خُدا کی رحمتِ تَوبہ کو قبُول کریں
خُدا کی طرف رُجُوع لانے کے لِیے ہمیں پہلے چیزوں کے مُشکل ہونے کا اِنتظار نہیں کرنا چاہیے۔ آئیے ہم اپنی فانی زِندگیوں کے ختم ہونے تک سچّی تَوبہ کرنے کا اِنتظار نہ کریں۔
مَیں محبّت کرنے والے آسمانی باپ کی گواہی دیتا ہُوں۔ اپریل 2019 کی مجلِسِ عامہ میں، ستر کے اعلیٰ عُہدیدار کی حیثیت سے اپنی تائید کے چند لمحوں بعد، کوئر نے ”مَیں حیراں کھڑا ہُوں“ گِیت گایا جو میرے دِل اور رُوح میں اُتر گیا۔
جب مَیں نے اِن اَلفاظ کو سُنا تو مَیں پُورے کا پُورا حیرت میں ڈُوب گیا۔ مُجھے احساس ہُوا کہ اپنی کوتاہیوں اور خامیوں کے باوجود، خُداوند نے مُجھے یہ جاننے کے لیے برکت دی کہ ”اُس کی قُدرت سے مَیں سب کُچھ کر سکتا ہُوں۔“
کوتاہی، کم زوری، یا یہاں تک کہ نا اہلی کا عام احساس اَیسی چِیز ہے جِس کی وجہ ہم میں سے کئی لوگ بعض اوقات کش مکش کا شِکار رہتے ہیں۔ مَیں نے اِسے محسُوس کِیا جِس دِن مَیں نے بُلاہٹ پائی؛ ابھی تک مَیں اِس کوشِش میں پڑا ہُوں۔ اِس کا احساس مُجھے کئی بار ہُوا ہے اور اب بھی بات کرتے ہُوئے محسُوس کرتا ہُوں۔ لہٰذا، مَیں نے سِیکھا ہے کہ اَکیلا مَیں ہی اِس احساس کا شِکار نہیں ہُوں۔ درحقیقت، صحائف میں اَیسے کئی لوگوں کے احوال موجُود ہیں جِنھوں نے اِسی طرح محسُوس کِیا تھا۔ مثال کے طور پر، ہم نیفی کو خُداوند کے بااِیمان اور دلیر خادِم کی حیثیت سے یاد کرتے ہیں۔ لیکن بعض اوقات، وہ بھی کوتاہی، کمزوری، اور نالائقی کے احساس میں مُبتلا رہا۔
اُس نے فرمایا: ”تو بھی ”اپنے ارفع و حیرت خیز عجائب مُجھ پر ظاہر کرنے کے حوالے سے خُداوند کے بڑے کرم کے باوجود، میرا دِل پُکار اُٹھتا ہے: آہ مَیں کیسا بدبخت اِنسان ہُوں! ہاں، میرا دِل بشری حالت کی وجہ سے افسُردہ ہے؛ میری جان میری بدیوں کے سبب سے غمگِین ہے۔“
نبی جوزف سمتھ نے اکثر نو عُمری میں ”[اپنی] کم زوریوں اور خامیوں“ کے احساس کے لِیے خُود کو ”قُصُوروار تَصَوُّر کِیا۔“ بلکہ جوزف کے احساسِ کوتاہی اور پریشانی نے جُزوی طور پر اُس کو غَور و فکر کرنے، مُطالعہ کرنے، سِیکھنے اور دُعا کرنے پر مجبُور کِیا۔ مثلاً آپ کو یاد ہوگا، وہ سچّائی، اِطمِینان، اور مُعافی کو پانے کے لِیے اپنے گھر کے قریب درختوں کے جھُنڈ میں دُعا کرنے کے لِیے گیا۔ اُس نے خُداوند کو یہ کہتے سُنا، ”جوزف، میرے بیٹے، تیرے گُناہ مُعاف ہُوئے۔ اپنی راہ لے، میرے آئین پر چل، اور میرے احکام بجا لا۔ دیکھ، میں جلال کا خُداوند ہوں۔ میں جہان کے لیے مصلوب کیا گیا تھا کہ وہ سب جو میرے نام پر اِیمان لائیں گے ابدی زندگی پائیں۔“
جوزف کی تَوبہ کرنے اور اپنی رُوح کی نجات پانے کی سچّی نِیت نے اُس کو یِسُوع مسِیح کے پاس آنے اور اپنے گُناہوں کی معافی پانے میں مدد کی تھی۔ اِس جاری جُستجُو نے یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کی پیہم بحالی کا دروازہ کھولا۔
نبی جوزف سمتھ کا یہ قابلِ ذکر تجسُس واضح کرتا ہے کہ کس طرح کم زوری اور کوتاہی کے احساسات ہماری اپنی فانی فطرت کو پہچاننے میں مدد کر سکتے ہیں۔ اگر ہم عاجز ہوتے ہیں، تو یہ یِسُوع مسِیح پر اپنے توکل کو پہچاننے میں ہماری مدد کریں گے، اور یہ ہمارے دِلوں میں ہل چل مچا دیں گے تاکہ ہم نجات دہندہ کی طرف پُورے اِرادہ کے ساتھ رُجُوع کریں اور اپنے گُناہوں سے تَوبہ کریں۔
میرے دوستو، تَوبہ شادمانی ہے! شِیریں تَوبہ روزمرہ کے عمل کا حِصّہ ہے جِس کے ذریعے سے، ”فرمان پر فرمان، حُکم پر حُکم“ کے مُطابق، خُداوند ہمیں اپنی تعلیمات پر مرکُوز زِندگی گُزارنا سِکھاتا ہے۔ جوزف اور نِیفی کی طرح، ہم ”اُس سے رحم کی فریاد مانگ سکتے ہیں؛ پَس وہ نجات دینے پر قادِر ہے۔“ وہ کسی بھی راست خواہش یا حسرت کو پُورا کر سکتا ہے اور ہماری زِندگی کے کسی بھی زخم کو بھر سکتا ہے۔
مورمن کی کِتاب: یِسُوع مسِیح کی بابت ایک اور عہد نامہ میں ہم اُن لوگوں کے بے شمار حوالے تلاش کر سکتے ہیں جنہوں نے سچّی تَوبہ کے ذریعے سے یِسُوع مسِیح کے پاس آنے کا طریقہ سیکھا۔
میں آپ کے ساتھ اپنے پیارے آبائی جزیرے پورٹو ریکو میں پیش آنے والے ایک تجربے کے ذریعے خُداوند کی شفِیق رحمتوں کی ایک مثال کا آپ کے ساتھ اشتراک کرنا چاہتا ہوں۔
یہ میرے آبائی شہر پانس کا واقع ہے، جب کلیسیا کی ایک بہن، سیلیا کُروز آیالا نے فیصلہ کِیا کہ وہ مورمن کی کِتاب اپنے دوست کو دے گی۔ وہ اِس کو لپیٹ کر یہ تُحفہ دینے چلی گئی، جو اُس کے لیے ہیروں یا موتیوں سے زیادہ قیمتی تھا، اُس نے کہا۔ راہ میں، کوئی چور اُس کی طرف لپکا، اُس کا پرس چھینا، اور قیمتی تُحفہ لے کر رفو چکر ہو گیا۔
جب اُس نے چرچ میں یہ کہانی سُنائی تو اُس کی سہیلی نے کہا، ”کسے معلُوم؟ شاید آپ کے لیے اِنجِیل پھیلانے کا یہی موقع تھا!“
خیر، چند دِنوں بعد، معلُوم ہے کیا ہُوا؟ سیلیا کو خط مِلا۔ وہ خط آج میرے ہاتھ میں ہے، جِس کا ذِکر سیلیا نے میرے ساتھ کِیا تھا۔ یہ کہتا ہے:
”مُحترمہ کُروز:
”مُجھے مُعاف کر دو، مُجھے مُعاف کر دو۔ آپ کبھی یہ نہیں جان پائیں گی کہ آپ پر حملہ کرنے کا مُجھے کتنا افسوس ہے۔ لیکن اِس کی وجہ سے میری زِندگی بدل گئی ہے اور بدلتی رہے گی۔
”اِس کِتاب [مورمن کی کِتاب] نے میری زِندگی میں بڑی مدد کی ہے۔ اُس مردِ خُدا کے خواب نے مُجھے جگا دِیا ہے۔ … مَیں آپ کے پانچ [ڈالر] واپس کر رہا ہُوں، کیوں کہ مَیں اُنھیں خرچ نہیں کر سکتا۔ مَیں آپ کو بتانا چاہتا ہُوں کہ بظاہر آپ کی صُورت پُرنُور تھی۔ اَیسا لگتا تھا کہ وہ نُور مُجھے روک رہا ہے [آپ کو نُقصان پُہنچانے سے، اِس لیے] مَیں وہاں سے بھاگ گیا۔
”مَیں چاہتا ہُوں کہ آپ یہ بات جان لیں کہ آپ مُجھے دوبارہ دیکھیں گی، لیکن آپ مُجھے پہچان نہ پائیں گی، کیوں کہ مَیں آپ کا بھائی ہُوں گا۔ … یہاں، جہاں میں رہتا ہُوں، مجھے خُداوند کو ڈُھونڈنا ہے اور اُس کلِیسیا میں جانا ہے جِس سے آپ کا تعلُق ہے۔
”آپ نے اِس کِتاب میں جو پیغام لِکھا ہے اُس سے میری آنکھوں میں آنسو آگئے۔ بدھ کی رات سے میں اُس کو پڑھنے سے رُک نہیں رہا ہُوں۔ مَیں نے دُعا کی ہے اور خُدا سے اپنے لِیے مُعافی مانگی ہے [اور] مَیں آپ سے بھی مُعافی مانگتا ہُوں۔ … میرا خیال تھا کہ آپ کا لپیٹا ہُوا تُحفہ بیچ دُوں گا۔ [بلکہ،] اُس نے مُجھے اپنی زِندگی کو [بدلنے] کے لِیے جذبہ دے دِیا ہے۔ … مُجھے مُعاف کر دو، مُجھے مُعاف کر دو، مَیں آپ سے اِلتجا کرتا ہُوں۔
بھائیو اور بہنو، نجات دہندہ کا نُور ہم سب تک پُہنچ سکتا ہے، ہمارے حالات چاہے کیسے بھی ہوں۔ ”مسِیح کے کفّارے کی لامحدّود تجلی سے نیچے جانا آپ کے لیے مُمکن نہیں،“ صدر جیفری آر ہالینڈ نے فرمایا۔
جہاں تک سیلیا کے تُحفہ، مورمن کی کِتاب، پانے والے غیر مطلُوب شخص کا تعلق ہے، اُس بھائی نے خُداوند کی رحمت کی مزید گواہی دی۔ اگرچہ اُس بھائی کو اپنے آپ کو مُعاف کرنے میں وقت لگا، لیکن اُس نے تَوبہ میں شادمانی پائی۔ یہ کیسا حیرت انگیز مُعجزا ہے! ایک بااِیمان بہن، ایک مورمن کی کِتاب، سچّی تَوبہ، اور نجات دہندہ کی قُدرت سب مل کر خُداوند کے گھر میں اِنجِیل کی معموری اور مُقدّس عہُود کی برکات سے لطف اندوز ہونے کا باعث بنے۔ خاندان کے دیگر افراد بھی پیچھے ہولیے اور انھوں نے کُل وقتی فرِیضہِ مُنادی اور دُوسری مُقدّس ذِمہ داریوں کو خُداوند کے تاکِستان میں ادا کِیا۔
جب ہم مسِیح کے پاس آتے ہیں، تو ہماری سّچی تَوبہ کا راستا بلآخِر نجات دہندہ کی پاک ہَیکل کی طرف راہ نُمائی کرے گا۔
پاکیزہ رہنے کی کوشش کرنے کا کیا ہی نیک مقصد ہے—ہمارے آسمانی باپ اور اُس کے بیٹے کی طرف سے مُقدّس ہَیکل کے عہُود کے ذریعے سے مُمکن بنائی گئی برکات کی مَعمُوری کے لائق ہونا! خُداوند کے گھر میں باقاعدگی سے عِبادت کرنا اور اُن مُقدّس عہُود کو برقرار رکھنے کی کوشش کرنا جو ہم وہاں باندھتے ہیں ہماری نِیت اور صلاحیت کو بڑھائے گا تاکہ دِل، طاقت، عقل اور جان کی تبدیلی کو محسُوس کریں جو ہمارے نجات دہندہ کی طرح بننے کے لیے ضرُوری ہے۔ صدر رسل ایم نیلسن نے گواہی دی ہے: ”آسمان کو [ہَیکل میں عِبادت کرنے سے] زیادہ کوئی شَے نہ کھولے گی۔ کوئی شَے نہیں!“
میرے پیارے دوستو، کیا آپ اپنے میں کوتاہی محسُوس کرتے ہیں؟ کیا آپ کو نااہلی کا احساس ہوتا ہے؟ کیا آپ اپنے بارے میں دو رائے رکھتے ہیں؟ شاید آپ پریشان ہوں اور پوچھیں: کیا مَیں پُور اُترتا ہُوں؟ کیا میرے لِیے بُہت دیر ہو گئی ہے؟ جب مَیں اپنی پُوری کوشش کر رہا ہُوں تو مَیں ناکام کیوں ہوتا رہتا ہُوں؟
بھائیو اور بہنوں، یقیناً ہم اپنی اپنی زِندگی کی راہ پر غلطیاں کریں گے۔ لیکن براہ کرم یاد رکھیں، مثلاً ایلڈر گیرٹ ڈبلیو گانگ نے سِکھایا ہے: ”ہمارے نجات دہندہ کا کفّارہ لامحدُود اور اَبَدی ہے۔ ہم میں سے ہر ایک بھٹکتا اور ناکام ہوتا ہے۔ مُمکن ہے کہ تھوڑے عرصہ کے لیے ہم راستا بھُول جائیں۔ خُدا پیار سے ہمیں یقِین دِلاتا ہے [چاہے] ہم کہیں بھی ہوں یا ہم نے کُچھ بھی کیا ہو، ایسی کوئی جگہ نہیں جہاں سے واپس نہ آیا جا سکے۔ وہ ہمیں گلے لگانے کے لیے تیار رہتا ہے۔“
جیسا کہ میری پیاری بیوی، کیری لُو، نے بھی مُجھے سِکھایا ہے کہ، ہم سب کو تَوبہ کرنے کی ضرُورت ہے، ہر روز اپنی گھڑی کو پِیچھے کر کے ”زیرو بجے“ پر سیٹ کرنا ہوگا۔
رکاوٹیں آئیں گی۔ خُدا کی طرف رُجُوع لانے کے لِیے ہمیں پہلے چیزوں کے مُشکل ہونے کا اِنتظار نہیں کرنا چاہیے۔ آئیے ہم اپنی فانی زِندگیوں کے ختم ہونے تک سچّی تَوبہ کرنے کا اِنتظار نہ کریں۔ بلکہ، آئیے ابھی سے، اِس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ ہم عہد کے راستے کے کس حِصّے پر ہیں، یِسُوع مسِیح کی نجات بخش قُدرت اور آسمانی باپ کی رضا پر توجہ مرکُوز کریں تاکہ ہم اُس کی طرف لوٹ جائیں۔
خُداوند کا گھر، اُس کے مُقدّس صحائف، اُس کے مُقدّس انبیا اور رسُول ہمیں مسِیح کے عقیدے کے وسیلے سے ذاتی پاکیزگی کے خواہاں ہونے کی ترغیب دیتے ہیں۔
اور نِیفی نے فرمایا: ”اور اب، دیکھو میرے پیارے بھائیو، یہی راستا ہے؛ اور آسمان تلے نہ کوئی دُوسرا راستا نہ کوئی دُوسرا نام عطا کِیا گیا ہے جِس کے وسِیلے سے اِنسان خُدا کی بادِشاہی میں بچایا جا سکتا۔ اور اب، دیکھو، یہی مسِیح کی تعلِیم ہے، اور باپ اور بیٹے اور رُوحُ القُدس کی واحد اور برحق تعلِیم۔“
خُدا کے ساتھ ہمارا ”ایک ہونے“ کا عمل مشکل ہو سکتا۔ لیکن آپ اور مَیں توقف کر سکتے ہیں، خاموش رہ سکتے ہیں، نجات دہندہ کی طرف دیکھ سکتے ہیں، اور مُشتاق ہونے اور اِس پر عمل کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں جو وہ چاہتا ہے کہ ہم بدلیں۔ اگر ہم پُورے اِرادہ کے ساتھ ایسا کرتے ہیں، تو ہم اُس کی شِفا کی گواہی دیں گے۔ اور سوچیں کہ جب ہم خُداوند کی رحمتِ تَوبہ کو قبُول کریں گے تو ہماری نسل کو کیسے برکت ملے گی!
ماہر کمہار، میرے والد نے سِکھایا، ہمیں گُوندھے گا اور نفِیس بنائے گا، جو کہ مشکل ہوسکتا ہے۔ بہر کیف، ماہر شافی ہماری طہارت بھی کرے گا۔ مَیں نے تجربہ کِیا ہے اور اُس شِفا بخش قُدرت کا تجربہ کرتا رہتا ہُوں۔ مَیں گواہی دیتا ہُوں کہ یہ یِسُوع مسِیح پر اِیمان لانے اور ہر روز تَوبہ کرنے سے مِلتی ہے۔
مَیں خُدا کی محبّت اور اُس کے بیٹے کے کفّارہ کی لامحدود قُدرت کی گواہی دیتا ہُوں۔ جب ہم خلُوص اور پُورے دِل سے تَوبہ کرتے ہیں تو ہم اُسے گہرائی سے محسُوس کر سکتے ہیں۔
میرے دوستو، مَیں نبی جوزف سمِتھ کے وسِیلے سے اِنجِیل کی شان دار بحّالی اور اپنے نبی اور ایلچی صدر رسل ایم نیلسن کے ذریعے سے نجات دہندہ کی موجُودہ اِلہامی ہدایت کا گواہ ہُوں۔ مَیں جانتا ہُوں کہ یِسُوع مسِیح زِندہ ہے اور وہ ہماری جانوں کا ماہر شافی ہے۔ مَیں جانتا اور گواہی دیتا ہُوں کہ یہ چیزیں بَرحق ہیں، یِسُوع مسِیح کے پاک نام پر، آمین۔