مجلسِ عامہ
خُدا اپنے سارے بچّوں سے پیار کرتا ہے
اکتوبر 2024 کی مجلسِ عامہ


9:37

خُدا اپنے سارے بچّوں سے پیار کرتا ہے

یِسُوع مسِیح ہمیشہ ہمیں بُلاتا ہے، اور وہ ہمیں، اپنے عام خادموں کو، اُس کے بچّوں کو اُس کے پاس لانے میں مدد کے لیے استعمال کرتا ہے۔

ہمارا آسمانی باپ ہم سے کیا چاہتا ہے؟ کیا آپ کو اِدراک ہے کہ جب آپ اپنے قبل از فانی وجود میں تھے، آسمانی باپ آپ کو آپ کی زمینی زِندگی کے لیے تیار کر رہا تھا۔ نوجوانوں سے بات کرتے ہُوئے، صدر رسل نیلسن نے فرمایا: ”ہمارے آسمانی باپ نے اپنی بہت سی نیک ارواح—شاید، مَیں کہوں گا، اپنی بہترین ٹیم کو—اِس حتمی مرحلہ کے لیے محفوظ رکھا ہے۔“ کیوں کہ ہمیں اِن آخری اَیّام کے لیے محفوظ رکھا گیا تھا، ہمارے لیے انتہائی اہم ہے یِسُوع مسِیح کے شاگرد ہونا سیکھیں۔

خُداوند یِسُوع مسِیح اچھا چرواہا ہے، اور وہ اپنے گَلّہ کو جانتا ہے، اور گَلّہ اپنے چرواہے کو جانتا ہے کیوں کہ ”وہ اپنی بھیڑوں کو نام بنام بُلاتا ہے۔“ وہ ہمیشہ ہمیں بُلاتا ہے، اور وہ ہمیں، اپنے عام خادموں کو اپنے بچّوں کو اپنے پاس لانے میں مدد کے لیے استعمال کرتا ہے۔

کچھ عرصہ قبل، مَیں اور ایک صدرِ سٹیک ایک مُقامی پڑوس میں اَرکانِ کلِیسیا سے مُلاقات کر رہے تھے۔ ہماری مقررہ مُلاقات ختم ہونے کے بعد، صدرِ سٹیک نے مُجھے کہا کیا ہم ایک اور خاندان سے ملنے جا سکتے ہیں۔ اُس نے تحریک پائی کہ ہمیں اُن سے بات کرنی چاہیے۔

ہم نے دروازے پر دستک دی، اور ایک بہن نے دروازہ کھولا۔ اُس نے مُجھے دیکھا، مگر وہ نہیں جانتی تھی کہ مَیں کون ہُوں، لہذا اُس نے کوئی زیادہ گرم جوشی ظاہر نہ کی۔ مَیں نے اپنا ہاتھ صدرِ سٹیک کی جانب کیا، جس نے اُس کا نام لے کر حال چال پوچھا۔ جونہی اُس نے اُسے سُنا اور دیکھا، وہ کھِل اُٹھی۔ وہاں دروازے پر کھڑے کھڑے، وہ دونوں ایک دُوسرے سے گلے مِلے اور اکٹھے آہیں بھرنے لگے۔ اِس نے ہماری مُلاقات کی راہ ہموارکر دی۔ ہم نہیں جانتے تھے کہ اُس بہن کی ایک روز قبل کیموتھراپی ہوئی تھی۔ اُس نے اپنے جوان بیٹے کی دیکھ بھال کرنے کے لیے خود کو بہت کمزور محسُوس کیا۔ پس مَیں نے اُس کے بیٹے کے کپڑے بدلنے میں صدرِ سٹیک کی مدد کی، اور ہم نے اُسے اُس کی وہیل چیئر میں بٹھایا۔ ہم نے اُسے کھانا کھلایا جو وارڈ کی ایک اور پیاری بہن پہلے سے لائی تھی، اور ہم نے دیگر کاموں میں مدد کی۔ اُن کے گھر سے رخصت لینے سے قبل، ہم اُنھیں برکت دینے کے قابل ہوئے۔

اِس پوری مُلاقات کے دوران میں جو بات میرے ذہن میں چل رہی تھی اِس کی تصدیق تھی کہ یِسُوع مسِیح اُن سے گہری محبّت رکھتا ہے۔ وہ اُنھیں سمجھتا ہے اور اُن کی منفرد دکھی صُوتِ حال سے آگاہ ہے۔ تقریباً تمام کی تمام مُلاقات بڑی خاموشی میں گُزری۔ اِس موقع پر ہم نے نہ تو کوئی طویل وعظ بیان کیا یا اپنے پسندیدہ حوالے بتائے، مگر خُداوند نے ہمیں بڑی فیاضی کے ساتھ اپنے رُوح سے نوازا۔

آپ کا آسمانی باپ آپ کو ایسے اوقات میں یہاں بھیجتا ہے اُس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ آپ اپنی صلاحیت کا مکمل اِدراک پائیں۔ میری اِنجِیل کی مُنادی کرو ہمیں سکھاتی ہے کہ یِسُوع کے شاگردوں کی حیثیت سے، ہمیں دُوسروں سے اپنا موازنہ کرنے سے پرہیز کرنا چاہیے۔ آپ کی رُوحانی صلاحیتیں منفرد، ذاتی اور فطری ہیں، اور آپ کا آسمانی باپ اُن کی نشوونما میں آپ کی مدد کرنا چاہتا ہے۔ ہمیشہ کوئی ایسا ہو گا جس کی آپ اپنے آسمانی باپ کی محبّت کو محسُوس کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔ آپ کی صلاحیت خُدا داد ہے۔ اگرچہ اس انتہائی مسابقتی دُنیا میں کامیابی کے لیے خود کو تیار کرنا یقینی طور پر اہم ہے، مگر آپ کی زِندگی بھر کے اہم مقاصد میں سے ایک یِسُوع مسِیح کا شاگرد بننا اور رُوح کے تاثرات کی پیروی کرنا ہے۔ جب آپ ایسا کرتے ہیں، خُدا آپ کی زِندگی کو برکت دے گا؛ وہ آپ کے موجودہ یا مستقبل کے خاندان کو برکت دے گا؛ اور وہ اپنے بچّوں کی زِندگیوں کو برکت دے گا جن سے آپ مُلاقات کرتے ہیں۔

ہم عظیم مواقع کے دور میں رہتے ہیں۔ اگرچہ ہم بہت سے مسائل سے دوچار ہوتے ہیں، مَیں جانتا ہُوں کہ وہ وہاں جُزوی طور پر ہمیں دُوسروں کو اپنے آسمانی باپ کی محبّت محسوس کرنے میں مدد دینے کے لیے ہیں۔ صدر نیلسن نے سکھایا، ”آنے والے دِنوں میں ہم نجات دہندہ کی قُدرت کے عظیم اُلشان ظہُور کو دیکھیں گے جو کہ دُنیا نے اب تک نہ دیکھا ہوگا۔“ وہ لوگ جِنھیں ہمارے دستِ مدد، بغلگیر کرنے، احساسِ تسلی، یا محض خاموشی کے ساتھ اُن کے سنگ ہونے کی ضرُورت ہے اُن کی دیکھ بھال کرنا ہمارے لِیے باعثِ برکت ہے۔ اگر ہم اُن کے بوجھ، اگرچہ دم بھر کو ہی ہلکے کرنے میں مدد کر سکتے ہیں، ہم اُن کی زِندگیوں میں مُنجّی کی قُدرت کے عظیم ظہور کو دیکھنے کے قابل ہُوں گے۔

یِسُوع مسِیح کا شاگرد ہونے کے ناطے، مُقدّسِینِ ایّام آخر دُنیا میں ایک مثبت فرق ڈال سکتے ہیں۔ ہم اپنے چہرے سے چھلکتا احساسِ خوشی فراہم کر سکتے ہیں—اَیسی خوشی جسے ہم محبّت بھرے الفاظ اور کارِ شفقت سے بانٹتے ہیں۔ آئیں ہم اچھے ہمسائے، اچھے مالِک، اچھے کارکنان بنیں۔ آئیں ہمہ وقت اچھے مسِیحی بننے کی کوشش کریں۔

خُداوند نے اپنی اِنجِیل کو لازمی رسومات کے ساتھ بحال کِیا ہے تاکہ آسمانی باپ کے بچے وہ تمام وعدے حاصل کر سکیں جو ہمیں اُس سے جوڑتے ہیں۔ اپنے بھائیوں اور بہنوں کی اُن کی روزمرہ کی مُشکلات میں مدد کرنے سے، آئیں اُن کی اپنے آسمانی باپ کے ساتھ اِن مُقدس وعدوں کو باندھنے میں مدد دینا بھی یاد رکھیں تاکہ وہ بدلے میں اُن سے اِس زِندگی اور ابدیت کے لیے نعمتوں کا وعدہ کر سکے۔ یہ وعدے صرف اور صرف یِسُوع مسِیح کی بحال شدہ اِنجِیل اور اُس کی کہانتی کنجیوں کے ذریعے سے ممکن ہیں۔

بہ اَلفاظِ دِیگَر، ہم دُوسروں کی راہِ عہد پر ٹھہرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔ ہم میں سے بعض وقتاً فوقتاً اِس راہ سے بھٹک جاتے ہیں، اور اِس لیے ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ ہمارے آسمانی باپ کے لیے ہمارے پاس ہمیشہ واپس لوٹنے کا امکان ہے۔ حتٰی کہ اگر ہمارا راستا بہت کامل نہ ہو، مُنجّی ہمیں سدا یاد دِلاتا ہے کہ ”جتنی بار [ہم] صدقِ دِل سے توبہ کرتے اور معافی [مانگتے] ہیں، [ہمیں] معاف کر دیا جاتا ہے۔“

آج دُشمن کی کارستانیوں میں سے ایک ہمیں باور کروانا اور سوچنے پر مجبور کرنا ہے کہ ہمارے بدلنے کا کوئی راستا نہیں ہے یا ہمیں اب کوئی اُمید حاصل نہیں ہے۔ یہ تباہ کُن سوچ ہم میں سے بہت سوں کو کوشش کرنے سے روک دیتی ہے۔ اور یہ اُسی وقت ہوتا ہے جب ہمارا پیار، ہماری حوصلہ افزائی اور حمایت کے الفاظ، ہمارا وقت، اور ہماری مدد کسی کو ایک بار پھر سے کوشش کرنے کی اُمید دِلا سکتے ہیں۔

شاید آپ سوچ رہے ہوں ،”ٹھیک ہے، مگر میری خِدمت گُزاری کون کرتا ہے؟“ اپنے بھائیوں اور بہنوں کی زِندگیوں کو بابرکت بنانے سے، ہم گواہیوں کا ذخیرہ کریں گے جو ہماری زِندگیوں کو خُداوند یِسُوع مسِیح پر اِیمان سے معمُور کریں گی۔ یہ گواہیاں ہمیں پھر سے کوشش کرنے کے لیے تقویت دیں گی۔ پاک رُوح ہمیں از سر نو بحال کرے گا اور تجدید شدہ گواہیوں کے ساتھ ہمیں ہماری اپنی مُشکلات اور ذاتی امتحانات کے ساتھ جاری رکھنے میں مدد دے گا۔ جب بھی ہم دُوسروں کی زندگیوں کو برکت دینے کے خواہاں ہوتے ہیں، تو خُداوند ہم پر اور بھی زیادہ رحم کرتا ہے؛ وہ ہمیں مضبُوط کرتا اور ہماری زندگیوں میں ہماری مدد کرتا ہے۔

براہ کرم یاد رکھیں کہ خُداوند یِسُوع مسِیح، آپ کا نجات دہندہ ہے اور آپ کو ذاتی طور پر جانتا ہے۔ وہ جانتا ہے کہ خُدا کے بچّوں کی مدد کرنے کے لیے ایک بُلاہٹ کو پورا کرنا اور چیزوں کو پیچھے چھوڑنا ہے۔ وہ آپ کو ہر چیز میں برکت دینے پر قادر ہے، اگر آپ اُس پر تکیہ کریں اور شک نہ کریں۔

میرے عزیز بھائیو اور بہنوں، اُس روز جب کسی کہانتی راہ نُما نے ہمارے لیے اُس ماں اور بیٹے سے مُلاقات کرنے کی ترغیب پائی جو کہ ہمارے ایجنڈا میں نہیں تھا، مَیں اعلان کرتا ہُوں کہ خُدا جانتا تھا کہ اُنھیں ہماری ضرُورت ہے۔ اور آخر میں، مَیں ہی تھا جس کی خِدمت گُزاری ہُوئی۔ اُس روز، مَیں نے ہمارے لیے مُنجّی کی محبّت کے عظیم ترین اسباق موصُول کیے۔

مَیں گواہی دیتا ہُوں کہ یِسُوع مسِیح دُنیا کا نجات دہندہ ہے، کہ وہ زِندہ ہے، کہ وہ میرے اور آپ کے لیے جیا اور مُوا، اور کہ وہ میرے اور آپ کی خاطر دوبارہ جی اُٹھا تاکہ ہم اُن کے ساتھ پُر مسرت آفاقی ملاپِ ثانی کی آرزو کر سکیں جو پہلے ہی پردے کی دُوسری جانب کوچ کر چُکے ہیں۔ مَیں جانتا ہُّوں کہ وہ مُجھے اور آپ کو کامل طور پر جانتا ہے۔ وہ ہماری ہر ایک کٹھن گھڑی سے آشنا ہے، اور اُن لمحات میں ہماری مدد کرنے کی قدرت رکھتا ہے جب ہم سب سے زیادہ کمزور محسُوس کرتے ہیں۔ مَیں جانتا ہُوں کہ خُداوند یِسُوع مسِیح اور ہمارا آسمانی باپ اِس زمانہ میں اِنجِیل بحال کرنے کے لیے جوزف سمتھ پر ظاہر ہوئے۔ مَیں جانتا ہُوں کہ ہمارے محبوب نبی، صدر رسل ایم نیلسن، خُداوند کے نبی ہیں اور مَیں اِن چیزوں کی گواہی، یِسُوع مسِیح کے نام پردیتا ہُوں، آمین۔