صحائف
عقائد اور عہُود ۱۱۹


فصل ۱۱۹

۸ جولائی ۱۸۳۸، فار ویسٹ، میزوری میں، نبی جوزف سمِتھ کے وسِیلے سے اُس کی اِلتجا کے جواب میں دیا گیا مُکاشفہ: ”اَے خُداوند، اپنے خادِموں پر ظاہر کر کہ تُو اپنے لوگوں کی اِملاک سے دہ یکی کے لیے کس قدر تقاضا کرتا ہے۔“ دہ یکی کا قانون، جَیسا آج سمجھا جاتا ہے، اِس مُکاشفے سے پہلے کلِیسیا کو نہیں دیا گیا تھا۔ دہ یکی کی اِصطلاح کا جو اِس دُعا میں اور پچھلے مُکاشفوں میں حوالہ دیا گیا ہے (۴‏:۲۳؛ ۸۵‏:۳؛ ۹۷‏:۱۱) اِس کا مطلب صرف دسواں حِصّہ نہیں تھا، بلکہ کلِیسیا کے سرمائے میں آزاد مرضی سے ہدیہ، یا نذرانہ ڈالنا تھا۔ خُداوند نے ماضی میں کلِیسیا کو تخصِیص کا قانون اور اِملاک کی مُختاری دی تھی، جِس میں اَرکان (خاص طور پر سربراہ بُزرگ) عہد کے ذریعے داخل ہوتے تھے جو ہمیشہ کے لیے تھا۔ کیوں کہ بُہت سے اِس عہد کی اطاعت میں ناکام ہُوئے، خُداوند نے اِسے تھوڑے عرصہ کے لیے اُٹھا لیا اور اِس کے عِوض پُوری کلِیسیا کو دہ یکی کا قانون دیا۔ نبی نے خُداوند سے دریافت کِیا کہ اِن کی اِملاک کا کتنا حِصّہ وہ مُقَدَّس کاموں کے لیے تقاضا کرتا تھا۔ جواب یہ مُکاشفہ تھا۔

۱–۵، مُقَدَّسین کو اپنی فاضل اِملاک دینی ہیں اور پھِر، دہ یکی کے طور پر، اپنے سالانہ نفع کا دسواں حِصّہ؛ ۶–۷، اِس طریق سے صِیُّون کی سرزمِین مُقَدَّس ٹھہرائی جائے گی۔

۱ یقیناً، خُداوند یُوں فرماتا ہے، مَیں اُن کی تمام فاضل اِملاک کو صِیُّون میں میری کلِیسیا کے اُسقُف کے ہاتھ میں دینے کا تقاضا کرتا ہُوں،

۲ میرے گھر کی تعمیر کے لیے، اور صِیُّون اور کہانت کی بُنیاد ڈالنے کے لیے، اور میری کلِیسیا کی صدارت کے قرض کے لیے۔

۳ اور یہ میرے لوگوں کی دہ یکی کا شُروع ہو گا۔

۴ اور اُس کے بعد، وہ جو اِس طرح دہ یکی ادا کر چُکے ہیں اپنے تمام سالانہ نفع کا دسَواں حِصّہ ادا کریں گے؛ اور میری پاک کہانت کے لیے، یہ اُن کے واسطے ہمیشہ کے لیے مُستقل قانون ہو گا، خُداوند فرماتا ہے۔

۵ مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، اَیسا ہو گا کہ وہ سب جو صِیُّون کی سرزمِین میں جمع ہوں گے اپنی فاضل اِملاک کی دہ یکی ادا کریں گے، اور ِاِس قانون پر عمل کریں گے، ورنہ وہ تُمھارے درمیان میں بسنے کے اہل نہ پائے جائیں گے۔

۶ اور مَیں تُم سے کہتا ہُوں، اِس کو پاک مانو، اور اِس قانون سے صِیُّون کی سر زمِین کو مُقَدَّس ٹھہراؤ، تاکہ میری شَرِیعتیں اور میرے فیصلے اِس پر قائم کیے جا سکیں، اِس طرح یہ سب سے زیادہ مُقَدَّس ہو، دیکھو، اگر میرے لوگ اِس قانون پر عمل نہیں کرتے، دیکھو، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، یہ تُمھارے واسطے صِیُّون کی سرزمِین نہ ہوگی۔

۷ اور یہ صِیُّون کی تمام میخوں کے لیے نمونہ ہو گا۔ اَیسا ہی ہو۔ آمین۔