فصل ۱۱۱
۶ اگست ۱۸۳۶، سالم، میساچیوسٹس میں، نبی جوزف سمِتھ کے وسِیلے سے دیا گیا مُکاشفہ۔ اِس وقت کلِیسیا کے سربراہان خدمت میں اپنی محنت کے باعث بھاری قرض تلے تھے۔ یہ سُن کر کہ سالم میں اُنھیں بڑی رقم نقد مہیا کی جائے گی، نبی، سِڈنی رِگڈن، حائرم سمِتھ، اور اولیور کاؤڈری نے کرٹ لینڈ، اوہائیو سے وہاں اِنجِیل کی مُنادی کے ساتھ اِس دعویٰ کی تحقیق کے لیے سفر کِیا۔ بھائیوں نے کلِیسیا کے مُتعدد اُمور سراَنجام دیے اور کہیں کہیں مُنادی بھی کی۔ جب یہ واضح ہو گیا کہ اِن کو کوئی نقدی نہیں ملے گی، وہ کرٹ لینڈ واپس لوٹے۔ پَس منظر کے مُتعدد نمایاں جُزو اِس مُکاشفے میں مرقُوم ہیں۔
۱–۵، خُداوند اپنے خادِموں کی دُنیاوی ضرورتوں کی دیکھ بھال کرتا ہے؛ ۶–۱۱، وہ صِیُّون سے رحم دِلی سے پیش آئے گا اور اپنے خادِموں کی بہتری کے لیے سب چِیزوں کا بندوبست کرے گا۔
۱ مَیں خُداوند تُمھارا خُدا، تُمھاری نادانی کے باوجود، تُمھارے اِس سفر پر روانگی سے ناخُوش نہیں ہُوں۔
۲ میرے پاس اِس شہر میں تُمھارے لیے، صِیُّون کے لیے، اور اِس شہر میں بُہت سے لوگوں کے لیے بُہت خزانہ ہے، جِسے مَیں اپنے وقت پر صِیُّون کے فائدے لیے، تُمھارے وسِیلے اِکٹھا کرُوں گا۔
۳ پَس، یہ اَہم ہے کہ تُم اِس شہر میں آدمیوں کے ساتھ جان پہچان بناؤ، جَیسے تُمھاری راہ نمائی کی جائے گی، اور جَیسا تُمھیں دیا جائے گا۔
۴ اور اَیسا ہو گا کہ اپنے وقت پر مَیں یہ شہر تُمھارے ہاتھوں میں دُوں گا، کہ اِس پر تُمھارا اِختیار ہوگا، اَیسا کہ وہ اِس کے پوشیدہ حِصّے نہ جان سکیں گے؛ اور اِس کی سونے اور چاندی سے مُتعلّق دَولت تُمھاری ہو گی۔
۵ خُود کو اپنے قرض کے بارے میں پریشان نہ کرو، کیوں کہ مَیں تُمھیں اُنھیں ادا کرنے کی ہمت دُوں گا۔
۶ صِیُّون کے بارے میں پریشان نہ ہونا، پَس مَیں اِس سے رحم دِلی سے پیش آؤں گا۔
۷ اِس جگہ، اور اِس کے اِرد گِرد کے علاقے میں ٹھہرے رہو؛
۸ اور وہ جگہ جہاں میری مرضی ہے کہ تُم زیادہ تر ٹھہرو، تُمھیں میرے رُوح کی تسلّی اور قُدرت سے جو تُمھارے پیچھے آئے گا، اِشاراتاً بتا دی جائے گی۔
۹ یہ جگہ تُم کرائے پر لے سکتے ہو۔ اور اِس شہر کے قدِیم باشِندوں اور بانیوں کے بارے میں جاں فِشانی سے دریافت کرو؛
۱۰ پَس اِس شہر میں تُمھارے لیے ایک سے زیادہ خزانے ہیں۔
۱۱ پَس، تُم سانپ کی مانند ہوشیار رہنا اور تاہم اِس کے ساتھ ساتھ گُناہ سے پاک؛ اور مَیں تمام چِیزوں کو تُمھاری بھلائی کے لیے حُکم دُوں گا، جتنی جلدی تُم اُن کو پانے کے قابل ہوتے ہو۔ آمین۔