مجلسِ عامہ
تُو پاک صاف ہو جا
اکتوبر 2024 کی مجلسِ عامہ


9:43

تُو پاک صاف ہو جا

روزانہ توبہ ہمیں رُوحُ القُدس کے ذریعے خُداوند کی ہدایت کو سمجھنے میں مدد دیتی ہے۔

جب مَیں تقریباّ پانچ برس کا تھا، تو مَیں اپنے چھوٹے سے گاؤں کاٹے ڈی لیوور میں چرچ کے پیچھے اپنے دوستوں کے ساتھ فُٹ بال کھیل رہا تھا۔ مُجھے اچھی طرح یاد ہے کہ واعظ نے اپنی جماعت کو نجات دہندہ کی آمد کی تیاری کے لیے اپنے کپڑے صاف کرنے کی دعوت دی تھی۔ کم عُمر ہونے کی وجہ سے، میں نے واقعی ہی یہ بُلاہٹ قبول کر لی۔ مَیں اتنی تیزی سے گھر بھاگا جتنا میری چھوٹی سی ٹانگیں مُجھے بھگا سکتی تھیں اور اپنی ماں سے درخواست کی کہ وہ میرے کچھ کپڑے دھو دیں تاکہ مَیں بے داغ اگلے دن نجات دہندہ کے آنے کے لئے تیار ہو سکوں۔ اگرچہ میری ماں کو نجات دہندہ کی اِتنی جلد واپسی کے بارے میں شک تھا، لیکن اِس کے باوجود اُنہوں نے میرا بہترین لباس دھویا۔

اگلی صُبح، مَیں نے کپڑے پہنے جو تھوڑے نم تھے اور نجات دہندہ کی آمد کے اعلان کا بے صبری سے اِنتظار کرنے لگا۔ جیسے جیسے دِن گُزرتا گیا اور کچھ نہ ہُوا، تو مَیں نے عِبادت خانہ میں جانے کا فیصلہ کیا۔ میں بُہت مایُوس ہُوا جب مُجھے پتہ چلا کہ چرچ خالی تھا اور نجات دہندہ نہیں آیا تھا۔ آپ میرے احساسات کا اندازہ لگا سکتے ہیں جب آہستہ آہستہ چل کر مَیں گھر گیا۔

برسوں بعد، جب مَیں کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدسینِ آخری ایّام میں شامل ہونے کے لیے مشنری اسباق لے رہا تھا، تو مَیں نے مندرجہ ذیل پڑھا: ”اور کوئی ناپاک چیز اُس کی بادشاہی میں داخل نہیں ہو سکتی، سو کوئی اُس کے مسکن میں داخل نہیں ہو سکتا سِوائے اُن کے جنھوں نے اپنے گُناہوں سے توبہ اور اپنے اِیمان اور آخر تک وفاداری کی بدولت میرے خُون سے اپنے لباس کو دھویا ہے۔“

اُس وقت مَیں نے جو وضاحت پائی اُس سے مُجھے اِس اہم سچائی کو سمجھنے میں مدد ملی جو کئی سال پہلے میرے کم سِن ذہن سے دُور رہی تھی۔ واعظ کا پیغام رُوحانی پاکیزگی کی اہمیت پر مرکُوز تھا۔ اُس نے جماعت کو تاکید کی کہ وہ توبہ کریں، اپنی زندگیوں میں تبدیلی لائیں اور نجات کے لیے نجات دہندہ کی طرف رجُوع کریں۔

ہمارا آسمانی باپ ہمارے فانی سفر اور ہماری زندگیوں میں گُناہ کے ناگزیر ہونے کو سمجھتا ہے۔ میں تہہِ دِل سے شُکر گُزار ہُوں کہ اُس نے ہمارے گُناہوں کا کفارہ دینے کے لئے نجات دہندہ فراہم کیا ہے۔ نجات دہندہ کی مُخلصی بخش قربانی کے وسیلے سے، ہم میں سے ہر ایک توبہ کر سکتا اور معافی مانگ سکتا ہے اور پاک ہو سکتا ہے۔ توبہ، جو اِنجیل کا بُنیادی اُصول ہے، ہماری رُوحانی نشوونما اور ثابت قدمی کے لئے ضروری ہے جب ہم زندگی کی مُشکلات سے نبرد آزما ہوتے ہیں۔

اپریل 2022 کی مجلسِ عامہ کے دوران میں، صدر رسل ایم نیلسن نے چرچ کے ہر رُکن کو روزانہ توبہ کی خُوشی کا تجربہ کرنے کی دعوت دی۔ اُنھوں نے فرمایا:

”براہِ کرم توبہ میں تاخیر نہ کریں اور نہ ڈریں۔ شَیطان آپ کی بدقِسمتی پر خُوش ہوتا ہے۔ قِصّہ مُختصر۔ اِس کا اَثر اپنی زِندگی سے نِکال دیں! نفسانی اِنسان سے کِنارہ کش ہونے کی خُوشی کا تجربہ آج سے شُروع کریں۔ نجات دہندہ ہمیشہ ہم سے محبّت کرتا ہے بلکہ بالخصُوص جب ہم توبہ کرتے ہیں۔ …

”اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ عہد کے راستے سے بہت دُور یا بہت عرصہ سے راستے سے بھٹک گئے ہیں اور آپ کے پاس واپس جانے کا کوئی راستا نہیں ہے، تو یہ ہرگز سچّ نہیں ہے۔“

اگر کوئی ایسی چیز ہے جِس سے آپ نے مُکمل طور پر توبہ نہیں کی ہے تو مَیں آپ کی حوصلہ افزائی کرتا ہُوں کہ صدر نیلسن کی اِس اپیل پر دھیان دیں کہ آپ اپنی توبہ میں تاخیر نہ کریں۔ اِس عمل میں شامل ہونے کے لئے کچھ ہمت کی ضرورت ہوسکتی ہے؛ تاہم، مَیں آپ کو یقین دلاتا ہُوں کہ سچّی توبہ سے جو خُوشی چھلکتی ہے وہ سمجھ سے بالاتر ہوتی ہے۔ توبہ کی بدولت، ہماری خطاؤں کا بوجھ ہٹا دِیا جاتا ہے اور اِس کی جگہ اَمن اور سکون کا احساس پیدا ہوتا ہے۔ جب ہم خلوصِ دل سے توبہ کرتے ہیں، تو ہم نِجات دہندہ کے خُون کی بدولت پاک ہو جاتے ہیں، جس سے رُوحُ القُدس کے اِشاروں اور اثر کے بارے میں ہماری حساسیت میں اضافہ ہوتا ہے۔

میری اَبدی ساتھی سماعتی کمزوری کے ساتھ پیدا ہُوئی تھی، اور جس کے نتیجے میں اُس کے لیے سماعتی آلات ضروری ہیں۔ دُھول اور پسینہ اِن آلات کی کارکردگی کو متاثر کرسکتے ہیں، لہذا ہر صُبح مَیں اُس آلے کو پہننے سے پہلے اُس سے جُڑی ٹیوبوں کو پُوری مُستعدی سے صاف ہوتے ہُوئے دیکھتا۔ یہ سادہ لیکن مستقل معمول کسی بھی گندگی، نمی، یا خشکی کو ختم کر کے، اُس کی سُننے اور مؤثر طریقے سے بات چیت کرنے کی صلاحیت کو بہتر بناتا ہے۔ جب وہ روز مرہ کے اِس عمل کو نظر انداز کرتی ہے، تو دِن بھر اُس کی سننے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے؛ بولے گئے الفاظ آہستہ آہستہ غائب اور آخر کار ناقابلِ سماعت ہو جاتے ہیں۔ جِس طرح روزانہ اُس کے سماعتی آلے کی صفائی اُسے واضح طور پر سُننے میں مدد دیتی ہے، اُسی طرح روزانہ توبہ ہمیں رُوحُ القُدس کے ذریعے خُداوند کی ہدایت کو سمجھنے میں مدد دیتی ہے۔

خُداوند کی دُنیاوی خدمت کے اختتام کے قریب اور گتسمنی کے باغ میں اُس کی روانگی سے پہلے، اُس نے اپنے شاگردوں کو آنے والی آزمائشوں کا سامنا کرنے کے لئے تیار کیا۔ اُس نے اُنھیں یہ کہتے ہُوئے، یقین دِلایا کہ: ”لیکن مددگار، یعنی رُوحُ القُدس، جِسے باپ میرے نام سے بھیجے گا، وُہی تُمھیں سب باتیں سِکھائے گا، اور جو کُچھ مَیں نے تُم سے کہا ہے، وہ سب تُمھیں یاد دِلائے گا۔“

رُوحُ القُدس کے بُنیادی کاموں میں سے ایک یہ ہے کہ وہ ہر اُس شخص کو خبردار كرتا، قیادت کرتا اور راہ نمائی کرتا ہے جو دھیمی، باطنی آواز کو سُنتا ہے۔ جس طرح سماعتی آلہ کی بند ٹیوبیں مناسب کارکردگی میں رکاوٹ بن سکتی ہیں، اُسی طرح ہمارے آسمانی باپ کے ساتھ ہمارا رُوحانی تعلق بھی خراب ہوسکتا ہے، جو خطرناک غلط تصّورات یا اُس کی مشورت پر توجہ دینے میں ناکامی کا باعث ہوسکتا ہے۔ انٹرنیٹ کی آمد نے معلومات کو پہلے سے کہیں زیادہ قابلِ رساں بنا دیا ہے۔ یہ ہمیں خُدا کی ہدایت کی طرف رجُوع کرنے کی بجائے دُنیا کی طرف راغب کرسکتا ہے۔ صدر رسل ایم نیلسن نے سِکھایا ہے، ”آنے والے دِنوں میں، رُوحُ القُدس کی ہدایت، راہ نمائی، تسلی، اور مسلسل تاثیر کے بغیر روحانی طور پر قائم و دائم رہنا ممکن نہ ہو گا۔“

مَیں شُکر گُزار ہُوں کہ ہم میں سے ہر ایک اِستحکام کے وقت رُوحُ القُدس کا تُحفہ حاصل کر سکتا ہے۔ بہرحال، صدر ڈیلن ایچ اوکس نے خبردار کیا کہ ”رُوحُ القُدس کے تُحفے كی بدولت دستیاب برکتیں اہلیت سے مشروط ہیں [اور] ’خُداوند کا رُوح ناپاک ہَیکلوں میں قیام نہیں کرتا‘ [ہیلیمن 4:‏24]۔“

جب ہم شعوری طور پر اَنبیا اور رسُولوں کی ہدایت پر عمل کرنے کا انتخاب کرتے ہیں، تو رُوحُ القُدس کو مستقل ساتھی بنانے کی ہماری صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔ رُوحُ القُدس فیصلہ سازی میں وضاحت فراہم کرتا ہے، ایسے خیالات اور تاثرات کی ترغیب دیتا ہے جو ہمارے آسمانی باپ کی مرضی سے مطابقت رکھتے ہیں۔ اپنی رُوحانی نشوونما کے لئے رُوحُ القُدس کو مستقل ساتھی کے طور پر رکھنا بہت ضروری ہے۔

مجھے حال ہی میں یوٹاہ میں سالٹ لیک گرینجر ویسٹ سٹیک میں سٹیک کانفرنس کی صدارت کرنے کے لئے تفویض کیا گیا۔ اِس تقریب کے دوران میں میری ملاقات ایک ایسے صدر سے ہوئی جِس نے نیک زندگی گزارنے اور روز مرہ کی توبہ کے ذریعے رُوحُ القُدس کی ترغیبات کو سمجھنے کے لیے اپنی صلاحیت کو مُستعدی سے فروغ دِیا ہے۔ اپنی خدمت گزاری کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر، ہم نے تین گھروں کا دورہ کیا۔ اپنی آخری مُلاقات کے بعد، ہم نے دیکھا کہ ہماری اگلی مُصروفیت سے پہلے تقریباّ 30 منٹ باقی ہیں۔ جیسے ہی ہم سٹیک سینٹر میں واپس گئے، صدر چیسنٹ کو ایک اضافی خاندان سے ملنے کا تاثر ملا۔ ہم دونوں نے اِس ترغیب پر عمل کرنے پر اتفاق کیا۔

ہم جونز خاندان سے ملنے گئے، جہاں ہم نے دیکھا کہ بہن جونز بیماری کی وجہ سے بستر پر تھیں۔ یہ واضح تھا کہ اُسے کہانتی برکت کی ضرورت تھی۔ اُس کی اِجازت سے ہم نے اُس کو برکت دی۔ جیسے ہی ہم جانے لگے، بہن جونز نے پوچھا کہ ہمیں اُس کی برکت کی فوری ضرورت کے بارے میں کیسے پتہ چلا۔ سچ تو یہ ہے كہ، ہم نہیں جانتے تھے۔ تاہم، ہمارا آسمانی باپ، جو آپ کی ضروریات سے آگاہ تھا، جانتا تھا جس نے صدر چیسنٹ کو ترغیب دی كہ اُس كے گھر جائیں۔ جب ہم خاموش، دھیمی آواز کی راہ نمائی کو قبول کرتے ہیں، تو ہم ضرورت مندوں کی زیادہ مؤثر طریقے سے خدمت گُزاری کرنے کے لئے بہتر طور پر تیار ہوتے ہیں۔

میں مہربان اور محبّت کرنے والے آسمانی باپ کی گواہی دیتا ہُوں۔ یِسُوع مسِیح دُنیا کا نجات دہندہ اور مُخلصِی دینے والا ہے۔ مَیں گواہی دیتا ہُوں کہ یِسُوع مسِیح کا کفارہ حقیقی ہے اور جب ہم رُوحُ القُدس کی ہدایت کی پیروی کرنا سیکھیں گے تو وہ ہمیں توبہ کرنے اور نجات دہندہ کے کفارے کی قُدرت کو اپنی زندگیوں میں استعمال کرنے کی رہنمائی بخشے گا۔ صدر رسل ایم نیلسن ساری دُنیا میں خُدا کے سچے اور زندہ نبی ہیں، جِن کے پاس آج زمین پر کہانت کی تمام کُنجیاں ہیں۔ یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔