فصل ۹۴
۲ اگست ۱۸۳۳ کو کرٹ لینڈ، اوہائیو میں، نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے سے دیا گیا مُکاشفہ۔ حائرم سمِتھ، رینلڈز کاہون، اور جیرڈ کارٹر کو کلِیسیائی تعمیراتی کمیٹی کے طور پر مُقرّر کِیا گیا ہے۔
۱–۹، خُداوند صدارت کے اُمور کے لیے گھر کی تعمیر سے مُتعلّق حُکم دیتا ہے؛ ۱۰–۱۲، چھاپہ خانہ تعمیر کرنا ہے؛ ۱۳–۱۷، مخصُوص مِیراثیں تفویض کی گئی ہیں۔
۱ اور پھِر، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، میرے دوستو، حُکم مَیں تُمھیں دیتا ہُوں، کہ تُم یہاں کرٹ لینڈ کی سرزمِین پر، میرے گھر سے شُروع کر کے، صِیُّون کی میخ کے شہر کی اِبتدا اور بُنیاد کی منصُوبہ بندی اور تیاری کا کام شُروع کرو۔
۲ اور دیکھو، یہ اُس نمونے کے مُطابق ہونا ضرور ہے جو مَیں نے تُمھیں دیا ہے۔
۳ اور صدارت کے اُمور کے لیے، مُکاشفے پانے؛ اور صدارت کی خدمت گُزاری کے اُمور کے لیے، اور کلِیسیا اور بادِشاہی سے مُتعلّق تمام اُمور کے لیے جنُوب میں پہلا قطع زمِین صدارت کے گھر کی تعمیر کے لیے مخصُوص کِیا جائے۔
۴ مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، کہ یہ تعمیر کِیا جائے گا، اندرونی صحن میں اِس کی چوڑائی پچپن فٹ اور اِس کی لمبائی پینسٹھ فٹ ہو۔
۵ اور زیریں صحن اور بالائی صحن ہو، اُس نمونے کے مُطابق جو اِس کے بعد دیا جائے گا۔
۶ اور یہ اپنی بُنیاد ہی سے خُداوند کے لیے وقف ہو گا، کہانت کے طریق کے مُطابق، اُس نمونے کے مُطابق جو مَیں اِس کے بعد دُوں گا۔
۷ اور یہ صدارت کے اُمور کے لیے مکمل طور پر خُداوند کے لیے وقف ہو گا۔
۸ اور تُم کسی ناپاک چِیز کو اُس میں داخل نہ ہونے دینا، اور میرا جلال وہاں ہو گا، اور میری حُضُوری وہاں ہو گی۔
۹ لیکن اگر اِس میں کوئی ناپاک چِیز آئے، میرا جلال وہاں نہ ہوگا؛ اور میری حُضُوری اُس میں نہ آئے گی۔
۱۰ اور پھِر، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، کہ جنُوب میں دُوسرا قطع زمِین میرے لیے گھر کی تعمیر کے لیے مخصُوص ہو گا، صحائف کے ترجمے کی چھپائی کے لیے، اور تمام اُمور کے لیے جِن کا مَیں تُمھیں حُکم دُوں گا۔
۱۱ اور یہ، اندرونی صحن میں، اپنی چوڑائی اور اپنی لمبائی میں پچپن اور پینسٹھ فٹ کے تناسب ہو گا، اور اِس میں زیریں صحن اور بالائی صحن ہو گا۔
۱۲ اور یہ گھر اپنی بُنیاد ہی سے مکمل طور پر خُداوند کے لیے وقف ہو گا، چھپائی کے کام کے لیے، سارے اُمور کے لیے جِن کا مَیں تُجھے حُکم دُوں گا، یہ پاک ہو، بےداغ، ساری باتوں میں اُس نمونے کے مُطابق جَیسا تُجھے عطا ہوگا۔
۱۳ اور تِیسرے قطع زمِین پر میرا خادِم حائرم سمِتھ اپنی مِیراث پائے گا۔
۱۴ اور شمال میں پہلے اور دُوسرے قطع زمِین پر میرے خادِم رینلڈز کاہون اور جیرڈ کارٹر اپنی مِیراثیں پائیں گے—
۱۵ تاکہ وہ اُس مقصد کو نبھا سکیں جو مَیں نے اُن کو سونپا ہے، کہ میرے گھروں کی تعمیراتی اَنجمن ہوں، اُس حُکم کے مُطابق، جو مجھ، خُداوند خُدا نے تُمھیں دیا ہے۔
۱۶ یہ دو گھر تب تک تعمیر نہ ہوں جب تک مَیں تُمھیں اُن کے بارے میں حُکم نہ دُوں۔
۱۷ اور اب مُجھے اِس وقت تُجھے مزید کُچھ نہیں عطا کرنا۔ آمین۔