وہ شخص جو یہوواہ سے ہم کلام ہُوا
جوزف سمِتھ کو ”آخری زمانے کا آغاز کرنے کا اَعزاز بخشا گیا،“ اور ہمیں برکت ملی کیوں کہ اُس نے ایسا کیا۔
میرا مقصد آج اور ہمیشہ سے یِسُوع مسِیح کی گواہی دینا ہے کہ وہ خُدا کا بیٹا ہے، دُنیا کا خالق اور بچانے والا ہے، ہمارا نجات دہندہ اور مُخلصی دینے والا ہے۔ کیوں کہ ”ہمارے مذہب کے بنیادی اُصول، یِسُوع مسِیح کے بارے میں رَسُولوں اور نبِیوں کی گواہی ہیں،“ آج مَیں آپ کے ساتھ نجات دہندہ کے بارے میں اپنے علم اور گواہی کا اشتراک کرتا ہوں کیوں کہ یہ گواہی ایک اہم رَسُول اور نبی کی زندگی اور تعلیمات کی بدولت مضبوط اور گہری ہوئی۔
حِکمت کا آغاز
1820 میں بہار کے اوائل کے اُجلے اُجلے دِن کی خُوش گوار صبح تھی، 14 سالہ جوزف سمتھ اپنے خاندان کے گھر کے قریب درختوں کے جُھنڈ میں داخل ہُوا اور اپنے گُناہوں کے بارے میں دُعا کی اور التجا کی کہ کون سے چرچ میں شامل ہو۔ اُس کی مُخلصانہ دُعا نے جو کہ غیر متزلزل ایمان کے ساتھ کی گئی تھی، کائنات کی طاقت ور ترین قوتوں بشمول باپ اور بیٹے کی توجہ حاصل کی۔ اور ابلیس کی بھی۔ اِن میں سے ہر ایک کو اُس دُعا اور اُس لڑکے میں گہری دل چسپی تھی۔
جِسے اب ہم پہلی رویا کہتے ہیں جِس سے آخری زمانہ میں تمام چیزوں کی بحالی کا آغاز ہُوا تھا۔ لیکن جوزف کے لیے، یہ تجربہ ذاتی اور تیاری کے لیے بھی تھا۔ وہ صرف معافی اور ہدایت پانا چاہتا تھا۔ خُداوند نے اُسے دونوں عطا کر دیے۔ حُکم کہ ”کسی بھی [چرچ] میں شمولیت اِختیار نہ کرنا“ ہدایت تھی۔ وہ الفاظ کہ، ”تُمھارے گُناہ تُمھیں مُعاف کیے گئے ہیں“ مُخلصی بخش تھے۔
اُن تمام خوب صورت سچائیوں کے لیے جو ہم اِس پہلی رویا سے سیکھ سکتے ہیں، شاید جوزف کا بنیادی سبق یہ تھا، ”مَیں نے یعقوب کی گواہی کو سچّا پایا تھا—کہ کوئی بھی آدمی جِس میں حِکمت کی کمی ہو خُدا سے مانگ اور پا سکتا ہے۔“
جیسا کہ ایک عالم نے فرمایا: ”پہلی رویا کی آج حقیتی بازگشت یہ جاننا ہے کہ یہ خُدا کی فطرت ہے کہ اُن کو دے جِن میں حِکمت کی کمی ہے۔ … خُدا جو مُقدّس درختوں کے جھُنڈ میں جوزف سمتھ کے سامنے اپنے آپ کو ظاہر کرتا ہے وہ ایسا خُدا ہے جو مصیبت کے وقت نوجوانوں کو جواب دیتا ہے۔“
جوزف کے درختوں کے جھُنڈ میں معافی اور ہدایت مانگنے کے تجربے نے اُسے باقی ساری زندگی اعتماد دیا۔ اُس کے تجربے نے مُجھے بھی اعتماد دیا کہ مَیں بھی باقی ساری زندگی معافی اور ہدایت پا سکوں۔
باقاعدگی سے توبہ
21 ستمبر، 1823، کو جوزف نے خلوِص دل سے مغفرت کی دُعا کی، اور اس یقین کے ساتھ کہ تین سال پہلے درختوں کے جھُنڈ میں اپنے تجربے کی وجہ سے، آسمان دوبارہ جواب دے گا۔ اور ایسا ہی ہوا۔ خُداوند نے فرشتے—مرونی—کو بھیجا كہ جوزف کو ہدایت دے اور اُسے ایک قدیم تواریخ سے آگاہ کرے جس کا وہ بعد میں خُدا کی نعمت اور قُدرت کے ذریعہ ترجمہ کرے گا—مورمن کی کتاب۔
اُس کے تقریباً 13 سال بعد، جوزف اور اولیور کاؤڈری نے نئی تقدِیس شُدہ کرٹ لینڈ ہیكل میں سنجیدہ، خاموش دُعا میں گھٹنے ٹیکے۔ ہم نہیں جانتے کہ اُنھوں نے کس کے لیے دُعا کی، لیکن اُن کی دعاؤں میں معافی کی دُعا بھی شامل تھی، کیوں کہ، جب وہ اُٹھے، تو نجات دہندہ ظاہر ہُوا اور اُس نے اعلان کیا، ”دیکھو، تُمھارے گُناہ تُمھیں مُعاف کیے گئے ہیں؛ تُم میرے حُضُور پاک ہو۔“
اس تجربے کے بعد کے مہینوں اور سالوں میں، جوزف اور اولیور دوبارہ گناہ کریں گے۔ اور پھر دوبارہ۔ لیکن اُس لمحے میں، اُس لمحے کے لیے، اُن کی درخواست کے جواب میں اور کُنجیوں کی شان دار بحالی کی تیاری میں، جو ہونے والی تھی، یِسُوع نے اُنھیں بے گناہ بنا دیا۔
جوزف کی باقاعدگی سے توبہ کرنے کی زندگی مجھے ”فَضل کے تخت پر دلیری سے آنے کا یقین دلاتی ہے تاکہ [مَیں] رحم پا سکوں۔“ مَیں نے سیکھا ہے کہ یِسُوع مسِیح واقعی ”معاف کرنے والا مزاج رکھتا ہے۔“ مَذمّت کرنا نہ تو اُس کا مقصد ہے اور نہ ہی اُس کی فطرت۔ وہ بچانے کے لیے مُجسم ہوا تھا۔
خُداوند سے دریافت کریں
وعدہ کی گئی ”سب چِیزوں کی بحالی“ کے حصے کے طور پر، خُداوند، جوزف سمتھ کے وسیلے، مورمن کی کتاب اور دیگر مکاشفہ جات لایا جو اُس کی انجیل کی تکمیل پر مشتمل ہیں۔ اہم سچائیوں کی وضاحت اور تکمیل کی گئی جب جوزف نے لگاتار خُداوند سے اضافی ہدایت پائی۔ ذیل پر غور فرمائیں:
-
باپ اور بیٹے کا جِسم گوشت اور ہڈیوں کا ہے”اَیسا ٹھوس جَیسا اِنسان کا ہے۔“
-
یِسُوع نے نہ صِرف اپنے تئیں ہمارے گُناہ اُٹھائے بلکہ اُس نے ہماری بیماریاں، تکلیفیں، اور کمزوریاں بھی اُٹھا لِیں۔
-
اُس کا کفارہ اِتنا اذیت ناک تھا کہ اُس کے ہر مسام سے خُون نکل آیا۔
-
”بالآخِر سب کُچھ کرنے کے بعد“ بھی اُس کے فَضل کے وسِیلے سے ہم بچائے جاتے ہیں۔
-
جب ہم مسِیح کے پاس آتے ہیں، تو وہ نہ صرف ہمارے گُناہ معاف کرے گا، بلکہ ہماری فطرت بھی تبدیل کردے گا، ”تاکہ ہم میں بدی کرنے کا بالکُل کوئی رُجحان نہ رہے۔“
-
یِسُوع ہمیشہ اپنے لوگوں كو ہیكلیں تعمیر كرنے كا حُكم دیتا ہے، جہاں وہ خُود كو اُن پر ظاہر كرتا ہے اور آسمان سے اُن كو قُدرت كا تُحفہ بخشتا ہے۔
مَیں گواہی دیتا ہوں کہ یہ تمام چیزیں سچّی اور اہم ہیں۔ وہ جوزف کی بارہا کی جانے والی ہدایت کی درخواستوں کے جواب میں جوزف سمتھ کے وسیلے یِسُوع مسِیح کی طرف سے بحال کی گئی مَعموری کا صرف چھوٹا سا حصہ ہیں۔
اِس بادشاہی کو آگے بڑھاتے رہنا ہے
1842 میں، جوزف نے حیران کُن چیزیں لکھیں جو کہ اِس آخری زمانہ میں وقوع پذیر ہوں گی۔ اُس نے اعلان کیا کہ ہمارے زمانے میں ”اُن عظیم مقاصد کو پورا کرنے کے لیے آسمانی کہانت زمینی کے ساتھ متحد ہو جائے گی، اور جب کہ ہم اِس طرح ایک مشترکہ مقصد میں متحد ہیں، خُدا کی بادشاہی کو آگے بڑھانے کے لیے، آسمانی کہانت محض کاہل تماشائی نہیں ہیں۔“
اپنے دوست بینجمن جانسن کو ایک متعلقہ بیان میں، جوزف نے کہا، ”بینجمن، [اگر مَیں مر گیا] تو مَیں تُم سے دور نہیں ہوں گا، اور اگر پردے کے دوسری طرف ہوں، تب بھی مَیں تُمھارے ساتھ اور بہت زیادہ طاقت کے ساتھ، اِس بادشاہی کو آگے بڑھانے کے لیے کام کروں گا۔“
27 جون، 1844 کو، جوزف سمتھ اور اس کے بھائی ہائرم کو شہید کردیا گیا تھا۔ جوزف کی میّت کو سُپرد خاک کر دیا گیا، لیکن اُس کی گواہی پوری دُنیا میں اور میری رُوح میں گونجتی رہتی ہے:
”مَیں نے رویا دیکھی تھی؛ مُجھے اِس کا عِلم تھا، اور مَیں جانتا تھا کہ خُدا کو اِس کا عِلم ہے، اور مَیں اِس کی نفی نہیں کر سکتا تھا۔“
”مَیں نے آپ کو کبھی نہیں کہا کہ مَیں کامِل ہوں—لیکن مَیں نے جو مُکاشفے سِکھائے ہیں اُس میں کوئی غلطی نہیں ہے۔“
”ہمارے مذہب کے بُنیادی اُصُول، یِسُوع مسِیح کی بابت رَسُولوں اور نبیوں کی گواہیاں ہیں، کہ وہ مُوّا، دفن کِیا گیا، اور تیسرے دِن جِی اُٹھا، اور آسمان پر چڑھ گیا؛ اور دیگر تمام چِیزیں جو ہمارے مذہب سے جُڑی ہیں وہ صِرف اِس کا ضمِیمہ یا اِضافی ہیں۔“
یُوحنّا بپتسما دینے والے کے بارے میں جو کچھ کہا گیا وہ جوزف سمتھ کے بارے میں بھی کہا جا سکتا ہے: ”خُدا کی طرف سے ایک آدمی بھیجا گیا تھا، جِس کا نام [جوزف] تھا۔ … وہ خُود تو نُور نہ تھا مگر نُور کی گواہی دینے کو آیا تھا،“ ”تاکہ سب اُس کے وسِیلہ سے اِیمان لائیں۔“
مَیں ایمان رکھتا ہُوں۔ مَیں ایمان رکھتا ہوں اور مجھے یقین ہے کہ یِسُوع ہی مسِیح ہے، زِندہ خُدا کا بیٹا۔ مَیں گواہی دیتا ہوں کہ زِندہ خُدا ہمارا پیارا آسمانی باپ ہے۔ مَیں یہ جانتا ہوں کیوں کہ خُداوند کی آواز نے مُجھ سے یہ بات کہی ہے، اور اِسی طرح اُس کے خادموں، رَسُولوں اور نبیوں کی آواز بھی ہے، جن میں جوزف سمتھ بھی شامل ہے۔
مَیں گواہی دیتا ہوں کہ جوزف سمتھ خُدا کا نبی تھا اور ہے، خُداوند یِسُوع مسِیح کا گواہ اور خادم۔ اُسے ”آخری زمانے کا آغاز کرنے کا اَعزاز بخشا گیا،“ اور ہمیں برکت ملی کیوں کہ اُس نے ایسا کیا۔
خُداوند نے اولیور اور ہم سب كو حُكم دیا ہے کہ، ”میرے خادم جوزف كے ساتھ وفاداری كے ساتھ کھڑے رہو۔“ مَیں گواہی دیتا ہوں کہ خُداوند یِسُوع مسِیح اپنے بندے جوزف اور اُس کے ذریعہ کی گئی بحالی کے ساتھ کھڑا ہے۔
جوزف سمتھ اب اُس آسمانی کہانت کا حصہ ہے جِس کے بارے میں اُس نے بات کی تھی۔ جیسا کہ اُس نے اپنے دوست سے وعدہ کیا تھا، وہ ہم سے زیادہ دور نہیں ہے، اور پردے کے دوسری طرف، وہ اب بھی ہمارے ساتھ کام کر رہا ہے، اور بہت زیادہ طاقت کے ساتھ، اس بادشاہی کو آگے بڑھانے کے لیے۔ خُوشی اور شُكرانے كے ساتھ، مَیں اپنی آواز ”اُس شخص كی تمجید میں بُلند كرتا ہوں جو یہوواہ سے ہم کلام ہُوا۔“ اور سب سے بڑھ كر یہ كہ، تمجید ہو یہوواہ كی جِس نے اُس شخص سے كلام كیا! یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔