ہماری مُخلصی کی شادمانی
یِسُوع مسِیح کی محبّت اور قُدرت ہمیں اپنی خطاؤں، کمزوریوں، اور گُناہوں سے نجات بخشتی ہے اور مزید بہتر بننے میں ہماری مدد کرتی ہے۔
کوئی 10 برس پہلے، مَیں نے نجات دہندہ کی تصویر پینٹ کرنے کا تاثر پایا۔ اگرچہ مَیں آرٹِسٹ ہُوں، مَیں کُچھ پریشان ہو گئی۔ یِسُوع مسِیح کے رُوح کا تاثر دینے کے لیے مَیں تصویر کیسے پینٹ کرتی تھی؟ مَیں کہاں سے شُروع کرُوں؟ اور مَیں وقت کیسے نِکالوں گی؟
حتیٰ کہ اپنے سوالوں کے ساتھ، مَیں نے آگے بڑھنے اور توکُل کرنے کا فیصلہ کِیا کہ خُداوند میری مدد کرے گا۔ لہذا مُجھے آگے بڑھتے جانا اور اِمکانات اُس پر چھوڑنے تھے۔ مَیں نے دُعا کی، غور و خوض، اور تحقیق کی، اور خاکہ بنایا، اور وسائل اور مدد تلاش کرنے میں برکت پائی۔ تو جو سفید کینوس تھا وہ مزید کُچھ بننے لگا تھا۔
یہ عمل آسان نہیں تھا۔ بعض اوقات یہ میری اُمید کے موافق دِکھائی نہ دیتی۔ کبھی برش چلانے تو میں کبھی تدابیر کے لمحات کی ترغیب پاتی۔ اور کئی مرتبہ، تو مجھے فقط بار بار اور بار بار کوشش کرنا پڑتی تھی۔
جب میرے خیال میں آخر کار آئل پینٹنگ مکمل اور خُشک ہو گئی تو اُسے گندگی اور گردوغبار سے بچانے کے لیے مَیں نے اُس کے اُوپر شفاف وارنِش لگا دی۔ جب مَیں نے ایسا کِیا، تو مَیں نے دیکھا کہ پینٹنگ کے بال بدلنے، داغدار اور تحلیل ہونے لگے ہیں۔ مُجھے احساس ہُوا کہ مَیں نے وارنِش جلدی لگا دی تھی، پینٹنگ کا وہ حصّہ ابھی بھی گیلا تھا!
مَیں نے اپنی پینٹنگ کا ایک حصّہ وارنش سے بالکل صاف کر دِیا تھا۔ آہ، میرا دِل کیسے ڈُوب گیا تھا۔ مُجھے ایسا لگا مَیں نے وہ سب برباد کر دِیا ہے جسے بنانے میں خُدا نے میری مدد کی تھی۔ مَیں روئی اور اندر ہی اندر بیمار ہونے لگی۔ مایُوسی میں، مَیں نے وہی کِیا جو عام طور پر کوئی بھی اِس صُورتِ حال میں کرتا ہے: مَیں نے اپنی ماں کو فون کِیا۔ اُس نے دانائی اور اِطمینان سے کہا، ”جو بھی تھا وہ تُمھارے پاس واپس تو نہیں آئے گا، لیکن جو کُچھ تُمھارے پاس ہے اُس کو بہترین بنانے کی پُوری کوشش کرو۔“
پَس مَیں نے دُعا اور مدد کے لیے اِلتجا کی، اور رات بھرپینٹنگ کو ٹھیک کرتی رہی۔ اور مُجھے یاد ہے جب صُبح پینٹنگ کو دیکھا—تو یہ پہلے سے بہتر دِکھائی دی۔ یہ کیسے مُمکن تھا؟ درُستگی کے بغیر مَیں نے جس کو اپنی غلطی سمجھ لِیا یہ اُس کے کرم کے مظہر کا موقع تھا۔ وہ پینٹنگ سے نہیں تھکا تھا، اور نہ ہی وہ مُجھ سے تھکا تھا۔ میرا دِل خُوشی اور راحت سے مسرُور ہو گیا۔ مَیں نے اِس معجزے کے لیے خُداوند کی کرم نوازی کی ستایش کی، جس نے نہ صرف اِس پینٹنگ کو بچایا بلکہ مُجھے مزید اُس کی محبّت اور قُدرت کی بابت سِکھایا جو کہ ہم سب کو اپنی غلطیوں، کم زوریوں، اور گُناہوں سے بچانے اور ہماری مزید بہتر بننے میں مدد کرتی ہے۔
فقط نجات دہندہ کے لیے میری شُکرگُزاری میں شِدت سے اضافہ ہُوا جب اُس نے ”ناقابل تصحیح“ پینٹنگ کو ٹھیک کرنے میں اپنی کرم نوازی کی، پَس اپنی کم زوریوں اور کوتاہیوں کی مُعافی پانے کے لیے مَیں نے محنت کی، تو میرے نجات دہندہ کے لیے میری ذاتی محبّت اور شُکرگُزاری بڑھ گئی۔ مَیں ہمیشہ اپنے نجات دہندہ کی شُکرگُزار رہُوں گی کہ مَیں تبدیل اور پاک صاف ہو سکتی ہُوں۔ وہ میرے دِل کا مالِک ہے، اور مَیں وہی کرُوں اور وہی بنُوں گی جیسا وہ چاہتا ہے۔
توبہ ہمیں خُدا کی محبّت کو محسُوس کرنے اور اُس کو جاننے اور اُس سے اُس طرح محبّت کرنے کا احساس دِلاتی ہے جو بصُورتِ دیگر ہم کبھی نہیں جان پاتے۔ جس عورت نے نجات دہندہ کے پاؤں پر عِطر ڈالا، ”اُس کے کئی گُناہ تھے، جو مُعاف ہُو گئے، پَس اُس نے بُہت زیادہ محبّت کی: مگر جِس کے تھوڑے گُناہ مُعاف ہُوئے وہ تھوڑی محُبّت کرتا ہے۔“ وہ یِسُوع سے بُہت محبّت کرتی تھی پَس اُس نے اُسے زیادہ کی مُعافی دی۔
یہ جان کر بڑی راحت اور اُمید مِلتی ہے کہ ہم دوبارہ کوشش کر سکتے ہیں—جیسا کہ ایلڈر ڈیوڈ اے بیڈنار نے سِکھایا، ہم رُوحُ القُدس کی تقدیس کی قُدرت سے اپنے گُناہوں کی مسلسل مُعافی پا سکتے ہیں جب ہم اپنے دِلوں کو اُس کی طرف موڑتے اور سچّے دِل سے توبہ کرتے ہیں۔
یِسُوع مسِیح کی مُخلصی کی قُدرت ہمارے عہُود کی موعودہ نعمتوں میں سے ایک افضل نعمت ہے۔ جب آپ مُقدس رسُوم میں حصّہ لیں تو اِس بارے میں سوچیں۔ اِس کے بغیر، ہم اپنے آسمانی باپ کی حُضُوری میں واپس نہ جاسکیں اور نہ اُس کی مانِند بن سکیں گے۔
مَیں جانتی ہُوں کہ ہمارا خُداوند اور نجات دہندہ، یِسُوع مسِیح، بچانے میں قادرِ ہے۔ خُدا کا بیٹا جس نے دُنیا کے گُناہوں کے لیے کفّارہ دِیا اور اپنی جان دے دی اور پھر جی اُٹھا، وہ مُخلصی اور جی اُٹھنے کی قُدرت رکھتا ہے۔ اُس نے بقا کو سب کے لیے ممکن بنایا ہے اور جو اُس پر اِیمان لاتے ہیں وہ ہمیشہ کی زندگی پاتے ہیں۔ مَیں جانتی ہُوں کہ اُس کی کفّارہ بخش قُربانی کے وسیلے سے ہم توبہ کرتے ہیں اور پاک صاف ہوتے اور مُخلصی پاتے ہیں۔ یہ مُعجزہ ہے کہ وہ آپ کو اور مُجھے ایسی محبّت کرتا ہے۔
اُس نے فرمایا ہے، ”کیا تُم اب بھی تبدیل نہیں ہو گے، اور اپنے گُناہوں سے توبہ نہیں کرو گے، اور رجُوع نہ لاؤ گے، تاکہ مَیں تمھیں شِفا دُوں؟“ وہ آپ کی جان کے ”بے کار حصّوں“ کو شفا بخشتا ہے—جو گُناہوں اور ماتم کے سبب سے خُشک، سخت، اور ویران ہو جاتے، اور ”آپ کے بیابان کو عدن کی مانِند بناتا ہے۔“
جیسے ہم گتسِمنی اور صلیب پر مسِیح کے دُکھ اور اذیت کی شِدت کو نہیں سمجھ سکتے، ویسے ہی ہم ”اُس کی الہٰی بخشش کی حدوں کی وسعت نہ ہی گہرائی،“ محبّت، اور رحم کو ناپ سکتے ہیں۔
آپ شاید محسُوس کریں کہ مُخلصی پانا ممکن نہیں ہے، کہ شاید آپ نے کُچھ کِیا یا جس وجہ سے آپ مُشکل میں ہیں آپ خُدا کی محبّت اور نجات دہندہ کی کفّارہ بخش قُدرت سے مُستثنیٰ ہیں۔ مَیں گواہی دیتی ہُوں کہ آپ مالِک کی پُہنچ سے دُور نہیں ہیں۔ نجات دہندہ ”سب سے نِیچے اُترا“ اور آپ کو اُٹھانے اور آپ کو دائمی تاریکی کی کھائی سے نِکالنے اور آپ کو ”اپنے نُور کی تجلی“ میں لانے کے لیے الہٰی مقام پر ہے۔ اُس کے دُکھوں کی بدولت، اُس نے ہم سب کے لیے راستا ہم وار کِیا ہے تاکہ ہم اپنی ذاتی کم زوریوں اور گُناہوں، پر فتح پائیں۔ وہ ہر اُس آدمی کو بچانے میں پُوری قُدرت رکھتا ہے جو اُس کے نام پر اِیمان اور توبہ کے مُوافِق پھل لاتے ہیں۔
جس طرح پینٹنگ کو ٹھیک کرنے کے لیے محنت اور آسمانی مدد کے لیے اِلتجا کی ضرُورت تھی، ”توبہ کے موافق پھل لانے کے لیے“ محنت، خلُوصِ دِل، اور فروتنی کی ضرُورت ہوتی ہے۔ اِن پھلوں میں اپنے اِیمان پر عمل کرنا اور یِسُوع مسِیح کی کفّارہ بخش قُربانی پر توکُل کرنا، خُدا کو اپنے شِکستہ دِل اور پشیمان رُوح کو پیش کرنا، گُناہوں کا اِقرار اور اُن کو ترک کرنا، اپنی بہترین صلاحیت کے موافق بِگڑے ہُوئے تعلُقات کو بحال کرنا، اور راستی سے زندگی بسر کرنے کی کوشش کرنا ہیں۔
سچّی توبہ اور تبدیلی کے لیے، پہلے ہمیں ”اپنے گُناہوں کو پہچاننا ضرُور ہے۔“ کسی شخص کو تب تک دوا لینے کی ضرُورت نہیں ہوتی جب تک اُنھیں معلوم ہو کہ وہ بیمار ہیں۔ ایسے وقت بھی ہوتے ہیں کہ ہم اپنے اندر جھانکنے اور دیکھنے کے لیے تیار نہیں ہوتے کہ درحقیقت شفا اور اِصلاح کی کہاں پر ضرُورت ہے۔
سی ایس لوئیس کی تحریروں میں اَسلان کسی شخص کو یہ الفاظ پیش کِرتا ہے جس نے خُود کو اپنے آلات میں اُلجھایا ہوتا ہے: ”آہ، بنی نوع اِنسان، تُم کتنی ہوشیاری سے اپنے آپ کو ہر اُس چیز سے روک لیتے ہو جو تُمھاری اچھائی کا باعث ہوتی ہے۔“
آپ اور مَیں اُن چیزوں سے کہاں پر اپنے آپ کو روکتے ہیں جو ہماری اچھائی کا باعث ہوتی ہیں؟
آئیے ہم اپنے آپ کو اُس اچھائی سے نہ روکیں جس سے خُدا ہمیں نوازنا چاہتا ہے۔ اُس محبّت اور رحمت سے جو وہ چاہتا ہے کہ ہم محسُوس کریں۔ اُس نُور اور حِکمت سے جو وہ ہمیں بخشنا چاہتا ہے۔ اُس شفا یابی کی جو وہ جانتا ہے کہ ہمیں کتنی ضرورت ہے۔ اُس گہرے عہد کے رشتے کا جو وہ اپنے تمام بیٹوں اور بیٹیوں کے لیے اِرادہ رکھتا ہے۔
مَیں دُعا کرتی ہُوں کہ ہم کسی بھی ”جنگی ہتھیار“ کو ایک طرف رکھ دیں جو ہم نے خُدا کی محبّت کی نعمتوں کو شعوری یا حتیٰ کہ لاشعوری طور پر اپنے آپ کو روکنے کے لیے اُٹھائے ہُوئے ہیں۔ تکبر کے ہتھیار—خُود غرضی، خوف، نفرت، جُرم، خُوش فہمی، ناراست پرکھ، حسد—ہر وہ چیز جو ہمیں خُدا کو اپنے سارے دِل سے محبّت کرنے اور اُس کے ساتھ اپنے تمام عہُود پر قائم رہنے سے روکتی ہے۔
ہم اپنی زندگیاں اپنے عہُود کے مطابق گزارتے ہیں، تو خُداوند ہمیں اپنی کم زوریوں کو پہچاننے میں مدد اور اُن پر قابو پانے کے لیے طاقت دیتا ہے جس کی ہمیں ضرُورت ہے، بشمُول تکبر کی رُوحانی امر بیل۔ ہمارے نبی نے کہا ہے:
”توبہ پاکیزگی کا راستا ہے، اور پاکیزگی قوت بخشتی ہے۔“
”اور آہ، ہمیں آنے والے دِنوں میں اِس قُوت کی کتنی ضرُورت ہو گی۔“
میری پینٹنگ کی طرح، جب ہم سے کوتاہی ہوتی ہے تو خُداوند ہم سے تھکتا نہیں، نہ ہی ہمارے لڑکھڑانے پر ہم سے دُور چلا جاتا ہے۔ ہماری شفا یابی اور مدد اُس کے لیے بوجھ نہیں ہے بلکہ وہ اِسی لیے آیا تھا۔ نجات دہندہ نے خُود کہا:
”دیکھو، مَیں دُنیا کو بچانے کے لیے دُنیا میں آیا ہُوں۔“
”میرا رحم بھرا ہاتھ تُمھاری طرف بڑھا ہُوا ہے، اور جو کوئی آئے گا مَیں اُس کا اِستقبال کروں گا۔“
پَس آؤ—محنت اُٹھانے والو، بوجھ سے دبے، اور اُداس لوگو؛ آؤ اور اپنی مشقت چھوڑو اور اُس میں آرام پاؤ جو تُمھیں سب سے زیادہ محبّت کرتا ہے۔ اُس کا جُؤا اپنے اُوپر اُٹھا لو کیوں کہ وہ حلِیم اور دِل کا فروتن ہے۔
ہمارا آسمانی باپ اور نجات دہندہ آپ کو دیکھتے ہیں۔ وہ آپ کے دِل سے واقف ہیں۔ وہ اُس بارے میں فِکر کرتے ہیں جس بارے میں آپ فِکر مند ہیں، بشمُول جن سے آپ محبّت کرتے ہیں۔
ہم سے جو کھو گیا نجات دہندہ اُسے بحال کر دیتا ہے بشمُول ٹُوٹے اور بِگڑے ہُوئے تعلقات۔ جو وفات پا گئے—جو مُردہ اور نااُمید ہیں اُس میں زندگی کا دَم بحال کرنے کے لیے اُس نے راستا بنایا ہے۔
اگر آپ کسی مُشکل صُورتِ حال سے گُزر رہے ہیں آپ کو لگتا ہے کہ اب تک اُس پر قابُو پا لینا چاہیے تھا، تو ہمت نہ ہاریں۔ اپنے ساتھ صبر کا مُظاہرہ کریں، عہُود پر قائم رہیں، اکثر توبہ کریں، اگر ضرُورت ہو تو اپنے راہ نُماؤں سے مدد لیں، اور جِتنا ممکن ہو باقاعدگی سے خُداوند کے گھر جائیں۔ اُن سرگوشیوں کو جو وہ آپ کے لیے بھیجتا ہے سُنیں۔ وہ آپ کے ساتھ اپنے عہد کا رشتہ ترک نہیں کرے گا۔
میری زندگی میں دُشوار اور پیچیدہ تعلقات در پیش رہے ہیں جن کے ساتھ مَیں مُشکل سے دوچار رہی اور خلُوص سے بہتر ہونے کی کوشش کی۔ ایسے اوقات میں، مُجھے لگتا کہ مَیں اکثر ناکام ہُوئی تھی۔ مَیں سوچتی، کیا مَیں نے پچھلی بار اِن باتوں کی اِصلاح نہیں کی؟ کیا مَیں نے واقعی اپنی کم زوری پر قابو نہیں پایا؟ مَیں نے وقت کے ساتھ ساتھ سیکھا ہے کہ ضرُوری نہیں کہ مُجھ میں نُقص ہے؛ بلکہ، اکثر بُہت کچھ ہوتا ہے جسے مزید شفا کی ضرُورت ہوتی ہے۔
ایلڈر ڈی ٹاڈ کرسٹوفرسن نے سِکھایا: یقینا خُداوند اُس پر خُوش ہوتا ہے جو لائق طور پر قیامت کے لیے آنا چاہتا ہے، جو کم زوری کو طاقت سے بدلنے کے لیے دِن رات محنت کرتا ہے۔ حقیقی توبہ، حقیقی تبدیلی کے لیے بار بار کوشش ضرُوری ہے، لیکن اِن کوششوں میں کُچھ پاک اور خالِص ہے۔ الہٰی مُعافی اور شفا یابی ایسی جان کے لیے بالکل فطری عمل ہے۔“
یِسُوع مسِیح کے وسیلہ سے ہر دِن اُمید اور اِمکان سے بھرا نیا دِن ہوتا ہے۔ آپ اور مَیں ہر دِن جان سکتے ہیں، جیسا ماں حَوا نے کہا، ”اپنی مُخلصی کی شادمانی،“ شفا یابی کی شادمانی، آپ کے لیے خُدا کی لازوال محبّت کے احساس کی شادمانی۔
مَیں گواہی دیتی ہُوں کہ ہمارا آسمانی باپ اور نجات دہندہ آپ سے محبّت کرتے ہیں۔ وہ تمام بنی نوع اِنسان کا مُخلصی دینے والا اور مُنجّی ہے۔ وہ زِندہ ہے۔ اُس کی کفّارہ بخش قربانی سے، گُناہ اور موت کے بندھن ہمیشہ کے لیے ٹُوٹ گئے تاکہ ہم آزادی سے شفا یابی، مُخلصی، اور اپنے پیاروں کے ساتھ اَبدی زندگی کا اِنتخاب کریں۔ اور مَیں اِن باتوں کی یِسُوع مسِیح کے نام پر، گواہی دیتی ہُوں آمین۔