فصل ۷۵
۲۵ جنوری ۱۸۳۲ کو ایمھرسٹ، اوہائیو میں، نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے سے دیا گیا مُکاشفہ۔ یہ مُکاشفہ ایک ہی دِن نازِل ہونے والے دو الگ الگ مُکاشفوں (پہلا آیات ۱ تا ۲۲ اور دُوسرا آیات ۲۳ تا ۳۶) پر مُشتَمِل ہے۔ یہ اِجلاس کا موقع تھا جِس میں جوزف سمِتھ کی اعلیٰ کہانت کے صدر کے طور پر تائید اور تَقرُّری کی گئی۔ چند بُزرگ جو اپنی بُنیادی ذِمّہ داریوں کے بارے میں مزید تفصیل جاننے کے آرزُو مند تھے۔ یہ مُکاشفے تب نازِل ہُوئے۔
۱–۵، اِیمان دار مُبلغین جو اِنجِیل کی مُنادی کرتے ہیں اَبَدی زِندگی حاصل کریں گے؛ ۶–۱۲، مدد گار کو پانے کے لیے دُعا کریں، جو تمام باتیں سِکھاتا ہے؛ ۱۳–۲۲، مُبلغین اُن کی عدالت پر بیٹھیں گے جو اُن کا پیغام رد کرتے ہیں؛ ۲۳–۳۶، مُبلغین کے خاندانوں کو کلِیسیا سے مدد پانی ہے۔
۱ مَیں تُم سے سچّ سچّ کہتا ہُوں، مَیں جو اپنے رُوح کی آواز سے فرماتا ہُوں، یعنی الفا اور اومیگا، تُمھارا خُداوند تُمھارا خُدا—
۲ سُنو، اَے تُم جِنھوں نے اپنے نام میری اِنجِیل کی مُنادی کرنے کے لیے، اور میرے تاکستان کو تراشنے کے لیے دیے ہیں۔
۳ دیکھو، مَیں تُم سے کہتا ہُوں کہ یہ میری رضا ہے کہ تُم جاؤ اور رُکو نہیں، نہ ہی سُست ہو بلکہ اپنی قُوّت سے کام کرو—
۴ اپنی آوازیں نرسِنگے کی آواز کی طرح بُلند کرو، سچّائی کی مُنادی کرو اُن مُکاشفوں اور حُکموں کے مُطابق جو مَیں نے تُمھیں دیے ہیں۔
۵ اور یُوں، اگر تُم وفادار رہو گے تو تُم بُہت سے پُولوں سے لد جاؤ گے، اور تُمھیں عزت، اور جلال، اور دائمی، اور اَبَدی زِندگی کا تاج پہنایا جائے گا۔
۶ پَس، مَیں اپنے خادِم وِلیم ای مک لِلن سے سچّ کہتا ہُوں، مَیں اُس کام کی تنسیخ کرتا ہُوں جو مَیں نے اُسے مشرِقی مُلکوں میں جانے کے لیے دیا تھا۔
۷ اور میں اُسے ایک نیا فرض اور نیا حُکم دیتا ہُوں، جِس میں، مَیں خُداوند، اُسے اُس کے دِل کی بُڑبڑاہٹوں کی وجہ سے تنبیہ کرتا ہُوں؛
۸ اور اُس نے گُناہ کِیا؛ تاہم، مَیں اُسے مُعاف کرتا ہُوں اور اُسے پھِر کہتا ہُوں، تُم جنُوبی مُلکوں کو جاؤ۔
۹ اور میرا خادِم لُوک جانسن اُس کے ساتھ جائے، اور اُن باتوں کی مُنادی کریں جِن کا مَیں نے اُن کو حُکم دیا ہے—
۱۰ خُداوند کے نام پر مددگار کو پُکارو، جو اُنھیں ساری باتیں سِکھائے گا جو اُن کے لیے مناسب ہیں—
۱۱ ہمیشہ دُعا کرو اور ہمت نہ ہارو، اور جِس قدر وہ اَیسا کریں گے، مَیں اُن کے ساتھ ہُوں گا حتیٰ کہ آخِر تک۔
۱۲ دیکھو، یہ تُمھارے بارے میں خُداوند تُمھارے خُدا کی مرضی ہے۔ اَیسا ہی ہو۔ آمین۔
۱۳ اور پھِر، سچّ خُداوند یُوں فرماتا ہے، میرا خادِم اَورسن ہائڈ اور سیموئل ایچ سمِتھ مشرقی مُلکوں میں اپنے سفر پر جائیں، اور اُن چِیزوں کی مُنادی کریں جِن کا مَیں نے اُن کو حُکم دیا ہے؛ اور جِس قدر وہ اِیمان دار ہوں گے، دیکھو، مَیں اُن کے ساتھ ہُوں گا حتیٰ کہ آخِر تک۔
۱۴ اور پھِر، مَیں اپنے خادِم لیمن جانسن اور اَورسن پراٹ سے سچّ کہتا ہُوں، وہ اپنے سفر کے لیے مشرِقی مُلکوں کی طرف روانہ ہوں گے؛ اور دیکھو، اور دھیان لگاؤ، مَیں اُن کے ساتھ بھی ہُوں، حتیٰ کہ آخِر تک۔
۱۵ اور پھِر، مَیں اپنے خادِم آسا ڈاّڈز سے کہتا ہُوں، اور اپنے خادِم کیلوس ولسن سے، کہ وہ بھی اپنا سفر مغربی مُلکوں کی طرف کریں، اور میری اِنجِیل کی مُنادی کریں، جَیسا کہ مَیں نے اُن کو حُکم دیا ہے۔
۱۶ اور وہ جو وفادار ہے تمام چِیزوں پر غالِب آئے گا، اور آخِری دِن اِقبال مند کِیا جائے گا۔
۱۷ اور پھِر، مَیں اپنے خادِم میجر این ایشلی، اور اپنے خادِم بَر رِگز سے کہتا ہُوں، وہ بھی اپنے سفر کے لیے جنُوبی مُلک کی طرف روانہ ہوں۔
۱۸ ہاں، وہ سب اپنے اپنے سفر پر روانہ ہوں، جَیسا کہ مَیں اُنھیں، گھر گھر، اور گاؤں گاؤں اور شہر شہر، جانے کا حُکم دے چُکا ہُوں۔
۱۹ اور جِس بھی گھر میں تُم داخل ہو، اور وہ تُمھیں قَبُول کریں، اُس گھر کو برکت دینا۔
۲۰ اور جِس کسی گھر میں تُم داخل ہو، اور وہ تُمھیں قَبُول نہ کریں، تُم فوراً اُس گھر سے نِکل جانا، اور اُن کے خِلاف گواہی کے طور پر اپنے پاؤں کی گرد جھاڑنا۔
۲۱ اور تُم خُوشی اور شادمانی سے بھر جاؤ گے؛ اور یہ جان لو، کہ عدالت کے دِن تُم اُس گھر کے مُنصف ہو گے، اور اُنھیں مُجرم ٹھہراؤ گے؛
۲۲ اور عدالت کے دِن اُس گھرانے کی نِسبت بُت پرستوں کا حال زیادہ قابلِ برداشت ہو گا؛ پَس، اپنی کمر باندھ لو اور وفادار بنو، تو تُم تمام چِیزوں پر غالِب آؤ گے، اور یومِ آخِر اِقبال مند کیے جاؤ گے۔ اَیسا ہی ہو۔ آمین۔
۲۳ اور پھِر، خُداوند تُم سے یُوں فرماتا ہے، اَے میری کلِیسیا کے بُزرگو، جِنھوں نے اپنے نام دیے ہیں تاکہ اپنے بارے میں اُس کی مرضی جانو—
۲۴ دیکھو، مَیں تُم سے کہتا ہُوں، کہ یہ کلِیسیا کی ذِمّہ داری ہے کہ اُن کے خاندانوں کی کفالت میں مدد کرے، اور اُن کے خاندانوں کی کفالت بھی جو بُلائے گئے ہیں اور ضرور ہے کہ دُنیا میں بھیجے جائیں تاکہ دُنیا میں اِنجِیل کی مُنادی کریں۔
۲۵ پَس، مَیں خُداوند، تُمھیں یہ حُکم دیتا ہُوں، کہ تُم اپنے خاندانوں کے لیے جگہیں حاصل کرو، جِس قدر بھی تُمھارے بھائی اپنے دِلوں کو کھولنے کے لیے رضامند ہیں۔
۲۶ اور وہ سب، جو اپنے خاندانوں کے لیے جگہیں، اور کلِیسیا سے اُن کے لیے مدد پا سکتے ہیں، دُنیا میں جانے سے نہ رُکیں، چاہے مشرِق کو یا مغرب کو، یا شمال کو، یا جنُوب کو۔
۲۷ وہ مانگیں اور وہ پائیں گے، کھٹکھٹائیں اور اُن کے لیے کھولا جائے گا، اور عالمِ بالا سے، یعنی مددگار کے وسِیلے سے آشکارا کِیا جائے گا کہ اُنھیں کِدھر جانا ہے۔
۲۸ اور پھِر، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، کہ ہر شخص جو اپنے خاندان کی کفالت کرنے کا ذِمّہ دار ہے، کفالت کرے، اور وہ کسی بھی طرح اپنا تاج نہ کھوئے گا؛ اور وہ کلِیسیا میں محنت کرے۔
۲۹ ہر شخص ہر کام میں مُستَعِد ہو۔ اور کاہل کے لیے کلِیسیا میں کوئی جگہ نہ ہو گی، سِوا اِس کے کہ وہ توبہ کرے اور اپنے اَطوار کی اِصلاح کرے۔
۳۰ پَس، میرا خادِم سیمین کارٹر اور میرا خادِم ایمر ہیرس خدمت گُزاری میں مُتحد ہوں؛
۳۱ اور میرا خادِم عزرا تھائر اور میرا خادِم تھامس بی مارش بھی؛
۳۲ میرا خادِم حائرم سمِتھ اور میرا خادِم رَنلڈز کاہُون بھی؛
۳۳ اور میرا خادِم ڈانیئل سٹینٹن اور میرا خادِم سیمُور برنسن بھی؛
۳۴ اور میرا خادِم سلویسٹر سمِتھ اور میرا خادِم گڈین کارٹر بھی؛
۳۵ اور میرا خادِم رگلز ایمز اور میرا خادِم اسٹیفن بُرنیٹ بھی؛
۳۶ اور میرا خادِم میکاہ بی ویلٹن بھی اور میرا خادِم ایڈن سمِتھ بھی۔ اَیسا ہی ہو۔ آمین۔