مجلسِ عامہ
ہَوا نے چلنا بند نہ کِیا
اکتوبر 2024 کی مجلسِ عامہ


9:46

ہَوا نے چلنا بند نہ کِیا

ہم دُوسروں کی خُدا کی برکات حاصل کرنے کے سفر میں آگے بڑھنے میں مدد کر سکتے ہیں۔

2015 میں، برازیل کی ریاست پرنامبوکو میں، جے روبن کلارک سوسائٹی کے 62 اَرکان نے چار مُختلف نرسنگ ہومز کے رہایشیوں کے قانونی مسائل کی تحقیقات میں ریاستی پراسیکیوٹر کے دفتر کے ساتھ تعاون کیا۔ ہفتے کے روز پانچ گھنٹے تک، اِن وکلا نے 200 سے زیادہ رہایشیوں کے فرداً فرداً انٹرویو کِیے، جِن میں سے ہر ایک کو مُعاشرے نے عملی طور پر فراموش کر دِیا تھا۔

اُن کے انٹرویوز کے دوران میں، اُنھوں نے کئی ایسے جرائم دریافت کِیے جو عُمر رسِیدہ باشندوں کے خِلاف کِیے گئے تھے مثلاً ترک کرنا، بدسلُوکی، اور فنڈز کا غلط اِستعمال۔ اِس لا سوسائٹی کا کلِیدی ستُون مسکِینوں اور ضرُورت مندوں کی دیکھ بھال کرنا ہے۔ صِرف دو ماہ بعد، پراسیکیوٹر نے کام یابی سے ذِمہ دار فریقین کے خِلاف اِلزامات دائر کر دیے۔

اُن کی مدد بادشاہ بنیامین کی تعلِیم کی عُمدہ مثال ہے، ”جب تُم اپنے ہم عصروں کی خِدمت کرتے ہو تو تُم فقط اپنے خُدا کی خِدمت کرتے ہو۔“

پرو بونو پروجیکٹ کے دوران میں ایک رہایشی جِس کا مَیں نے ذاتی طور پر اِنٹرویو کِیا وہ لوسیا نامی 93 سالہ شفِیق خاتون تھی۔ ہماری خِدمت کے لِیے شُکر گُزار، اُس نے مُذاق میں کہا، ”مُجھ سے بیاہ کر لو!“

حیران ہو کر، مَیں نے جواب دیا: ”اُدھر اُس خوبصورت نوجوان عورت کو دیکھو! وہ میری اَہلیہ اور ریاستی پراسیکیوٹر ہے۔“

اُس نے جلدی سے جوابی فائرنگ کی: ”تو کیا؟ وہ جوان ہے، خُوب صُورت ہے، اور آسانی سے دوبارہ بیاہ کر سکتی ہے۔ میرے پاس تو بس تُم ہو!“

اُن دِل کش رہایشیوں کے سارے مسائل اُس دِن حل تو نہ ہُوئے تھے۔ بِلاشُبہ وہ وقتاً فوقتاً مُشکلات کا سامنا کرتے رہے جِس طرح بنی یارد اپنی کشتیوں میں وعدہ کی گئی سرزمین کے کٹھن سفر پر، ”سَمُندر کی گہرائیوں میں ڈُوب گئے، کیوں کہ پہاڑ نُما لہریں اُن پر ٹوٹ پڑیں۔“

لیکن اُس ہفتہ، نرسنگ ہوم کے رہایشیوں کو معلُوم تھا کہ اُن کی زمینی گُم نامی سے قطع نظر، پیار کرنے والا آسمانی باپ اُن کو جانتا ہے، جو سادہ ترین دُعاؤں کا بھی جواب دیتا ہے۔

آقاؤں کے آقا نے ”تُند و تیز ہَوا“ کو چلنے کا حُکم دِیا تاکہ وہ بنی یارد کو موعودہ برکات کی طرف لے جائے۔ اِسی طرح، ہم خُداوند کے ہاتھوں میں ہَوا کے ایک ہلکے جھونکے کے طور پر کام کرنے کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔ جِس طرح بنی یارد کو وعدہ کی سرزمِین تک لے جانے کے لِیے ”تیز ہَوا چلتی رہی“، ہم دُوسروں کی خُدا کی برکات پانے کے لیے اُن کے سفر میں آگے بڑھنے میں مدد کر سکتے ہیں۔

کئی برس پہلے، جب کِرس، میری پیاری اَہلیہ، اور مُجھے بشپ کی بُلاہٹ کے انٹرویو کے لِیے بُلایا گیا، تو ہماری سٹیک کے صدر نے مُجھ سے کہا کہ مَیں سنجِیدگی سے اُن ناموں پر غَور کرُوں جنھیں مُشِیروں کی حیثیت سے تجویز کرنا ہے۔ میرے تجویز کردہ نام سُن کر اُنھوں نے کہا کہ مُجھے اِن بھائیوں میں سے ایک کے مُتعلق چند باتیں معلُوم ہونی چاہئیں۔

پہلی بات، یہ بھائی پڑھ نہیں سکتا تھا۔ دُوسری، اُس کے پاس کار نہیں تھی جسے وہ اَرکان سے مِلنے کے لیے اِستعمال کر سکتا۔ تِیسری، وہ ہمیشہ—ہمیشہ—گِرجا گھر میں دُھوپ کا چشمہ لگاتا تھا۔ صدر کے دیانت دارانہ خدشات کے باوجود، مَیں نے شِدّت سے محسُوس کِیا کہ مُجھے اب بھی اپنے مُشِیر کے لِیے اُسی کا نام تجویز کرنا چاہیے اور سٹیک کے صدر نے یہ بات مان لی۔

بروز اِتوار عِشائے ربانی کی عِبادت کے دوران میں میرے مُشیروں کی اور میری تائید ہُوئی، اَرکان کے چہروں پر حیرت واضح تھی۔ یہ پیارا بھائی آہستہ آہستہ مِنبر تک پُہنچا، جہاں چھت کی روشنی اُس کے دھوپ کے چشموں پر چمکتی ہُوئی جھلک رہی تھی۔

جب وہ میرے پہلُو میں آ کر بیٹھا، تو مَیں نے اُس سے پُوچھا، ”بھائی، کیا آپ کو نظر کے مسائل ہیں؟“

”نہیں“ اُس نے کہا۔

”تو پھِر آپ گِرجا گھر میں دُھوپ کا چشمہ کیوں لگاتے ہیں؟“ مَیں نے پوچھا۔ ”میرے دوست، اَرکان آپ کی آنکھیں دیکھنا چاہتے ہیں، اور آپ کو بھی اُنھیں بہتر طور پر دیکھنے کے قابل ہونا چاہیے۔“

اُسی لمحے، اُس نے اپنے دُھوپ کے چشمے اُتار دِیے اور اُنھیں دوبارہ کبھی گرجا گھر میں اِستعمال نہ کِیا۔

اِس ہر دِل عزیز بھائی نے میرے شانہ بہ شانہ خِدمت انجام دی جب تک مَیں بطورِ بشپ رہا۔ آج، وہ کلیسیا میں وفاداری کے ساتھ خِدمت جاری رکھے ہُوئے ہے اور خُداوند یِسُوع مسِیح کے لیے عقِیدت اور وابستگی کی مثال ہے۔ اور ابھی، برسوں پہلے، وہ دُھوپ کا چشمہ پہننے والا نامعلُوم شخص تھا جو بُنیادی طور پر گرجا گھر کے بینچوں میں فراموش بیٹھتا تھا۔ مَیں اکثر سوچتا ہُوں، کہ آج ہمارے درمیان میں کتنے بااِیمان بھائی بہن گُم نام بیٹھے رہتے ہیں؟“

چاہے ہم معرُوف ہوں یا گُم نام، آزمایشیں ہم میں سے ہر ایک پر لازماً آئیں گی۔ جب ہم نجات دہندہ کی طرف رُجُوع لاتے ہیں، تو وہ ”[ہماری] مُصیبتوں کی [ہمارے] فائدے کے لِیے تقدیس کرے گا“ اور ہماری آزمایشوں کا جواب دینے میں اِس طرح سے مدد کرتا ہے کہ ہماری رُوحانی ترقی کو آسان بناتا ہے۔ چاہے نرسنگ ہوم کے رہایشیوں کے لیے، غلط فہمی کا شکار کلِیسیائی رُکن کے لیے، یا کسی اور کے لیے، ہم وہ ”ہَوا [جو] کبھی نہیں تھمتی،“ بن سکتے ہیں جو اُمِّید لاتی ہے اور دُوسروں کی عہد کے راستے کی طرف راہ نُمائی کرتی ہے۔

ہمارے پیارے نبی، صدر رسل ایم نیلسن نے نوجوانوں کو پُرجوش اور پُراَثر دعوت دی: ”مَیں اِس بات کی پُرزور تصدیق کرتا ہُوں کہ خُداوند نے ہر لائق، قابل نوجوان کو فریضہِ مُنادی کی تیاری اور خِدمت انجام دینے کے لیے کہا ہے۔ مُقدّسِینِ آخِری ایّام کے نوجوان فرزندان کے لیے، مُنادی کی خدمت کہانتی ذِمہ داری ہے۔ … نوجوان اور قابل بہنو، فریضہِ مُنادی آپ کے لِیے بھی اِنتہائی فائدہ مند ہے، لیکن اختیاری، موقع ہے۔“

ہر روز، ہزاروں نوجوان مرد اور عورتیں مُنادوں کی حیثیت سے خِدمت کر کے خُداوند کی نبُوّت کا جواب دیتے ہیں۔ آپ ذہین ہیں، اور جیسا کہ صدر نیلسن نے فرمایا، آپ میں ”دُنیا پر کسی بھی اگلی نسل کی نسبت زیادہ اثر انداز ہونے کی صلاحیت موجود ہے!“ بِلاشبہ، اِس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ جب آپ مشنری ٹریننگ سینٹر میں قدم رکھیں گے تو آپ اپنے تئیں بہترین رویہ اپنائیں گے۔

اِس کی بجائے، آپ نِیفی کی طرح محسُوس کر سکتے ہیں، ”رُوح راہ نمائی کرتا تھا، اُن باتوں کی بابت جِنھیں پہلے سے [آپ] نہ جانتے تھے کہ کِیا کرنا ہے۔ پھر بھی [آپ] آگے بڑھے۔“

شاید آپ یرمیاہ کی طرح غیر محفُوظ محسُوس کرتے ہیں اور کہنا چاہتے ہیں، ”مَیں بول نہیں سکتا: کیوں کہ مَیں تو بچّہ ہُوں۔“

آپ اپنی ذاتی کوتاہیوں کو بھی دیکھ سکتے ہیں اور مُوسیٰ کی طرح پُکارنا چاہتے ہیں: ”اَے خُداوند! مَیں فصِیح نہیں … : بلکہ رُک رُک کر بولتا ہُوں، اور میری زُبان کُند ہے۔“

اگر آپ میں سے کسی پیارے اور قوی جوان مرد اور عورت کی سوچ اِس وقت اِس طرح کی ہے، تو یاد رکھیں کہ خُداوند نے جواب دیا ہے، ”یُوں نہ کہہ، کہ مَیں بچّہ ہُوں: کیوں کہ جِس کِسی کے پاس مَیں تُجھے بھیجُوں گا تُو جائے گا۔“ اور اُس نے وعدہ کِیا، ”سو اب تُو جا، اور مَیں تیری زُبان کا ذِمّہ لیتا ہُوں، اور تُجھے سِکھاتا رہُوں گا کہ تُو کیا کیا کہے۔“

آپ کی نفسانی اِنسان سے رُوحانی اِنسان میں تبدیلی ”فرمان پر فرمان، حُکم پر حُکم“ پر واقع ہوگی جب آپ روزانہ تَوبہ، اِیمان، عین فرمان برداری، اور سخت محنت کے ذریعے سے مشن کے میدان میں یِسُوع مسِیح کی خِدمت کرنے کی بھرپُور کوشش کرتے ہیں تاکہ ”تَوبہ کی تعلیم دینے، اور رُجُوع لانے والوں کو بپتِسما دینے کے لِیے مُسلسل تلاش کریں۔“

اگرچہ آپ نیم ٹیگ لگاتے ہیں، بعض اوقات آپ محسُوس کر سکتے ہیں کہ آپ کو پہچانا نہیں گیا یا آپ گُم نام ہیں۔ بہرکیف، آپ کو معلُوم ہونا چاہیے کہ آپ کا کامِل آسمانی باپ ہے، جو آپ کو ذاتی طور پر جانتا ہے، اور نجات دہندہ جو آپ سے محبّت کرتا ہے۔ آپ کے پاس مشن کے راہ نُما ہوں گے جو، اپنی خامیوں کے باوجود، آپ کی ذاتی تبدیلی کے سفر میں آپ کی رہنمائی کرنے کے لیے اَیسی ”ہَوا [جو] کبھی نہیں تھمتی“ کی مانِند آپ کی خِدمت کریں گے۔

اُس ”مُلک میں جِس میں دُودھ اور شہد بہتا ہے“ آپ اپنا فریِضہِ مُنادی انجام دیں گے، آپ رُوحانی طور پر دوبارہ جنم لیں گے اور یِسُوع مسِیح کے تاحیات شاگِرد بنیں گے جب آپ اُس کے قریب آئیں گے۔ آپ جان سکتے ہیں کہ آپ کو کبھی نہیں بُھولا جا سکتا۔

اگرچہ بعض کو شِفا پانے میں ”مُدّت“ لگ سکتی ہے، کیوں کہ اُن کے ”پاس کوئی آدمی نہ ہے“ جو اب تک مدد کر سکے، خُداوند یِسُوع مسِیح نے ہمیں سِکھایا ہے کہ وہ کسی کو بھی کبھی نہیں بُھولتا۔ اِس کے برعکس، وہ اپنی فانی خِدمت کے ہر لمحے میں اُسی ایک کو تلاش کرنے کی بہترین مثال تھا۔

ہم میں سے ہر ایک—اور جو ہمارے آس پاس ہیں—اُن کو اپنی مُخالفت کے طُوفانوں اور آزمایشوں کی لہروں کا سامنا ہے جو ہمیں روزانہ ڈبوتی ہیں۔ اَلبتہ ”ہَوا موعودہ ملک کی طرف چلنا بند [نہیں کرے گی] … ؛ اور یُوں ہَوا کے رُخ [ہم] آگے بڑھتے جائیں گے۔“

ہم میں سے ہر ایک اِس ہَوا کا حِصّہ بن سکتا ہے—وہی ہَوا جِس نے بنی یارد کو اُن کے سفر میں برکت دی اور وہی ہَوا جو ہماری مدد سے، ناآشناؤں اور فراموش کِیے ہُوئے لوگوں کو اُن کے اپنے وعدے کی سرزمین تک پُہنچنے میں برکت دے گی۔

مَیں گواہی دیتا ہُوں کہ یِسُوع مسِیح باپ کے ساتھ ہمارا وکِیل ہے۔ وہ زِندہ خُدا ہے اور تُند و تیز ہَوا کی طرح کام کرتا ہے جو ہمیشہ عہد کے راستے پر ہماری راہ نُمائی کرے گی۔ یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔

حوالہ جات

  1. جے روبن کلارک سوسائٹی وکلا اور قانون کے طالب علموں کے ذریعے سے تشکیل دی گئی ایک غیر نفع بخش انجمن ہے اور پُوری دُنیا میں 100 سے زیادہ ابواب میں مُنَظَّم ہے۔ اِس کا نام جے روبن کلارک جونئیر، کے اعزاز میں رکھا گیا تھا، جِنھوں نے کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِینِ آخِری ایّام کی صدارتِ اَوّل میں کئی برس مُشیر کی حیثیت سے خِدمات انجام دیں۔

  2. مضایاہ 2:‏17۔

  3. Pro bono لاطینی میں pro bono publico فقرے کی نقیص صُورت ہے، جِس کا مطلب ہے ”عوامی بھلائی کے لِیے“ یا ”عوام کے فائدے کے لِیے۔“ یہ رضاکارانہ کام کی ایک شکل ہے جو روایتی رضاکارانہ خدمات کے برعکس، پیشہ ورانہ قابلیت کی ضرُورت ہوتی ہے، حالاں کہ یہ بِلا معاوضہ ہے۔

  4. عیتر 6:‏6۔

  5. عیتر 6:‏5۔

  6. دیکھیے 2 نِیفی 2:‏14، 16۔

  7. عیتر 6:‏8۔

  8. دیکھیے عقائد اور عہُود 84:‏106۔

  9. دیکھیے ابرہام 3:‏25۔

  10. 2 نِیفی 2:‏2؛ مزید دیکھیے عقائد اور عہود 122:‏7۔

  11. رسل ایم نیلسن، ”صُلح کی انجیل کی منادی کرو،“ لیحونا، مئی 2022، 6۔

  12. رِسل ایم نیلسن، ”اِسرائِیل کی آس“ (عالمی رُوحانی عِبادت برائے نوجوانان، 3 جون، 2018)، گاسپل لائبریری۔

  13. 1 نِیفی 4:‏6–7۔

  14. یرمیاہ 1:‏6۔

  15. خرُوج 4:‏10۔

  16. یرمیاہ 1:‏7۔

  17. خرُوج 4:‏12۔

  18. دیکھیے مضایاہ 3:‏19۔

  19. 2 نِیفی 28:‏30۔

  20. دیکھیے ایلما 26:‏22۔

  21. نیل ایل اینڈرسن، ”The Faith to Find and Baptize Converts“ (نئے مشن صدور کے لیے سیمینار میں دیا گیا خطاب، June 25, 2016)، 6۔

  22. دیکھیے اِستِثنا 11:‏8–9۔

  23. دیکھیے ”یِسُوع مسِیح کے تاحیات شاگرد بننا،“ میری اِنجِیل کی مُنادی کرو: یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کو پھیلانے کے لیے ہدایت نامہ (2023)، 76–100۔

  24. یُوحنّا 5 :‏6–7۔

  25. دیکھیے لُوقا 10:‏29۔

  26. عیتر 6:‏8۔

  27. صدر ڈیلن ایچ اوکس نے Maynard Dixon کی پینٹنگ کا ذِکر کیا جِس کا عُنوان تھا Forgotten Man، جو کہ سالٹ لیک سٹی میں چرچ ایڈمنسٹریشن بلڈنگ میں اُن کے دفتر میں آویزاں ہے: ”آپ دیکھتے ہیں کہ اُس کے سر پر سورج چمک رہا ہے۔ اُس کا آسمانی باپ جانتا ہے کہ وہ وہاں ہے۔ گُزرتی ہُوئی بھِیڑ نے اُس کو فراموش کر دِیا ہے، لیکن اُس کی جدوجہد میں، اُس کا آسمانی باپ جانتا ہے کہ وہ وہاں ہے۔ … مَیں اِس پینٹنگ کے ساتھ تقریباً 40 برسوں سے جڑا ہوا ہُوں، اور یہ مُجھ سے بات کرتی ہے اور مُجھے وہ چیزیں یاد دِلاتی ہے جو مُجھے یاد رکھنے کی ضرُورت ہے“ (سارا جین وِیور سے ماخُوذ، “What I Learned from President Oaks about the ‘Forgotten Man,’” Church News, Sept. 18, 2022, thechurchnews.com)۔