تبلیغی خِدمت نے میری زِندگی کو دائمی برکت سے نوازا
مَیں دُعا کرتا ہُوں کہ آپ نوجوان لڑکے اور نوجوان لڑکیاں اور آپ کے والدین دیکھیں گے اور جانیں گے کہ تبلیغی خِدمت آپ کو تاحیات کیسے برکت دے گی۔
صدر نیلسن، تبلیغی خِدمت کے بارے میں اِس نصِیحت کو دوبارہ بیان کرنے کے لیے آپ کا شُکریہ۔
بھائیو اور بہنو، کئی برس پہلےجب میں مجلِسِ عامہ میں وعظ کررہا تھا میری بائیں آنکھ کی نظراچانک بہت خراب ہوگئی اور اِس میں کالا موتیا اُتر آیا، جو بعد میں بگڑ گیا اور اِس آنکھ سے بِینائی تقریباً جاتی رہی۔
جب مَیں اِس مُصِیبت سے دوچار ہُوا، تو دُوسری قسم کی بِینائی کے لِیے پہلے سے زیادہ شُکرگُزار ہُوا، بشمول فہم و بصِیرت۔ جب مَیں نے پِیچھے مُڑ کر اپنی زِندگی پر نظر ڈالی تو، مَیں نے بعض اَیسے تجربات پائیں ہیں جنھوں نے کایا پلٹ دی۔ اُن تجربات میں سے ایک یہ ہے کہ اِنگلستان میں بحیثیتِ نوجوان میری کُل وقتی تبلیغی خِدمت میری زِندگی میں بڑی برکت کا باعث بنی اور میرے رُوحانی مُقدر کی صُورت گری کی۔
مَیں نے اِس بات پر غور کیا ہے کہ کس طرح ۱۹۳۰ کی دہائی کے دی گریٹ ڈِپریشن سے وابستہ اِقتصادی مسائل نے میرے والدین اور ہمارے خاندان کو بدقسمتی کی طرف موڑ ڈالا۔ میرے والد اُس مُشکل دَور میں اپنے گاڑیوں کے شو رُوم کو بچانے اور خاندان کی کفالت میں اِس قدر مشغُول ہو گئے کہ تھوڑے عرصہ تک میرے والدین چرچ نہیں گئے تھے۔
اگرچہ ہم خاندان کی حیثیت سے کلِیسیائی عِبادات میں شرِیک نہیں ہوتے تھے، اَلبتہ مَیں کبھی کبھار اپنے دوستوں کے ساتھ شرکت کے لیے چلا جاتا تھا۔
اُن دِنوں، تبلیغ پر جانا میرے ذہن میں تھا، لیکن یہ کوئی ایسی چیز نہیں تھی جس کے بارے میں مَیں نے اپنے والدین سے بات کی تھی۔
جب کالج میں تھے تو، مَیں نے اور کئی دوستوں نے تبلیغی خِدمت پر جانے کا فیصلہ کیا۔ اپنے اُسقُف کے ساتھ مِل کر، مَیں نے اپنی تبلیغ کی درخواست اُس وقت بھری جب میرے والدین شہر سے باہر گئے ہُوئے تھے۔ جب میرے والدین واپس آئے تو مَیں نے اُنھیں یہ خبر سُنا کر حیران کر دیا کہ مجُھے برطانیہ میں تبلیغی خِدمت کرنے کے لیے بُلاہٹ مِل گئی ہے۔ مَیں اِس فیصلے کے لیے اُن کی پُرجوش حمایت کے لیے شُکر گُزار ہُوں، اور پُرخلُوص دوستوں کا جنھوں نے خِدمت کرنے کا فیصلہ کرنے میں میری مدد کی تھی۔
میری تبلیغی خِدمت نے مُجھے زیادہ بہتر شوہر اور باپ بننے اور کاروبار میں کامیاب ہونے کے لیے تیار کیا۔ اِس نے مُجھے خُداوند کی کلِیسیا میں تاحیات خِدمت کے لیے بھی تیار کیا تھا۔
اپریل ۱۹۸۵ کی مجلِسِ عامہ میں، مُجھے کہانتی نِشست میں کلام کرنے کے لیے مُقرّر کیا گیا تھا۔ میرا پیغام نوجوانوں کے لِیے تھا۔ میرا پیغام مُبلغ کی حیثیت سے خِدمت کرنے کی تیاری کے حوالے سے تھا۔ مَیں نے کہا، ”اپنی کلِیسیائی ذمہ داریوں کو پُورا کرنے کے لیے مَیں نے جتنی بھی تربیت حاصل کی ہے، اُن میں سے کوئی بھی میرے لیے اِس تربیت سے زیادہ اہم نہیں تھی جو مَیں نے اُنیس برس کے مُبلغ کی حیثیت سے حاصل کی جب کُل وقتی تبلیغی خِدمت کر رہا تھا۔“۱
خُداوند آپ کو جانتا ہے۔ جب آپ اپنی تبلیغی خِدمت انجام دے رہے ہوتے ہیں، تو آپ کو تجربات ہوں گے جو خُدا کو بہتر طور پر جاننے میں مدد کریں گے۔ اُس کی خِدمت میں رُوحانی طور پر ترقی پائیں گے۔ اُس کے نام پر، دُوسروں کی خدمت کے فرائض انجام دینے کے لیے آپ کو بھیجا جائے گا۔ وہ آپ کو رُوحُ القُدس کی ترغِیبات کے تجربات عطا کرے گا۔ خُداوند آپ کو اپنے نام سے تعلیم دینے کا اِختیار دے گا۔ آپ اُسے دِکھا سکتے ہیں کہ وہ آپ پر بھروسا کر سکتا ہے اور آپ پر انحصار بھی کر سکتا ہے۔
صرف پانچ ماہ پہلے، بُزرگ جیفری آر ہالینڈ اور بُزرگ کوینٹن ایل کُک، جنھوں نے برٹش آئلز میں مُبلغین کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دی تھیں، اِس خُوب صُورت مُلک میں اَرکان اور مُبلغین سے مُلاقات کے لیے میرے ہم راہ ہُوئے۔ جب وہاں تھے تو، مَیں نے نوجوان مُبلغ کی حیثیت سے اپنے تجربات پر سوچ بچار کیا۔ مَیں گواہی دیتا ہُوں کہ میری تبلیغ ہی ہے جہاں میں نے یہ معرفت پائی کہ میرا آسمانی باپ اور میرا نجات دہندہ یِسُوع مسِیح مُجھے جانتے ہیں اور مجُھ سے محبّت کرتے ہیں۔
مُجھے دو حیرت انگیزتبلیغی صُدور، صیلوائے جے بوائیر اور سٹینر رِچرڈز کے ساتھ ساتھ اُن کی پُرجوش ہم خِدمت گُزارگلاڈس بوئر اور جین رچرڈ۔ ماضی میں جھانکتے ہُوئے، مَیں اور بھی زیادہ صاف صاف دیکھ سکتا ہُوں کہ اُنھوں نے مُجھ پر بھروسا کِیا اور مُجھ سے اُلفت دِکھائی۔ اُنھوں نے مُجھے اِنجِیل کی تعلیم دی۔ اُنھیں مجھ سے بہت توقعات تھیں۔ اُنھوں نے مُجھے بہت سے مُشکل فرائض سونپے اور قیادت کے مواقع فراہم کیے تاکہ مُجھے ترقی کرنے اور تا حیات خِدمت کی تیاری میں مدد ملے۔
مَیں نے اپنی پیاری اَہلیہ باربرا، اور اپنے بچّوں کے ساتھ کینیڈا کے ٹورنٹو تبلیغی حلقے کی صدارت کے لیے صدر اسپینسر ڈبلیو کِمبل کی طرف سے بُلاہٹ پانے پر بھی غَور و فِکر کیا۔ صدر کِمبل نے ہمیں اپریل ۱۹۷۴میں خِدمت کی بُلاہٹ عطا کی، اِس کے فوراً بعد اُس نے اپنا اِلہامی تبلیغی پیغام دیا جس کا عُنوان تھا ”دُنیا کب رُجُوع لائے گی۔“۲ اِس پیغام میں صدر کِمبل نے اپنے اِلہام کی وضاحت فرمائی کہ کس طرح اِنجِیل کو ساری دُنیا تک پُہنچایا جائے گا۔ اُس نے دُنیا بھر سے بہت سے مُبلغین بُلاہٹ عطا فرمائی۔ اُس نے ہمیں خُداوند کے فرمان کی یاد دِلائی کہ ’’ہر آدمی … اور زمِین کے باشِندوں تک تنبیہ کی آواز بُلند کرے۔‘‘۳ نوجوان لڑکوں سے تبلیغی خِدمت انجام دینے کی اُمِید کے بارے میں صدر کِمبل کی تعلیم پُوری دُنیاکے ہر گھر میں موضُوعِ گُفت گو بن گئی۔ وہ اُمِید تبدیل نہیں ہُوئی۔ مَیں شُکرگُزار ہُوں کہ صدر نیلسن نے بھی آج صبح خُداوند کی اُس اُمِید کی مزید توثیق فرمائی ہے۔
تقریباً ۱۰ برس بِیت چُکے ہیں جب صدر تھامس ایس مانسن نے نوجوان لڑکوں اور دُختران کے لیے تبلیغی عُمر کم کرنے کا اِعلان فرمایا۔۴ میری نظر میں، اِس تبدیلی کی بُنیادی وجہ ہمارے نوجوانوں کو مُبلغ کی حیثیت سے خِدمت کرنے کا زِندگی بدلنے والا موقع فراہم کرنا تھا۔
خُداوند یِسُوع مسِیح کے رسُول کی حیثیت سے، مَیں اب آپ نوجوان لڑکوں سے—اور اُن نوجوان لڑکیوں سے جو تبلیغی خدمت کرنا چاہتی ہیں—اِس تبلیغی خدمت کے بارے میں اپنے والدین سے بات کرنے کے لیے ابھی سے آغاز کریں۔ مَیں آپ کو یہ دعوت بھی دیتا ہُوں کہ اپنے دوستوں سے تبلیغی خدمت کے بارے میں بات کریں، اور اگر آپ کے دوستوں میں سے کسی کو خدمت کرنے کے بارے میں یقین نہیں ہے، تو اُن کی حوصلہ افزائی کریں کہ وہ اپنے اُسقُف سے بات کریں۔
اپنے آپ سے اور آسمانی باپ سے عہد کریں کہ آپ تبلیغی خدمت کریں گے اور اِس وقت سے آپ اپنے دِلوں، نِیّتوں، اور ہاتھوں کو پاک اور لائق رکھنے کی کوشش کریں گے۔ یہ بڑھ کر یسوع مسیح کی انجیل کی بحالی کی مضبوط گواہی بن چکی ہے۔مَیں آپ کو یِسُوع مسِیح کی بحال شُدہ اِنجِیل کی ٹھوس گواہی حاصل کرنے کی دعوت دیتا ہُوں۔
اِن ہونہار نوجوانوں کے والدین، اِس تیاری کے طریقِ عمل میں آپ کا اہم کردار ہے۔ آج ہی سے اپنے بچّوں سے تبلیغی خِدمت کی بابت بات چِیت کرنا شُروع کریں۔ ہم جانتے ہیں کہ ہمارے نوجوان لڑکوں اور نوجوان لڑکیوں کی تیاری میں مدد کرنے کے لیے خاندان کا سب سے گہرا اثرورسُوخ ہوتا ہے۔
اگر آپ تبلیغی خِدمت کے لیے عمر کے دائرے میں ہیں لیکن وبائی امراض یا دیگر وجُوہات کی وجہ سے آپ نے ابھی تک تبلیغی خدمت انجام نہیں دی ہے تو، مَیں آپ کو اِسی وقت خِدمت کرنے کی دعوت دیتا ہُوں۔ اپنے اُسقُف سے بات کریں، اور خُداوند کی خِدمت کے لیے تیار ہوں۔
مَیں اُسقُف صاحبان آپ کی حوصلہ افزائی کرتا ہُوں کہ اُن سب نوجوان لڑکوں اور جوان لڑکیوں کی خدمت انجام دینے کی تیاری میں مدد کریں جو تبلیغ کی عمر کے قریب ہیں، اور مَیں اُسقُف صاحبان آپ کو ہدایت دیتا ہُوں کہ وہ اُن کو دُھونڈیں جن کی عُمر تو ہو چُکی ہے لیکن اُنھوں نے ابھی تک خِدمت انجام نہیں دی ہے۔ ہر نوجوان کو مُبلغ بننے کی دعوت دیں، اور ساتھ ہی ہر نوجوان لڑکی کو جو خدمت انجام دینا چاہتی ہے۔
اِس وقت جو خِدمت میں مشغُول مُبلغین ہیں، ہم آپ کا شُکریہ ادا کرتے ہیں۔ آپ کی تبلیغ عالمی وبا کے دوران میں رہی ہے۔ نتیجاً، آپ کی تبلیغ کا تجربہ میری تبلیغ کے تجربے یا ۲۰۲۰سے پہلے تبلیغی خدمات انجام دینے والے کسی بھی مُبلغ کے تجربے سے مُختلف ہو سکتا رہا ہوگا۔ مَیں جانتا ہُوں کہ یہ آسان نہیں تھا۔ بلکہ اِن مشکل حالات میں بھی، خُداوند کے پاس آپ کے لیے مُنفرد فرض تھا، اور آپ نے اُسے شان دار انداز سے انجام دیا ہے۔ مثال کے طور پر، آپ نے اُن لوگوں کو تلاش کرنے کے لیے نئے طریقوں سے ٹیکنالوجی کا اِستعمال کیا ہے جو یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کی بحالی کے بارے میں جاننے کے لیے تیار ہیں۔ جب آپ نےجاں فشانی سے اور اپنی صلاحیتوں کے مُطابق خِدمت انجام دی ہے تو، مَیں جانتا ہُوں کہ خُداوند آپ کی کوشش سے خُوش ہے۔ مَیں جانتا ہُوں کہ آپ کی خِدمت آپ کی زِندگی میں برکت کا باعث ہو گی۔
جب آپ تبلیغ سے فارغ ہوتے ہیں، تو یاد رکھیں کہ آپ کلِیسیا کی دیگر ذمہ داریوں سے فارغ نہیں کِیے گئے۔ اپنی تبلیغ کے دوران میں سیکھی ہُوئی اچھی عادات کو پروان چڑھائیں، اپنی گواہی کو مضبُوط کرتے رہیں، محنت کریں، دُعا کریں، اور خُداوند کی فرمان برداری کریں۔ جو عہُود آپ نے کیے ہیں اُن کا احترام کریں۔ دُوسروں کو برکت دیتے رہیں اور خدمت کرتے رہیں۔
مَیں دُعا کرتا ہُوں کہ آپ نوجوان لڑکے اور نوجوان لڑکیاں اور آپ کے والدین دیکھیں گے اور جانیں گے کہ تبلیغی خِدمت آپ کو تاحیات کیسے برکت دے گی۔ ہو سکتا ہے کہ آپ اپنے ذہنوں میں جانیں اور اپنے دِلوں میں اِس دعوت کی قُدرت کو محسُوس کریں جو خُداوند نے مضایاہ کے جاں نِثار مُبلغ بیٹوں کو عطا کی تھی۔ اُس نے فرمایا، ”آگے بڑھو … اور میرے کلام کو قائم کرو؛ اپنے دُکھوں کو صبر اور تحمل سے برداشت کرو، تاکہ تُمھارا نیک چال چلن ظاہر ہو … مُجھ میں رہتے ہُوئے، اور مَیں تُمھیں بُہتیری جانوں کی نجات کے واسطے اپنے ہاتھوں میں وسِیلہ بناؤں گا۔“۵
خُدا کلیسیا کے نوجوانوں کو برکت دے جو اُس کی تیاری اور خدمت کرنے کی خواہش رکھتے ہیں یہ میری عاجزانہ دعا ہے، جو میں آج صبح خُداوند یسوع مسیح کے مقدس نام میں پیش کرتا ہوں، آمین۔