فصل ۲۴
جولائی ۱۸۳۰، ہار مونی، پنسلوانیا میں، نبی جوزف سمِتھ اور اولیور کاؤڈری کو دیا گیا مُکاشفہ۔ گو کہ کلِیسیا کی تنظیم کو ابھی چار ماہ سے کم عرصہ گُزرا تھا، ایذا رسانی شدید ہو گئی تھی، اور راہ نماؤں کواپنے تحفظ کی خاطر جُزوی گوشہ نشینی میں جانا پڑا تھا۔ حسبِ ذیل تین مُکاشفے اِس وقت اُن کو تقویت دینے، حوصلہ افزائی کرنے، اور ہدایت کرنے کے لیے عطا کیے گئے تھے۔
۱–۹، جوزف سمِتھ کو صحائف کا ترجمہ کرنے، مُنادی کرنے اور تفسیر کرنے کے لیے بُلایا گیا ہے؛ ۱۰–۱۲، اولیور کاؤڈری کو اِنجِیل کی مُنادی کے لیے بُلایا گیا ہے؛ ۱۳–۱۹، مُعجِزوں، لعنتوں، اپنے پاؤں کی گرد جھاڑنے، اور بٹوے اور جھولی کے بغیر جانے کے بارے میں قانون نازِل کِیا گیا ہے۔
۱ دیکھ، تُو مورمن کی کِتاب لِکھنے اور میری خدمت کے لیے بُلایا اور چُنا گیا تھا، اور مَیں نے تُجھے تیری مُصِیبتوں میں سے چُھڑایا ہے، اور تُجھے مشورت دی ہے، کہ تُو اپنے سارے دُشمنوں سے بچایا گیا ہے، اور تُو شیطان کے غلبے اور تارِیکی سے رہا کِیا گیا ہے!
۲ تو بھی، تُو اپنی خطاؤں میں بےقُصُور نہیں ہے؛ اِس کے باوُجُود، جا اور پھِر گُناہ نہ کرنا۔
۳ اپنی خدمت کی بڑائی کر؛ اور جب تُو اپنے کھیت میں بیج بو چُکے اور اُنھیں محفُوظ کر چُکے، تو فوراً کولزوِل، فے ایٹ، اور مانچسٹر کی کلِیسیا کے پاس جانا، اور وہ تیری کفالت کریں گی؛ اور مَیں اُنھیں دونوں، رُوحانی اور دُنیاوی برکت سے نوازوں گا؛
۴ لیکن اگر وہ تُجھے قَبُول نہ کریں، مَیں اُن پر برکت کی بجائے لعنت بھیجُوں گا۔
۵ اور تُو خُدا کو میرے نام سے پُکار نا، اور وہ باتیں لِکھنا جو تُجھے مددگار کے وسِیلے سے دی جائیں گی، اور کلِیسیا کو تمام صحائف کی تفسیر کرنا جاری رکھنا۔
۶ اور تُجھے عین موقعہ پر عطا کِیا جائے گا کہ تُجھے کیا بولنا اور لِکھنا ہے، اور وہ اُسے سُنیں گے، ورنہ مَیں اُن پر برکت کی بجائے لعنت بھیجُوں گا۔
۷ پَس تُو اپنی ساری خدمت صِیُّون کے لیے وقف کرنا؛ اور اِس کے لیے تُو قُوّت پائے گا۔
۸ مُصِیبتوں میں صابر ہونا، کیوں کہ تُجھے بُہت ملیں گی؛ مگر اُن کو برداشت کرنا، پَس، دیکھ، مَیں تیرے ساتھ ہُوں حتیٰ کہ تیرے ایّام کے آخِر تک۔
۹ اور دُنیاوی کاموں کے لیے تُجھ میں ہمت نہ ہو گی، کیوں کہ یہ تیری بُلاہٹ نہیں ہے۔ اپنی بُلاہٹ پر دھیان کر اور تُجھے وہ عطا کِیا جائے گا جِس سے تُو اپنی خدمت کی بڑائی کر ے گا، اور سارے صحائف کی تفسیر کر ے گا، اور ہاتھوں کا رکھنا اور کلِیسیاؤں کو مُستَحکم کرنا جاری رکھے گا۔
۱۰ اور تیرا بھائی اولیور دُنیا کے سامنے، اور کلِیسیا کے سامنے بھی، میرے نام کی گواہی دینے میں مشغُول رہے گا۔ اور وہ گمان نہ کرے کہ وہ میرے دعویٰ کے بارے میں کافی کُچھ کہہ سکتا ہے، اور دیکھ، مَیں آخِر تک اُس کے ساتھ ہُوں۔
۱۱ وہ مُجھ میں جلال پائے گا، اور اپنے طور پر نہیں، خواہ کمزوری میں یا طاقت میں، خواہ قید یا آزادی میں؛
۱۲ اور ہر وقت، اور ہر جگہ، وہ اپنا مُنہ کھولے گا اور میری اِنجِیل کی مُنادی، دِن اور رات، نرسِنگے کی آواز کی مانِند کرے گا، اور مَیں اُسے اِس قدر ہمت عطا کرُوں گا جِس سے آدمی ناواقف ہیں۔
۱۳ جب تک مَیں تُجھے حُکم نہ دُوں، مُعجِزوں کا مطالبہ نہ کر، ماسِوائے بدرُوحوں کو نکالنے، بیماروں کو شِفا دینے، اور زہریلے سانپوں کے خِلاف، اور سارے مُہلک زہروں کے خِلاف؛
۱۴ اور تُم یہ کام نہیں کرو گے، جب تک ضرورت مند تُجھ سے اَیسا کرنے کی اِلتجا نہ کریں، تاکہ نوِشتے پُورے ہوں؛ پَس تُمھیں اُس کے مُطابق کرنا ہے جو لِکھا گیا ہے۔
۱۵ اور تُم جہاں کہیں جاؤ، اور وہ تُمھیں میرے نام پر قَبُول نہ کریں تو تُم اُن پر برکت کی بجائے لعنت بھیجنا، اور راہ میں اپنے پاؤں صاف کر کے گرد جھاڑ دو تاکہ اُن پر گواہی ہو۔
۱۶ اور اَیسا ہو گا کہ جو کوئی بھی تُم پر تشدد کے لیے اپنے ہاتھ اُٹھائے گا، تُم اُسے میرے نام سے مغلُوب ہونے کا حُکم دو گے، اور دیکھو، مَیں اُنھیں تُمھارے کلام کے مُطابق، میرے اپنے مُقرّرہ وقت پر برباد کرُوں گا۔
۱۷ اور جو کوئی تُجھے عدالت لے جائے گا قانون اُسے ملعُون ٹھہرائے گا۔
۱۸ اور تُو نہ بٹوہ اور نہ جھولی ساتھ لینا، نہ ہی لاٹھیاں، نہ دو کُرتے، کیوں کہ کلِیسیا تُجھے عین وقت پر، کھانے کے لیے اور پہننے کے لیے، اور جھولی کے لیے اور جُوتوں کے لیے، پیسوں کے لیے تیری ضرورت کے مُطابق تُجھے مہیا کرے گی۔
۱۹ پَس تُجھے میرے تاکِستان کو سُنوارنے کی خاطر موثّر باغ بانی کے لیے بُلایا گیا ہے، ہاں، حتیٰ کہ آخِری بار؛ اور وہ سب بھی جِنھیں تُو نے مُقرّر کِیا ہے، اور حتیٰ کہ وہ بھی اِسی نمونے کے مُطابق کریں گے۔ آمین۔