فصل ۱۲۹
۹ فروری ۱۸۴۳، ناووہ، اِیلانوئے، نبی جوزف سمِتھ کی دی ہُوئی ہدایات، جو تین عظیم کُنجیاں بتاتی ہیں جِن سے خدمت گُزار فرِشتوں اور رُوحوں کی دُرست فِطرت کا فرق دیکھا جا سکتا ہے۔
۱–۳، آسمان میں دونوں یعنی جی اُٹھے اور رُوحانی اجسام ہیں؛ ۴–۹، وہ کُنجیاں دی گئی ہیں جِن سے پردے سے پار کے پیامیوں کی پہچان کی جا سکتی ہے۔
۱ آسمان میں دو طرح کے وُجُود ہیں، یعنی کہ: فرِشتے، جو دوبارہ زِندہ کی ہوئی ہستیاں ہیں، جِن کے گوشت اور ہڈیوں کے جِسم ہیں—
۲ مثال کے طور پر یِسُوع نے کہا: مُجھے چھوؤ اور دیکھو، کہ رُوح کا گوشت اور ہڈیاں نہیں ہوتیں، جَیسا تُم دیکھتے ہو کہ میری ہیں۔
۳ دُوسرے: راست آدمیوں کی رُوحیں جِنھیں کامِل کِیا گیا، وہ دوبارہ زِندہ نہیں کیے گئے، مگر ایک جَیسا جلال مِیراث میں پاتے ہیں۔
۴ جب کوئی پیامی یہ کہ کر آئے کہ وہ خُدا کی طرف سے پیام لایا ہے، اُس کی طرف اپنا ہاتھ بڑھاؤ، اور اُس کو مصافحہ کرنے کی درخواست کرو۔
۵ اگر وہ فرِشتہ ہو تو وہ اَیسا کرے گا، اور تُم اُس کا ہاتھ محسوس کرو گے۔
۶ اگر وہ راست آدمی کا رُوح ہے جِسے کامِل بنایا گیا ہے وہ اپنے جلال میں آئے گا؛ پَس وہ صرف اِسی طرح سے ظاہر ہو سکتا ہے—
۷ اُس کو مصافحہ کرنے کے لیے کہو، لیکن وہ ہلے گا نہیں، کیوں کہ یہ آسمان کے طریقے کے خِلاف ہے کہ راست آدمی دھوکا دے؛ لیکن تب بھی وہ اپنا پیام پُہنچائے گا۔
۸ اگر وہ نُور کے فرِشتے کے رُوپ میں اِبلِیس ہو، جب تُم اُس کو مصافحہ کرنے کے لیے کہو گے تو وہ اپنا ہاتھ بڑھائے گا، اور تُم کُچھ بھی محسُوس نہ کرو گے؛ لہٰذا تم اُس کو پہچان لو گے۔
۹ یہ وہ تین، اِمتیازی کُنجیاں ہیں جِن سے تُم جان سکتے ہو کہ آیا کوئی خدمت گُزاری خُدا کی طرف سے ہے۔