”دیکھو جو روشنی تُم نے بُلند رکھنی ہے وہ مَیں ہُوں“
ہم خُداوند کی روشنی کو اُونچا رکھتے ہیں جب ہم اپنے عہُود کو مضبُوطی سے تھامتے ہیں اور جب ہم اپنے زِندہ نبی کی معاونت کرتے ہیں۔
اِس مجلسِ عامہ میں دی گئی بہت سی گواہیوں میں، مَیں اپنی رسُولی شہادت کو شامِل کرتا ہُوں کہ یِسُوع مسِیح خُدا کا بیٹا، ہمارا خُداوند اور مُںجّی، باپ کے تمام بچوں کا مخلصی دینے والا ہے۔ اپنے کفارہ سے، یِسُوع مسِیح نے ہمارے لیے، اگر ہم اہل ہوں، آسمانی باپ کی حُضُوری میں لوٹنا اور اَبدیت کے لیے اپنے خاندانوں کے ساتھ رہنا ممکن بنایا ہے۔
نجات دہندہ ہمارے فانی سفروں سے غیر حاضر نہیں ہے۔ پچھلے دو دِنوں سے ہم نے اُسے اپنے برگُزِیدہ راہ نُماؤں کے ذریعے سے ہمکلام ہوتے سُنا ہے کہ ہم اُس کے قریب تر ہو جائیں۔ بار ہا، اپنی خالص محبّت اور رحم میں، وہ ہماری دست گیری کرتا ہے جب ہم ناگہاں تماشہِ زیست کا سامنا کرتے ہیں۔ نِیفی بیان کرتا ہے: ”میرا خُدا میرا سہارا رہا ہے؛ اُس نے میری مصیبتوں کے دوران میں میری راہ نُمائی فرمائی ہے۔ … اُس نے مُجھے اپنی محبّت سے معمور کِیا ہے۔“
جب ہم اُس کے کام میں ایک دُوسرے کی تائید کرتے ہیں وہ محبّت واضح نظر آتی ہے۔
جب ہم مجلسِ عامہ میں اپنے زِندہ نبی، صدارتِ اَوّل اور بارہ رسُولوں کی جماعت کے اَرکان اور دیگر اعلیٰ افسران اور کلِیسیائی عہدے داران کی تائید کرتے ہیں۔ تائید کرنے کے معنی دُوسرے شخص کی حمایت کرنا اُنھیں اپنی توجہ دینا، اُن کے اعتماد سے وفادار رہنا، اُن کا کہا ماننا ہے۔ وہ خُداوند کے الہام سے کلام کرتے ہیں؛ وہ مُوجودہ مسائل، معاشرے کے اخلاقی زوال، اور باپ کے منصوبے کی مُخالِفَت کرنے کے لیے دشمن کی بڑھتی ہوئی کاوشوں کو سمجھتے ہیں۔ اپنے ہاتھ اُوپر اُٹھانے سے، ہم، نہ صرف اُس مخصوص گھڑِی بلکہ اپنی روز مردہ زِندگی میں اپنی معاونت فراہم کرنے کا عزم کر رہے ہوتے ہیں۔
تائید کرنے میں ہماری وارڈ اور سٹیک میں اپنے صدورِ سٹیک اور بشپ صاحبان، جماعتوں اور تنظیموں کے قائدین، معلمین، اور حتٰی کہ کیمپ کے ناظمین کی حمایت کرنا شامل ہے۔ گھروں میں، ہم اپنی بیویوں اور اپنے خاوِندوں، بچوں، والدین، افرادِ کنبہ، اور پڑوسیوں کی حمایت کرتے ہیں۔ جب ہم ایک دُوسرے کی حمایت کرتے ہیں تو ہم کہہ رہے ہوتے ہیں کہ، ”مَیں تمھارے لیے یہاں مُوجود ہُوں، نہ صرف تمھارے ہاتھ اور بازو پکڑنے کے لیے جب وہ ڈھیلے پڑ جائیں بلکہ تمھارے پہلو میں تسلی اور تقویت بخشنے کے لیے مَیں مُوجود ہُوں۔
حمایت کرنے کا تصور صحائف سے جُڑا ہے۔ مورمن کے پانیوں میں، نئے بپتسما یافتہ اَرکانِ کلِیسیا نے عزم کیا کہ وہ ”ایک دوسرے کا بوجھ اٹھائیں گے تاکہ بوجھ ہلکے ہوں؛… ہم ماتم کناں لوگوں کے ساتھ ماتم کریں گے، ہاں، تسلی کے طالبوں کو تسلی دیں گے تمام وقت اور تمام چیزوں میں اور تمام جگہوں پر، خُدا کے گواہ کے طور پر کھڑے ہوں گے۔“
نِیفیوں سے، یِسُوع نے فرمایا: ”پس، اپنی روشنی اُونچی رکھنا تاکہ یہ دُنیا پر چمکے۔ دیکھو جو روشنی تُم نے بُلند رکھنی ہے وہ مَیں ہُوں۔“ ہم خُداوند کی روشنی کو اُونچا رکھتے ہیں جب ہم اپنے عہُود کو مضبُوطی سے تھامتے ہیں اور جب ہم اپنے زِندہ نبی کی معاونت کرتے ہیں جب وہ خُدا کا کلام سُناتا ہے۔
جب وہ بارہ رَسُولوں کی جماعت میں خدمت کرتے ہیں، صدر رسل ایم نیلسن نے فرمایا، ”نبیوں کی تائید کرنا ہمارا ذاتی عزم ہے کہ ہم اُن کی پیغمبرانہ ترجیحات کی حمایت کے لیے اپنی بھرپور کوشش کریں گے۔“
نبی کی حمایت کرنا کارِ مُقدس ہے۔ ہم چپکے سے کونے میں نہیں بیٹھتے بلکہ سرگرمی سے اُس کا دِفاع کرتے ہیں، اُس کی مشورت کی تَقْلِید کرتے ہیں، اُس کا کلام سِکھاتے ہیں، اور اُس کے لیے دُعا کرتے ہیں۔
بنیامین بادشاہ نے، مورمن کی کتاب میں، لوگوں سے کہا، ”مَیں تُمھاری مانِند جِسم اور عقل میں ہر طرح کی خامی کے تحت ہُوں؛ پھر بھی اِن لوگوں نے مُجھے چُنا … اور خُداوند کے ہاتھ نے مُجھے قبُول فرمایا … اور اُس کی بے مِثل قُدرت کے وسِیلے سے میری حِفاظت اور رکھوالی کی گئی، تاکہ مَیں اپنی ساری جان، عقل اور طاقت سے تُمھاری خِدمت کرُوں جو خُداوند نے مُجھے بخشی ہے۔“
اُسی طرح، خُداوند نے صدر نیلسن کی، 100 برس کی عمر میں، حفاظت اور رکھوالی کی ہے۔ صدر ہیرلڈ بی لی، اُس وقت صدارت اوّل کے رُکن تھے جب اُنھوں نے موسیٰ کے کوہِ رفیدیم کی چوٹی پر کھڑے ہونے کی مثال کا حوالہ دیا۔ ”[کلِیسیا کے صدر] کے ہاتھ ماندہ پڑھ سکتے ہیں،“ اُنہوں نے فرمایا۔ ”اُس کی بھاری ذمہ داریوں کی بدولت وہ کبھی کبھار نیچے گر سکتے ہیں؛ مگر جب ہم اُس کے ہاتھوں کو اُٹھاتے ہیں، اور جب ہم اُس کی زیر ہدایت، اُس کے شانہ بہ شانہ، راہ نُمائی کرتے ہیں، جہنم کے دَروازے ہمارے خلاف اور اسرائیل کے خلاف غالب نہیں آئیں گے۔ آپ کی اور ہماری حفاظت کا انحصار اِس بات پر ہے آیا کہ ہم اُن کی تَقلیِد کرتے ہیں جنھیں خُداوند نے اِس کلِیسیا کی صدارت کرنے کے لیے مقرر کِیا ہے۔ وہ جانتا ہے وہ اِس کلِیسیا کی صدارت کس سے کرانا چاہتا ہے، اور وہ کوئی غلطی نہیں کرے گا۔“
صدر نیلسن خُداوند کے لِیے برسوں کی خدمت کو استعمال کرتے ہیں۔ اُن کی پختگی، وسیع تجربہ، حکمت، اور پیہم نزُولِ مُکاشفہ خصّوصاً ہمارے دور کے لیے موزوں ہے۔ اُنہوں نے کہا ہے: ”کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسینِ آخِری ایّام دُنیا کو اُس روز کے لیے تیار کر رہی ہے جب ’زمین خُدواند کے عرفان سے معمور ہو گی‘ (یسعیاہ 9:11)۔ اِس کام کو 200 سال قبل الہٰی اعلامیہ نے تقویت بخشی ہے۔ یہ صرف سات اِلفاظ پر مشتمل تھا: ’یہ میرا پیارا بیٹا ہے۔ اِسکی سنو‘ (دیکھیں جوزف سمتھ—تاریخ 17:1)۔“
صدر نیلسن نے یہ بھی فرمایا ہے: ”دنیا کی تاریخ میں کوئی ایسا وقت نہیں آیا جب ہمارے نجات دہندہ کا علم ذاتی طور پر ہر انسانی جان کے لِیے زیادہ اہم اور متعلقہ ہو۔ تصور کریں کہ دنیا بھر کے—اور ہماری انفرادی زِندگیوں کے—تباہ کن تنازعات کتنی جلد حل ہو جائیں گے اگر ہم سب نے یِسُوع مسِیح کی پیروی کرنے اور اُس کی تعلیمات پر غور کرنے کا انتخاب کیا ہو۔“
بھائیو اور بہنو، ہمیں بڑھانا زیادہ اور بُڑبڑانا کم ہے، کلامِ خُداوند، اُس کی راہوں، اور اُس کے نبی کی مزید تائید کرنا ہے، جس نے فرمایا ہے ”آج ہمارے سب سے بڑے مسائل میں سے ایک خُدا کی سچّائیوں اور شَیطان کی جعلسازیوں کے درمیان فرق کرنا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ خُداوند نے ہمیں تلقین کی کہ ’ہمیشہ دُعا کریں، … تاکہ [ہم] شَیطان کو مغلُوب کریں، اور … شَیطان کے غُلاموں کے ہاتھوں سے محفُوظ رہیں جو اُس کے کام کی حمایت کرتے ہیں‘[عقائد اور عہُود 10:5؛ تاکید اضافی ہے]“۔
گزشتہ اپریل، بہن ریس بینڈ اور مُجھے مانٹی یوٹاہ ہَیکَل کی تقدیسِ نو کے لیے اپنے محبوب نبی اور بہن نیلسن کی ہمراہی کا شرف حاصل ہوا۔
صدر نیلسن نے سب کو حیران کر دیا جب وہ کمرے میں داخل ہوئے۔ ہم میں سے صرف چند ایک کو ہی معلوم تھا کہ وہ آرہے ہیں۔ اُن کی موجودگی میں، مَیں نے فوری طور پر اُس نور اور پیغمبرانہ قوت کو محسُوس کیا جو وہ رکھتے ہیں۔ لوگوں کے چہروں پر نبی کو ذاتی طور پر دیکھنے کی شادمانی مُجھے ہمیشہ یاد رہے گی۔
تقدیسِ نو کی دُعا میں، صدر نیلسن نے خُداوند سے التجا کی کہ اُس کے پاک گھر میں داخل ہونے والوں کی خصُوصی طور پر حمایت کی جائے، ”کہ وہ مُقدس برکات پائیں اور اپنے عہُود سے وفادار اور اہل رہیں … کہ یہ اُن سب کے لیے جو اِن دورازوں میں سے داخل ہوں امن کا گھر، تسلی کا گھر، اور ذاتی الہام کا گھر ہو۔“
جہان کو اپنے حصار میں لیتے ہوئے خُوف، تاریکی، اور جھگڑے کا مُقابلہ کرنے کے لیے ہم سب کو امن، تسلی، اور سب سے بڑھ کر ذاتی الہام پانے کے لیے خُداوند کی تائید و حمایت کی ضرورت ہے۔
عبادت کے آغاز سے قبل، ہم خُوب صُورت ماحول دیکھنے کے لیے صدر اور بہن نیلسن کے ساتھ باہر دھوپ میں کھڑے تھے۔ اِس علاقہ سے صدر نیلسن کے آبائی تعلقات نہات گہرے ہیں۔ اُن کے آٹھ پرداداے اور دادیاں ہَیکَل کے آس پاس کی وادیوں میں آباد تھے، جَیسے کہ میرے بھی۔ میرے پردادا اینڈریو اینڈرسن نے ابتدائی پیش روؤں کے تعمیراتی عملے میں خدمات سر انجام دیں جِنھوں نے مانٹی ہَیکل، جو پَتھرِیلی پہاڑیوں میں تیسری تھی، کو مکمل کرنے کے لیے 11 سال محنت کی۔
جب ہم صدر نیلسن کے ساتھ کھڑے تھے، ہمیں خُداوند کے پاک گھر کی تقدیسِ نو منانے کے لیے خُدا کے نبی کی حمایت کرنے اور معاونت کرنے کا موقع مِلا تھا۔ یہ میرے لیے ایک ناقابلِ فراموش دِن تھا۔
”ہم ہَیکَلیں خُداوند کی توقیر کرنے کے لیے تعمیر کرتے ہیں، صدر نیلسن نے اُس مُقدس دِن کو کہا۔ ”اِنھیں پرستش کے لیے تعمیر کیا جاتا ہے نہ کہ نمائش کی خاطر۔ ہم اِس مُقدس چار دیواری کے اندر اَبدی اہمیت کے مُقدس عہُود باندھتے ہیں۔“ ہم اجتماعِ اسرائیل کر رہے ہیں۔
صدر نیلسن اور اُن کے پیش رو نبیوں نے پاک ہَیکَلوں کو اپنی بانہوں میں اُٹھایا ہے۔ آج، دُنیا بھر میں، ہمارے پاس خُداوند کے 350 مُقدس گھر ہیں جو فعال ہیں، جن کا اعلان کیا گیا ہے یا زیر تعمیر ہیں۔ بطور نبی، 2018 سے، صدر نیلسن نے 168 ہَیکَلوں کا اعلان کیا ہے۔
”ہمارے زمانہ میں،“ انہوں نے فرمایا ہے، ”تمام ادوار، کنجیوں اور قوتوں کا، پورا، مکمل، اور کامل اتحاد ہونا ہے (دیکھیں عقائد اور عہود 128: 18)۔ اِن مُقدس مقاصد کے لیے، اب پاک ہیکلیں زمین پر پھیلی ہوئی ہیں۔ مَیں پھر سے زور دیتا ہُوں کہ اِن ہیکلوں کی تعمیر شاید آپ کی زِندگی پر کوئی اثر نہ ڈالے، مگر ہیکل میں آپ کی خدمت یقیناً اثر ڈالے گی۔“
”نجات دہندہ اور اُس کی تعلیم ہیکل کا دِل ہیں،“ صدر کہتے ہیں۔ ”ہَیکل میں سِکھائی گئی ہر تعلِیم، ہدایت اور رُوح کے وسِیلے سے، یِسُوع مسِیح کے مُتعلق ہمارے فہم کو بڑھاتی ہے۔ اِس کی لازمی رُسُومات ہمیں مُقدّس کہانتی عہُود کے ذریعے اُس کے ساتھ باندھتی ہیں۔ پھر، جب ہم اپنے عہُود پر قائم رہتے ہیں، تو وہ ہمیں اپنی شِفا بخش، مضبُوط کرنے کی قُوّت عطا کرتا ہے۔“
”وہ سب لوگ جو ہَیکل میں عِبادت کرتے ہیں،“ صدر نیلسن نے کہا ہے، ”وہ خُدا کی قُدرت پائیں گے اور فرِشتوں ’کی نگہبانی اُن پر ہوتی ہے‘ [عقائد اور عہُود 109: 22]۔ یہ جان کر آپ کے اعتماد میں کس قدر اِضافہ ہوتا ہے کہ خُدا کی قُدرت کی ودیعت سے ملبُوس عورت یا مرد یا [ہَیکل میں شرکت کرنے والے نوجوان] کی حیثیت سے، آپ کو تنہا زِندگی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا؟ یہ جان کر آپ کو کیا ہمت مِلتی ہے کہ فرِشتے واقعی آپ کی مدد کریں گے؟“
صحائف میں ہماری حمایت کرنے کے لیے فرشتوں کے رابطہ کرنے کا تذکرہ ملتا ہے جب یِسُوع مسِیح نے گتسمنی کے باغ میں فروتنی سے گھُٹنے ٹیکے۔ اپنے دکھ اُٹھانے سے اُس نے لامحدود کفارہ مُہیا کِیا۔ ”وہاں،“ صدر نیلسن بیان کرتے ہیں، ”مرقوم تاریخ میں محبّت کا واحد عظیم ترین عمل رُونما ہوا۔ … وہاں گتسمنی میں، خُداوند نے ’سب انسانوں کے دکھ سہے، تاکہ تمام … لوگ توبہ کریں اور اُس کے پاس آئیں‘ [عقائد اور عہُود 11:18]۔“
”ہو سکے تو یہ پیالہ مُجھ سے ٹل جائے،“ یِسُوع مسِیح نے کہا، ”تو بھی میری مرضی نہیں بلکہ تیری ہی مرضی پوری ہو۔
”اور آسمان سے ایک فرشتہ اُس کو دِکھائی دِیا، وہ اُسے تقوِیت دیتا تھا۔“
آج فرشتے ہمارے چوگرد موجود ہیں۔ صدر نیلسن نے فرمایا ہے، ”[ہَیکَل میں،] آپ سیکھیں گے کہ آسمان اور زمین کے درمیان پردہ کیسے چاک کیا جائے، خُدا کے فرشتوں سے مدد کیسے مانگنی ہے۔“
فرشتے نُور لاتے ہیں۔ خُدا کا نُور۔ اپنے نِیفی رسُولوں کو، یِسُوع نے فرمایا، ”دیکھو جو روشنی تُم نے بُلند رکھنی ہے وہ مَیں ہُوں۔“ جَیسے ہم اپنے نبی کی تائید کرتے ہیں، ہم گواہی دیتے ہیں کہ وہ نجات دہندہ کا بُلایا ہوا ہے، جو ”دُنیا کا … نُور ہے۔“
عزیز صدر نیلسن، پوری دنیا میں خُداوند کی کلِیسیا کے اَرکان و احباب کی جانب سے، ہم آپ کی تعلیمات کی تائید کرنے، آپ کے مانندِ مسِیح جینے کے نمونے کی تقلید کرنے، اور ہمارے خُداوند اور مُنجّی، ہم سب کے مخلصی دینے والے، کی آپ کی پُر جوش گواہی کی حمایت کرنے کے لیے خود کو بابرکت محسُوس کرتے ہیں۔
مَیں اپنی رسُولی شہادت دیتا ہُوں کہ یِسُوع مسِیح ”دُنیا کا … نور ہے۔“ کاش ہم سب، اُس کے شاگرد، اُس کی روشنی کو بُلند رکھیں۔ یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔