغام سُنایا۔

ربیکا نے مُجھے بتایا، ”آپ کے والدین دونوں ہمارے کسی بھی سوال کی وضاحت کرنے میں اِنتہائی موّثر تھے۔ مَیں اب بھی اُن کے چہروں کو ایسے دیکھ سکتی ہُوں جیَسے وہ نُور میں لِپٹے ہوں۔ ہم ہمیشہ آپ کی والدہ کے گلے مِلتے تھے جب وہ جانے لگتی تھی وہ ہمیشہ میری والدہ کو تسلّی دینے اور قابلِ احترام محسُوس کرنے میں مدد دینے کی بات پر زور دیتی۔ آپ کے والِد کی آنکھوں میں ہمیشہ چمک رہتی تھی جب وہ ہمیں یِسُوع مسِیح کی بابت تعلیم دے رہے ہوتے تھے۔ وہ میرے والِد کو بات چیت میں شامِل کرنے کی کوشش کرتے رہے اور آخِرکار اُس کا دِل جیت لیا۔ میرے والد مقامی کنٹری کلب میں شیف تھے اور اُنھوں نے آپ کے والدین کے لیے رات کا کھانا پکانا شُروع کیا، جِس میں آپ کے والد کی پسندیدہ، کِی لائم پائی بنانا بھی شامِل ہوتا تھا۔“۱۶

جب ایلڈر اور سسٹر ریس بینڈ نے ربیکا اور اُس کے خاندان کو مورمن کی کِتاب پڑھنے کے لیے کہا تو ربیکا نے پانچ روز میں مُکمل کر لی۔ وہ فوری بپتسما لینا چاہتی تھی، لیکن خاندان کے دیگر اَفراد تیار نہیں تھے۔ چار ماہ کے بعد، ربیکا نے اصرار کِیا کہ وہ بپتسما لے اور سچّی کلِیسیا میں شامِل ہو جائے۔ اُس نے دُہرایا، ”میری رُوح کی نس نس جانتی تھی کہ یہ سچّ ہے۔“۱۷ ۵ اپریل، ۱۹۷۹ کو، مُنادوں نے ۱۹ سالہ ربیکا، اُس کی ماں، اور دو بہنوں کو بپتسما دیا۔ میرے والِد اُن کے بپتسما کے گواہ تھے۔

جب مَیں چرچ میں ربیکا اور اُس کے خاندان سے مِلا، تو ہم نے اپنے ساتھ اُس کے خاندان کی تصویر کھینچی۔ مَیں اِس کو بُزرگوار والِدہ کے پاس لے گیا اور اُنھوں نے اُسے اپنے سِینہ سے لگا لِیا۔ پھر اُس نے مُجھ سے کہا، ”رونی، یہ میری زِندگی کے خُوش گوار ایّام میں سے ایک ہے۔“

آسمنڈز، ریس بینڈز اور گزمینز۔

میری والدہ کا جواب ہمارے بڑوں کو یہ سوال پُوچھنے پر آمادہ کرتا ہے، ”آپ اپنی زِندگی کے اِس مرحلے پر کیا کر رہے ہیں؟“ ایَسے بہت سے طریقے ہیں جن سے سِینئر مُناد اُن فرائض کو انجام دے سکتے ہیں جِنھیں کوئی اور انجام نہیں دے سکتا۔ آپ نیکو کاری کی شان دار فَوج ہیں، کلِیسیا میں تجربہ کار، اور خُدا کے بچّوں کی حوصلہ افزائی اور نجات کے لیے تیار ہیں۔

آپ میں سے بعض سوچ رہے ہوں گے، ”لیکن پوتے پوتیوں کو چھوڑ دیں کیا؟ ہمیں خاندانی سنگِ میل، سالگرہ، دوست اور یہاں تک کہ پالتو جانور بھی یاد آئیں گے۔“ اگر مَیں اپنی والِدہ سے پُوچھوں کہ وہ اور والِد کیوں مشن خِدمت کے لِیے گئے تھے، تو مَیں جانتا ہُوں کہ وہ کہیں گی، ”اپنے پوتے پوتیوں کے واسطے۔ مَیں چاہتی ہُوں کہ وہ جانیں کہ مَیں اور آپ کے والِد نے فریضہِ مُنادی سرانجام دیا، ہم اپنی نسل کے لیے مثال قائم کرنا چاہتے تھے، اور ہم بابرکت تھے، بُہت بابرکت۔“

جب مَیں نے دُنیا بھر کے مشنز کا دَورہ کیا، مَیں نے اپنے سینئر مُنادوں کی فَوج کی قابلِ ذِکر خِدمات کو دیکھا ہے۔ یہ بات واضح ہے کہ وہ ”خُداوند کی مرضی“ کو پُورا کر کے خُوش ہیں اور مصُروفِ عمل ہیں ”خُداوند کے فرائض میں۔“۱۸

بعض لوگوں کے لِیے، اور ہم اُمِّید کرتے ہیں کہ آپ میں سے ہزاروں کے لِیے، دنُیا کے کسی اور کونے میں کل وقتی فریضہِ مُنادی صحیح جگہ ہو گی۔۱۹ بعض کے لیے، گھر سے کلِیسیائی خِدماتی مشن انجام دینا زیادہ سُود مند ہو سکتا ہے۔ صحت کے مسائل اور دیگر حالات کی وجہ سے بعض اَیسے لوگ ہیں جو خِدمت کرنے سے قاصِر ہیں۔ ہم اُن حالات کو سمجھتے ہیں، اور مُجھے اُمِّید ہے کہ آپ اُن لوگوں کی مدد کرنے کے طریقے تلاش کر سکتے ہیں جو خِدمت کر رہے ہیں۔ نبی کی ہدایت پر عمل کریں اور یہ جاننے کے لیے دُعا کریں کہ خُداوند آپ سے کیا چاہتا ہے۔

دُنیا بھر میں مشن کے میدان آپ کی مدد کے لیے گُزارش کر رہے ہیں۔ صدر نیلسن نے ہمارے سینئر مُنادوں کی بابت کہا ہے، ”وہ رُوح کے لحاظ سے جوان ہیں، عقل مند ہیں، اور کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔“۲۰

مُنادی کے میدانوں میں، آپ کے پاس بُہت سارے مواقع ہیں: آپ مشن کے دفاتر یا ہَیکلوں میں خِدمات انجام دے سکتے ہیں، نوجوان مُنادوں کو مضبُوط کر سکتے ہیں، چھوٹی شاخوں کو تقویت دے سکتے ہیں، خاندانی تاریخ کے مراکز یا تاریخی مقامات پر کام کر سکتے ہیں، انسٹی ٹیوٹ پڑھا سکتے ہیں، اِنسانی فلاح و بہبود فراہم کر سکتے ہیں، نوجوان بالغوں کے ساتھ کام کر سکتے ہیں، روزگار کے مراکز میں یا کلِیسیائی کھیتوں میں مدد دے سکتے ہیں۔ خِدمت کرنے کے طریقوں کی تفصیلات، آپ کے لیے کیا مناسب ہے، آپ کی کہاں ضرُورت ہے، اور آپ جانے کے لیے کس طرح تیار ہو سکتے ہیں، ”سِینئر مُنادوں“ کی ویب سائٹ پر بتایا گیا ہے۔۲۱ آپ اپنے بشپ یا برانچ کے صدر کے ساتھ بھی بات چِیت کر سکتے ہیں۔

مَیں نے بُہت سے جوڑوں کو خِدمت کے لیے بُلایا ہے اور دیکھا کہ مسِیح کا نُور اُن کے چہروں کو معمُور کرتا ہے۔۲۲ واپسی پر اُنھوں نے خُداوند کے قریب تر ہونے اور ایک دُوسرے کی مزید قُربت پانے کو بیان کِیا ہے، یہ احساس پایا کہ خُداوند کا رُوح اُن پر نازِل ہوتا ہے اور جان پاتے ہیں کہ وہ مُثبت بتدیلی لا رہے ہیں۔۲۳ اَیسا کون نہیں چاہے گا؟

جوڑوں کی زِندگی میں فریضہِ مُنادی عظِیم اُلشان باب ثابت ہو سکتا ہے۔ جِس کا بہترین عنوان ہو سکتا ہے ”میرے خُداوند کو میری ضرُورت ہو گی۔“۲۴ ہو سکتا ہے وہ جگہ آپ کے لِیے اجنبی ہو، اِس کے باوجُود، رُوح کی قُدرت آپ کو مانُوس بنائے گی۔

میرے والدین، اور لاکھوں واپس آنے والے مُناد جوڑوں نے فریضہِ مُنادی میں پائی جانے والی خُوشی کی گواہی دی ہے۔ خُداوند نے ایّام آخِر کے صحائف میں فرمایا ہے، ”اور اگر اَیسا ہو کہ تُم اپنے تمام ایّام میں اِن لوگوں میں تَوبہ کی مُنادی کرتے ہو، اور، چاہے ایک ہی جان کو میرے پاس لاتے ہو، میرے باپ کی بادِشاہی میں اُس کے ساتھ تُمھاری خُوشی کتنی زیادہ ہو گی!“۲۵

یسعیاہ نے ہمیں شاعرانہ وضاحت دی کہ مُنادی کے ”میدان“ میں خدمت کرنے کا کیا مطلب ہے۔ صحیفہ ہمیں بتاتا ہے کہ ”کھیت دُنیا ہے۔“۲۶ اِس قدِیم عظیم نبی نے لکھا، ”کیوں کہ تُم خُوشی سے نِکلو گے اور سلامتی کے ساتھ روانہ کِیے جاؤ گے: پہاڑ اور ٹِیلے تُمھارے سامنے نغمہ پرداز ہوں گے اور مَیدان کے سب درخت تال دیں گے۔“۲۷ پہاڑ، چوٹیاں، کھیت، اور درخت صدرِ مُنادی، بشپ، ڈسٹرکٹ کے رہنما، اَرکان، اور اَیسے لوگوں کی مانِند ہو سکتے ہیں جو سچّائی کو تلاش کرتے ہیں لیکن ”معلُوم نہیں کہ اِس کو کہاں تلاش کریں۔“۲۸ وہ گواہی دیں گے کہ سینئر مُناد زمین کو خُوب صُورت نظارے میں بدل دیتے ہیں ہمارے نجات دہندہ اور مُخلصی دینے والے، یِسُوع مسِیح کے لِیے اپنی گواہی کے ساتھ۔

خُداوند یِسُوع مسِیح کے رُسول کی حیثیت سے، مَیں گُزارش کرتا ہُوں کہ آپ اِسرائِیل کو اِکٹھا کرنے کے لِیے ایک مُناد کے طور پر خِدمت کریں اور شاید دوبارہ خِدمت کریں۔ ہمیں آپ کی ضرُورت ہے—ہمیں آپ کی ضرُورت ہے۔ ہم آپ سِینئرز کے شُکر گُزار ہیں، آپ نے جو زِندگی گُزاری ہے اور جو مثالیں آپ نے اپنے گھرانوں، حلقوں اور میخوں کو دی ہیں۔ اب مَیں آپ کو دعوت دیتا ہُوں کہ آپ اپنے”عِلم“ کے ساتھ ساتھ، اپنی مضبُوط گواہیوں کو لے کر، مُنادی کے لیے جائیں۔ مَیں دُعا کرتا ہُوں کہ اگلی بار جب میں سِینئر جوڑوں کو فرائض سونپنے بیٹھوں گا تو آپ میں سے سینکڑوں اپنی اپنی بُلاہٹ کا بے چینی سے اِنتظار کریں گے۔

مَیں یہ بھی وعدہ کرتا ہُوں کہ جب آپ خِدمت کریں گے تو آپ اپنی زِندگی میں خُداوند کی محبّت کو محسُوس کریں گے، آپ اُس کو جانیں گے، وہ آپ کو پہچانے گا، اور ”تُمھاری خُوشی کتنی بڑی ہوگی۔“۲۹ یِسُوع مسِیح کے لیے آپ کی وقف شُدہ خِدمت آپ کے خاندان، آپ کے پوتے پوتیوں، اور نواسے نواسیوں کو قائل کرے گی اور برکت دے گی۔ ”اِطمِینان اور پیار زِیادہ بڑھتا رہے [گا]“۳۰ اُن کی زِندگی میں آنے والے برسوں میں۔ مِیں وعدہ کرتا ہُوں یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔

حوالہ جات

  1. رِسل ایم نیلسن، ”اِسرائِیل کی آس“ (عالمی رُوحانی عِبادت برائے نوجوانان، ۳ جون، ۲۰۱۸)، گاسپل لائبریری۔

  2. عقائد اور عہُود ۱۸:‏۱۰۔

  3. ۳ نیفی ۱۰:‏۱۸۔

  4. عقائد اور عہُود ۷۸:‏۱۸۔

  5. کلِیسیا میں شمالی اور جنوبی امریکہ سے لے کر یورپ اور افریقہ، ایشیا، اور آسٹریلیا/اوشینیا تک دُنیا بھر میں ۴۱۴ مشن کے عِلاقاجات میں ۷۱،۰۰۰ مُناد ہیں۔ ۳۴،۰۰۰ سینئر خِدمت گُزار کلِیسیائی مُناد ہیں۔ (Missionary Department data, Sept. 2023.)

  6. دیکھیں رونلڈ اے ریس بینڈ، ”مُناد کی اِلہامی بُلاہٹ،“ لیحونا، مئی ۲۰۱۰، ۵۲–۵۳۔

  7. رسل ایم نیلسن، ”سینئر مُناد کے لمحات،“ لیحونا، اَپریل ۲۰۱۶، ۲۷۔

  8. رسل ایم نیلسن، ”ُعُمر رسِیدہ مُناد اور اِنجِیل،“ لیحونا، نومبر ۲۰۰۴، ۸۱۔

  9. عقائد اور عہُود ۴:‏۳۔

  10. یُوحنّا ۴:‏۳۶۔

  11. مَیں نیویارک، یو ایس اے میں تھا، میری پوتی بروکلین کے بپتسما میں اور پوتی ایلا کی برکت میں، اپریل ۲۰۰۶ کو شرکت کر رہا تھا۔

  12. ربیکا گُزمین کی طرف سے بُزرگ رونلڈ اے ریس بینڈ کو خط، ۸ ستمبر، ۲۰۰۹۔

  13. میرے والدین نے ۱۹۷۹ میں فورٹ لاڈرڈیل فلوریڈا مشن میں خِدمات انجام دیں۔

  14. آسمنڈ خاندان مشہور امریکی میوزک گروپ تھا جو اپنے پاپ گانوں کے لیے جانا جاتا تھا۔ یہ گروپ ۱۹۷۰ کی دہائی کے وسط میں ٹیلی ویژن کے مُختلف شوز میں پرفارم کرتے ہُوئے شُہرت کی بُلندی پر پہنچا۔ ڈونی اور مَیری نے اسٹیج کیریئر کے ساتھ ٹیلی ویژن کے ساتھ اپنا سفر جاری رکھا جب کہ بھائیوں نے برینسن، میسوری میں کئی دہائیوں تک مُلکی فنکاروں کے طور پر پرفارم کیا۔

  15. ربیکا گُزمین کی طرف سے خط، ۸ ستمبر، ۲۰۰۹۔

  16. ربیکا گُزمین کی طرف سے خط، ۸ ستمبر، ۲۰۰۹۔

  17. ربیکا گُزمین کی طرف سے خط، ۸ ستمبر، ۲۰۰۹۔

  18. عقائد اور عہُود ۶۴:‏۲۹۔

  19. عُمر رسِیدہ مُنادوں کے مواقع بُہت سی صُورتوں میں ہوتے ہیں، اور جوڑے یا بُزرگ بہنیں ترجیحات کے ساتھ ساتھ کُل وقتی یا کلِیسیائی خِدمت کی تفویض بھی درج کر سکتی ہیں۔ بالآخر، کلِیسیا کا نبی کُل وقتی خِدمت کے لیے بُلاہٹ جاری کرتا ہے۔ میخ کے صدُور کلِیسیا میں خِدمت کی تفویض جاری کرتے ہیں۔ خِدمت انجام دینے کی حد ۶ ماہ سے لے کر ۲۳ ماہ تک ہو سکتی ہے، اور عُمر رسِیدہ مُنادوں کے پاس نوجوان مُنادوں کے مقابلے میں زیادہ مُختلف قِسم کی سرگرمیاں ہوتی ہیں۔ دیکھیے seniormissionary.ChurchofJesusChrist.org۔

  20. رسل ایم نیلسن، ”ُعُمر رسِیدہ مُناد اور اِنجِیل،“ لیحونا، نومبر ۲۰۰۴، ۷۹۔

  21. دیکھیے seniormissionary.ChurchofJesusChrist.org۔

  22. دیکھیں ایلما ۵:‏۱۴۔ صُورت کو کسی فرد کے رُوحانی روّیے اور ذہنی کیفیت کی عکاسی کے طور پر بیان کِیا جا سکتا ہے۔

  23. دیکھیں یہُوداہ ۱:‏۲۲؛ مُضایاہ ۴:‏۲۰۔

  24. دیکھیں ”مَیں جاؤں وہاں جہاں تُو چاہے،“ گِیت، نمبر ۲۷۰۔

  25. عقائد اور عہُود ۱۸:‏۱۵۔

  26. خُداوند نے بیان کِیا کہ، ”کھیت دُنیا ہے؛ … کٹائی دُنیا کا آخِر ہے“ (متّی ۱۳:‏۳۸–۳۹

  27. یسعیاہ ۵۵:‏۱۲۔

  28. عقائد اور عہُود ۱۲۳:‏۱۲۔

  29. عقائد اور عہُود ۱۸:‏۱۵۔

  30. یہُوداہ ۱:‏۲۔