۲۰۱۰–۲۰۱۹
خالص محبت: یسوع مسیح کے ہر حقیقی شاگرد کا سچا نشان
اپریل ٢٠١٨


خالص محبت: یسوع مسیح کے ہر حقیقی شاگرد کا سچا نشان

یسوع مسیح کی انجیل کا دارومدار باپ اور نجات دہندہ کی محبت اور ان کے لئے اور ایک دوسرے کے لئے ہماری محبت پر مبنی ہے۔

ہم صدر تھامس ایس۔ مانسن سے محبت کرتے اور انہیں یاد کرتے ہیں، اور ہم صدر رسل ایم۔ نیلسن کو سہارا دیتے اور ان سے محبت رکھتے ہیں۔ صدر نیلسن کا میرے دل میں ایک خاص مقام ہے۔

جب میں ایک نوجوان باپ تھا تو، ہمارا چھوٹا بیٹا، جو پانچ برس کا تھا، ایک دن اسکول سے گھر واپس آیا اور اس نے اپنی ماں سے پوچھا کہ، ”والد صاحب کیا کام کرتے ہیں؟“ اِس کے بعد اُس نے وضاحت کی کہ اسکے نئے ہم جماعت طالب علموں نے اپنے والدوں کی ملازمتوں کے بارے میں بحث کرنا شروع کر دی تھی۔ ایک نے کہا کہ اس کا باپ شہر کی پولیس کا سربراہ ہے، جبکہ ایک دوسرے نے بڑے فخر سے کہا کہ اُس کا باپ ایک بڑی کمپنی کا سربراہ ہے۔

لہذا جب اس کے والد کے بارے میں پوچھا گیا، تو میرے بیٹے نے بس یہ کہا کہ، ”میرا باپ ایک دفتر میں کمپیوٹر پر کام کرتا ہے۔“ اس کے بعد، یہ اندازہ لگاتے ہوئے کہ اس کے جواب نے اسکے نئے چھوٹے دوستوں کو زیادہ متاثر نہیں کیا، تو اس نے مزید کہا کہ، ”اور اتفاقيہ طور پر، میرا باپ کائنات کا سربراہ ہے۔“

مجھے لگتا ہے کہ اس کے بعد گفتگو ختم ہوگئی۔

میں نے اپنی بیوی کو بتایا، ”اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اُسے نجات کے منصوبے کے بارے میں مزید اور تفصیلات سکھائیں اور یہ کہ حقیقی انچارج کون ہے۔“

لیکن جب ہم نے اپنے بچوں کو نجات کے منصوبے کے بارے میں تعلیم دی، اور انہوں نے سیکھا کہ یہ محبت کا ایک منصوبہ ہے تو آسمانی باپ اور نجات دہندہ کے لئے ان کی محبت بڑھی۔ یسوع مسیح کی انجیل کا دارومدار باپ اور نجات دہندہ کی محبت اور ان کے لئے اور ایک دوسرے کے لئے ہماری محبت پر مبنی ہے۔

ایلڈر جیفری آر. ہالینڈ نے کہا: ”کُل ابدیت کا پہلا عظیم حکم یہ ہے کہ ہم خُدا سے اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان اوراپنی ساری عقل اور اپنی ساری طاقت سے محبّت رکھیں. یہ پہلا عظیم حکم ہے۔ لیکن کُل ابدیت کا پہلا عظیم سچ یہ ہے کہ خُدا نے ہم سے اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان اوراپنی ساری عقل اور اپنی ساری طاقت سے محبّت رکھی۔ یہ محبت ابدیت کی سنگِ بنیاد ہے، اور یہ ہماری روزمرہ زندگی کی بھی سنگِ بنیاد ہونی چاہئے۔“1

ہماری روزمرہ زندگی کی سنگِ بنیاد ہوتے ہوئے، خالص محبت یسوع مسیح کے ہر حقیقی شاگرد کے لئے ضروری ہے۔

نبی مورمن نے سیکھایا، ”پس، میرے پیارے بھائیو، دل کی ساری طاقت کے ساتھ باپ سے دعا کرو، تاکہ تم اس کی محبت سے بھر جاؤ، جو اس نے ان سب کو عطا کی ہے، جو اُسکے بیٹے یسوع مسیح کے سچے پیروکار ہیں۔“2

محبت یقینا یسوع مسیح کے ہر حقیقی شاگرد کا سچا نشان ہے۔

حقیقی شاگرد بڑی چاہت سے خدمت کرتے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ خدمت کرنے سے سچے پیار اور اُس عہد کا اظہار ہوتا ہے جو انہوں نے بپتسمہ کے وقت باندھا تھا۔3 چرچ میں انکی بلاہٹوں یا کمیونٹی میں ان کے کردار کے قطع نظر، وہ خداوند اور ایک دوسرے کیلئے محبت اور خدمت کرنے کی ایک بڑھتی ہوئی خواہش محسوس کرتے ہیں۔

حقیقی شاگرد بڑی چاہت سے معاف کرتے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ نجات دہندہ کا کفارہ ہم میں سے ہر ایک کے تمام گناہوں اور غلطیوں کا احاطہ کرتا ہے۔ وہ جانتے ہیں کہ ادا کی گئی قیمت ایک ”محتوی قیمت“ ہے۔ جو گناہوں، غلطیوں، اور خطاؤں سے متعلقہ روحانی ٹیکس، فیس، کمیشن، اور اُجرَت تمام کا احاطہ کرتی ہے۔ سچا شاگرد جلدی معاف کرتا اور جلدی معافی مانگتا ہے۔

میرے پیارے بھائیوں اور بہنوں، اگر آپ معاف کرنے کے لئے طاقت جمع کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں، تو یہ خیال نہ کریں کہ دوسروں نے آپ کے ساتھ کیا کیا، بلکہ اس بارے میں سوچیں کہ نجات دہندہ نے آپ کے لئے کیا کیا، اور آپ اس کے کفارے کی مستثنی برکتوں میں امن پائیں گے۔

حقیقی شاگرد بڑی چاہت سے اپنے دل میں امن کے ساتھ خود کو خداوند کے سپرد کر دیتے ہیں۔ وہ فروتن اور فرمانبردار ہوتے ہیں کیونکہ وہ اس سے محبت کرتے ہیں۔ وہ اسکی مرضی کو مکمل طور پر قبول کرنے کا ایمان رکھتے ہیں، نہ صرف کہ کیا بلکہ کیسے اور کب۔ سچے شاگردوں کو معلوم ہے کہ حقیقی برکات ہمیشہ وہ نہیں ہوتیں جو کہ وہ چاہتے ہیں بلکہ وہ جو خداوند اُن کے لئے چاہتا ہے۔

سچے شاگرد دنیا سے زیادہ خداوند سے پیار کرتے ہیں اور اپنے ایمان میں ثابت قدم اور غیر متحرک ہوتے ہیں۔ وہ اِس بدلتی اور الجھی ہوئی دنیا میں مضبوط اور ثابت قدم رہتے ہیں۔ سچے شاگرد روح اور نبیوں کی آواز سننا پسند کرتے ہیں اور دنیاوی آوازوں سے پریشان نہیں ہوتے۔ سچے شاگرد ”مقدس جگہوں پر رہنا“ پسند کرتے ہیں4 اور ان مقامات کو مقدس بنانا پسند کرتے ہیں جہاں وہ رہتے ہیں۔ جہاں کہیں وہ جاتے ہیں، خداوند کی محبت اور امن دوسروں کے دلوں تک پہنچاتے ہیں۔ سچے شاگردوں کو خداوند کے حکموں کی فرمانبرداری کرنا پسند ہے، اور وہ فرمانبرداری اس لئے کرتے ہیں کیونکہ وہ خداوند سے محبت رکھتے ہیں۔ جب وہ محبت رکھتے اور اپنے عہود کو پورا کرتے ہیں، تو ان کے دلوں کی تجدید ہوتی ہے اور ان کی فطرت میں تبدیلی آتی ہے۔

خالص محبت یسوع مسیح کے ہر حقیقی شاگرد کا سچا نشان ہے۔

میں نے اپنی ماں سے خالص محبت کے بارے میں سیکھا۔ وہ چرچ کی ایک رکن نہیں تھی۔

ایک دن کئی سال پہلے، میں اپنی ماں کو ملنے کیلئے گیا، جو کینسر کی بیماری کیساتھ جدوجہد کررہی تھی۔ میں جانتا تھا کہ وہ مر جائیں گی، مگر مجھے یہ فکر تھی کہ وہ بہت تکلیف میں ہیں۔ میں نے کچھ بھی نہیں کہا، لیکن وہ مجھے اچھی طرح سے جانتی تھیں، انہوں نے کہا، ”میں دیکھتی ہوں کہ تم بہت فکرمند ہو۔“

پھر مجھے تعجب ہوا، جب انہوں نے ایک کمزور آواز میں مجھ سے پوچھا، ”کیا تم مجھے دعا کرنا سِکھا سکتے ہو؟ میں تمہارے لئے دعا کرنا چاہتی ہوں۔ میں جانتی ہوں کہ تم ’پیارے آسمانی باپ،‘ کہہ کر شروع کرتے ہو، لیکن اسکے بعد مجھے کیا کہنا چاہیے؟ “

جب میں نے انکے بستر کے پاس گھٹنے ٹیکے اور انہوں نے میرے لئے دعا کی، تو میں نے وہ پیار محسوس کیا جو اس سے پہلے کبھی محسوس نہیں کیا تھا۔ یہ سادہ، سچا، خالص پیار تھا۔ اگرچہ وہ نجات کے منصوبہ کے بارے میں نہیں جانتی تھیں، مگر انکے دل میں انکا ذاتی محبت کا منصوبہ تھا، اپنے بیٹے کے لئے ماں کی محبت کا منصوبہ۔ وہ بہت تکلیف میں تھیں، یہاں تک کہ دعا مانگنے کی طاقت کے لئے بھی جدوجہد کر رہی تھیں۔ میں انکی آواز بھی سن نہیں پا رہا تھا، لیکن میں نے انکی محبت کو یقینی طور پر محسوس کیا۔

مجھے اپنی یہ سوچ یاد ہے کہ، ”کوئی کیسے اتنی دردناک حالت میں کسی اور کیلئے دعا کرسکتا ہے؟ وہ خود ضرورت مند ہیں۔“

پھر اسکا جواب میرے ذہن میں واضح طور پہ آیا: خالص محبت۔ وہ مجھ سے اتنا پیار کرتی تھیں کہ انہوں نے خود کو بھولا دیا۔ اپنے شدید کٹھن وقت میں، انہوں نے مجھے خود سے زیادہ پیار کیا۔

اب، عزیز بھائیو اور بہنوں، کیا یہ ویسا نہیں ہے جیسا نجات دہندہ نے کیا؟ بے شک، ابدی اور بہت وسیع نقطہ نظر میں۔ لیکن اپنے اذیت ناک درد کے دوران، اس رات باغ میں، وہ جسے مدد کی زیادہ ضرورت تھی، ایسی تکلیف برداشت کرتے ہوئے کہ جو ہم تصور بھی نہیں کر سکتے ہیں اور نہ ہی سمجھ سکتے ہیں۔ لیکن آخر میں، وہ اپنے آپ کو بھول گیا اور ہمارے لئے دعا کی جب تک کہ اس نے پوری قیمت ادا نہ کی۔ وہ ایسا کیسے کر پایا؟ باپ، جس نے اسے بھیجا، اور ہمارے لئے اس کی خالص محبت کی وجہ سے۔ اس نے باپ اور ہم سے خود سے زیادہ محبت رکھی۔

اس نے اس چیز کی ادائیگی کی جو اس نے کی ہی نہیں تھی۔ اس نے اُن گناہوں کی ادائیگی کی جو اس نے کیے ہی نہیں تھے۔ کیوں؟ خالص محبت۔ مکمل قیمت ادا کرنے کے بعد، اسے اختیار حاصل ہوا کہ اگر ہم توبہ کریں تو وہ ہمیں اپنی ادا کی گئی برکتیں پیش کرسکتا ہے۔ اُس نے یہ پیشکش کیوں کی؟ دوبارہ، اور ہمیشہ، خالص پیار۔

خالص محبت یسوع مسیح کے ہر حقیقی شاگرد کا سچا نشان ہے۔

صدر تھامس ایس۔ مانسن نے کہا: ”کاش ہم اب، اِسی دن سے، خدا کے تمام بچوں کے لئے محبت کا اظہار کرنا شروع کر دیں، چاہے وہ ہمارے خاندان کے ارکان، ہمارے دوست، محض جاننے والے، یا بالکل اجنبی ہوں۔ جب ہم ہر صبح اٹھیں، تو آئیں ہم تعین کریں کہ جو کچھ بھی ہمارے راستے میں آئیگا اسکا جواب ہم محبت اور مہربانی کیساتھ دیں گے۔“5

بھائیوں اور بہنوں، یسوع مسیح کی انجیل محبت کی انجیل ہے۔ سب سے بڑا حکم محبت کے بارے میں ہے۔ میرے لئے، یہ سب محبت کے بارے میں ہے۔ باپ کی محبت، جس نے ہمارے لئے اپنے بیٹے کو قربان کر دیا۔ نجات دہندہ کی محبت، جس نے ہم سب کیلئے اپنی قربانی دی۔ ایک ماں یا ایک باپ کی محبت جو اپنے بچوں کے لئے کچھ بھی قربان کرسکتی یا سکتا ہے۔ ان لوگوں کی محبت جو خاموشی سے خدمت کرتے ہیں اور ہم میں سے بہت سے انہیں نہیں جانتے لیکن خداوند اُن سے باخوبی واقف ہے۔ ان لوگوں کی محبت، جو سب کو معاف کرتے ہیں اور ہمیشہ معاف کرتے ہیں۔ ان لوگوں کی محبت، جو اپنے حاصل سے زیادہ دیتے ہیں۔

میں اپنے آسمانی باپ سے پیار کرتا ہوں۔ میں اپنے نجات دہندہ سے پیار کرتا ہوں۔ میں انجیل سے پیار کرتا ہوں۔ میں اِس کلیسیاء سے پیار کرتا ہوں۔ میں اپنے خاندان سے پیار کرتا ہوں۔ میں اِس شاندار زندگی سے پیار کرتا ہوں۔ میرے لئے، یہ سب محبت کے بارے میں ہے۔

کاش یہ نجات دہندہ کی قیامت کا یادگار دن ہم میں سے ہر ایک کیلئے روحانی تجدید کا دن ہو۔ کاش یہ دن پیار سے بھری ہوئی زندگی کا آغاز، ”ہماری روزمرہ زندگی کی سنگِ بنیاد“ ہو۔

کاش ہمارے دل مسیح کی خالص محبت سے بھر جائیں، جو یسوع مسیح کے ہر حقیقی شاگرد کا سچا نشان ہے۔ یہ میری دعا ہے یسوع مسیح کے نام میں، آمین۔

شائع کرنا