مجلسِ عامہ
مُقدّس صحائف—اِیمان کی بُنیاد
اکتوبر 2024 کی مجلسِ عامہ


14:7

مُقدّس صحائف—اِیمان کی بُنیاد

ہم رُجُوع لانے اور اِنجِیل میں وفادار رہنے میں پاک صحائف کی اَہمیت کو نہ تو کم اور نہ ہی نظر اَنداز کر سکتے ہیں۔

میری اہلیہ، مَیری، اور مَیں نے حال ہی میں ایک ٹی شرٹ دیکھی جس میں کِتاب کی تصویر اور سامنے پیغام درج تھا: ”اَصل دَستی آلہ: یعنی کِتاب۔“

ٹی شرٹ پر اِعلانیہ تحریر تھی، ”اَصل دَستی آلہ: یعنی کِتاب۔“

مَیں نے اِس دِل چسپ پیغام کی بابت سوچا کہ ہر قِسم کے دَستی آلات کس قدر اَہمیت اِختیار کر چُکے ہیں۔ مزید غور و فِکر کے بعد، مَیں نے محسُوس کِیا کہ کوئی بھی آلہ چاہے وہ کتنا ہی جدید یا حتیٰ کہ مصنُوعی ذہانت سے لیس ہو کبھی بھی اُس رُوحانی ہدایت کی قدر و منزلت تک نہیں پُہنچ سکتا جو اِلہی مُکاشفہ سے مِلتی ہے۔

چاہے دَستی یا ڈیجیٹل، بائبل مُقدّس اور مورمن کی کِتاب: یِسُوع مسِیح کا ایک اَور عہدنامہ رُوحانی ہدایت اور تعلیم فراہم کرتی ہیں جو مُنّجیِ جہان، یِسُوع مسِیح کی طرف سے ہے۔ ہم اِن کِتابوں کو اِن کے گہرے و عمیق کِردار کی وجہ سے قدر کی نِگاہ سے دیکھتے ہیں جو خُدا کی ہدایت کو قدیم نبیوں اور قَوموں کے دِلوں میں بساتی اور ہماری ذاتی زِندگیوں کے لیے راہ نُمائی فراہم کرتی ہیں۔

زِندہ نبیوں کی تعلیمات کے ساتھ مِل کر، یہ مُقدّس صحائف آج کی دُنیا میں ہمارے لیے عقائدی ہدایت فراہم کرتے ہیں۔ یہ مُقدّس صحائف نہایت قوّی ہیں جب وہ ہدایت، اِصلاح، تسلّی، اور آرام فراہم کرتے ہیں اُن اَفراد اور خاندانوں کے لیے جو اپنے خُداوند سے راہ نُمائی کے طلب گار ہوتے ہیں۔

مُقدّس صحائف، پاک رُوح کے رُوحانی اِلہام کے ساتھ مِل کر، اُن لوگوں کی تبدیلی کا بُنیادی ذریعہ بنتے ہیں جو شِکستہ دِل اور پشیمان رُوح اور یِسُوع مسِیح کی پیروی کی تمنّا رکھتے ہیں۔ مُقدّس صحائف اَیسی بُنیاد تعمیر کرنے میں مدد دیتے ہیں جو اِیمان کو کمزور کرنے کی دُشمن کی مُسلسل کوشِشوں کے خِلاف ڈٹ کر کھڑی رہ سکتی ہے۔

نئے رُجُوع لانے والے کلِیسیا کی پُوری تاریخ میں اِس کے لیے بابرکت اور رُوحِ رواں رہے ہیں۔ ایک مِثال خاص طور پر میرے لیے قِیمتی ہے۔ جب مَیں جوان بِشپ تھا، تو دو شان دار سِسٹر مِشنریز ولیم ایڈورڈ مَسمن خاندان کو تعلیم دے رہی تھیں۔ والد، بُہت قابل وکیل تھا، اور ایک بڑی کمپنی کا مرکزی مُشیر تھا۔ اُس کی وفادار بیوی، جینیٹ، خاندان کی اور زیادہ مسِیح کی مانِند زِندگی گُزارنے کی کاوِش میں مدد کر رہی تھی۔

اُن کے غیر معمُولی بیٹے اور بیٹی، جِن کی عُمر 20 برس کے اِبتدائی ایّام میں تھی، اُنھیں بھی تعلیم دی جا رہی تھی۔ چاروں نے مِشنری اَسباق حاصِل کر لِیے تھے اور وہ باقاعدگی سے گِرجا گھر آ رہے تھے۔ سِسٹر مِشنریوں نے زور دِیا کہ مورمن کی کِتاب کا مُطالعہ کریں اور اِس مُقدّس صحیفے کی گواہی پانے کے لیے دُعا کریں۔ قابلِ ذِکر بات یہ ہے، کہ خاندان نے دُعاگو ہو کر مورمن کی کِتاب کو بُہت کم وقت میں مُکمل پڑھ لِیا۔

سٹیک مِشنریز، جو دونوں پہلے وارڈ کی اَنجُمنِ خواتین کی صدُور رہ چُکی تھیں، اُنھیں عِشائے ربّانی کی عِبادات میں اپنے ساتھ لے کر جاتی تھیں۔

جب یہ خاندان بپتِسما لینے کے قریب پُہنچا، تو اُنھیں کلِیسیا پر تنقید کرنے والے مَواد کی یلغار کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ اِنٹرنیٹ سے پہلے کا وقت تھا، مگر یہ مَواد گتّے کے ایک بڑے ڈبے میں بھرا ہُوا تھا۔

سِسٹر مِشنریوں نے مُجھے یعنی جِسے حال ہی میں 34 سال کی عُمر میں بِشپ کی بُلاہٹ مِلی تھی اُن اُٹھنے والے سوالات کے جواب دینے میں مدد کے لیے مدعُو کِیا۔ جب ہم اُن کی بیٹھک میں جمع ہُوئے، تو کلِیسیا پر تنقید کرنے والے رسالوں کا بڑا ڈبہ کمرے کے درمیان میں پڑا تھا۔ مَیں نے اِس ذِمہ داری کو دُعا کے ساتھ قبُول کِیا تھا۔ اِفتتاحی دُعا کے دوران، رُوح نے مُجھ سے سرگوشی کی کہ، ”وہ پہلے ہی جانتا ہے کہ یہ سچ ہے۔“ یہ بات اَہم تھی۔ سِسٹرز کا خیال تھا کہ باقی خاندان پہلے ہی گواہی رکھتا ہے۔ وہ والد کے بارے میں غیر یقینی تھیں۔

مَیں نے فوراً اُسے مُطلع کِیا کہ رُوح نے مُجھے ترغیب دی ہے کہ اُس کے پاس پہلے سے ہی گواہی موجُود ہے۔ ”کیا یہ دُرست تھا؟“ اُس نے میری جانب غور سے دیکھا اور کہا کہ رُوح نے اُس کے دِل میں مورمن کی کِتاب اور کلِیسیا کی سچّائی کی تصدیق کی ہے۔

پھر مَیں نے پُوچھا کہ اگر اُنھیں پہلے ہی رُوحانی تصدیق حاصِل ہے، تو کیا تنقیدی رسالہ کا دوبارہ جائزہ لینا ضرُوری ہے۔

والد نے جواب دِیا اِس کی کوئی ضرُورت نہیں ہو گی۔ باقی خاندان نے اُس کے جواب سے اِتفاق کِیا۔

اُس نے کہا کہ اُس کے پاس ایک اَہم سوال ہے: ایک وجہ یہ ہے کہ اُنھیں کلِیسیا کے خِلاف اِتنی کثیر تعداد میں مَواد موصُول ہُوا، کیوں کہ پہلے وہ کسی اور کلِیسیا کے رُکن تھا۔ مزید برآں، اُس نے اِس کلِیسیا کے لیے ایک نیا چیپل تعمیر کرنے کا بڑا وعدہ کِیا ہُوا تھا۔ اُس نے مُجھے بتایا کہ سِسٹر مِشنریوں نے اُسے دہ یکی کی اَہمیت کے مُتعلق سِکھایا تھا، جِسے اُس نے بڑی شُکرگُزاری سے قبُول کِیا، مگر وہ کشمکش میں تھا کہ آیا اُس وعدے کو وفا کرنا بھی غلط ہو گا جو اُس نے پہلے سے کِیا تھا۔ مَیں نے اُسے یقین دِلایا کہ وعدہ کی گئی اَدائیگی کرنا نہ صِرف باعثِ عِزت بلکہ مُناسب بھی ہو گی۔

مَسمن خاندان۔

مَسمن خاندان اپنے بیٹے، بہُو، اور بیٹی کے ہمراہ۔

پُورے خاندان نے بپتِسما لے لِیا۔ ایک سال بعد، اُنھیں اوکلینڈ کیلیفورنیا ہَیکل میں بطور خاندان مُہر بند کِیا گیا۔ مُجھے اِس موقع پر موجُود ہونے کا شَرف حاصِل ہُوا۔ بیٹے نے قانُون کی تعلیم مُکمل کی، کیلیفورنیا بار کے اِمتحان میں کام یابی حاصِل کی، اور اِس کے فوراً بعد جاپان میں وفادار مِشن کی خِدمات اَنجام دِیں۔ وقت گُزرنے کے ساتھ مَیں نے دیکھا کہ اُن کی آنے والی نَسلیں اِنجِیل کے ساتھ اپنی وفاداری برقرار رکھے ہُوئے ہیں۔ مُجھے اُن کی ایک پَوتی کی مُہر بندی کی تقریب کو اَنجام دینے کا اعزاز حاصِل ہُوا۔

ہمارے زمانے میں ہونے والی تبدیلیاں بھی اُتنی ہی زَبردست ہیں۔ پچھلے جُون میں، کوچ اینڈی رِیڈ جو کنساس سِٹی چیفز کے سرکردہ فُٹ بال کوچ ہیں، اور مَیں نے، اپنے عقیدے اور دِیگر عقائد کی نُمایندگی کرنے والے اَفراد کے ساتھ نیو یارک سِٹی کے ریور سائڈ چرچ میں بین المذاہب تقریب میں خِطاب کِیا۔ کوچ رِیڈ نے دُوسرے مواقعوں اور دعوتوں کا جواب دینے کی اَہمیت پر زور دِیا، جو دَراَصل یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کا بُنیادی پیغام ہے۔ اگلی صُبح، اپنی بیویوں، ٹیمی رِیڈ اور مَیری کے ہَم راہ، ہم نے مین ہیٹن کی دُوسری وارڈ میں عِشائے ربّانی کی عِبادت میں شِرکت کی۔ یہ ایک رُوحانی عِبادت تھی۔ جماعت میں بُہت سے نئے رُجُوع لانے والے لوگ موجُود تھے۔ حال ہی میں بپتِسما پانے والے پانچ اَرکان، چار مَرد اور ایک نوجوان، عِشائے ربّانی تقسیم کرنے والے ہارُونی کہانت کے اَرکان میں سے تھے۔ مَیں یہ بتاتے ہُوئے خُوشی محسُوس کر رہا ہُوں کہ کلِیسیا بھر میں نئے اَرکان کا اِسی طرح کا سَیلاب جاری ہے۔

ہم اُن لوگوں کی تعداد میں قابلِ ذِکر اِضافہ دیکھ کر شُکرگُزار ہیں جو مُقدّس دعوتوں کا جواب دیتے، اپنی زِندگیاں بدلتے، اور یِسُوع مسِیح کی پیروی کا موقع قبُول کرتے ہیں۔ وہ اِیمان، توبہ، بپتِسما، اور اِستحکام کے ذریعے راہِ عہد پر داخل ہوتے ہیں جیسا کہ بائبل مُقدّس اور مورمن کی کِتاب میں سِکھایا گیا ہے۔

ہم رُجُوع لانے اور اِنجِیل میں وفادار رہنے میں پاک صحائف کی اَہمیت کو نہ تو کم اور نہ ہی نظر اَنداز کر سکتے ہیں۔ مورمن کی کِتاب میں بیان کردہ قدیم اَنبیا کو یِسُوع مسِیح کے مقصد کے بارے میں عِلم تھا اور اُنھوں نے اُس کی اِنجِیل کی تعلیم دی۔ جب ہم سیکھتے، سمجھتے، اور اِس کا اِطلاق کرتے ہیں تو مورمن کی کِتاب ہمیں خُدا کے قریب ہونے میں مدد دیتی ہے۔ نبی جوزف سمِتھ نے سِکھایا کہ ”کِسی اور کِتاب کی نِسبت، اِس [کِتاب کے] حُکموں کے مُطابق زِندگی گُزار کر ایک مَرد [یا عورت] خُدا کے اور زیادہ قریب ہو گا۔“

یہ جاننے کے لیے کہ آیا مورمن کی کِتاب خُدا کا کلام ہے، ہمیں اِسے پڑھنے، غور و خوض کرنے، اور اِس کے بارے میں دُعا کرنے، اور پھر اِس کے حُکموں کے مُطابق زِندگی گُزارنے کی ضرُورت ہے۔ مرونی نبی نے وعدہ کِیا کہ جب ہم سچّے دِل، نیک نیتی، اور مسِیح پر اِیمان رکھ کر دُعا کرتے ہیں تو خُدا اِس کِتاب کی سچّائی ہم پر ظاہر کرے گا۔ دائمی تبدیلی کے لیے مورمن کی کِتاب کا مُطالعہ کرنا ضرُوری ہے۔

جب ہم دَستی آلات کے طور پر بائبل اور مورمن کی کِتاب کے درمیان تعلق پر غور کرتے ہیں، تو ایک سوال اُبھرتا ہے۔ آپ کے خیال میں، اگر خُداوند نے یہ اعلان کِیا کہ یہ دونوں کِتابیں جُڑ کر اور ”تیرے ہاتھ میں ایک ہوں گی“ تو وہ کِتنی مُفید اور مُکمل ہوں گی۔ یہی وہ اِعلان ہے جو خُداوند نے ”یہُوداہ کی چھڑی،“ یعنی بائبل مُقدّس، اور ”یوسف کی چھڑی،“ یعنی مورمن کی کِتاب کی بابت کِیا ہے۔

بُہت سے اَہم پہلُوؤں میں، مورمن کی کِتاب بُنیادی عقائد فراہم کرتی ہے جو بائبل پر اُستوار ہوتی اور اِس کی تفہِیم کو بڑھاتی ہے۔ یِسُوع مسِیح کے کفّارہ کی تعلیم ایک گہری و عمیق مِثال ہے۔

بائبل یِسُوع مسِیح کی فانی خِدمت کا دُرست بیان فراہم کرتی ہے، جس میں اُس کی مَوت اور جی اُٹھنا شامِل ہے۔ مورمن کی کِتاب یِسُوع مسِیح کے کفّارے کی بابت مزید وضاحت سے بیان کرتی ہے، جس کی تفصیلات نبیوں نے اُس کی مَوت سے قبل بیان کی تھیں۔

ایلما باب 42 کا عُنوان یِسُوع مسِیح کے کفّارے کی تعلیمی اَہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔

اِس میں لِکھا ہے: ”فانی زِندگی زمانہِ کارِ آمُوزی ہے جو اِنسان کو تَوبہ اور خُدا کی خِدمت کرنے کے لائق بناتا ہے—آدم کی زوال پذیری کُل بنی نوع اِنسان پر جِسمانی اور رُوحانی مَوت لائی—مُخلصی تَوبہ کی بدولت عطا ہوتی ہے—خُدا خُود جہان کے گُناہوں کا کفّارہ اَدا کرتا ہے—رحم اُن کے لیے ہے جو تَوبہ کرتے ہیں—باقی سب اِنسان خُدا کے اِنصاف کے تحت ہیں—رحم کفّارہ کی بدولت نازل ہوتا ہے—فقط سچّے تائب نجات پائیں گے۔“

صدر رسل ایم نیلسن نے کہا ہے کہ: ”مَیں وعدہ کرتا ہُوں کہ جب آپ ہر روز دُعاگو ہو کر مورمن کی کِتاب کا مُطالعہ کرتے ہیں، آپ بہتر فیصلے کریں گے—ہر روز۔“ وہ یہ بھی وعدہ کرتے ہیں کہ اگر ”آپ روزانہ مورمن کی کِتاب میں غوطہ زن ہوں گے، تو آپ زمانے کی بُرائیوں کے خِلاف قوتِ مدافعت پائیں گے۔“

جیسا کہ مَیں نے پہلے ذِکر کِیا کہ، مَیں اَصل دَستی آلہ—یعنی کِتاب کے تصوُّر سے بُہت مُتاثر ہُوا تھا۔ تاہم، مَیں آج کی دُنیا میں اِنٹرنیٹ کی زبردست اَہمیت کو تسلیم کرتا ہُوں۔ ایک جدید دَستی آلہ وہ معلٗومات فراہم کر سکتا ہے جو ماضی میں ایک بُہت بڑی لائبریری پر مشتمل ہوتی تھیں۔ ہم اِس ٹیکنالوجی کے زمانے میں زِندگی گُزارنے پر بے حد مشکُور ہیں۔ مَیں بالخصُوص مشکُور ہُوں کہ دَستی آلات مُقدّس کِتابوں اور کلِیسیائی مَواد کو ڈیجیٹل طور پر دَستیاب ہونے کی سہُولت فراہم کرتے ہیں۔ اِنٹرنیٹ اِنجِیل کے مُطالعہ کے لیے مؤثر و قوّی وسیلہ ہے۔ آج، بُہتیرے ٹیکنالوجی کا اِستعمال کرتے ہُوئے اپنے دوستوں کے ساتھ صحائف کا تذکرہ کرتے ہیں۔ مورمن کی کِتاب کی ایپ، مثلاً، دوستوں کو مورمن کی کِتاب سے مُتعارف کروانے کا بہترین ذریعہ ہے اور اِس کا کسی بھی جگہ فِطری اور سادہ طریقے سے اِشتراک کِیا جا سکتا ہے۔

مورمن کی کِتاب کی ایپ۔

اگرچہ اِنٹرنیٹ کئی برکات فراہم کرتا ہے، مگر افسوس، جیسا کہ مَیں نے پہلے ذِکر کیا اور کلِیسیا کے خلاف تحریری تنقیدی رسالے کی مِثال دی، یہ اِنجِیل کے قِیمتی اُصُولوں میں شُکوک و شُبہات پَیدا کرنے اور اِیمان کو کمزور کرنے کے لیے بھی اِستعمال کِیا جاتا ہے۔ یہ اُن ”زمانے کی بُرائیوں“ کا حِصّہ ہو سکتا ہے جن کا ذِکر صدر نیلسن نے کِیا تھا۔

دُشمن اور وہ لوگ، جو جان بُوجھ کر یا نادانِستہ طور پر اُس کی مدد کرتے ہیں، اِنٹرنیٹ پر اُس مَواد کا ایک ڈبہ تخلیق کر چُکے ہیں جو کلِیسیا کے خلاف تحریری تنقیدی مَواد سے بھرا ہُوا ہے جس کا مَیں نے پہلے تذکرہ کِیا، اِس کا مقصد آپ کو خُدا کی سچّائی سے دُور کرنا ہے۔

وقت گُزرنے کے ساتھ شُکوک و شُبہات پَیدا کرنے والے مسائل حیرت اَنگیز طور پر ایک جیسے ہی رہے ہیں۔ یہ خصوصآً اُس وقت دُرست ہوتا ہے جب آپ دورِ حاضر کا موازنہ 1960 کی دِہائی سے کریں، جب مَیں 20 کی عُمر کا تھا۔

صحائف ہمیں سِکھاتے ہیں کہ ہر بات میں حِکمت اور فہم کا اِستعمال کرنا چاہیے۔ اِنٹرنیٹ کو مثبت طریقے سے یا تباہ کُن طریقے سے بھی اِستعمال کِیا جا سکتا ہے۔

طویل مُدتی اَرکان اور اِنجِیل کا مُطالعہ کرنے والے نئے لوگ دونوں کو سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا چاہیے کہ وہ کیا دیکھتے ہیں۔ غیر اِخلاقی، بے اِیمانی، یا ناراست مَواد سے اپنے آپ کو محظُوظ نہ کریں۔ اگر آپ اَیسا کرتے ہیں، تو جو آپ دیکھیں گے وہ آپ کو اَیسی راہ پر لے جا سکتا ہے جو اِیمان کو نِیست اور آپ کی اَبَدی ترقی میں رُکاوٹ ڈال سکتا ہے۔ آپ پر مثبت یا منفی طور پر اَثر اَنداز ہو سکتا ہے۔ راست بازی کے مُتلاشی ہوں اور منفی اِنٹرنیٹ کی عادات اور مایُوس کُن سکرولنگ سے اِجتناب کریں۔ اپنی زِندگی کو مثبت، اور راست خیالات سے سجائیں؛ خُوشیوں کا جیتا جاگتا جشن منائیں، مگر بے وقُوفی سے دُور رہیں۔ خُوشیوں کا جشن منانے اور بے وقُوفی میں فرق ہے۔ اِیمان کا تیرہواں اُصُول شان دار راہ نُما ہے۔ سب سے بڑھ کر، باقاعدگی سے مورمن کی کِتاب میں غوطہ زن ہوں، جو آپ کی زِندگی میں رُوح کو لائے گی اور حق و باطل کی پہچان کرنے میں مُعاونت کرے گی۔

میری مشورت اُن کے لیے ہے جو عہد کی شاہراہ سے کسی طرح ہٹ گئے ہیں کہ وہ پاک صحائف، نبُوّتی ہدایت، اپنے گھر میں مذہبی عمل، اور اِیمان میں نغمہ سرائی کی طرف واپس لوٹیں۔ ہر جان کی قدروقِیمت خُداوند کی نظر میں بڑی عظیم ہے۔ ہمیں آپ کی ضرُورت ہے! خُداوند کو آپ کی ضرُورت ہے، اور آپ کو اُس کی ضرُورت ہے! آپ کا ہمیشہ خیر مَقدم ہو گا۔ اپنی کئی سالوں کی کلِیسیائی خِدمت کے دوران، مَیں نے اُن زبردست لوگوں کو قدر کی نِگاہ سے دیکھا ہے جو عہد کی راہ پر واپس لوٹے اور پھر اُنھوں نے اپنے پیاروں اور جن سے بھی وہ مِلے سب کی خِدمت کی اور اُن کے لیے باعثِ برکت بنے۔

مُقدّس صحائف اور زِندہ نبی اہم ذریعہ ہیں جن کے وسیلے مہربان آسمانی باپ اپنے خُوشی کے منصُوبے کو اپنی تمام اُمّت تک لے کر جاتا ہے۔

مَیں یِسُوع مسِیح کی اَلُوہیت اور اُس کے کفّارے کی حقیقت کی پُختہ گواہی دیتا ہُوں، یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔

حوالہ جات

  1. دیکھیے 2 تیمِتھُیس 3:‏16۔

  2. دیکھیے میری اِنجِیل کی مُنادی کرو: یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کا اِشتراک کرنے کے لیے ہدایت نامہ (2023)، 28؛ مزید دیکھیے 2 نِیفی 2:‏7؛ 3 نِیفی 12:‏19؛ عقائد اور عہُود 20:‏37؛ عزرا ٹافٹ بینسن، ”دِل کی بڑی تبدیلی،“ اِنزائن، اکتوبر 1989، 2–5۔

  3. سِسٹر بیورلی بریج اور شیرل مورگن وہ سِسٹر مِشنری تھیں۔

  4. بیٹا، ولیم ای مَسمن تھری، سٹینفورڈ سے گریجویٹ ہو چُکا تھا اور سان فرانسسکو میں یُونی ورسٹی آف کیلیفورنیا کے قانُون کے کالج میں زیرِ تعلیم تھا۔ اُس کی بہن، این سی مَسمن، سٹینفورڈ یُونی ورسٹی میں زیرِ تعلیم تھی۔

  5. سِسٹر ایلے نور مہر اور لوئیس جانسن سٹیک مِشنری تھیں۔

  6. نیو یارک لیٹر ڈے سینٹ پروفیشنل ایسوسی ایشن (این وائے ایل ڈی ایس پی اے) نے ریورینڈ اے آر برنارڈ اور کوچ اینڈریو ”اینڈی“ ڈبلیو کو اعزاز دِیا۔ رِیڈ مین ہٹن میں واقع تاریخی بین المذاہب ریور سایڈ چرچ کے مقام پر۔ ہمارے عقیدے کے کلِیسیائی قائدین اور کئی دُوسرے عقائد کے راہ نُما بھی موجُود تھے، جن میں سابق اعزاز یافتہ ربی جوزف پوتاسنک بھی شامِل تھا۔

  7. See Tad Walch, “How Andy Reid’s Beliefs in Jesus Christ and a Second Chance for Michael Vick Guide the Kansas City Chiefs,” Deseret News, July 3, 2024, deseret.com.

  8. یکم جنوری 2024 سے 30 اگست 2024 تک 198,000 سے زائد نئے رُجُوع لانے والوں کو بپتِسما دِیا گیا ہے۔ (معلُومات مِشنری ڈِیپارٹمنٹ کی طرف سے فراہم کردہ)۔

  9. میری اِنجِیل کی مُنادی کرو کا باب 5 وضاحت کرتا ہے کہ مورمن کی کِتاب ہمارے مذہب کا کلیدی پتھر کیوں ہے۔

  10. مورمن کی کِتاب کا تعارف۔

  11. نبی جوزف سمِتھ نے گواہی دی ہے کہ کِسی اور کِتاب کی نسبت، اِس کے حُکموں پر عمل کرنے سے اِنسان خُدا کے قریب تر ہو گا (دیکھیے مورمن کی کِتاب کا تعارُف

  12. دیکھیے مرونی 10:‏4۔

  13. دیکھیے حزقی ایل 37:‏15–17؛ مزید دیکھیے 2 نیفی 3:‏12۔

  14. لفظ کَفّارہ، جو یِسُوع مسِیح کے کفّارے کی طرف اِشارہ کرتا ہے، نئے عہد نامے میں صِرف ایک بار ذِکر کِیا گیا ہے (دیکھیے رومیوں 5:‏11)۔ مورمن کی کِتاب میں، لفظ کفّارے کا ذِکر 24 بار ہُوا ہے۔ 2 نِیفی 2:‏10 میں ”خُوشی“ کا ذِکر کِیا گیا ہے جو کفّارے کے ذریعے مُقرر کی گئی ہے (مزید دیکھیے مورمن کی کِتاب کا اِشاریہ، ”یِسُوع مسِیح، کفّارہ کے وسیلے“)۔

  15. رسل ایم نیلسن، ”مورمن کی کِتاب: آپ کی زِندگی اِس کے بغیر کیسی ہو گی؟، “ لیحونا، نومبر 2017، 62–63۔

  16. ذرا غور کریں کہ ہم کِتنے بابرکت ہیں جب ہم ہر ہفتے آ، میرے پیچھے ہو لے کا آن لائن مطالعہ کرتے ہیں۔

  17. بعض الزامات بالکل بے بُنیاد ہیں۔ کُچھ تاریخی حقائق کو سیاق و سباق سے ہٹا کر پیش کرتے ہیں۔ کُچھ لوگ اَیسے سماجی مسائل کی وکالت کر رہے ہیں جو بائبل اور مورمن کی کِتاب دونوں کی تعلیمات سے مُطابقت نہیں رکھتے۔ بعض مسائل اَیسے ہیں جن پر اَبھی تک خُداوند کی جانب سے مُکاشفہ نازل نہیں ہُوا۔

  18. ڈُوم سکرولنگ کا مطلب ہے کہ کسی شخص کا بار بار سوشل میڈیا یا خبروں کی ویب سائٹس پر منفی یا افسردہ کرنے والی خبروں کو تلاش کرنا، حالاں کہ یہ عمل اِسے ذہنی دباؤ میں مُبتلا کر دیتا ہے۔ (دیکھیے Merriam-Webster.com ڈِکشنری، ”ڈُوم سکرول“)۔

  19. حالیہ برسوں میں کلِیسیا نے قابلِ ذِکر ترقی اور حاضری میں نُمایاں اِضافہ دیکھا ہے۔ کلِیسیا چھوڑنے والے اَفراد کی شرح ماضی کی نِسبت کم ہے، لیکن ہمیں ہر رُکن کی ضرُورت ہے۔