تعارف
عقائد اور عہُود اِلہٰی مُکاشفوں اور اِلہامی اِعلانات کا مجموعہ ہے جو آخِری ایّام میں خُدا کی بادِشاہی قائم کرنے اور نظم و نسق کے لیے دیے گئے ہیں۔ اگرچہ بیشتر فصُول کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقَدَّسین آخِری ایّام کے لیے دیے گئے ہیں مگر اِس کا پیغام، نصیحت، اور تنبیہ کُل بنی نوع اِنسان کے فیض پانے کے لیے ہے اور ہر جگہ سب لوگوں کے لیے دعوت ہے کہ خُداوند یِسُوع مسِیح کی آواز سُنیں، جو اُن سے اُن کی دُنیاوی بھلائی اور اَبَدی نجات کی بابت فرماتی ہے۔
اِس تالیف میں زیادہ تر مُکاشفے جوزف سمِتھ جُونیئر کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقَدَّسینِ آخِری ایّام کے پہلے نبی اور صدر کے وسِیلے سے عطا ہُوئے۔ دیگر اُس کے جانشینوں کی صدارت کے وسِیلے سے عطا کیے گئے (دیکھیں ع و ع ۱۳۵، ۱۳۶، اور ۱۳۸، اور باضابطا اِعلانات ۱ اور ۲)۔
بائِبل مُقَدَّس، مورمن کی کِتاب، اور بیش قِیمت موتی کے ساتھ ساتھ عقائد اور عہُود کی کِتاب بھی کلِیسیا کی مُستَنَد کِتابوں میں سے ایک ہے۔ تاہم، عقائد اور عہُود مُنفرد ہے کیوں کہ یہ کسی قدِیم نوِشتے کا ترجمہ نہیں ہے بلکہ اِس کی اصل جدید ہے اور خُدا کی طرف سے اپنے برگُزیدہ نبیوں کے وسِیلے سے اپنے کارِ مُقَدَّس کی بحالی اور اِن ایّام میں زمِین پر خُدا کی بادِشاہی قائم کرنے کے لیے عطا کی گئی ہے۔ مُکاشفوں میں خُداوند یِسُوع مسِیح کی شفیق مگر اَٹل آواز سُنائی دیتی ہے، جو زمانوں کی مَعمُوری کے زمانہ میں اَز سرِ نو کلام کرتی ہے؛ اور اُس کی دُوسری آمد کی تیاری کے لیے اُس اَمر کی اِس میں اِبتدا ہو گئی ہے جو اِبتدا سے تمام پاک اَنبیا کے نوِشتوں کو پُورا کرنے کے لیے ہم آہنگ ہے۔
جوزف سمِتھ جُونئیر ۲۳ دسمبر ۱۸۰۵ میں شیرون، وِنڈسر کاؤنٹی، ورمانٹ میں پَیدا ہُوا۔ اپنی اِبتدائی زِندگی کے دوران میں وہ اپنے خاندان کے ہم راہ موجودہ مانچسٹر، مغربی نیویارک منتقل ہوگیا۔ جِس دوران میں وہ وہاں قیام پذیر تھا یہ ۱۸۲۰ کا موسمِ بہار تھا، اُس وقت وہ چودہ برس کا تھا، کہ اُس پر پہلی رویا اُتری، جِس میں خُدا، اَبَدی باپ اور اُس کے بیٹے یِسُوع مسِیح نے اپنا دِیدار کرایا۔ اُسے اِس رویا میں بتایا گیا کہ یِسُوع مسِیح کی سچّی کلِیسیا جِس کو نئے عہدنامے کے زمانوں میں قائم کِیا گیا تھا، اور جو اِنجِیل کی مَعمُوری کی اعانت کرتی تھی، دُنیا میں موجود نہ رہی تھی۔ اِس کے بعد بُہت سے اِلہامی ظُہُور ہُوئے جِس میں فرِشتوں کے وسِیلے سے اُس کو سِکھایا گیا؛ اُس پر یہ ظاہر کِیا گیا کہ خُدا کی طرف سے اِس دُنیا میں اُس نے کارِ خاص نبھانا ہے اور کہ اُس کے وسِیلے سے یِسُوع مسِیح کی کلِیسیا دُنیا کے لیے دوبارہ بحال کی جائے گی۔
وقت گُزرنے کے ساتھ ساتھ اِلہٰی مدد نے جوزف سمِتھ کو مورمن کی کِتاب کا ترجمہ کرنے اور شائع کرنے کے قابل بنایا۔ اِسی دوران میں مئی ۱۸۲۹ میں اُسے اور اولیور کاؤڈری کو یُوحنّا بپتسما دینے والے کے وسِیلے سے ہارُونی کہانت کے لیے مُقرّر کِیا گیا (دیکھیں ع و ع ۱۳)، اور اِس کے فوراً بعد اُنھیں قدِیم رسُولوں، پطرس، یعقوب اور یُوحنّا کے وسِیلے سے ملکِ صدق کی کہانت کے لیے مُقرّر کِیا گیا (دیکھیں ع و ع ۲۷:۱۲)۔ اِس کے بعد دُوسری تَقرُّریاں ہُوئیں جِن میں اُنھیں مُوسیٰ، ایلیّاہ، اِلیاس، اور بُہت سے قدِیم اَنبیا کے وسِیلے سے کہانت کی کُنجیاں عطا کی گئیں (دیکھیں ع و ع ۱۱۰؛ ۱۲۸:۱۸، ۲۱)۔ یہ تَقرُّریاں، در حقیقت، زمِین پر اِنسان کے واسطے اِلہٰی اِختیار کی بحالی تھی۔ ۶ اَپریل ۱۸۳۰ کو، آسمانی ہدایت کے تحت، نبی جوزف سمِتھ نے کلِیسیا کو قائم کِیا، اور یُوں ایک بار پھِر لوگوں کے درمیان میں یِسُوع مسِیح کی حقیقی کلِیسیا اِختیار کے ساتھ، ایک اِدارے کی حیثیت سے، اِنجِیل سِکھانے اور نجات کی رُسُوم ادا کرنے کے لیے نافذ ہے۔ (دیکھیں ع و ع ۲۰ اور بیش قِیمت موتی، جوزف سمِتھ—تارِیخ ۱۔)
یہ مُقَدَّس مُکاشفے، حقیقی اِنسانوں سے وابستہ حقیقی حالاتِ زِندگی کے لمحاتِ حاجت مندی کے دوران میں ہونے والی دُعا کے نتیجے میں نازِل ہُوئے تھے۔ نبی اور اُس کے رُفقا اِلہٰی مدد کے طالب تھے، اور یہ مُکاشفے گواہی دیتے ہیں کہ اُنھوں نے اِس کو پایا۔ مُکاشفوں میں یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کی بحالی اور ظُہُور اور زمانوں کی مَعمُوری کے زمانے کو وُجُود میں آتے دیکھا جا سکتا ہے۔ کلِیسیا کی مغرب کی جانب ہجرت، نیویارک اور پنسلوانیا سے اوہائیو تک، میزوری تک، اِیلانوئے تک، اور آخِر کار مغربی اَمریکہ کے گریٹ بیسن تک اور زمِین پر اِس جدید زمانہ میں صِیُّون کے قیام کے لیے مُقَدَّسین کی بڑی کوششیں بھی اِن مُکاشفوں میں دِکھائی گئی ہیں۔
مُتعدد اِبتدائی فصُول مورمن کی کِتاب کے ترجمہ اور اشاعت کے مُعاملات پر مُشتَمِل ہیں (دیکھیں فصُول ۳، ۵، ۱۰، ۱۷، اور ۱۹)۔ بعد کے چند فصُول نبی جوزف سمِتھ کے فرض کی عکاسی کرتے ہیں جو اُس نے بائِبل کا اِلہامی ترجمہ کرتے ہُوئے نبھایا، اِس دوران میں بُہت سے اَہم عقائد پر مبنی فصُول نازِل ہُوئے (دیکھیں، مثلاً، فصُول ۳۷، ۴۵، ۷۳، ۷۶، ۷۷، ۸۶، ۹۱، اور ۱۳۲، جِن میں سے ہر ایک کا بائِبل کے ترجمہ کے ساتھ براہ ِراست رشتہ ہے)۔
مُکاشفوں میں، اِنجِیل کے عقائد اَیسے بُنیادی مُعاملات کے بارے میں وضاحت کے ساتھ پیش کیے گئے ہیں جَیسے ذاتِ اِلہٰی، اِنسان کی اِبتدا، شیطان کی حقیقت، فناپذیری کا مقصد، فرماں برداری کا فرض، توبہ کی ضرورت، پاک رُوح کے کرشمے، نجات سے مُتعلّق جُڑے ہُوئے اَعمال اور رُسُوم، زمِین کی تقدیر، مُستقبل میں مُردوں کی قیامت اور عدالت کے بعد اِنسان کے حالات، اَزدواجی رشتے کی اَبدیّت، اور خاندان کی اَبَدی ماہیت۔ اِسی طرح، اُسقُفوں کی بُلاہٹ، صدارتِ اوّل، بارہ کی جماعت، اور ستر اور دیگر صدارتی عہدوں اور جماعتوں کے ساتھ ساتھ کلِیسیا کے اِنتظامی ڈھانچے کا تدریجی آشکار ہونا دِکھایا گیا ہے۔ آخِر میں یِسُوع مسِیح کی بابت دی گئی گواہی—اُس کی اُلُوہِیّت، اُس کی شان و شوکت، اُس کی کامِلیت، اُس کا پیار، اور اُس کی مُخلصی دینے والی قُدرت—اِس کِتاب کو اِنسانی خاندان کے لیے اِنتہائی قِیمتی بنا دیتی ہے اور کلِیسیا کے لیے ”اَیسی قدرو منزلت کی حامل جَیسی ساری زمِین کی دَولت“ (مزید دیکھیں ع و ع ۷۰ کی شہ سُرخی)۔
یہ مُکاشفے دراصل جوزف سمِتھ کے نقل نویسوں نے قلم بند کیے، اور کلِیسیائی اَرکان نے ہاتھ سے لِکھی اِن نقلوں کا ایک دُوسرے کے ساتھ گرم جوشی سے تبادلہ کِیا۔ زیادہ مُستَحکم نُسخہ خلق کرنے کی خاطر، نقل نویسوں نے اِن مُکاشفوں کو فوراً مسوّدے کی کِتابوں میں نقل کِیا، جِن سے کلِیسیائی راہ نماؤں نے مُک اشفوں کی اشاعت کی تیاری کے دوران میں رُجُوع کِیا۔ جوزف اور اِبتدائی مُقَدَّسین نےاِن مُکاشفوں کو اُتنی ہی ترجیح دی جتنی وہ کلِیسیا کو دیتے تھے: زندہ، فعال، مزید مُکاشفے کے وسِیلے سے بہتری کے تابع۔ اُنھیں یہ بھی عِلم ہُوا کہ نقل نویسی اور اِن کی اشاعت کی تیاری کے دوران میں غیر اِرادی غلطیاں سرزد ہُوئی ہیں۔ چنُاں چہ، ۱۸۳۱ میں کلِیسیائی مجلِس نے جوزف سمِتھ سے اُن غلطیوں یا خرابیوں کو”دُرست کرنے کی درخواست کی جِن کو وہ رُوحُ القُدس کے وسِیلے سے دریافت کرے گا۔“
اِن مُکاشفوں کی نظرثانی اور تصحیح کے بعد، میزوری میں کلِیسیائی اَرکان نے کِتاب بعنوان A Book of Commandments for the Government of the Church of Christ (مسِیح کی کلِیسیا کے اِنتظامی اُمور کے اَحکام کی کتاب) کی چھپائی شُروع کر دی، جِس میں نبی کے کئی اِبتدائی مُکاشفے شامل تھے۔ البتہ جب جیکسن کاؤنٹی میں ۲۰ جولائی، ۱۸۳۳ کو بلوائیوں نے مُقَدَّسین کے چھاپہ خانہ کو تباہ کر دیا، اِن مُکاشفوں کی اشاعت کی پہلی کاوِش ختم ہو گئی۔
میزوری کے چھاپہ خانہ کی تباہی کا سُنتے ہی جوزف سمِتھ اور دیگر کلِیسیائی راہ نماؤں نے کرٹ لینڈ، اوہائیو میں اِن مُکاشفوں کی اشاعت کی تیاریاں شُروع کر دیں۔ دوبارہ غلطیوں کو دُرست کرنے، لفظوں کی وضاحت کرنے، اور کلِیسیائی تنظیم اور تعلیم میں پیش رفت کو جان کر جوزف سمِتھ نے بعض مُکاشفوں کے متن کی اِدارت کا ذِمّہ لیا تاکہ اُن کو ۱۸۳۵ میں بنام Doctrine and Covenants of the Church of the Latter Day Saints (کلِیسیائے مُقَدَّسینِ آخِری ایّام کے عقائد اور عہُود) کی اشاعت کے لیے تیار کرے۔ جوزف سمِتھ نے عقائد اور عہُود کی ایک اور اشاعت کی اِجازت دی، جو ۱۸۴۴ میں نبی کی شہادت کے صرف چند مہینوں بعد شائع کی گئی۔
اِبتدائی مُقَدَّسین نے اِن مُکاشفوں کو نعمت جانا اور اُنھیں خُدا کے پیغامات مانا۔ ۱۸۳۱ کے آخِر میں، ایک موقعہ پر کئی بُزرگوں نے متین گواہیاں دیں کہ خُداوند نے اِن مُکاشفوں کی سچّائی کی شہادت اُن کی رُوحوں کو دی ہے۔ یہ گواہی ۱۸۳۵ کی اشاعتِ عقائد اور عہُود میں بارہ رسُولوں کی قلم بند گواہی کی صُورت میں شائع ہُوئی۔
بارہ رسُولوں کی
عقائد اور عہُود کی کِتاب
کی سچّائی کے بارے میں گواہی
خُداوند کے اَحکام کی کِتاب کے گواہوں کی شہادت، جو اَحکام اُس نے اپنی کلِیسیا کو جوزف سمِتھ جُونئیر کے وسِیلے سے دیے، جو کلِیسیا کی آواز سے اِس مقصد کے لیے مُقرّر کِیا گیا تھا:
پَس، ہم کُل دُنیا کے بنی نوع اِنسان، رویِ زمِین پر ساری مَخلُوق کو گواہی دینے پر خُوشی محسوس کرتے ہیں، کہ خُداوند نے ہماری جانوں پر رقم کر دیا ہے، ہم پر رُوحُ القُدس اُنڈیلے جانے کے وسِیلے سے جان گئے کہ یہ اَحکام خُدا کے اِلہام سے دیے گئے ہیں اور تمام اِنسانوں کے لیے فیض ہیں، اور دراصل سچّے ہیں۔
ہم یہ گواہی خُداوند ہمارے مددگار کے ساتھ دُنیا کو دیتے ہیں؛ اور یہ خُدا باپ اور اُس کے بیٹے، یِسُوع مسِیح کے فضل کے وسِیلے سے ہے کہ ہمیں دُنیا کو یہ گواہی دینے کے اِختیار کی اِجازت دی گئی ہے، جِس پر ہم اِنتہائی شادمان ہیں، خُداوند سے ہمیشہ دُعا کرتے ہُوئے کہ بنی آدم اِس سے فیض پا سکیں۔
بارہ کے نام یہ تھے:
-
تھامس بی مارش
-
ڈیوڈ ڈبلیو پیٹن
-
بریگھم ینگ
-
ہِیبر سی کِمبل
-
اَورسن ہائڈ
-
وِلیم ای مِک لِلن
-
پارلے پی پراٹ
-
لُوک ایس جانسن
-
وِلیم سمِتھ
-
اَورسن پراٹ
-
جان ایف بوئنٹن
-
لائمن ای جانسن
عقائد اور عہُود کے بعد کے شُماروں میں، مزید مُکاشفے اور دُوسرے اَہم مُعاملات جو نازِل ہُوئے وہ لِکھے اور شامل کیے گئے ہیں، اور کلِیسیا کی با اِختیار جماعتوں یا مجلِسوں میں قَبُول کیے گئے۔ ۱۸۷۶ کی اشاعت کو بُزرگ اَورسن پراٹ نے بریگھم ینگ کی راہ نمائی میں تیار کِیا، مُکاشفوں کو تارِیخ وار ترتیب دیا اور نئی شہ سُرخیوں کو تارِیخی تعارفات کے ساتھ فراہم کِیا۔
۱۸۳۵ کے شُمارے میں عِلمِ اِلہیات کے سلسلہ وار سات اَسباق بعنوان Lectures on Faith (اِیمان کے واعظ) شامل تھے۔ یہ مکتبہِ اَنبیا کے لیے کرٹ لینڈ، اوہائیو میں ۱۸۳۴ سے ۱۸۳۵ تک تیار کیے گئے تھے۔ اگرچہ درس اور تدریس کے لیے سُودمند، یہ واعظ عقائد اور عہُود کے ۱۹۲۱ء کے شمُارے سے حذف کر دیے کیوں کہ یہ پُوری کلِیسیا کو مُکاشفوں کی صُورت میں نہ عطا ہُوئے نہ ہی پیش کیے گئے۔
۱۹۸۱ میں عقائد اور عہُود کی اشاعت میں پہلی بار تین نوِشتوں کو شامل کِیا گیا۔ یہ فصُول ۱۳۷ اور ۱۳۸ ہیں جو مُردوں کی نجات کے اُصُولوں کی بُنیاد فراہم کرتے ہیں؛ اور باضابطہ اعلامیہ ۲ اِس بات کی مُنادی کرتا ہے کہ کلِیسیا کے تمام اَہل مرد اَرکان رنگ یا نسل کے اِمتیاز کے بغیر کہانت کی تَقرُّری پا سکتے ہیں۔
عقائد اور عہُود کی ہر نئی اشاعت کے ساتھ گزشتہ غلطیوں کی تصحیح کی گئی ہے اور فصل کے خُلاصوں کے تارِیخی حِصّوں میں خاص طور پر نئی معلُومات کا اِضافہ کِیا گیا ہے۔ موجودہ اشاعت تارِیخوں اور جگہوں کے نام کی صحت کی بہتری کے ساتھ ساتھ دیگر تصحیحات سراَنجام دیتی ہے۔ مواد کی اِنتہائی صحیح تارِیخی معلُومات کے ساتھ مُوافِقت کے لیے یہ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اِس تازہ ترین اشاعت کے دیگر خاص خاص خدوخال میں نظرثانی شُدہ نقشہ جات جو بڑے بڑے جغرافیائی علاقوں کی نشان دہی کرتے ہیں جہاں جہاں یہ مُکاشفے نازِل ہُوئے، مزید برآں کلِیسیائی تارِیخی مقامات کی عمدہ تصاویر، باہمی حوالہ جات، فصل کی شہ سُرخیاں، اور متن کے خُلاصے شامل ہیں، یہ سب اِس لیے ترتیب دیا گیا ہے کہ قاری خُداوند کے پیغام کو سمجھے اور اِس میں شادمان ہو جَیسا عقائد اور عہُود میں عطا کِیا گیا ہے۔ فصُول کی شہ سُرخیوں کی معلُومات مسوّداتِ کلِیسیائی تارِیخ اور شائع شُدہ History of the Church (کلِیسیائی تارِیخ) (شہ سُرخیوں میں مجموعی طور پر جوزف سمِتھ کی تارِیخ سے منسُوب کی گئی ہیں) اور Joseph Smith Papers (مسوّداتِ جوزف سمِتھ) سے ماخُوذ ہیں۔