مجلسِ عامہ
قَول و عَمَل سے یِسُوع مسِیح کی گواہی دینا
مجلسِ عامہ اکتوبر ۲۰۲۳


قَول و عَمَل سے یِسُوع مسِیح کی گواہی دینا

جب ہم اپنی زندگیاں یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کے مُطابق بسر کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تو ہمارا طرزِ عمل ہمارے مُخلصی دینے والے کی زندہ گواہی ہو گا۔

بپتِسما کے وقت ہم جو وعدے کرتے ہیں اُن میں سے ایک یہ ہے کہ ہم یِسُوع مسِیح کا نام اپنے تئیں لینے کے لیے رضامند ہیں۔ آج میرا مقصد ہمیں یہ یاد دلانا ہے کہ ہم خُدا کو دِکھا سکیں کہ ہم قَول و عَمَل سے گواہی دے کر اُس کے بیٹے کا نام اپنے تئیں لیں، یہ گواہی ہم جتنی دفعہ بھی دے سکتے ہیں دیں، کہ یِسُوع ہی المسِیح ہے۔

جِی اُٹھنے کے بعد امریکہ کے لوگوں کی خِدمت کرتے اور اُنہیں تعلیم دیتے ہُوئے، نجات دہندہ نے اعلان کیا:

”کیا اُنہوں نے صحیفے نہیں پڑھے، جو تُمہیں بتاتے ہیں کہ مسِیح ہی کا نام اپنے پر لو، جو کہ میرا نام ہے؟ کیونکہ یومِ آخر تُم اِسی نام سے پُکارے جاؤ گے؛

”اور جو کوئی اپنے پر میرا نام لیتا ہے اور آخر تک برداشت کرتا ہے، وہ ہی یومِ آخر میں نجات پائے گا۔“۱

صدر رسل ایم نیلسن نے ہمیں سِکھایا ہے کہ ”نجات دہندہ کا نام اپنے تئیں اپنانے میں—اپنے اعمال اور اپنے کلام کے ذریعے سے—دُوسروں کے سامنے اِقرار کرنا اور اُس کی گواہی دینا بھی شامل ہے—کہ یِسُوع ہی المِسیح ہے۔“۲

کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِینِ آخِری ایّام کے اَرکان کی حیثیت سے، ہمیں یہ برکت اور عزت حاصل ہے کہ ہم ہر جگہ خُداوند اور اُس کے نام کے گواہ کے طور پر کھڑے ہوں۔۳ جب ہم اپنی زندگیاں یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کے مُطابق بسر کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تو ہمارا طرزِ عمل ہمارے مُخلصی دینے والے اور اُس کے نام کی زندہ گواہی ہو گا۔ مزید برآں، ہم مسِیح کے کلام کی گواہی دُوسروں کے ساتھ اپنے ایمان کا، اپنے احساسات کا، یا جو ہم یِسُوع مسِیح کے بارے میں جانتے ہیں اُس کا اِشتراک کر کے دیتے ہیں۔

جب ہم فروتنی کے ساتھ اپنے قَول و عَمَل کے ذریعے خُداوند کے بارے میں اپنی گواہی دیتے ہیں، تو رُوحُ اُلقدس آپ کی گواہی کی تصدیق۴ اُن لوگوں پر کرتا ہے جو نیک نیتی سے، دِلوں اور دماغوں کو کھولتے ہیں، کہ یِسُوع واقعی ہی المسِیح ہے۔۵

مَیں اُن اراکین کی دو حالیہ اور مُتاثر کُن مثالوں کا اِشتراک کرنا چاہتا ہُوں جو خُدا کو ظاہر کرتے ہیں کہ وہ اُس کی بابت بات کرتے ہُوئے اور کلِیسیائی عبادات میں خُداوند کی خالص گواہی دیتے ہُوئے یِسُوع مسِیح کا نام اپنے تئیں لیتے ہیں۔

پہلی مثال: جب ۲۰۲۲ میں میری بیوی اِیلین اور مَیں سپین گئے، تو ہم وہاں کلِیسیا کی ایک چھوٹی سی اکائی میں اِتوار کی عبادت میں شریک ہُوئے۔ جب مَیں سٹینڈ پر بیٹھا اور میری بیوی جماعت میں بیٹھی، تو مَیں نے غور کیا کہ وہ ایک عُمر رسیدہ عورت کے ساتھ بیٹھی۔ جب عِشائے ربانی کی عبادت ختم ہُوئی، تو مَیں اِیلین کی طرف گیا اور اُسے اپنی نئی دوست سے مُتعارف کروانے کا کہا۔ اُس نے ایسا ہی کیا اور بتایا کہ یہ عورت، جو کلِیسیا کی رُکن نہیں تھی، تقریبا دو سال سے کلِیسیا میں آ رہی تھی۔ جب مَیں نے یہ سُنا، تو مَیں نے اُس خوفِ خُدا رکھنے والی عورت سے پُوچھا کہ ایسی کون سی چیز تھی جِس نے اُسے اتنے عرصے تک ہماری عبادات میں شرکت کرنے پر مجبُور کیا۔ اُس عورت نے پیار سے جواب دیا، ”مُجھے یہاں آنا اِس لیے پسند ہے کیوں کہ آپ اپنی عبادات میں یِسُوع مسِیح کی بابت بات کرتے ہیں۔“

واضح طور پر، سپین کی اُس اکائی میں کلِیسیا کے اراکین نے اپنی عبادات میں مسِیح کے بارے میں بات کی، سِکھایا، اور گواہی دی۔

دُوسری مثال: برازیل کے علاقے میں خِدمت کرنے کے بعد مُجھے، کلِیسیائی ہیڈ کوارٹرز میں ایک نئی ذُمہ داری سونپی گئی۔ جب ہم سالٹ لیک سٹی مُنتقل ہُوئے تو اُس سال جولائی کے آخر میں، ہم اِتوار کی عبادات کے لیے اپنے نئے اور شاندار حلقے میں شریک ہُوئے۔ اُن عبادات میں سے ایک روزہ اور گواہی کی عبادت تھی۔ عِشائے ربانی میں احترام کے ساتھ شِرکت کرنے کے بعد، اراکین اُٹھے اور ایک ایک کر کے دِل کی گہرائی سے نجات دہندہ کی گواہیاں دیں۔ عبادت کا مرکز یِسُوع مسِیح تھا، اور ہم رُوح کو واضح طور پر محسُوس کر سکتے تھے۔ ہم نے تقویت پائی، اور ہمارا اِیمان مضبُوط ہُوا۔ اگر کلِیسیا کے وہ دوست، جو اِیمان داری سے سچّائی کے مُتلاشی ہیں، اگر اُس عبادات میں ہوتے، تو وہ پہچان جاتے کہ یہ کلِیسیائے یِسُوع مسِیح ہے۔

یہ کیسی برکت کی بات ہے کہ ہماری کلِیسیائی عبادات ہماری مرضی کے مُطابق مواقع فراہم کرتی ہیں کہ ہم مسِیح کی گواہی دیں اور خُدا کو بتانے کا سبب بنیں کہ ہم اُس کے بیٹے کا نام اپنے تئیں لینے میں شادمان ہوتے ہیں۔

اب، مُجھے ایک قوی مثال کا ذکر کرنے کا موقع دیں جِس میں ہم اپنے اعمال کے ذریعے گواہی دیتے ہُوئے یِسُوع مسِیح کا نام اپنے اُوپر لیتے ہیں۔

گُزشتہ اگست، مَیں بزرگ جوناتھن ایس شمٹ کے ہمراہ یوبا شہر میں فیدر ریور کیلی فورنیا ہیکل کے اوپن ہاؤس میں گیا۔ وہاں مُجھے راہ نُما کے طور پر گروہوں کو ہیکل دکھانے کی برکت حاصل ہوئی۔ اُن گروہوں میں سے ایک گروہ میں کلِیسیا کا رُکن، ورجل ایٹکنسن تھا، اور اُس کے ہمراہ دِیگر عقائد کے سات دوست شامل تھے۔ تقریب کے اِختتام پر، ہیکل میں سربمہریت کے کمرے میں، بھائی ایٹکنسن جذباتی ہو گئے جب اُنہوں نے اپنے دوستوں کے لئے اپنی محبّت کا اِظہار کیا جو اُس دِن ہیکل میں آئے تھے۔ اُس کے تقریباً فوراً بعد، گروپ میں سے ایک عورت کھڑی ہو گئی اور اُس نے کہا، ”ہم سب ورجل سے پیار کرتے ہیں۔ اُس نے کبھی ہم پر اپنا ایمان مُسلط نہیں کیا۔ لیکن اُس نے اِس کے بارے میں کبھی شرم بھی محسُوس نہیں کی۔ وہ اپنے اِیمان کے مُطابق زندگی گُزارتا ہے۔“

برسوں سے، بھائی ایٹکنسن کا مسِیح کی مانند زندگی گُزارنا اُس کے دوستوں کے لیے طاقتور گواہی کا نمونہ بنا۔ اُس کی مثال اِس بات کا قوی ثبوت ہے کہ اُس نے اپنے تئیں مسِیح کا نام لیا ہے۔

آخر میں، مُجھے وہ سبق بتانے دیں جو مَیں نے سیکھا کہ کلِیسیا کا درُست نام اِستعمال کرتے ہُوئے ہم کیسے مسِیح کا نام اپنے تئیں لیتے اور اُس کی گواہی دیتے ہیں۔

صدر نیلسن، خُدا کے زندہ نبی نے، ۲۰۱۸ کی مجلسِ عامہ کے خطاب میں جِس کا عنوان تھا ”کلِیسیا کا درست نام“ میں کہا: ”کیا یہ اِصلاح ہے۔ یہ خُداوند کا حُکم ہے۔ جوزف سمِتھ جِس کے وسیلے سے یہ کلِیسیا بَحّال ہُوئی اُس نے کلِیسیا کا نام نہیں رکھا؛ نہ مورمن نے رکھا۔ یہ نجات دہندہ تھا جِس نے خُود فرمایا، ’پس آخری ایّام میں میری کلِیسیا اِس نام سے کہلائی جائے گی، یعنی کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِینِ آخِری ایّام‘ [عقائد اور عہُود ۱۱۵:‏۴]۔“۶

ہم سب اُس دِن مجلسِ عامہ سے یہ وعدہ اور عزم کر کے نِکلے کہ ہم نبی کی پیروی کریں گے اور تب سے کلِیسیا کے اَلہامی نام کا اِستعمال کریں گے۔ مَیں نے اِس بات کو یقینی بنانے کے لئے بُہت خیال رکھا کہ مَیں کلِیسیا کا درُست نام اِستعمال کیا کروں۔ پہلے کئی دفعہ، مُجھے بُہت ہوشمندی سے کام لینا پڑا تا کہ میں کلِیسیا کا نام پُرانے طریقے سے نہ لُوں۔ کافی کوشِشوں کے بعد، مَیں اب کلِیسیا کا اِلہامی نام آرام سے اِستعمال کر لیتا ہُوں۔ مَیں تسلیم کرتا ہُوں کہ کئی دفعہ، مَیں کلِیسیا کا نام جلدی سے بولتا ہوں۔ مَیں فکر مند تھا کہ لوگ کلِیسیا کے مُکمل نام پر توجہ نہیں دیں گے اور وہ سوچ سکتے ہیں کہ یہ تھوڑا لمبا ہے۔

تاہم، بعد میں مُجھے احساس ہُوا کہ کلِیسیا کا پُورا نام ارادتاً بولنے نے مُجھے یِسُوع مسِیح کا نام بولنے کے قابلِ قدر مواقع عطا کیے اور درحقیقت یہ کہ اُس کی کلِیسیا کے نام میں اُس کے نام کا اعلان کرتے ہوئے نجات دہندہ کی گواہی دیں۔ مَیں نے یہ بھی غور کیا کہ جب مَیں نے دُوسروں کے سامنے کلِیسیا کا درُست نام بولا، تو مَیں زیادہ کثرت سے یِسُوع مسِیح کو یاد کرتا اور اپنی زندگی میں اُس کے اثر کو محسُوس کرتا تھا۔

نبی کی پیروی کرنے سے، ہم سب کلِیسیا کا درُست نام اِستعمال کرتے ہُوئے مزید یِسُوع مسِیح کی گواہی دینا سیکھ سکتے ہیں، اور یُوں مُکمل طور پر خُداوند کا نام اپنے تئیں لیتے ہیں۔

اِس سبت کی صُبح، مَیں بڑی خُوشی سے گواہی دیتا ہُوں کہ صدر نیلسن خُدا کے زندہ نبی ہیں اور یہ کہ کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِینِ آخِری ایّام مسِیح کی بَحّال شُدّہ کلِیسیا ہے۔ مَیں فروتنی سے خُدا کے بیٹے اور اُس کی الوہیت کی گواہی دیتا ہوں۔ وہ خُدا کا پہلوٹھا اور اِکلوتا بیٹا ہے، ہمارا نجات دہندہ اور مُخلصی دینے والا، عمانوئیل۔۷ یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔

شائع کرنا