مجلسِ عامہ
تمجید ہو اُس جوان کی
مجلسِ عامہ اکتوبر ۲۰۲۳


13:10

تمجید ہو اُس جوان کی

جو کُچھ ہمیں معلُوم ہے جِس کو جاننے سے ہم نے کثرت سے برکت پائی ہے اِس کا سبب یہ ہے کہ آخِری زمانہ کے نبی جوزف سمتھ ہمارے پاس ہیں۔

میرے پیارے بھائیو اور بہنو، آج صبح آپ کے ساتھ ہونا میرے لِیے باعث فخر ہے۔ مَیں دُعا کرتا ہُوں کہ خُداوند مُجھے برکت دے۔

میری آنکھیں ویسی نہیں ہیں جو پہلے تھیں۔ مَیں آنکھوں کے ڈاکٹر کے پاس دِکھانے کے لِیے گیا تھا، اور مَیں نے بتایا، ”مَیں ٹیلی پرمپٹر نہیں دیکھ سکتا۔“

اور اُس نے کہا، ”خیر، آپ کی آنکھیں بُوڑھی ہو گئی ہیں۔ اُن میں تبدیلی نہیں آ سکتی۔“

لہذا مَیں اپنی پُوری کوشش کرُوں گا۔

مَیں آپ کے ساتھ چند باتوں کا ذِکر کرنا چاہتا ہُوں جو میرے ذہن میں ہیں۔ مُجھے لگتا ہے کہ پچھلے چند مہینوں سے میرے ذہن میں نبی جوزف بسے ہیں۔ مَیں نے زمانوں کی مَعمُوری میں، اُس کے نبی بننے کی اِس پُرجلال ذِمہ داری پر بیٹھ کر غَور و فِکر کِیا۔

مَیں سوچتا ہوں کہ کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِینِ آخِری کے اَرکان کے طور پر ہم کِس قدر شُکر گُزار ہیں کہ جوزف سمتھ، نوعُمر لڑکا جو یہ جاننا چاہتا تھا کہ اُس کو اپنے گُناہوں کی مُعافی کے لیے کیا کرنے کی ضرُورت ہے، اُس نے اپنے گھر کے قرِیب، پالمائرا، نِیویارک، میں درختوں کے جُھنڈ میں جانے کی ہمت پائی، اور وہاں گھٹنے ٹیک کر دُعا مانگی، اور—اپنے قَول کے مُطابق—پہلی بار بُلند آواز سے دُعا کی (دیکھیے جوزف سمتھ—تارِیخ ۱:‏۱۴

اُس موقع پر، جب جوزف اُس جگہ اپنے گھٹنوں کے بل جُھک گیا جسے ہم مُقدّس جُھنڈ کہتے ہیں، تو آسمان کُھل گیا۔ دوپہر کے سُورج سے زیادہ مُنور دو ہستیاں اُس پر ظاہر ہُوئیں۔ ایک نے اُس سے کلام کِیا اور کہا، ”[جوزف،] یہ میرا پیارا بیٹا ہے۔ اِس کی سنو!“ (جوزف سمتھ—تاریخ ۱:‏۱۷)۔ اِس طرح یِسُوع مسِیح کی اَزلی و اَبَدی اِنجِیل کی مَعمُوری کی بحالی کی اِبتدا ہُوئی۔

چُوں کہ یِسُوع، ہمارے نجات دہندہ، اور ہمارے مُخلصی دینے والے نے لڑکے جوزف سے کلام کِیا اور اِس زمانہ کی اِبتدا فرمائی جس میں ہم اب قیام پذیر ہیں، ہم گاتے ہیں، ”تمجید ہو اُس جوان کی جِس نے یہوواہ کے ساتھ کلام کِیا!“ (”تمجید ہو اُس جوان کی،“ گیت، نمبر ۲۷)۔ ہم جوزف سمتھ کے لیے خُداوند کا شُکر بجا لاتے ہیں اور ۱۸۲۰ میں پالمائرا، نیویارک میں اپنے گھر کے قرِیب درختوں کے اُس جُھنڈ میں جانے کی اُس کی ہمت کے لیے بھی۔

مَیں اِن سب حیرت خیز واقعات کے بارے میں سوچ رہا ہُوں جو ہم جانتے ہیں اور اُن ساری نعمتوں کی بابت جو ہمارے پاس ہیں۔ میرے پیارے بھائیو اور بہنو، آج صُبح آپ کے لِیے میری گواہی یہ ہے کہ جو کُچھ ہمیں معلُوم ہے جِس کو جاننے سے ہم نے کثرت سے برکت پائی ہے اِس کا سبب یہ ہے کہ آخِری زمانہ کے نبی جوزف سمتھ ہمارے پاس ہیں۔

ہم نے زِندگی کے مقصد کی سمجھ پائی ہے، کہ ہم کون ہیں۔

ہم جانتے ہیں کہ خُدا کون ہے؛ ہم جانتے ہیں کہ نجات دہندہ کون ہے، چُوں کہ ہمارے پاس جوزف ہے، جو لڑکپن میں درختوں کے جُھنڈ میں گیا، درحقِیقت، اپنے گُناہوں کی مُعافی کا طلب گار ہوتے ہوئے۔

مَیں سوچتا ہُوں کہ یہ سب سے نِرالے اور حیرت خیز واقعات میں سے ایک ہے جو اِس دُنیا میں کِسی اِنسان پر آشکار کِیا جا سکتا ہے، کہ ہمارے آسمانی باپ اور خُداوند یِسُوع مسِیح نے اپنے آپ کو اِن آخِری ایّام میں آشکارا کیا ہے اور یہ کہ جوزف یِسُوع مسِیح کی اَزلی و اَبَدی اِنجِیل کی مَعمُوری کو بحال کرنے کے لیے برپا کِیا گیا ہے۔

ہمارے پاس مورمن کی کِتاب ہے۔ مورمن کی کِتاب کلِیسیا کے اَرکان کے واسطے کیا نِرالی اور حیرت انگیز نعمت ہے۔ یہ ایک اَور گواہی ہے، ایک اَور عہدنامہ ہے کہ یِسُوع ہی المسِیح ہے۔ ہمارے پاس یہ اِس لیے ہے کہ جوزف اِن اَوراق کو پانے کے لائق تھا، آسمان سے اِلہام اُترا تھا کہ وہ خُدا کی نعمت اور قُدرت کے ساتھ اِن کا ترجُمہ کرے اور دُنیا کو یہ کِتاب پیش کرے۔

اگرچہ آج کی صُبح میرا پیغام سادہ ہے، مگر یہ گہرا ہے، اور یہ نبی جوزف سمتھ اور اُن سب کے لیے محبّت سے بھرا ہُوا ہے، میرے بھائیوں اور بہنوں، جِنھوں نے اُس کو قبُول کِیا ہے اور اُس کو لڑکپن سے قبُول کرنے کے لِیے راضی تھے۔

مَیں آج صُبح اُس کی والدہ کو خراجِ تحسین پیش کرنا چاہُوں گا۔ مَیں نے ہمیشہ سوچا کہ یہ کِس قدر حیرت انگیز لمحہ تھا کہ جب جوزف مُقدّس جُھنڈ سے اِلہٰی مُلاقات کے بعد واپس آیا اور اپنی ماں کو سارا ماجرا بتایا، لوسی میک سمتھ نے اُس پر یقین کِیا۔

مَیں اُس کے والد اور اُس کے بھائیوں اور اُس کی بہنوں اور اُس کے خاندان کا شُکر گُزار ہُوں جِنھوں نے اِس عظِیم اُلشان ذِمہ داری میں اُس کا ساتھ دِیا جو خُداوند نے اُس کو زمِین پر ایک بار پِھر یِسُوع مسِیح کی اَزلی و اَبَدی اِنجِیل کی مَعمُوری کو بحال کرنے کے لِیے نبی ہونے کے لِیے چُنا۔

پَس آج صُبح میری گواہی یہ ہے کہ یِسُوع مسِیح دُنیا کا نجات دہندہ اور مُخلصِی دینے والا ہے۔ مَیں یہ بھی جانتا ہُوں کہ ہمارا آسمانی باپ اور خُداوند یِسُوع مسِیح ظاہر ہُوئے اور جوزف سے کلام کِیا اور اُسے نبی ہونے کے لیے تیار کِیا۔

مَیں حیران ہوتا ہُوں، اور میرا یقِینِ مُحکم ہے کہ آپ میں سے بُہت سے لوگ بھی اَیسا کرتے ہیں، یہ جان کر کہ ہم زِندگی میں اپنے مقصد کے بارے میں کیا جانتے ہیں، ہم یہاں کیوں ہیں، ہمیں اپنی روزمرہ کی زِندگی میں کیا کیا کرنے اور کیا کیا انجام دینے کی کوشش کرنی چاہیے۔ ہم اپنے آپ کو تیار کرنے کے عمل سے گُزر رہے ہیں، ہر روز تھوڑا تھوڑا، مزید بہتر بننے کے لِیے، مزید مہربان ہونے کے لِیے، اُس دِن کے لِیے مزید زیادہ تیار ہونے کے لِیے، جو یقیناً آئے گا، جب ہم اپنے آسمانی باپ اور خُداوند یِسُوع مسِیح کی حُضُوری میں واپس لوٹ جائیں گے۔

یہ وقت میرے لیے تھوڑا اور قریب آ رہا ہے۔ مَیں جلد ۹۵ کا ہو جاؤں گا۔ میرے بچّے مُجھے بتاتے ہیں کہ وہ سوچتے ہیں کہ مَیں بعض دِنوں میں زیادہ بُوڑھا لگتا ہُوں، لیکن سب ٹھیک ہے۔ مَیں اپنی پُوری کوشش کر رہا ہُوں۔

بلکہ ۵۰ برسوں سے، بھائیو اور بہنو، مُجھے کلِیسیا کے اعلیٰ عہُدیدار کے طور پر اپنے فرائض کو نِبھانے کے لِیے پُوری دُنیا میں سفر کرنے کا اعزاز مِلا ہے۔ جو پُرفضل برکت کا باعث رہا ہے۔ میرا خیال ہے کہ مَیں دُنیا کے تقریباً ہر حِصّے میں گیا ہُوں۔ مَیں نے پُوری دنُیا میں کلِیسیا کے اَرکان سے مُلاقات کی ہے۔

ہاں، مَیں آپ سے بُہت پیار کرتا ہُوں۔ کِس قدر پُرجلال یہ احساس رہا ہے—آپ کے چہروں کو دیکھنا، اپنی موجُودگی میں رہنا، اور خُداوند کے لِیے اور یِسُوع مسِیح کی بحال شُدہ اِنجِیل کے لِیے آپ کی محبّت کو محسُوس کرنا جو آپ میں ہے۔

ہمارا آسمانی باپ اِس وقت ہم پر نظر کرے اور اِس مجلِس کے سارے مُعاملات کو مُبارک ٹھہرائے۔ اور ہمارے دِلوں میں خُداوند کا رُوح بھرپُور طرح سے بَسے، اور یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کے لِیے ہماری محبّت بڑھے—ہمارے پیارے نجات دہندہ، خُداوند یِسُوع مسِیح—جب ہم اُس کی خِدمت کرنے اور اُس کے حُکموں پر عمل کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور اُس کی مانِند بنتے ہیں۔ اِس دُنیا میں آپ جہاں کہیں بھی ہیں، خُدا آپ کو برکت دے۔ خُداوند کا رُوح ہمارے ساتھ رہے۔ ہم آسمان کی قُدرت کو محسُوس کریں جب ہم مِل کر مجلِس کی اِس عِبادت میں پرستِش کرتے ہیں۔

مَیں اپنی شہادت اور گواہی دیتا ہُوں کہ یِسُوع ہی المسِیح ہے۔ وہ ہمارا مُنجّی، مُخلصی دینے والا ہے۔ وہ ہمارا بہترین دوست ہے۔ یِسُوع مسِیح کے مُقدّس نام پر، آمین۔