مجلسِ عامہ
اسقف صاحبان—خُداوند کے گلّے کے چوپان
مجلسِ عامہ اپریل ۲۰۲۱


اسقف صاحبان—خُداوند کے گلّے کے چوپان

ابھرتی نسل کی یِسُوع مسِیح کی جانب رہنمائی کرنے میں بطور چوپان، اُسقف کا کارِ منصبی انتہائی اہم ہے۔

کہانت میں میرے عزیز بھائیو، ایک ہر دل عزیز گیت کی یادگار سطر میں پوچھا گیا ہے، ”کیا صیون کے نوجوان لڑکھڑا جائیں گے؟“۱ اس سوال کا میرا دلی اور پُر وثوق جواب ہے، نہیں!“

یقینی بنانے کے لیے کہ میرا جواب سچا ثابت ہو، میں آج گواہی دیتا ہوں کہ غیر معمولی مشکلات اور آزمائشوں کے وقت میں آسمانی باپ کی طرف سے ابھرتی نسل کی حمایت کی بنیادی ذمہ داری والدین اور اُسقفیہ کے سپُرد کی گئی ہے۔۲ اُسقفیہ کی اہمیت ظاہر کرنے کے لیے میں اپنا ایک ذاتی تجربہ بتانا چاہتا ہوں۔

جب میں ڈیکن تھا، تو میرا خاندان ایک نئے گھر میں شفٹ ہوا جو ایک نئی وارڈ میں تھا۔ میں ساتویں جماعت شروع کر رہا تھا سو میرا سکول بھی نیا تھا۔ ڈیکن کورم میں نوجوان لڑکوں کا ایک بڑا ہی شاندار گروہ تھا۔ اُن میں سے زیادہ تر کے والدین کلیسیا کے سرگرم رکن تھے۔ میری والدہ مکمل طور پر سرگرم تھیں؛ میرے والد صاحب ہر لحاظ سے قابلِ تعریف تھے لیکن سرگرم رکن نہیں تھے۔

اُسقفیہ میں مشیر دوئم،۳ بھائی ڈین آئر بڑے ہی مخلص رہنما تھے۔ میں نئی وارڈ میں ابھی پیر ہی جما رہا تھا کہ بیئر جھیل پر باپ-بیٹوں کے لیے ایک پروگرام کا اعلان کیا گیا—جو تقریباً ۴۰ میل (۶۵ کلو میٹر) دور تھی۔ میرا خیال تھا کہ اپنے والد کے بغیر میں نہیں جاؤں گا۔ لیکن بھائی آئر نے جانے کے لیے مجھے خاص دعوت دی۔ اُنہوں نے میرے والد کے بارے میں انتہائی اچھے اور با عزت الفاظ میں بات کی اور میرے لیے ڈیکن کورم کے دیگر ارکان کے ساتھ ہونے کے موقع کی اہمیت پر زور دیا۔ سو میں نے بھائی آئر کے ساتھ جانے کا فیصلہ کیا اور میرا جانا بہت ہی اچھا رہا۔

نوجوانوں کی سرپرستی اور نمو میں اُسقفیہ کی طرف سے والدین کی حمایت کرنے کی ذمہ داری کو پورا کرنے میں بھائی آئر مسِیح مانند محبت کی شاندار مثال تھے۔ اُنہوں نے مجھے اِس نئی وارڈ میں بہت اچھا آغاز مہیا کیا اور میرے لیے ناصح کا کردار بھی نبھایا۔

۱۹۶۰ میں میرے مشن پر جانے سے چند ماہ پہلے بھائی آئر ۳۹ سال کی عمر میں کینسر کی وجہ سے وفات پا گئے۔ اُن کے لواحقین میں بیوی اور پانچ بچے شامل تھے، بچوں کی عمریں ۱۶ سال سے کم تھیں۔ اُن کے بڑے بیٹوں، رچرڈ اور کرِس آئر نے مجھے یقین دلایا ہے کہ اُن کے والد کی غیر موجودگی میں اُسقفیہ نے اُن کی اور اُن کے چھوٹے بھائی اور بہن کی مدد اور نگہبانی کی ہے، جس کے لیے میں شکر گزار ہوں۔

اپنے خاندانوں کے لیے بنیادی ذمہ داری تو ہمیشہ والدین ہی کی ہو گی۔۴ کورم کی صدارتیں بھی کورم کے ارکان کو ضروری حمایت اور رہنمائی مہیا کر کے اُن کی مدد کرتی ہیں کہ وہ ہارونی کہانت کے فرائض اور قوت کو رفعت دے کر اُن کی زندگیوں میں مرکزی بنا دیں۔۵

شبیہ
چوپان بھیڑوں کے ساتھ

آج میرا مقصد اُسقف صاحبان اور اُن کے مشیروں پر توجہ مرکوز کرنا ہے جنہیں مناسب طور پر ”خُداوند کے گلہ کے نگہبان“ کہا جا سکتا ہے، اور میرا خاص زور ابھرتی نسل کے گلہ بان ہونے پر ہے۔۶ بڑی دلچسپ بات ہے کہ پطرس نے یِسُوع مسِیح کو ”روحوں کا گلہ بان اور نگہبان“۷ کہا ہے۔

حلقہ پر صدارت کرتے ہوئے اسقف کی پانچ بنیادی ذمہ داریاں ہوتی ہیں:

  1. وہ حلقے کا صدارتی اعلیٰ کاہن ہے۔۸

  2. وہ ہارونی کہانت کا صدر ہے۔۹

  3. وہ منصفِ عام ہے۔۱۰

  4. وہ نجات اور سرفرازی کے کام کو مربوط کرتا ہے جس میں ضرورت مندوں کی دیکھ بھال کرنا بھی شامل ہے۔۱۱

  5. اور وہ ریکارڈوں، مالی امور اور عبادت گاہ کے استعمال کی سرپرستی بھی کرتا ہے۔۱۲

بطور صدارتی اعلیٰ کاہن، اُسقف حلقے کا ”روحانی رہنما“ ہے۔۱۳ ”وہ یسوع مسیح کا وفادار شاگرد ہے۔“۱۴

مزید براں، ”اُسقف وارڈ میں نجات اور سرفرازی کے کام کو مربوط کرتا ہے۔“۱۵ اُسقف کو چاہیے کہ وہ انجیل کی تعلیم دینے، نئے اور واپس لوٹنے والے ارکان کو مضبوطی دینے، اور ہیکل اور خاندانی تاریخ کے کام کو ایلڈر کورم اور ریلیف سوسائٹی کی صدارتوں کی ذمہ لگائے۔۱۶ اُسقف اِس کام کو وارڈ کی مشاورتی مجلس اور وارڈ کی مشاورتی مجلس برائے جوانان میں مربوط کر سکتا ہے۔

بطور گلہ بان، ابھرتی نسل کی یِسُوع مسِیح کی جانب رہنمائی کرنا اُسقف کے مقدم کارِ منصبی میں سے ہے، ابھرتی نسل میں کنوارے بالغین بھی شامل ہیں۔۱۷ صدر رسل ایم نیلسن نے اُسقف اور اُس کے مشیروں کے بنیادی کردار پر زور دیا ہے۔ اُنہوں نے سِکھایا ہے کہ اُن کی ”اولین ذمہ داری [اپنے] حلقے میں نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کی دیکھ بھال کرنا ہے۔“۱۸ اُسقفیہ، حلقے میں بچوں اور نوجوانوں کی نگہبانی اور نمو میں والدین کی مدد کرتی ہے۔ اُسقف اور حلقے کی نوجوان خواتین کی صدر باہمی مشاورت کرتے ہیں۔ وہ پوری کوشش کرتے ہیں کہ وہ نوجوانوں کی برائے مضبوطیِ جوانان، میں بتائے معیار پر عمل کرنے، رسوم پانے کا اہل بنانے اور مقدس عہود باندھنے اور اُن پر قائم رہنے میں نوجوانوں کی مدد کریں۔

آپ سوال کر سکتے ہیں کہ ”اُسقف کو نوجوانوں پر اتنا وقت وقف کرنے کی ہدایت کیوں دی جاتی ہے؟“ خُداوند نے اہم ترجیحات کی تکمیل کے لیے اپنی کلیسیا کی تنظیم کی ہے۔ اِسی لیے اُس کی کلیسیا کی تنظیم کے ڈھانچے میں اُسقف کی دوہری ذمہ داری ہے۔ اُسقف، حلقے کی بطورِ کُل اعتقادی تعلیم کا ذمہ دار ہے، لیکن کاہنوں کے کورم کی اعتقادی تعلیم کی خصوصی ذمہ داری اُسی کے سپُرد ہے۔۱۹

نوجوان مرد جو کاہن ہیں اور اُسی عمر کی نوجوان خواتین اپنی زندگی اور نمو میں بڑے اہم موڑ پر ہوتے ہیں۔ اس مختصر عرصے میں وہ ایسے فیصلے کرتے ہیں جن کے نتائج اہم اور تاحیات رہنے والے ہوتے ہیں۔ اِسی وقت میں وہ فیصلہ کرتے ہیں کہ وہ ہیکل کے اہل ہوں گے، مشن پر خدمت کریں گے،۲۰ ہیکل میں بیاہ کے لیے کوشش کریں گے اور اپنی زندگی کے مقصد کو پورا کریں گے۔ جب یہ فیصلے ہو جاتے ہیں تو اِن کا اثر اُن کی باقی ماندہ روحانی اور عملی زندگی پر ہوتا ہے۔ اُسقف صاحبان، برائے مہربانی یہ جان لیں کہ نوجوان کاہنوں، نوجوان خواتین یا نوجوان بالغین کے ساتھ گزارا یہ نسبتاً مختصر وقت یِسُوع مسِیح کے کفارے کی بدولت اُن کو دستیاب قوت کو سمجھنے میں اُن کی مدد کرتا ہے۔ یہ اُن کو ایسا نقطہِ نگاہ مہیا کر سکتا ہے جس کا اُن کی پوری زندگی پر گہرا اثر ہو گا۔

شبیہ
بشپ موؔا ماہے اور اُن کے مشیر

ایسے اُسقف کی بہترین مثال جس نے اپنے نوجوانوں کو ایسا نقطہِ نگاہ پانے میں مدد کی ہو بشپ موؔا ماہے تھے۔ اُنہیں سان فرانسسکو میں ٹانگن حلقے کے پہلے اُسقف ہونے کی بلاہٹ ملی۔۲۱ وہ واواعُو، ٹانگا سے مہاجر تھے۔ اُن کا حلقہ سان فرانسسکو، کیلی فورنیا ایئرپورٹ کے پاس تھا، جہاں وہ کام کرتے تھے۔۲۲

شبیہ
ٹانگن حلقہ

اُن کی وارڈ میں نوجوانوں کی بڑی تعداد تھی جن میں سے زیادہ تر ایسے خاندانوں سے تھے جنہوں نے حال ہی میں امریکہ میں نقل مکانی کی تھی۔ بشپ ماہے نے نہ صرف کام اور کلام سے اُن کو تعلیم دی کہ یِسُوع مسِیح کے راسبتاز شاگرد کیسے بننا ہے بلکہ اُنہوں نے اُن کو یہ نقطہِ نگاہ بھی بخشا کہ وہ کیا بن سکتے ہیں اور ہیکل، مشن، تعلیم اور ملازمت کی تیاری میں اُن کی مدد کی۔ اُنہوں نے تقریباً آٹھ سال خدمت کی اور نوجوانوں کے لیے اُن کے خواب اور خواہشیں تعبیر ہوئیں۔

ہارونی کہانت کے کورم سے ۹۰ فیصد کے قریب نوجوانوں نے مشن پر خدمت کی۔ پندرہ نوجوان لڑکے اور لڑکیاں اپنے خاندانوں میں سے کالج جانے والے پہلے لوگ تھے۔۲۳ وہ جا کر مقامی ہائی سکول کے پرنسپل سے ملے (جو ہمارے عقیدے کے نہیں تھے) اور اُس سے دوستی کی اور اُس سے ساتھ مل کر کام کیا کہ بامعنی مقاصد کے حصول اور مسائل پر غالب آنے میں ہر نوجوان کی کیسے مدد کی جائے۔ پرنسپل نے مجھے بتایا کہ بشپ ماہے نے ہر عقیدے کے مہاجرین کے ساتھ، جنہیں مشکلات درپیش تھیں، کام کرنے میں اُس کی مدد کی۔ نوجوانوں کو پتہ تھا کہ بشپ اُنہیں عزیز رکھتے ہیں۔

افسوس کہ بطور بشپ خدمت کرتے ہوئے بشپ ماہے وفات پا گئے۔ میں اُن کے چھو لینے اور تحریک بخشنے والے جنازے کو کبھی نہیں بھُولوں گا۔ لوگوں کا بڑا ہجوم تھا۔ ۳۵ سے زائد پُر ایمان نوجوانوں کی کوائر تھی، جنہوں نے یا تو مشن پر خدمت کی تھی یا جو کالج جا رہے تھے اور جو بطور بشپ اُن کی خدمت کے دوران حلقے کے نوجوانوں میں شامل تھے۔ ایک خطیب نے اُن کے حلقے کے نوجوانوں اور نوجوان بالغین کی جانب سے قدر شناسی کے گہرے جذبات کا اظہار کیا۔ اُس نے بشپ ماہے کو اُس زاویہِ نگاہ کے لیے خراج تحسین پیش کیا جو اُنہوں نے زندگی اور راستباز خدمت کرنے میں تیاری کرنے کے لیے اُنہیں دیا تھا۔ لیکن سب سے اہم بات یہ تھی کہ بشپ ماہے نے خُداوند یِسُوع مسِیح پر ایمان کو اُن کی زندگی کی بنیاد بنانے میں اُن کی مدد کی تھی۔

نئے بشپ صاحبان، آپ جہاں بھی خدمت کر رہے ہیں، اپنے انٹرویو اور دیگر رفاقت میں آپ بھی اِسی طرح کا نقطہِ نگاہ مہیا کر سکتے اور یِسُوع مسِیح پر اِیمان کی تعمیر کر سکتے ہیں۔ آپ روئیوں کو بدلنے، زندگی کے لیے اُنہیں تیار کرنے کے لیے اور موعودہ راہ پر قائم رہنے کی قوی دعوتیں دے سکتے ہیں۔

مزید براں ممکن ہے کہ آپ کسی ایسے نوجوان کی مدد بھی کریں جو اپنے والدین کے ساتھ غیر اہم چیزوں کے بارے میں متصادم ہیں۔۲۴ ایسے وقت میں جب بچے اپنے والدین سے سب سے زیادہ متصادم ہوتے ہیں تو وہی شخص جو اُن کے کورم پر صدارت کرتا ہے اور جس کے سامنے وہ مذہبی طور پر جوابدہ ہوتے ہیں اُسی شخص کے پاس اُن کے والدین ہیکلی اجازت نامہ لینے کے لیے جاتے ہیں۔ اس وجہ سے بشپ بڑی ہی منفرد جگہ پر ہوتا ہے کہ جب تصادم تقسیم میں بدل جاتا ہے تو وہ نوجوانوں اور والدین دونوں کو مشاورت دے سکتا ہے۔ بشپ چیزوں کو ابدی تناظر میں بھی دیکھ سکتا ہے اور کم اہمیت کے معاملات، دونوں کو حل کر سکتا ہے۔ ہم یہ تجویز کرتے ہیں کہ اُسقف صاحبان کو خدمت گزاری کے لیے مخصوص خاندانوں کی ذمہ داری نہ دی جائے تا کہ وہ ایسے حالات میں اپنا وقت اور قوت نوجوانوں اور اُن کے خاندانوں پر صرف کر سکیں۔۲۵

میں ایک ایسے اُسقف کو جانتا ہوں جس نے ایک بیٹے اور اُس کے والدین کے درمیان شدید جھگڑے کا حل نکالا، اُن کے گھر میں ہم آہنگی کو جگہ دی اور انجیل کے ساتھ اُن کی وابستگی کو بہتر بنایا۔ اُسقف نے والدین کی یہ سمجھنے میں مدد کی کہ یسوع مسیح کے شاگرد بننے کی تگ و دو کرنا اس بات سے زیادہ ضروری ہے کہ گھر کے کام کیسے اور کب سر انجام دیے جاتے ہیں۔

نوجوانوں کے ساتھ مزید وقت گزارنے کے لیے، چاہے وہ کہیں بھی ہوں، بشمول سکول کے پروگرام کے، اُسقفیہ کو چاہیے کہ وہ بالغین کے ساتھ ملاقات اور مشاورت کے لیے مناسب تفویض کریں۔ گو کہ اُسقف صاحبان وقتی طور پر اور اہم معاملوں میں مشورت دے سکتے ہیں، ہم یہ تجویز کرتے ہیں کہ وہ درینہ اور کم اہم معاملات، جن میں راستبازی کی اہلیت کا فیصلہ نہ کیا جانا ہو، ایلڈر کورم اور ریلیف سوسائٹی کے ذمے سونپیں—عام طور پر صدارتوں اور خدمت گزار بھائیوں اور بہنوں کے سپُرد۔ رُوح رہنماؤں کی رہنمائی کرے گا۲۶ کہ ایسی مشورت دینے کے لیے درست رکن کا انتخاب کریں۔ وہ جو مشورت دینے کی یہ تفویض کردہ ذمہ داری پاتے ہیں، مکاشفے کے حقدار ہیں۔ ظاہر ہے کہ اُنہیں چاہیے کہ ذاتیات کو سختی سے در پردہ رکھیں۔

پُر فکر رہنماؤں نے ہمیشہ اُبھرتی نسل کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ اُسقفیہ کے ارکان یہاں ہی اپنی کلیسیائی خدمت کا زیادہ تر وقت صرف کرتے ہیں۔

اب میں نوجوانوں سے، اور اُس کے بعد اُسقف صاحبان سے چند باتیں کہنا چاہتا ہوں۔

ممکن ہے کہ آپ میں سے بہت سے قابلِ قدر نوجوانوں کو واضح طور پر پتہ نہ ہو کہ آپ کون ہیں اور کہاں تک پہنچ سکتے ہیں۔ اس کے باوجود آپ اپنی زندگی کے اہم ترین فیصلوں کی دہلیز پر ہیں۔ مہربانی سے اپنے والدین اور اُسقف دونوں کے ساتھ مستقبل میں آنے والے انتخابات کے بارے میں مشاورت کریں۔ اُسقف کواپنا دوست اور مشیر ہونے دیں۔

ہم جانتے ہیں کہ مشکلات اور آزمائشیں ہر سمت سے آپ پر حملہ کرتی ہیں۔ جیسا صدر نیلسن نے سکھایا ہے ہم سب کو روزانہ توبہ کرنے کی ضرورت ہے۔ برائے مہربانی ہر اُس معاملے کے بارے میں اپنے اُسقف سے بات کریں جس میں منصفِ عمومی خُداوند کے حضور آپ کی زندگی کو ترتیب میں لانے کے لیے آپ کی مدد کر سکتا ہے، اُس ”کارِ عظیم“ کے لیے تیار ہونے کے لیے جو خُداوند نے آخری زمانہ میں آپ کے لیے مقرر کر رکھا ہے۔۲۷ جیسا کہ صدر نیلسن نے دعوت دی ہے مہربانی سے اپنے آپ کو خُداوند کی نوجوان پلٹن کا حصہ بنانے کے لیے تیار کریں!۲۸

اب ہمارے گراں قدر اُسقف صاحبان کے لیے رہنماؤں اور ارکان کی طرف سے کچھ الفاظ۔ ہم آپ کے لیے گہرے تشکر کا اظہار کرتے ہیں۔ حالیہ سالوں میں آپ سے جو تبدیلیاں کرنے کا تقاضا کیا گیا ہے، عزیز اُسقف صاحبان ہم آپکو عزیز رکھتے اور سراہتے ہیں۔ بادشاہی میں آپ کا حصہ بیان سے تقریباً باہر ہے۔ پوری دنیا میں خدمت کرنے والے اُسقف صاحبان اور شاخوں کے صدور کی تعداد ۳۰۹۰۰ ہے۔۲۹ آپ میں سے ہر ایک ہمارے لیے محترم ہے۔

کچھ الفاظ اور مقدس بلاہٹیں جو وہ بیان کرتے ہیں روحانی ماورائی اہمیت سے بھری ہیں۔ اُسقف کی بلاہٹ ایسے الفاظ میں اعلیٰ ترین ہے۔ اِس طرح سے خُداوند کی خدمت کرنا بہت سے طریقوں میں شاندار ہے۔ اُسقف کی بلاہٹ، تائید اور تقرری کبھی نہ بھُلائے جانے والے تجربات ہیں۔ جس طرح کے گہرے اور وسیع تاثُرات اس سے پیدا ہوتے ہیں اُس اعتبار سے میرے لیے یہ قلیل التعدد ارفع واقعات کی صف میں شامل ہے۔ یہ شادی اور والد بننے کے انمول واقعات کے مُراتب کے ساتھ بڑی آسانی سے گنا جا سکتا ہے، جنہیں تھوڑے سے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔

اُسقف صاحبان، ہم آپ کی تائید کرتے ہیں۔ اُسقف صاحبان، ہم آپ سے پیار کرتے ہیں۔ آپ واقعی ہی خُداوند کے گلہ کے گلہ بان ہیں۔ نجات دہندہ اِن مقدس بلاہٹوں میں آپ کو فراموش نہیں کرے گا۔ میں ایسٹر کے اِس اتوار پر اس کی گواہی دیتا ہوں یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔

حوالہ جات

  1. ”اِیمان کے سچّے،“ گیت،، نمبر ۲۵۴۔

  2. نوجوانوں کے رہنما، کورم اور جماعت کی صدارتیں اور دیگر کلیسیائی رہنما اِس ذمہ داری میں شامل ہیں۔

  3. اُسقف کاہنوں کے کورم کا صدر ہے۔ اُس کے مشیر اوّل معلموں کے کورم کا ذمہ دار ہے اور اُس کا مشیرِ دوئم ڈیکن کورم کا ذمہ دار ہے۔ (دیکھیں کتابچہِ عمومی: کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسینِ آخِری ایّام میں خدمت کرنا، 10.3، ChurchofJesusChrist.org)۔

  4. دیکھیں عقائد اور عہود ۶۸: ۲۵-۲۸۔

  5. دیکھیں کوئنٹن ایل کُک، ”نوجوانوں کی مضبوطی کے لیے تصحیحات،“ لیحونا، نومبر ۲۰۱۹، ۴۰–۴۳۔

  6. لفظ اُسقف کے استعمال کا اطلاق ہماری شاخوں کے وفادار صدور پر بھی اُتنی ہی اہمیت کا حامل ہے۔

  7. ۱ پطرس ۲: ۲۵۔

  8. دیکھیں کتابچہِ عمومی، 6.1.1.

  9. دیکھیں کتابچہِ عمومی، 6.1.2.

  10. دیکھیں کتابچہِ عمومی، 6.1.3.

  11. دیکھیں کتابچہِ عمومی، 6.1.4.

  12. دیکھیں کتابچہِ عمومی، 6.1.5.

  13. دیکھیںکتابچہِ عمومی، 6.1.1؛ مزید دیکھیں کتابچہِ عمومی، 6.1.1.1–6.1.1.4۔

  14. کتابچہِ عمومی، 6.1.1۔

  15. کتابچہِ عمومی، 6.1.4۔

  16. دیکھیں کتابچہِ عمومی، 21.2؛ 23.5؛ 25.2۔

  17. دیکھیں کتابچہِ عمومی، 6.1؛ 14.3.3.1؛ مزید دیکھیں کوئنٹن ایل کُک، ”نوجوانوں کی مضبوطی کے لیے تصحیحات“ ۴۰–۴۳۔ بشپ کی یہ بھی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ اپنی بیوی اور خاندان کے ساتھ بھی زیادہ وقت گزارے۔ قابل بالغ مشیروں اور ماہروں کو ہارونی کہانت کی کورم کی صدارتوں اور اُسقفیہ کی مدد کے لیے بلاہٹ دے کر اِسے ممکن بنایا جاتا ہے۔

  18. رسل ایم نیلسن، ”گواہان، ہارونی کہانتی جماعتیں، اور انجمنِ دختران کی جماعتیں،“ لیحونا، نومبر۲۰۱۹، ۳۹۔

  19. دیکھیں عقائد اور عہود ۱۰۷: ۸۷- ۸۸۔

  20. ”خُداوند توقع رکھتا ہے کہ ہر قابل نوجوان لڑکا [مشن کی] خدمت کے لیے تیاری کرے (دیکھیں عقائد اور عہود ۳۶: ۱، ۴–۷)۔ خدمت کرنے کی خواہش رکھنے والی نوجوان خواتین اور بزرگ ارکان کو بھی تیاری کرنی چاہیے۔ تیاری کا ایک اہم جزو خُداوند یِسُوع مسِیح اور اُس کی بحال شدہ انجیل پر رجوع لانے کی جدوجہد کرنا ہے۔ جو خدمت کی خواہش رکھتے ہیں اُنہیں جسمانی، ذہنی، جذباتی اور مالی طور پر بھی تیاری کرنی چاہیے“ (کتابچہِ عمومی، 24.0

  21. حلقہ کی تنظیم ۱۷ دسمبر، ۱۹۸۰ کو کی گئی تھی۔ ستر کے پہلے کورم کے ایلڈر جان ایچ گروبرک نے ٹانگن زبان بولنے والے اِس حلقے کی تنظیم کی۔ (دیکھیں، گورڈن ایشبی، چیئر مین اور ڈونا آس گوُڈ، The San Francisco California Stake: The First 60 Years, 1927–1987 [1987], 49–52.)

  22. بشپ ماہے سان فرانسسکو کیلیفورنیا انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر پین امریکن ایئر لائن کی مینیجمنٹ کے عہدے تک پہنچ گئے تھے۔

  23. دیکھیں سان فرانسسکو کیلیفورنیا سٹیک، ۴۹۔

  24. ہو سکتا ہے کہ وہ ابدی طور پر اہم چیزوں کے خلاف بھی سرکشی کر رہے ہوں۔

  25. دیکھیں کتابچہِ عمومی، 21.2.1۔

  26. بشپ ایلڈر کورم اور ریلیف سوسائٹی کی صدارتوں سے مشورہ کرتا ہے کہ کیسے تفویض کیا جانا چاہیے اور محبت بھری اور شفیق پیش رفت کیسے کی جائے۔

  27. عقائداور عہود ۶۴: ۳۳۔

  28. دیکھیں رِسل ایم نیلسن، ”اُمیدِ اسرائیل“ (عالمی رُوحانی اجلاس برائے نوجوانان، ۳ جون، ۲۰۱۸)، HopeofIsrael.ChurchofJesusChrist.org۔

  29. ۱۹ فروری، ۲۰۱۹، تک پوری دنیا میں خدمت کرنے والے اُسقف صاحبان اور شاخوں کے صدور کی تعداد ۲۴۰۳۵ اور ۶۸۶۵ ہے۔

  30. صدر ڈیوڈ بی بارلو جنہوں نے ۱۹۷۴ میں مجھے کیلیفورنیا میں برلینگیم وارڈ کے بشپ کے طور پر بلاہٹ دی تھی اور ۱۵ ستمبر، ۱۹۷۴، کو ایلڈر نیل اے میکس ویل، نے جنہیں حال ہی میں بارہ رسولوں کی جماعت کے اسسٹنٹ کی بلاہٹ ملی تھی، مجھے تقرری کی برکت دی تھی۔

شائع کرنا