خُدا آپ کو جانتا اور پیار کرتا ہے
خُدا کی خُوشی کا منصوبہ آپ کے لِیے ہے۔ آپ اُس کے قیمتی بچّے ہیں اور اُسے آپ کی بُہت قدر ہے۔
چھے سال قبل، ہمارا خاندان آکسفورڈ شہر کے باہر رات کے وقت شاہراہ پر سفر کررہا تھا۔ جیسا کہ اکثر چھوٹے بچوں کے ساتھ ہوتا ہے، ہمیں رُکنے کی ضرُورت تھی، لہٰذا ہمیں مُختلِف دُکانوں اور طعام گاہوں کی قطار کے ساتھ سروس سٹیشن مِل گیا۔ احتیاط کے ساتھ، ہم کار سے اُترے، ضرُورتوں کو پُورا کِیا، اور اپنے سفر کو دوبارہ شروع کرنے کے لِیے بیٹھ گیے۔
پندرہ منٹ بعد، ہمارے سب سے بڑے بیٹے نے ایک اہم سوال پوچھا: ”جَیسپر کہاں ہے؟“ جَیسپر ہمیشہ خُود ہی گاڑی کے پیچھے بیٹھتا تھا۔ ہم نے فرض کِیا کہ وہ سو گیا ہے یا چُھپ رہا ہے یا ہمارے ساتھ مستی کررہا ہے۔
جب اُس کے بھائی نے گاڑی کے پچھلے حِصے کا دھیان سے جائزہ لِیا تو ہمیں معلُوم ہُوا کہ ہمارا پانچ سالہ بیٹا وہاں نہیں تھا۔ ہمارے دِل خَوف سے بھر گئے۔ جیسے ہی ہم نے سروس سٹیشن پر واپس جانے کے لِیے گاڑی کا رُخ موڑا، ہم نے آسمانی باپ سے اِلتجا کی کہ جَیسپر محفُوظ ہو۔ ہم نے پولیس کو فون کیا اور اُنھیں صُورتِ حال سے آگاہ کِیا۔
جب ہم بے چینی سے پہنچے، تو ۴۰ منٹ سے زیادہ عرصے کے بعد، ہم نے دیکھا کہ کار پارک میں پولیس کی دو گاڑیاں تھیں، اُن کی روشنیاں چمک رہی تھیں۔ اُن میں سے ایک کے اندر جَیسپر تھا، جو بٹنوں سے کھیل رہا تھا۔ میں اُس خُوشی کو کبھی نہیں بھُولوں گا جو ہم نے اُس کے ساتھ دوبارہ مِلنے پر محسُوس کی تھی۔
نجات دہندہ کی بُہت سی تمثیلی تعلیمات اُن چِیزوں کو اِکٹھا کرنے، بحال کرنے یا تلاش کرنے کی کوشش کرنے پر توجہ مرکُوز کرتی ہیں جو بِکھری ہُوئی یا گُم ہو چکی ہیں۔ اِن میں کھوئی ہُوئی بھیڑ، کھوئے ہُوئے سِکے، اور مُسرف بیٹے کی تَمثِیلیں ہیں۔۱
جیسا کہ جَیسپر کے ساتھ یہ واقعہ برسوں سے میرے ذہن میں گھُوم رہا ہے، مَیں نے خُدا کے بچّوں کی الہٰی شناخت اور اہمیت، یِسُوع مسِیح کی مُخلصی بخش قُدرت، اور آسمان میں باپ کی کامِل محبّت پر غَور کِیا ہے جو آپ کو اور مُجھے جانتا ہے۔ مَیں آج اِن سچّائیوں کی گواہی دینے کی اُمِّید کرتا ہوں۔
I. خُدا کے بچّے
زِندگی مُشکلات سے بھری ہُوئی ہے۔ بُہت سے لوگ پریشان، اکیلے، الگ تھلگ، یا تھَکے ہُوئے محسُوس کرتے ہیں۔ جب چِیزیں مُشکل ہوتی ہیں، تو ہم محسُوس کرسکتے ہیں کہ ہم بَھٹک گئے ہیں یا پیچھے رہ گئے ہیں۔ یہ عِلم کہ ہم سب خُدا کے بچّے ہیں اور اُس کے اَبَدی خاندان کے اَرکان ہیں، اپنائیت اور مقصد کا احساس بحال کرے گا۔۲
صدر ایم رسل بیلرڈ نے بتایا ہے: ”ایک اہم شناخت جو ہم اب اور ہمیشہ بتاتے ہیں۔ … وہ یہ ہے کہ آپ ہمیشہ خُدا کے بیٹے یا بیٹی ہیں۔ … اِس سچّائی کو سمجھنا—واقعی اِس کو جاننا اور اِس کو قبُول کرنا—زِندگی تبدیل کر دینے والا ہے۔“۳
اپنے آسمانی باپ کے لِیے تُم کِتنے اہم ہو اِس کو کم اہم اور غلط مت سمجھو۔ آپ فطرت کی حادثاتی ضمنی پیداوار، کائناتی یتیم، یا مادے اور وقت اور اِمکان کا نتیجہ نہیں ہیں۔ جہاں تخلِیق ہوتی ہے وہاں خالِق ہوتا ہے۔
آپ کی زِندگی کا مطلب اور مقصد ہے۔ یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کی مسلسل بحالی آپ کی الہٰی شناخت کے بارے میں علِم اور تفہیم لاتی ہے۔ آپ آسمانی باپ کے پیارے بچّے ہیں۔ آپ اِن تُمام تمثیلوں اور تعلیمات کا موضوع ہیں۔ خُدا آپ سے اِس قدر محبّت کرتا ہے کہ اُس نے اپنے بیٹے کو آپ کو شِفا دینے، بچانے، اور نجات دینے کے لِیے بھیجا۔۴
یِسُوع مسِیح نے ہر شخص کی فطرت اور اَبَدی قدر کو پہچانا ہے۔۵ اُس نے وضاحت کی کہ کس طرح خُدا سے محبّت کرنے اور اپنے پڑوسی سے محبّت کرنے کے دو عظیم حُکم خُدا کے تمام حُکموں کی بُنیاد ہیں۔۶ ہماری خُدائی ذمہ داریوں میں سے ایک ضرُورت مندوں کی دیکھ بھال کرنا ہے۔۷ یہی وجہ ہے کہ یِسُوع مسِیح کے شاگردوں کے طور پر، ہم ”ایک دُوسرے کے بوجھ اُٹھاتے ہیں، … غم زدوں کے غم میں شریک ہوتے ہیں … ، اور اُنھیں تسلی دیتے ہیں جنھیں تسلی کی ضرُورت ہے۔“۸
مذہب صرف خُدا کے ساتھ ہمارے تعلق کے بارے میں نہیں ہے؛ یہ ایک دُوسرے کے ساتھ ہمارے تعلقات کے بارے میں بھی ہے۔ بُزرگ جیفری آر ہالینڈ نے وضاحت کی کہ انگریزی لفظ ریلیجن لاطینی لفظ ریلیگار سے آتا ہے، جس کا مطلب ہے”باندھنا“ یا، زیادہ لفظی طور پر، ”دوبارہ سے باندھنا“ ہے۔ لہٰذا، ”سچّا مذہب وہ بندھن ہے جو ہمیں خُدا اور ایک دُوسرے سے جوڑتا ہے۔“۹
یہ واقعی اہم ہے کہ ہم ایک دُوسرے کے ساتھ کیسا سلوک روا رکھتے ہیں۔ صدر رسل ایم نیلسن نے سِکھایا ہے، ”نجات دہندہ کا پیغام واضح ہے: اُس کے سچّے شاگِرد تعمیر کرتے، حوصلہ دیتے، قائل کرتے ہیں، اور ترغیب دیتے ہیں۔“۱۰ یہ اُس وقت اور بھی اہم ہے جب ہمارے ساتھی مسافر کھویا ہُوا، اکیلا، بھُولا ہُوا، یا کٹا ہُوا محسُوس کرتے ہیں۔
ہمیں اُن لوگوں کو تلاش کرنے کے لِیے زیادہ دُور دیکھنے کی ضرُورت نہیں ہے جو مُشکلات میں ہیں۔ ہم اپنے خاندان، جماعت یا مقامی کمیونٹی میں کِسی کی مدد سے آغاز کر سکتے ہیں۔ ہم اِنتہائی غربت میں زِندگی بسر کرنے والے ۷۰۰ ملین افراد کے مصائب کو کم کرنے کی کوشش بھی کرسکتے ہیں۱۱ یا اُن ۱۰۰ ملین لوگوں کی بھی جو ظلم و ستم، تنازعات اور تشدد کی وجہ سے جبری طور پر بے گھر ہُوئے ہیں۔۱۲ یِسُوع مسِیح ضرُورت مندوں، بھوکوں، اجنبیوں، بِیماروں، غرِیبوں، قیدیوں کی—دیکھ بھال کرنے کی کامِل مثال ہے۔ اُس کا کام ہمارا کام ہے۔
بُزرگ گیرٹ ڈبلیو گانگ سِکھاتے ہیں کہ ”خُدا کی جانب ہمارا سفر مِل جُل کر ہوتا ہے۔“۱۳ بُنیادی طور پر، ہمارے حلقوں کو خُدا کے تمام بچّوں کے لِیے پناہ گاہ ہونا چاہیے۔ کیا ہم غیر فعال طور پر کلِیسیا میں شرکت کر رہے ہیں یا فعال طور پر ایسے گروہ تشکیل دے رہے ہیں جن کا مقصد عِبادت کرنا، مسِیح کو یاد کرنا اور ایک دُوسرے کی خِدمت کرنا ہے؟۱۴ ہم صدر نیلسن کے مشورے پر دھیان دے سکتے ہیں کہ ہم مُنصِف کم بنیں، زیادہ محبّت کریں، اور اپنے الفاظ اور اعمال کے ذریعے سے یِسُوع مسِیح کے سچّے عِشق کو وُسعت دیں۔۱۵
II. یِسُوع مسِیح کی مُخلصی بخش قُدرت
یِسُوع مسِیح کا کَفارہ ہمارے آسمانی باپ کی اپنے بچّوں سے محبّت کا سب سے بڑا اظہار ہے۔۱۶ لفظ کَفارہ اُن سب کو ”ایک ہونے“ کا کہتا ہے جو بیگانے ہو گئے ہیں یا علیحدگی اِختیا ر کر چُکے ہیں۔
ہمارے نجات دہندہ کا مقصد آسمانی باپ کے پاس واپس جانے کی راہ اور سفر میں راحت دونوں فراہم کرنا تھا۔ نجات دہندہ اپنے تجربے کے ذریعے سے جانتا ہے کہ زِندگی کی مُشکلات میں ہماری مدد کیسے کی جائے۔۱۷ غلط فہمی میں مت رہیں: مسِیح ہمارا نجات دہندہ اور ہماری جانوں کو شفا دینے والا ہے۔
جب ہم اِیمان رکھتے ہیں، تو وہ ہمیں مُشکلات کے ذریعے سے آگے بڑھنے میں مدد دیتا ہے۔ وہ اپنی محبّت بھری اور مہربان دعوت کو جاری رکھے ہُوئے ہے:
”اَے محنت اُٹھانے والو، اور بوجھ سے دبے ہُوئے لوگو سب میرے پاس آؤ، مَیں تُم کو آرام دُوں گا۔
”میرا جُوا اپنے اُوپر اُٹھا لو اور مُجھ سے سِیکھو؛ … اور تُمھاری جانیں آرام پائیں گی۔“۱۸
جُوئے کا اِستعارہ پُرزور ہے۔ جیسا کہ صدر ہاورڈ ڈبلیو ہنٹر نے وضاحت کی: ”جُوا ایک ایسا اَوزار تھا جو دُوسرے جانور کی ’طاقت‘ کو پہلے کی طاقت سے جوڑ دیتا تھا، جس سے کام کی بھاری محنت بٹ کر کم ہوجاتی تھی۔ ایسا بوجھ جو کسی ایک کے لِیے بھاری یا شاید نامُمکن تھا، اِسے مُشترکہ جُوئے میں جَوتے گئے دو افراد برابری اور آرام سے اُٹھا سکتے ہیں۔“۱۹
صدر نیلسن نے سِکھایا: ”آپ مسِیح کے پاس اُس کی قُدرت کے ساتھ اور اُس کے ساتھ جُوئے کو اُٹھانے کے لِیے آتے ہیں، تاکہ آپ اکیلے زِندگی کا بوجھ نہ کھینچ رہے ہوں۔ آپ دُنیا کے مُخلصی دینے والے اور نجات دہندہ کے ساتھ زِندگی کا بوجھ کھینچ رہے ہیں۔“۲۰
ہم اپنے آپ کو نجات دہندہ کے ساتھ کیسے جَوت یا باندھ سکتے ہیں؟ بُزرگ ڈیوڈ اے بیڈ نار واضح کرتے ہیں:
”مُقدّس عہُود باندھنے اور اُن پر قائم رہنے سے ہم خُداوند یِسُوع مسِیح کا جُوَا اپنے اُوپر اُٹھا لیتے ہیں۔ خُلاصہ یہ ہے، کہ نجات دہندہ ہمیں اُس پر بھروسا کرنے اور اُس کے ساتھ مل کرکھینچنے کی ترغیب دے رہا ہے۔ …
ہم اکیلے نہیں ہیں اور کبھی بھی اکیلے ہونے کی ضرُورت نہیں ہے۔“۲۱
کسی بھی بوجھ میں دبے ہُوئے، کھوئے ہُوئے، اُلجھن میں مُبتلا: آپ کو اکیلے یہ کام کرنے کی ضرُورت نہیں ہے۔۲۲ مسِیح کے کَفارہ اور اُس کی رُسُوم کے وسِیلے سے آپ کو اُس کے ساتھ جَوتا یا جوڑا جاسکتا ہے۔ وہ محبّت سے اَیسی قُدرت اور شِفا فراہم کرے گا جِس کی ضرُورت آپ کو آگے کے سفر کا سامنا کرنے میں پڑے گی۔ وہ اب بھی ہمارے طوفانوں سے بچنے کی ہماری پناہ گاہ ہے۔۲۳
III. آسمانی باپ کی محبّت
ریکارڈ کے لِیے، جیَسپر مضحکہ خیز، محبّت کرنے والا، ذہین، اور اُودھم مچانے والا بچّہ ہے۔ لیکن اس کہانی کی کلید یہ ہے کہ وہ میرا ہے۔ وہ میرا بیٹا ہے، اور مَیں اُس سے بُہت زیادہ محبّت کرتا ہُوں جتنا وہ کبھی نہیں جان سکے گا۔ اگر ناکامِل، فانی باپ اپنے بچّے کے بارے میں اَیسا محسُوس کرتا ہے، تو کیا آپ تصّور کر سکتے ہیں کہ کامِل، جلالی، محبّت کرنے والا آسمانی باپ آپ کے بارے میں کیسا محسُوس کرتا ہے؟
اُبھرتی ہُوئی نسل کے میرے پیارے دوستو، جنریشن زیڈ اور جنریشن الفا سے: براہِ مہربانی جان لیں کہ اِیمان کے لِیے عمل کی ضرُورت ہوتی ہے۔۲۴ ہم ایسے دَور میں رہ رہے ہیں جہاں بُہت سے لوگوں کے لِیے صرف ”دیکھنا اِیمان ہے۔“ اِیمان لانا مُشکِل ہو سکتا ہے اور فیصلے کرنے کی ضرُورت ہوتی ہے۔ لیکن دُعائیں قبُول ہوتی ہیں۔۲۵ اور جوابات محسُوس کیے جا سکتے ہیں۔۲۶ زِندگی میں سب سے زیادہ حقیقی چِیزوں میں سے کُچھ نظر نہیں آتیں؛ وہ محسُوس کی جاتی ہیں، معلُوم ہوتی ہیں اور اُن کا تجربہ کِیا جاتا ہے۔ وہ بھی حقیقی ہیں۔
یِسُوع مسِیح چاہتا ہے کہ تُم جانو اور اپنے آسمانی باپ کے ساتھ رشتہ رکھو۔۲۷ اُس نے تعلیم دی کہ ”تُم میں سے کون ہے جِس کا بیٹا ہو، اور وہ باہر کھڑا ہو اورکہے کہ اَے باپ اپنا گھر کھول دے تاکہ مَیں اندر آ سکُوں اور تیرے ساتھ کھا سکُوں تو وہ یہ نہ کہے گا کہ اَے میرے بیٹے، اندر آؤ؛ کیوں کہ جو کُچھ میرا ہے وہ تیرا ہے اور جو تیرا ہے وہ میرا ہے؟“۲۸ کیا آپ اَبَدی باپ خُدا کی اِس سے زیادہ ذاتی، محبّت بھری، شبیہ کے بارے میں سوچ سکتے ہیں؟
آپ اُس کے بچّے ہیں۔ اگر آپ کھوئے ہُوئے محسُوس کر رہے ہیں، اگر آپ کے سوالات ہیں یا آپ میں حِکمت کی کمی ہے، اگر آپ اپنے حالات سے نبرد آزما ہیں یا رُوحانی نامُوافقت سے لڑ رہے ہیں، تو اُس کی طرف رُجُوع کریں۔ اِطمِینان، محبّت، جوابات، اور ہدایت کے لِیے اُس سے دُعا کریں۔ آپ کی جو بھی ضرُورت ہو اور آپ جہاں کہیں بھی ہو، اپنے دِل کو آسمانی باپ کے سامنے کھول کر رکھ دیں۔ کُچھ لوگوں کے لِیے، آپ صدر نیلسن کی دعوت پر عمل کرنا چاہیں گے اور ”اُس سے پُوچھیں کہ آپ کو بتائے آیا وہ واقعی موجُود ہے—آیا وہ آپ کو جانتا ہے۔ اُس سے پُوچھیں کہ وہ آپ کے بارے میں کیسا محسُوس کرتا ہے۔ اور پھر غور سے سُنیں۔“۲۹
عزیز بھائیو اور بہنو:
-
اپنے آسمانی باپ کو پہچانیں۔ وہ کامِل اور شفِیق ہے۔
-
جانیں کہ یِسُوع مسِیح کون ہے۔۳۰ وہ ہمارا مُنجّی اور مُخلصی دینے والا ہے۔ خُود کو اور اُن کو جِن سے آپ محبّت کرتے ہیں اُس کے ساتھ باندھیں۔
-
اور جانیں کہ آپ کون ہیں۔ اپنی حقیقی الہٰی شناخت کو پہچانیں۔ خُدا کی خُوشی کا منصوبہ آپ کے لِیے ہے۔ آپ اُس کے قیمتی بچّے ہیں اور آپ کی بُہت قدر ہے۔ وہ آپ کو جانتا اور پیار کرتا ہے۔
اِن سادہ لیکن بُنیادی سچّائیوں کی گواہی مَیں یِسُوع مسِیح کے نام پر دیتا ہُوں، آمین۔