صحائف
عقائد اور عہُود ۳۰


فصل ۳۰

ستمبر ۱۸۳۰ کو فے ایٹ، نیویارک میں، نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے سے ڈیوڈ وِٹمر، پیٹر وِٹمر جُونیئر، اور جان وِٹمر کو دیا گیا مُکاشفہ، فےایٹ میں تین دِن کی مجلِس کے بعد، لیکن کلِیسیا کے بُزرگوں کے جُدا ہونے سے پہلے۔ شُروع میں یہ مواد تین مُکاشفوں کے طور پر شائع ہُوا؛ نبی نے اِسے ایک فصل میں ۱۸۳۵ کے عقائد اور عہُود کی اشاعت میں یکجا کِیا۔

۱–۴، جاں فِشانی سے خدمت کرنے کی ناکامی پر ڈیوڈ وِٹمر کی تادیب کی جاتی ہے؛ ۵–۸، پیٹر وِٹمر جُونیئر کو اولیور کاؤڈری کے ساتھ لامنوں کے پاس مُنادی کے لیے جانا ہے؛ ۹–۱۱، جان وِٹمر کو اِنجِیل کی مُنادی کے لیے بُلایا جاتا ہے۔

۱ دیکھ، ڈیوڈ، مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں، کہ تُو نے آدمیوں سے خَوف کھایا ہے اور ہمت کے لیے مُجھ پر توّکل نہیں کِیا جَیسا کہ تُجھے کرنا چاہیے تھا۔

۲ مگر تیری عقل میری باتوں، اپنے خالق، اور اپنی خدمت کی بجائے جِس کے لیے تُجھے بُلایا گیا ہے، دُنیا کے کاموں پر زیادہ مائل ہے؛ اور تُو نے میرے رُوح پر اور اُن پر دھیان نہیں دیا، جِنھیں تُجھ پر فائز کِیا گیا ہے، لیکن تُو اُن سے ترغیب پاتا رہا ہے جِنھیں مَیں نے اِختیار نہیں دیا ہے۔

۳ پَس، تُجھے میرے ہاتھ سے دریافت کرنے کے لیے چھوڑا گیا ہے، اور اُن چِیزوں پر غَور کر جو تُو نے پائی ہیں۔

۴ اور تیرا گھر تیرے باپ کے گھر میں ہو گا، جب تک مَیں تُجھے مزید اَحکام نہ دُوں۔ اور تُو کلِیسیا میں، اور دُنیا کے سامنے، اور گِردونواح کے علاقوں میں خدمت کرے گا۔ آمین

۵ دیکھ، مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں، پیٹر، کہ تُو اپنے بھائی اولیور کاؤڈری کے ساتھ سفر پر جا، کیوں کہ وقت آتا ہے یہ منا سب ہے کہ تُو میرے لیے اپنا مُنہ کھول اور میری اِنجِیل کی مُنادی کر؛ پَس، خَوف نہ کھا، بلکہ میرے کلام پر اور اپنے بھائی کی نصیحت پر، جو وہ تُجھے دے گا، دھیان دے۔

۶ اور تُو اُس کے سب دُکھوں میں دُکھ سہہ، اپنی اور اُس کی رہائی کے لیے ہمیشہ دُعا اور اِیمان سے میری طرف اپنا دِل مائل کر، ہاں مَیں نے اُسے لامنوں میں کلِیسیا قائم کرنے کی طاقت دی ہے؛

۷ اور مَیں نے کلِیسیا کے مُعاملات کے حوالے سے کسی کو اُس پر مُشِیر مُقرّر نہیں کِیا، سِوا اِس کے بھائی، جوزف سمِتھ جُونیئر۔

۸ پَس، اِن باتوں پر توجہ کر اور میرے حُکموں کو ماننے میں مُستَعِد رہ، اور تُو اَبَدی زِندگی کا وارِث ٹھہرے گا۔ آمین۔

۹ دیکھ، مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں، میرے خادِم جان، اب سے تُو میری اِنجِیل کا اِعلان کرنا شُروع کرے گا، نرسِنگے کی آواز کی مانِند۔

۱۰ اور تیری مُشقّت کی جگہ تیرے بھائی فلپ برّوز کے ہاں ہوگی، اور اِس کے گردونواح میں، ہاں، جہاں کہیں بھی تیری آواز پہنچے، جب تک مَیں تُجھے وہاں سے جانے کا حُکم نہ دُوں۔

۱۱ اور اب سے لے کر، اپنی ساری جان کے ساتھ، اپنی ساری مُشقّت صِیُّون میں کرے گا، ہاں، تُو میرے واسطے اپنا مُنہ کھولے گا، خَوف نہ کھاتے ہُوئے کہ آدمی کیا کر سکتا ہے، ہاں مَیں تیرے ساتھ ہُوں۔ آمین۔