صحائف
عقائد اور عہُود ۱۳۷


فصل ۱۳۷

۲۱ جنوری ۱۸۳۶، کرٹ لینڈ، اوہائیو کی ہیکل میں نبی جوزف سمِتھ کو دیا گیا مُکاشفہ۔ موقع ہیکل کی تخصیص کے سلسلے میں رُسُوم کی نگرانی کا تھا۔

۱–۶، نبی اپنے بھائی ایلوّن کو سیلیسٹیئل بادِشاہی میں دیکھتا ہے؛ ۷–۹، مُردوں کی نجات کی تعلیم آشکار کی جاتی ہے؛ ۱۰، بچّے سیلیسٹیئل بادِشاہی میں بچائے جاتے ہیں۔

۱ ہم پر آسمان کھولے گئے، اور مَیں نے خُدا کی سیلیسٹیئل بادِشاہی اور اُس کا جلال دیکھا، جِسم میں یا بغیر مَیں بتا نہیں سکتا۔

۲ مَیں نے اُس دروازے کی اِنتہائی خُوب صُورتی دیکھی جہاں سے اُس بادِشاہی کے وارِث داخل ہوں گے، جو آگ کے شعلوں کے دائرے کی مانِند تھی؛

۳ خُدا کا دہکتا ہُوا تخت بھی، جِس پر باپ اور بیٹا بیٹھے تھے۔

۴ مَیں نے اُس بادِشاہی کی خُوب صُورت شاہ راہیں دیکھیں، جِن کی صُورت اَیسے جَیسے سونے کے ساتھ فرِش بندی کی گئی ہو۔

۵ مَیں نے باپ آدم اور اَبرہام، اور اپنے باپ اور اپنی ماں؛ اپنے بھائی ایلوّن کو دیکھا جو بُہت عرصہ پہلے سو گئے ہیں؛

۶ اور حیران تھا، یہ کیسے ہُوا کہ اُس نے اِس بادِشاہی میں مِیراث پائی تھی، کیوں کہ اُس نے خُداوند کے اِسرائیل کو دُوسری بار جمع کرنے کے لیے اپنا ہاتھ بڑھانے سے پہلے اِس زِندگی کو چھوڑ دیا تھا، اور گُناہوں کی مُعافی کے لیے بپتسما نہیں پایا تھا۔

۷ یُوں خُداوند کی آواز مُجھ پر کہتے ہُوئے نازِل ہُوئی: وہ سب جو اِس اِنجِیل کے عِلم کے بغیر مر گئے ہیں، جِنھوں نے اُسے قَبُول کر لینا تھا اگر اُنھیں ٹھہرے رہنے کی اِجازت دی جاتی، خُدا کی سیلیسٹیئل بادِشاہی کے وارِث ہوں گے؛

۸ وہ بھی جو اَب سے لے کر اِس کے عِلم کے بغیر مر جائیں گے، جِنھوں نے اِسے اپنے پُورے دِل سے قَبُول کرنا تھا، اُس بادِشاہی کے وارِث ہوں گے؛

۹ پَس مَیں خُداوند، ہر اِنسان کی عدالت اُس کے کاموں کے مُطابق کرُوں گا، اُس کے دِل کی نیت کے مُطابق۔

۱۰ اور مَیں نے یہ بھی دیکھا کہ تمام بچّے جو جواب دہی کے برس تک پہنچنے سے پہلے مر جاتے ہیں، آسمان کی سیلیسٹیئل بادِشاہی میں بچائے جاتے ہیں۔