اُس کا دَستِ کرم ہر پل ہماری مدد کو تیار
جب ہم اِیمان کے ساتھ یِسُوع مسِیح کی طرف رُجُوع کرتے ہیں، تو وہ ہمیشہ ہمارے واسطے موجُود رہتا ہے۔
جب مَیں چھوٹا تھا، تو ہمارا خاندان، ہمارے آبائی مُلک، چِلی کے ساحل پر تعطیلات گُزارنے جایا کرتا تھا۔ مُجھے بے حد خُوشی تھی کہ مَیں اپنے خاندان کے ساتھ موسمِ گرما کے چند دِن لُطف اُٹھانے جا رہا ہُوں۔ میری خُوشی کی اِنتہا نہ تھی کہ آخِرکار مَیں بھی اپنے دونوں بڑے بھائیوں کی طرح پانی کی اُن سرگرمیوں میں شامِل ہو سکُوں گا جن سے وہ ہمیشہ لُطف اَندوز ہوتے تھے۔
ایک دِن میرے بھائی اُس مقام پر کھیلنے گئے جہاں لہریں ساحلِ سمُندر سے ٹکرا رہی تھیں، اور مُجھے اَیسا لگا جیسے مَیں اَب کافی بڑا اور بالغ ہو چُکا ہُوں کہ اُن کے پیچھے جا سکُوں۔ جب مَیں اُس طرف بڑھا، تو مُجھے احساس ہُوا کہ لہریں جو ساحل سے دیکھنے میں معمُولی لگتی تھیں حقیقت میں کہیں زیادہ بڑی تھیں۔ اچانک، ایک لہر بڑی تیزی سے میری طرف بڑھی، اور مُجھے حیران کر دِیا۔ مُجھے یُوں محسُوس ہُوا کہ قُدرت کی طاقت مُجھ پر حاوی ہو گئی ہے، اور مَیں سمُندر کی گہرائیوں میں دَھنستا چلا گیا۔ جب مَیں اِدھر اُدھر پھینکا جا رہا تھا تو مُجھے کوئی نِشانی نظر نہ آئی اور نہ ہی کوئی احساس باقی رہا۔ جیسے ہی مُجھے لگا کہ شاید میری زمینی زِندگی ختم ہونے والی ہے، تو اچانک مَیں نے محسُوس کِیا کہ کوئی ہاتھ مُجھے پانی کی اُوپری سطح کی جانب کھِینچ رہا ہے۔ بالآخِر، مَیں نے سُورج کی کِرنیں دیکھیں اور تھوڑی دیر بعد دوبارہ سانس لینے لگا۔
میرے بھائی کلاؤڈیو نے میری اِس حالت کو دیکھا اور فوراً میری مدد کے لیے پُہنچا۔ مَیں ساحِل سے زیادہ دُور نہیں تھا۔ حالاں کہ پانی کم گہرا تھا، مَیں بے ہوشی کی حالت میں تھا اور سمجھ نہیں پایا تھا کہ آیا مَیں خُود کو سنبھال سکتا تھا۔ کلاؤڈیو نے بتایا کہ مُجھے احتیاط برتنی چاہیے اور، اگر مَیں چاہُوں، تو وہ مُجھے سِکھا سکتا ہے۔ اگرچہ مَیں نے کئی لیٹر پانی نِگل لِیا تھا، مگر میرا عزّم اور جوان لڑکا بننے کی خواہش بُہت زیادہ مضبُوط تھی، اور مَیں نے کہا، ”ضرُور۔“
کلاؤڈیو نے مُجھے کہا کہ مُجھے فعال طور پر عمل کرنا چاہیے تھا۔ لیکن مَیں نے اپنے دِل میں سوچا کہ مَیں پانی کی اِس بڑی دیوار کے خِلاف جنگ یقینی طور پر ہار جاؤں گا۔
جیسے ہی ایک نئی بڑی لہر قریب آئی، کلاؤڈیو نے فوراً کہا، ”میری طرف دیکھو، یُوں کرنا ہوتا ہے۔“ کلاؤڈیو آنے والی لہر کی جانب تیزی سے دوڑا اور اِس کے ساحِل سے ٹکرانے سے پہلے اِس میں غوطہ لگا دِیا۔ مَیں اُس کے غوطے سے اِتنا مُتاثر ہُوا کہ اگلی آنے والی لہر کو دیکھنا ہی بھُول گیا۔ یُوں ایک بار پھر مَیں سمُندر کی گہرائیوں میں جا پہنچا اور لہریں مُجھے اِدھر اُدھر پھینکتی رہیں۔ چند لمحوں بعد، ایک ہاتھ نے میرا ہاتھ تھام لِیا، اور مُجھے دوبارہ پانی کی اُوپری سطح اور ہوا کی جانب کھینچا گیا۔ میرے عزّم کی شمع مدھم ہو رہی تھی۔
اِس بار میرے بھائی نے مُجھے اپنے ساتھ غوطہ لگانے کی دعوت دی۔ اُس کی دعوت پر، مَیں اُس کے پیچھے چل پڑا، اور ہم دونوں نے ایک ساتھ غوطہ لگا دِیا۔ مُجھے یُوں محسُوس ہُوا جیسے مَیں سب سے پیچیدہ چنوتی پر فتح پا رہا ہُوں۔ یقیناً، یہ بالکل آسان نہیں تھا، مگر اپنے بھائی کی مدد اور مِثال کی بدولت مَیں نے یہ کر دِکھایا۔ اُس کے ہاتھ نے مُجھے دو بار بچایا؛ اُس کی مِثال نے مُجھے سِکھایا کہ مَیں اپنی چنوتی کا سامنا کیسے کرُوں اور اُس روز مَیں فاتح بنا۔
صدر رسل ایم نیلسن نے ہمیں اپنی سوچ آسمانی رکھنے کی دعوت دی ہے، اور مَیں اُن کی نصیحت پر عمل کرنا چاہتا ہُوں اور اِسے اپنی گرمیوں کی کہانی پر لاگُو کرنا چاہتا ہُوں۔
دُشمن پر نجات دہندہ کی قُدرت
اگر ہم اپنی سوچ آسمانی رکھیں گے، تو ہم جانیں گے کہ ہماری زِندگیوں میں اَیسی چنوتیاں آئیں گی جو ہمیں اپنی طاقت سے بڑی نظر آئیں گی۔ ہماری فانی زِندگی کے دوران میں، ہم دُشمن کے حملوں کا شِکار رہتے ہیں۔ گرمیوں کے اُس دِن مُجھ پر غلبہ پانے والی لہروں کی طرح، ہم خُود کو بے بس محسُوس کر سکتے اور ایک طاقت ور تقدیر کے سامنے جھُکنے کی آرزُو کر سکتے ہیں۔ وہ ”باطِل لہریں“ ہمیں ایک طرف سے دُوسری طرف دھکیل سکتی ہیں۔ مگر یہ نہ بھُولیں کہ اُن لہروں اور، دَرحقیقت، تمام کائنات پر کِس کی قُدرت ہے۔ وہ ہمارا مُنجّی، یِسُوع مسِیح ہے۔ اُس کے پاس ہر کرب ناک حالت یا مُشکل صُورتِ حال سے ہمیں بچانے کی قُدرت ہے۔ چاہے ہم اُس کے قریب ہوں یا دُور، اُس کا دَستِ کرم ہم تک پُہنچ سکتا ہے ہم جہاں بھی ہوں جیسے بھی ہوں۔
جب ہم اِیمان کے ساتھ اُس کی طرف ہاتھ بڑھاتے ہیں، تو وہ ہمیشہ ہمارے ساتھ ہوتا ہے، اور اپنے مُقررہ وقت پر، وہ ہمارے ہاتھوں کو تھامنے اور ہمیں محفُوظ مقام پر اُٹھانے کو تیار رہتا ہے۔
نجات دہندہ اور اُس کا خِدمت گُزاری کا نمُونہ
اگر ہم اپنی سوچ آسمانی رکھتے ہیں، تو ہم یِسُوع مسِیح کو خِدمت کا بے عیب نمُونہ تسلیم کریں گے۔ صحائف میں ہمارے لیے طریقہِ کار موجُود ہے جب وہ یا اُس کے شاگِرد کسی ضرُورت مند کی مُعاونت، بچاؤ، یا برکت دینے کے لیے اپنے ہاتھ بڑھاتے تھے۔ جیسا کہ میری کہانی میں، مَیں جانتا تھا کہ میرا بھائی وہاں موجُود ہے، مگر فقط موجُود ہونا کافی نہیں تھا۔ کلاؤڈیو جانتا تھا کہ مَیں مُشکل میں ہُوں، اور اُس نے مُجھے پانی سے نِکالنے کے لیے اپنا ہاتھ بڑھایا۔
کبھی کبھار، ہم یہ سوچتے ہیں کہ محض کسی ضرُورت مند کے لیے موجُود رہنا کافی ہے، مگر اکثر اوقات ہم اِس سے بھی زیادہ کر سکتے ہیں۔ اَبَدی تناظر رکھنے سے ہمیں مُکاشفہ حاصِل کرنے میں مدد مِل سکتی ہے تاکہ ہم ضرُورت مندوں کی بروقت مُعاونت کر سکیں۔ ہم رُوحُ القُدس کی ہدایت اور اِلہام پر اعتماد کر سکتے ہیں تاکہ یہ جان سکیں کہ کس قِسم کی مدد کی ضرُورت درکار ہے، چاہے وہ مادی حمایت ہو جیسے کہ جذباتی آرام، خوراک، یا روزمرّہ کے کاموں میں مدد، یا رُوحانی راہ نُمائی تاکہ دُوسروں کو اُن کے مُقدّس عہد کی تیاری، تشکیل، اور عِزت دینے کے سفر میں مدد مِل سکے۔
مُنّجی ہمیں بچانے کے واسطے تیار ہے
جب پطرس، سینئر رَسُول، ”پانی پر چل کر، یِسُوع کے پاس آیا … تو وہ خوف زدہ ہُوا، اور ڈُوبنے لگا“؛ پھِر ”اُس نے پُکارا، اَے خُداوند، مُجھے بچا۔“ یِسُوع جانتا تھا کہ پطرس نے پانی پر چل کر اُس کی طرف آنے کے لیے اِیمان کا مُظاہرہ کِیا تھا۔ وہ پطرس کے خوف سے بھی واقِف تھا۔ واقعہ کے مُطابق، یِسُوع نے ”فوراً ہاتھ بڑھا کر اُسے پکڑ لِیا،“ اور درج ذیل الفاظ کہے: ”اَے کم اِعتقاد، تُو نے کیوں شک کِیا؟“ یہ الفاظ پطرس کو ڈانٹنے کے لیے نہیں تھے، بلکہ یہ یاد دِلانے کے لیے تھے کہ وہ، یعنی مسِیح، اُس کے اور دُوسرے شاگِردوں کے ساتھ ہے۔
اگر ہم سوچ آسمانی رکھیں، تو ہمارے دِلوں میں یہ یقین پَیدا ہو گا کہ یِسُوع مسِیح واقعی ہمارا نجات دہندہ، باپ کے سامنے ہمارا وکیل، اور ہمارا مُخلصی دینے والا ہے۔ جب ہم اُس پر اِیمان لاتے ہیں، تو وہ ہمیں ہماری زوال پذیری کی حالت سے بچائے گا، ہماری مُشکلات، کمزوریوں، اور اِس مادی زِندگی کی ضرُوریات سے آگے بڑھائے گا، اور ہمیں سب سے بڑی نعمت عطا کرے گا، یعنی اَبَدی زِندگی۔
نجات دہندہ ہمیں کبھی بھی ترک نہیں کرے گا
میرے بھائی نے اُس دِن مُجھے ترک نہیں کِیا بلکہ اُس نے میرے سیکھنے کی خاطر محنت کی تاکہ مَیں خُود ویسا کر سکُوں۔ اُس نے اپنی کوشِش جاری رکھی، چاہے اِس کے لیے مُجھے دو بار ہی بچانا کیوں نہ پڑا۔ اُس نے اپنی کوشِش جاری رکھی، حالاں کہ اِبتدائی طور پر مَیں وہ سمجھ نہ پایا۔ اُس نے اپنی کوشِش جاری رکھی تاکہ مَیں اُس چنوتی پر قابُو پا سکُوں اور کام یاب ہو سکُوں۔ اگر ہم اپنی سوچ آسمانی رکھیں، تو ہمیں یہ احساس ہو گا کہ ہمارا مُنّجی ہماری مدد کے لیے ہر بار موجُود ہو گا اگر ہم سیکھنے، بدلنے، غالِب آنے، یا کام یاب ہونے کی خواہش رکھیں، چاہے وہ کُچھ بھی ہو جو ہماری زِندگیوں میں حقیقی اور اَبَدی خُوشی لائے۔
مُنّجی کا دَستِ کرم
صحائف نجات دہندہ کے ہاتھوں کی علامت اور اَہمیت کو لافانی کر دیتے ہیں۔ اُس کی کفّارہ بخش قُربانی میں، اُسے مصلُوب کرنے کے لیے اُس کے ہاتھوں کو کِیلوں سے چھیدا گیا تھا۔ اپنے جی اُٹھنے کے بعد، وہ اپنے شاگِردوں کے سامنے کامِل جِسم میں ظاہر ہُوا، مگر اس کے ہاتھوں کے نِشان اُس کی لامحدُود قُربانی کی یادگار بنے رہے۔ اُس کا دَستِ کرم ہمیشہ ہمارے واسطے موجُود رہے گا، چاہے ہم شُروع میں اُسے دیکھ یا محسُوس نہ بھی کر پائیں، چُوں کہ اُسے ہمارے آسمانی باپ نے تمام بنی نوع اِنسان کا مُنّجی، اور مُخلصی دینے والا ہونے کے لیے مُنتخب کِیا تھا۔
اگر مَیں اپنی سوچ آسمانی رکھُوں، تو مَیں جانتا ہُوں کہ ہم اِس زِندگی میں تنہا نہ چھوڑے جائیں گے۔ اگرچہ ہمیں مُشکلات اور آزمایشوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن ہمارا آسمانی باپ ہماری صلاحیتوں سے واقِف ہے اور جانتا ہے کہ ہم اپنی مشکلات کو سہہ سکتے یا اُن پر غالِب آ سکتے ہیں۔ ہمیں اپنا حِصّہ اَدا کرنا اور اِیمان کے ساتھ اُس کی طرف رُجُوع لانا ہے۔ اُس کا پیارا بیٹا، یِسُوع مسِیح، ہمارا بچانے والا ہے اور ہمیشہ ہمارے واسطے موجُود رہے گا۔ اُسی کے نام، یِسُوع مسِیح کے مُقدّس نام پر، آمین۔