دہ یکی: آسمان کے دریچے کھولنا
آسمان کے دریچے کئی طرح سے کُھلتے ہیں۔ خُداوند کے وقت پر بھروسا رکھیں؛ برکتیں ہمیشہ عطا ہوتی ہیں۔
جب مَیں حال ہی میں جنوبی امریکہ میں تھا، وینزویلا سے برادر راجر پرا نے مُجھے درج ذیل تجربہ بتایا:
”۲۰۱۹ میں وینزویلا کو ایسے مسائل نے ہِلا دِیا جس کی وجہ سے پانچ دن تک بجلی بند رہی۔
”گلیوں میں افراتفری اور بد نظمی کا راج تھا، اور کئی مایُوس لوگوں کے پاس خوراک کافی نہیں تھی۔
”بعض لوگ کھانے پینے کے کاروبار لُوٹنے، اور راستے میں ہر چیز کو تباہ کرنے لگے۔
”مَیں چھوٹی سے بیکری کا مالک، اپنے کاروبار کے مُتعلق بُہت پریشان تھا۔ ہمارے خاندان نے، اپنی بیکری کا سارا کھانا ضرورت مند لوگوں کو دینے کا فیصلہ کِیا۔
”ایک بُہت ہی اندھیری رات جہاں ہر طرف ہنگامہ برپا تھا۔ مُجھے صِرف اپنی جان سے پیاری بیوی اور بچوں کے تحفظ کی فِکر تھی۔
”صبُح سویرے جب مَیں اپنی بیکری پر گیا۔ افسوس کی بات ہے کہ لُٹیروں کے ہاتھوں ہر قریبی کھانے پینے کا کاروبار تباہ ہو چکا تھا، لیکن میرے لیے حیرت کی بات یہ ہے کہ ہماری بیکری برقرار تھی۔ کُچھ بھی تباہ نہیں ہُوا تھا۔ مَیں نے فروتنی سے اپنے آسمانی باپ کا شُکر ادا کِیا۔
”گھر پُہنچتے ہی، مَیں نے اپنے خاندان کو خُدا کی برکت اور تحفظ کے بارے میں بتایا۔
وہ سب بُہت مشکُور تھے۔
”میرا بڑا بیٹا، روگیلیو، جو صِرف بارہ برس کا تھا، بولا، ’پاپا! مُجھے معلُوم ہے ہمارا سٹور محفُوظ کیوں تھا۔ ماں اور آپ ہمیشہ اپنی دہ یکی ادا کرتے ہیں۔‘“
بھائی پرا نے اختتام کِیا: ”ملاکی کے اَلفاظ میرے ذہن میں آ گئے۔ ’مَیں تُمھاری خاطِر ٹِڈّی کو ڈانٹُوں گا، اور وہ تُمھاری زمِین کے پھل کو برباد نہ کرے گی‘ [ملاکی ۱۱:۳]۔ ہم نے گُھٹنے ٹیکے اور اِس مُعجزے کے لیے آسمانی باپ کے بڑے شُکر گُزار ہُوئے۔“۲
اِسی سے میرا اِمتحان کرو
جو کُچھ ہمارے پاس ہے اور جو کُچھ ہم ہیں خُدا کی بدولت ہیں۔ مسِیح کے شاگرد ہوتے ہُوئے، ہمیں اپنے آس پاس والوں سے خُوشی کے ساتھ اِس کی شراکت کرنی ہے۔
اُس سب کے ساتھ جو خُداوند نے ہمیں عطا کیا ہے، اُس نے کہا ہے کہ ہم اپنی کمائی کا ۱۰ فی صد زمین پر اُسے اور اُس کی بادشاہی کے لیے واپس کریں۔ اُس نے ہم سے وعدہ کِیا ہے کہ جب ہم پُوری دہ یکی ادا کرتے ہیں، تو وہ ”آسمان کے دریچے … کھول کر، برکت برسائے گا، … یہاں تک کہ اُس کے لیے جگہ نہ رہے گی۔“۲ اُس نے ہم سے وعدہ کِیا ہے کہ وہ ہمیں بُرائی سے بچائے گا۔۳ یہ وعدے اِتنے حتمی ہیں،۴ ربُ الافواج فرماتا ہے، ”اِسی سے میرا اِمتحان کرو،“۵ صحائف میں یہ جُملہ اور کہیں نہیں مِلتا۔
آسمان کے دریچے کئی طرح سے کُھلتے ہیں۔ بعض دُنیاوی ہوتے ہیں، مگر بُہت سارے رُوحانی ہیں۔ بعض بمشکل محسوس ہوتے ہیں اور آسانی سے نظر انداز ہوسکتے ہیں۔ خُداوند کے وقت پر بھروسا رکھیں؛ برکتیں ہمیشہ عطا ہوتی ہیں۔
ہم اُن کے ساتھ غم زدہ ہیں جو ضروریات زندگی کے حصُول کے لیے جدوجہد کرتے ہیں۔ حال ہی میں کلِیسیا نے دُنیا بھر میں کمزور بچوں اور ماؤں کو مدد فراہم کرنے کے لیے ۵۴ ملین امریکی ڈالروں کا عطیہ دِیا ہے۔۶ اور آپ کے ماہانہ روزے کے ہدیوں کے ساتھ، ہمارے نیک اُسقف صاحبان ہر ہفتے ہزاروں ایسے لوگوں کی مدد کرتے ہیں جِنھیں عارضی طور پر اپنی میزوں پر کھانے، اپنے بدن پر کپڑے، اور اپنے سروں پر چھت کی ضرورت ہوتی ہے۔ اِس دُنیا کی غُربت کا واحد مستقل حل یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل ہے۔۷
اِیمان کا معاملہ
پولُس رسُول نے خبردار کِیا ہے کہ اِنسانی عقل اِنسانی باتوں کو سمجھتی ہے مگر اِسے خُدا کی باتوں کو قبُول کرنے میں مُشکل پیش آتی ہے۔۸ دُنیا کے لحاظ سے دہ یکی پیسہ ہے، مگر دہ یکی کا پاک قانون بُنیادی طور پر ہمارے اِیمان کا معاملہ ہے۔ اپنی دہ یکی میں دِیانت داری ایسا طریقہ ہے جِس سے ہم دِکھاتے ہیں کہ ہم اپنی مرضی سے اپنے مفاد اور ضروریات سے بڑھ کر خُداوند کو اپنی زندگیوں میں اوّل درجہ دیتے ہیں۔ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ جب آپ خُداوند پر توّکل کرتے ہیں، تو آپ پر آسمانی برکات نچھاور ہوتی ہیں۔
یِسُوع نے کہا ہے ”جو قَیصر کا ہے قَیصر کو؛ اور جو خُدا کا ہے خُدا کو ادا کرو“۹ جی اُٹھے نجات دہندہ نے نِیفیوں کو کہا کہ ملاکی میں پائے گئے خُدا کے وعدوں کو اپنے احوال میں تحریر کرو۔۱۰ ہمارے زمانہ میں، خُداوند نے دہ یکی کے اِلٰہی قانُون کی دوبارہ تصدیق کرتے ہُوئے بیان کِیا: ”یہ میرے لوگوں کی دہ یکی کا شُروع ہو گا۔ اور [وہ] اپنے تمام سالانہ نفع کا دسَواں حِصّہ ادا کریں گے؛ اور یہ اُن کے واسطے ہمیشہ کے لیے مُستقل قانون ہو گا۔“۱۱
خُداوند نے واضح طور پر یہ کہہ کر ہدایت دی، کہ دہ یکی کیسے تقسیم ہونی چاہیے، فرمایا، ”پُوری دَہ یکی ذخِیرہ خانہ میں لاؤ،“۱۲ یعنی اُس کی بحال شُدہ بادشاہی، کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِینِ آخری ایّام میں اپنی دہ یکی لاؤ۔۱۳ اُس نے ہدایت کی کہ اِس مُقدس دہ یکی کا اِستعمال صدارتِ اوّل کی مجلس، بارہ رسُولوں کی جماعت، بشپ صاحبان کی مجلس،.”اور اُن پر میری اپنی رضا کے ساتھ اِس کا تصفیہ کر دِیا جائے، خُداوند فرماتا ہے۔“۱۴
خُداوند کے مُقدّس فنڈز
یہ مُقدس فنڈز کلِیسیائی راہ نُماؤں کی مِلکیت نہیں ہیں۔ یہ خُداوند کی ملِکیت ہیں۔ اُس کے خادم بڑی محنت کے ساتھ اپنی ذمہ داری کی مُقدس نوعیت سے واقف ہیں۔
صدر گورڈن بی ہِنکلی نے بچپن کے اِس تجربے کا تذکرہ کِیا: ”جب مَیں لڑکا تھا تو مَیں نے اپنے والد سے … کلِیسیا کے فنڈز کے اخراجات کے بارے میں سوال اُٹھایا۔ اُنھوں نے مُجھے یاد دِلایا کہ دہ یکی اور ہدیہ جات ادا کرنا خُدا کی طرف سے مُجھے دی گئی ذمہ داری ہے۔ جب مَیں ایسا کرتا ہُوں، [میرے والد نے کہا] تو جو مَیں دے دیتا ہُوں وہ میرا نہیں رہتا ہے۔ یہ خُداوند کا ہے جس کے لیے مَیں اِسے مُقدّس قرار دیتا ہُوں۔“ اُن کے والد نے مزید کہا: ”کلِیسیا کے راہ نُما اِس کے ساتھ کیا کرتے ہیں [آپ، گورڈن کو] اُس کی فِکر کرنے کی ضرورت نہیں۔ وہ خُداوند کے حُضُور جواب دہ ہیں، جنھیں اپنے ہاتھوں سے حساب دینا ہوگا۔“۱۵
ہمیں دِل کی گہرائیوں سے ”خُداوند کو جواب دہ“ ہونے کے بوجھ کا اندازہ ہے۔
آپ کی فَراخ دِل دہ یکی اور ہدیہ جات
آپ نے خُداوند کے حُضُور جو فراخ دِل دہ یکی اور ہدیے مُقدّس قرار ٹھہرائے، اُن میں سے، پچھلے سال ایک ارب امریکی ڈالروں سے زائد ضرورت مندوں کے لیے اِستعمال کِیے گئے۔۱۶
پُوری دُنیا میں بحال شُدہ اِنجیل کولے جانے کی ہماری اہم ذمہ داری میں، ہمارے ۷۱,۰۰۰ سے زائد مشنری ہیں جو ۴۱۴ مشنز میں خِدمات انجام دے رہے ہیں۔۱۷ آپ کی دہ یکی اور ہدیوں کی بدولت، مشنری خدمت کر رہے ہیں خواہ اُن کی خاندانی مالی حالت جیسی بھی ہو۔
دُنیا بھر میں غیر معمولی تعداد میں ہیکلیں تعمیر ہو رہی ہیں۔ اِس وقت، ۱۷۷ ہیکلیں فعل ہیں، ۵۹ زیر تعمیر یا تزئین و آرائش، اور ۷۹ مزید کی منصوبہ بندی اور ڈیزائن ہو رہی ہیں۔۱۸ آپ کی دہ یکی ہیکل جیسی برکات کو اُن جگہوں پر لا رہی ہے جہاں صِرف خُداوند ہی پیش بینی کر سکتا ہے۔
۱۹۵ ممالک اور خِطوں میں ہزاروں گِرجا گھروں اور دیگر سہُولیات میں ۳۰،۰۰۰ سے زائد اجتماع ہوتے ہیں۔۱۹ شاید آپ اُن راست مُقدسین سے کبھی نہ مِل سکیں نہ ہی آپ کبھی جان پائیں اَلبتہ آپ کی دیانت دارانہ دہ یکی کی بدولت، کلِیسیا دُور دراز جگہوں پر قائم کی جا رہی ہے۔
کلِیسیا اِس وقت پانچ اعلیٰ تعلیمی اِداروں کی سرپرستی کرتی ہے۔۲۰ جو ۱۴۵،۰۰۰ سے زائد طالب علموں کی خِدمت میں کوشاں ہیں۔ ہمارے سیمینری اور اِنسٹی ٹِیوٹ میں ہر ہفتے ایک لاکھ دس ہزار کلاسیں پڑھائی جا رہی ہیں۔۲۱
ایسی اور اِس طرح کی کئی برکات بڑے پیمانے پر آتی ہیں جب ہر معاشی صورتِ حال کے جوان اور بُوڑھے دیانت دارانہ دہ یکی ادا کرتے ہیں۔
دہ یکی کے الہٰی قانون کی رُوحانی قُوت کو ادا کی گئی رقم سے نہیں ماپا جاتا ہے، کیوں کہ خُوش حال اور غریب دونوں کو خُداوند کا حُکم ہے کہ وہ اپنی آمدنی کا ۱۰ فی صد دیں۔۲۲ خُداوند پر بھروسا کرنے سے ہی تقویت مِلتی ہے۔۲۳
آپ کی فراخ دِل دہ یکی کے وسِیلے سے خُداوند کی کثرتِ فراوانی نے، کلِیسیا کے ذخائر میں تقویت بخشی ہے، جِس سے خُداوند کے کام کو آگے بڑھانے کے ایسے ایسے مواقع فراہم کِیے جاتے ہیں جن کا ہم نے ابھی تک تجربہ نہیں کیا ہے۔ سب کُچھ خُداوند کے عِلم، اور وقت کے ساتھ ہوتا ہے، ہم اُس کے مُقدس مقاصد کو پُورا ہوتے دیکھیں گے۔۲۴
برکات کئی طریقوں سے مِلتی ہیں
دہ یکی کی برکات کئی طریقوں سے مِلتی ہیں۔ ۱۹۹۸ میں، مَیں بزُرگ ہینری بی آئرنگ کے ساتھ یُوٹاہ کے علاقے میں کلِیسیا کی ایک بُہت بڑی عِبادت میں گیا جو اب سلیکون سلوپس کے نام سے، ٹیکنالوجی میں زبردست جِدت طرازی کی کمیونٹی جانی جاتی ہے۔ اِس بڑھتی ہُوئی خُوش حالی کے دَور میں، بزُرگ آئرنگ نے مُقدسین کو دُوسروں کے ساتھ اپنے مال و اسباب کا موازنہ اور مزید کی خواہش کرنے سے خبردار کِیا۔ مَیں اُن کے وعدے کو ہمیشہ یاد رکھُوں گا، کہ جب وہ دیانت داری سے دہ یکی ادا کریں گے، تو مادی املاک کے لیے اُن کی خواہش کم ہو جائے گی۔ دو سال کے اندر ہی، ٹیکنالوجی کے غُبارے سے ہَوا نِکل گئی۔ بُہتوں نے اپنی مُلازمتیں کھو دیں، تو اِس مالیاتی تبدیلی کے وقت کمپنیوں کو بڑی دِقت ہُوئی۔ بزرگ آئرنگ کے مشورے پر عمل کرنے والے بابرکت رہے تھے۔
اُن کے وعدے نے مُجھے ایک اور تجربہ کی یاد دِلائی۔ ۱۹۹۰ میں کارکیسن، فرانس میں مشن کے صدر کی خِدمت کے دوران میں میری مُلاقات ۱۲ سالہ شارلٹ ہِلمی سے ہُوئی۔ ہِلمی وفادار، حلیم خاندان آٹھ بچوں سمیت ایک چھوٹے سے اپارٹمنٹ میں رہتے تھے۔ اُنھوں نے دِیوار پر نجات دہندہ اور نبی کی تصویر لگائی ہُوئی تھی۔ مَیں نے اُس کی بطریقی برکت کے اِنٹروِیو میں، شارلٹ سے پُوچھا کہ اگر اُس نے دہ یکی دیانت داری سے ادا کی ہے۔ اُس نے جواب دِیا، ”جی ہاں، صدر اینڈرسن میری ماں نے مُجھے سِکھایا ہے کہ دہ یکی ادا کرنے سے ہمیں رُوحانی اور دُنیاوی برکتیں مِلتی ہیں۔ میری ماں نے مُجھے سِکھایا ہے کہ اگر ہم ہمیشہ اپنی دہ یکی ادا کرتے ہیں تو ہمیں کوئی کمی نہ ہو گی۔ تو صدر اینڈرسن، ہمیں کوئی کمی نہیں۔“
مجھے اپنی کہانی بتانے کی اجازت دیتے ہوئے، شارلٹ، جو اب ۴۵ برس کی ہے اور ہیکل میں مُہربند ہو چُکی ہے، اُس نے یہ مُشاہدہ بیان کِیا: ”اُس وقت بھی دہ یکی کی بابت میری گواہی بُہت سچّی تھی، اور اب یہ اور بھی مضبُوط ہو گئی ہے۔ میں اِس حکم کے لیے نہایت شُکر گُزار ہوں۔ اِس پر عمل کرنے کے باعث میں بہت زیادہ برکت پاتی رہتی ہوں۔“۲۵
ایک روز، ہم سب کو اپنا زمینی سفر ختم کرنا ہو گا۔ پچیس برس پہلے، میری ساس، مارتھا وِلیم کو، کینسر سے وفات کے کُچھ دِنوں پہلے، ڈاک میں ایک چھوٹا سا چیک موصُول ہُوا۔ اُس نے میری بیوی سے فوری اپنی دہ یکی ادا کرنے کے لیے چیک بُک کے بارے میں پُوچھا۔ چُوں کہ اُس کی ماں اِتنی کمزور تھی کہ وہ شاید ہی لکھ سکتی، لہٰذا کیتھی نے کہا کہ وہ اُس کے لیے چیک لکھ سکتی ہے۔ اُس کی ماں نے جواب دِیا، ”نہیں کیتھی۔ مَیں خُود لِکھنا چاہتی ہُوں۔“ اور پھر آہستہ سے کہا، ”مَیں خُداوند کے حُضُور راست رہنا چاہتی ہُوں۔“ کیتھی نے اپنی والدہ کے لیے جو آخری کام کِیا اُن میں سے ایک دہ یکی کا لفافہ اُس کے بشپ کے حوالے کرنا تھا۔
خُدا کا اہم کام
میرے عزیز بھائیو اور بہنو، کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسینِ آخِری ایّام ”گُم نامی سے باہر“۲۶ زمین پر شان دار برکات لا رہی ہے۔ وہ لوگ بھی ہوں گے جو ہمیں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیں گے اور وہ لوگ بھی جو ایسا نہیں کریں گے۔ مَیں نے عقل مند گملی ایل کے کلام کی بابت سوچا ہے، جس نے پطرس اور یُوحنا رسُول کے مُعجزوں کو سُن کر یروشلم میں مجلس کو خبردار کِیا تھا:
”اِن آدمِیوں سے کنارہ کرو: کیوں کہ اگر … یہ کام آدمِیوں کی طرف سے ہے، تو آپ برباد ہو جائے گا:
”لیکن اگر خُدا کی طرف سے ہے، تو تُم اِس کو مغلُوب نہ کر سکو گے؛ کہِیں اَیسا … نہ ہو کہ خُدا سے بھی لڑنے والے ٹھہرو۔“۲۷
آپ اور مَیں زمین پر خُدا کے اہم کام کا حصّہ ہیں۔ یہ برباد نہیں ہوگا بلکہ دُنیا بھر میں، نجات دہندہ کی واپسی کے لیے راستہ تیار کرتے ہُوئے پُوری دُنیا میں پھیلتا رہے گا۔ مَیں صدر رسل ایم نیلسن کے اَلفاظ کی گواہی دیتا ہوں: ”آنے والے دِنوں میں، ہم نجات دہندہ کی قُدرت کے عظیم ترین ظہُور کو دیکھیں گے جِس کو دُنیا نے کبھی نہیں دیکھا ہو گا۔ اب اور اُس کی واپسی کے وقت کے درمیان میں … وہ بے شُمار برکتوں، رحمتوں، اور مُعجزوں کو راست بازوں پر نچھاور کرے گا۔“۲۸
یہ میری گواہی ہے۔ یِسُوع ہی المسِیح ہے۔ یہ اُس کا مُقدس کام ہے۔ وہ دوبارہ آئے گا۔ یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔