فصل ۶۹
۱۱ نومبر ۱۸۳۱کو حائرم، اوہائیو میں، نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے سے دیا گیا مُکاشفہ۔ مُکاشفوں کا مجموعہ فوری اشاعت کے لیے خاص اِجلاس میں یکم–۲ نومبر کو منظُور کِیا گیا تھا۔ ۳ نومبر کو، وہ مُکاشفہ جو یہاں بظاہر فصل ۱۳۳ ہے، جو بعد ازاں ضمیمہ کہلایا، شامِل کِیا گیا۔ مجلِس کے فیصلے سے، اولیور کاؤڈری پہلے سے ہی مُکاشفوں اور اَحکام کے مجموعے کا مسوّدہ، چھپائی کے لیے، اِنڈی پینڈنس، میزوری لے جانے کے لیے مُقرّر کِیا گیا تھا۔ اُس کو اپنے ساتھ رقم بھی لے جانی تھی جو میزوری میں کلِیسیا کی تعمیر کے لیے مہیا کی گئی تھی۔ یہ مُکاشفہ جان وِٹمر کو ہدایت دیتا ہے کہ وہ اولیور کاؤڈری کے ہم راہ جائے اور وِٹمر کو سفر کرنے اور بحیثیتِ کلِیسیائی مورّخ اور قلم نویس کی بُلاہٹ کے تحت تارِیخی مواد کو جمع کرنے کی ہدایت بھی کرتا ہے۔
۱–۲، جان وِٹمر کو اولیور کاؤڈری کے ساتھ میزوری جانا ہے؛ ۳–۸، اُسے مُنادی کرنا اور تارِیخی معلُومات اِکٹھا کرنا، محفُوظ کرنا اور لِکھنا ہے۔
۱ میری طرف دھیان دو، خُداوند تُمھارا خُدا فرماتا ہے، یہ میرے خادِم اولیور کاؤڈری کے فائدے کے لیے ہے۔ میری دانِست میں یہ واجب نہیں کہ اَحکام اور رُقُوم اُس کے سپُرد کی جائیں جو وہ صِیُّون کی سرزمِین کے لیے لے کر جائے، سِوا اِس کے جو اُس کے ساتھ جائے وہ دیانت دار اور سچّا دار ہو۔
۲ پَس، مَیں خُداوند چاہتا ہُوں کہ میرا خادِم، جان وِٹمر، میرے خادِم اولیور کاؤڈری کے ساتھ جائے؛
۳ اور یہ بھی کہ وہ لِکھنا اور سب اَہم اُمور کی تارِیخ رقم کرتا رہے گا جِن کا وہ میری کلِیسیا کی بابت مُشاہدہ کرے اور عِلم پائے؛
۴ اور یہ بھی کہ وہ میرے خادِم اولیور کاؤڈری اور دُوسروں سے مشورت اور مدد پائے۔
۵ اور میرے خادِم بھی جو زمِین پر پھیلے ہیں، اپنی مُختاری کی تارِیخ صِیُّون کی سرزمِین کو بھیجیں؛
۶ کیوں کہ صِیُّون کی سرزمِین اِن تمام اُمور کو پانے اور عمل کرنے کا تخت اور مقام ہو گا۔
۷ تاہم، میرا خادِم جان وِٹمر مُتعدد بار قریہ قریہ، اور کلِیسیا کلِیسیا سفر کرے، تاکہ زیادہ آسانی سے عِلم حاصل کر سکے—
۸ مُنادی کرے اور تفسیر بتائے، قلم بند کرے، نقل نویسی کرے، اور اِن ساری باتوں کی جُستجُو کرے جو کلِیسیا کی بھلائی، اور اُبھرتی نسل کے لیے ہیں جو صِیُّون کی سرزمِین میں پلے گی، تاکہ نسل در نسل، اَبَد سے اَبَد تک اُس کی مالک ہو۔ آمین۔