فصل ۱۰۰
۱۲ اَکتوبر ۱۸۳۳، پَیریز برگ، نیویارک، میں نبی جوزف سمِتھ اور سِڈنی رِگڈن کو دیا گیا مُکاشفہ۔ دونوں بھائی کئی دِنوں سے اپنے خاندانوں سے دُور تھے، اور اُن کے بارے میں کافی فکر لاحق ہوئی۔
۱–۴، جوزف اور سِڈنی کو رُوحوں کی نجات کے لیے اِنجِیل کی مُنادی کرنا ہے؛ ۵–۸، اُنھیں عین وقت پر بتایا جائے گا کہ اُنھیں کیا کہنا ہے؛ ۹–۱۲، سِڈنی کو ترجمان اور جوزف کو مُکاشفہ بین اور گواہی میں زبردست ہونا ہے؛ ۱۳–۱۷، خُداوند پاک لوگ برپا کرے گا، اور فرمان بردار بچائے جائیں گے۔
۱ سچّ خُداوند تُم سے یُوں فرماتا ہے، میرے دوستو، سِڈنی اور جوزف، تُمھارے خاندان ٹھیک ہیں؛ وہ میرے ہاتھوں میں ہیں، اور مَیں اُن کے ساتھ اَیسا کرُوں گا جَیسا مَیں مناسب سمجُھوں؛ پَس مُجھ میں ساری قُدرت ہے۔
۲ پَس، میری پیروی کرو، اور اُس مشورت کو سُنو جو مَیں تُمھیں دُوں گا۔
۳ دیکھو، اور نظر کرو، میرے پاس اس جگہ پر، اِرد گِرد کے علاقوں میں بُہت سے لوگ ہیں، اور اِس مشرقی علاقے اور اِردگِرد کے علاقوں میں ایک کارآمد دروازہ کھولا جائے گا۔
۴ پَس، مُجھ خُداوند نے تُمھیں اِس جگہ پر آنے دیا ہے؛ پَس یہی میری دانِست میں رُوحوں کی نجات کے لیے واجب تھا۔
۵ پَس، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، اِن لوگوں کے لیے اپنی آواز بُلند کرو، اور وہ خیالات جو مَیں تُمھارے دِل میں ڈالُوں گا کہو، اور تُم آدمیوں کے سامنے شرمِندہ نہ کیے جاؤ گے؛
۶ پَس تُمھیں اُسی گھڑی، ہاں عین وقت پر عطا کِیا جائے گا کہ تُمھیں کیا کہنا ہے۔
۷ بلکہ مَیں تُمھیں حُکم دیتا ہُوں، کہ تُم جِس کسی بات کی مُنادی کرو گے تُم میرے نام سے کرنا، دِل کی متانت کے ساتھ، رُوح کی حلیمی کے ساتھ، ساری باتوں میں۔
۸ اور مَیں تُمھیں یہ وعدہ دیتا ہُوں، کہ جِس قدر تُم اَیسا کرو گے، رُوحُ القُدس اُن تمام باتوں کی گواہی دینے کے لیے جو تُم کہو گے، بھیجا جائے گا۔
۹ اور یہ دانِست میں واجب ہے کہ تُو، میرے خادِم سِڈنی رِگڈن، اِن لوگوں کے لیے ترجمان ہو؛ ہاں، سچّ مَیں تُمھیں اِس بُلاہٹ یعنی کہ میرے خادِم جوزف کے ترجمان ہونے کے لیے مُقرّر کرُوں گا۔
۱۰ اور مَیں اُسے گواہی دینے میں زبردست ہونے کا اِختیار بخشُوں گا۔
۱۱ اور مَیں تُجھے سارے صحائف بیان کرنے میں زبردست ہونے کا اِختیار بخشُوں گا، تاکہ تُو اُس کا ترجمان ہو، اور وہ تیرے لیے مُکاشفہ بین ہو گا، تاکہ تُو اُن ساری باتوں کی سچّائی کو جان لے جِن باتوں کا تعلق زمِین پر میری بادِشاہی سے ہے۔
۱۲ پَس، اپنا سفر جاری رکھو اور تُمھارے دِل شادمان ہوں، پَس دیکھو اور نظر کرو، مَیں تُمھارے ساتھ ہُوں حتیٰ کہ آخِر تک۔
۱۳ اور اب مَیں تُمھیں صِیُّون سے مُتعلّق کلام دیتا ہُوں۔ گو کہ کُچھ عرصے کے لیے اُسے تنبیہ کہ گئی، اُس کی مُخلصی ہوگی۔
۱۴ تُمھارے بھائی، میرے خادِم اَورسن ہائڈ اور جان گولڈ، میرے ہاتھوں میں ہیں؛ اور جِس قدر وہ میرے حُکموں پر عمل کریں گے وہ بچائے جائیں گے۔
۱۵ پَس، تُمھارے دِل تسلّی پائیں؛ پَس ساری باتیں، کلِیسیا کی تَقدِیس کے لیے اور اُن کی بھلائی کے لیے باہم کام کریں گی جو راست رو چلتے ہیں۔
۱۶ چُوں کہ مَیں اپنے لیے پاک لوگ برپا کرُوں گا، جو راست بازی میں میری عِبادت کریں گے؛
۱۷ اور سب جو خُداوند کا نام پُکارتے ہیں، اور اُس کے اَحکام کو مانتے ہیں، بچائے جائیں گے۔ اَیسا ہی ہو۔ آمین۔