صحائف
عقائد اور عہُود ۵


فصل ۵

مارچ ۱۸۲۹، ہارمونی، پنسلوانیا میں، مارٹن ہیرس کی درخواست پر، نبی جوزف سمِتھ کے وسِیلے سے دیا گیا مُکاشفہ۔

۱–۱۰، یہ نسل جوزف سمِتھ کے وسیلےسے خُداوند کا کلام پائے گی؛ ۱۱–۱۸، تین گواہ مورمن کی کِتاب کی گواہی دیں گے؛ ۱۹–۲۰، خُداوند کا کلام سچّ ثابت ہوگا جَیسے گُزشتہ وقتوں میں ہُوا؛ ۲۱–۳۵، مارٹن ہیرس توبہ کرے اور گواہوں میں سے ایک ہو۔

۱ دیکھو، مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں، جَیسا کہ میرے خادِم مارٹن ہیرس نے میرے ہاتھ سے گواہی چاہی ہے، کہ تُو، میرے خادِم جوزف سمِتھ جُونیئر، نے اَوراق حاصل کر لیے ہیں جِس کا تُو شاہد ہُوا اور گواہی دے چُکا ہے کہ تُو نے مُجھ سے پائے ہیں۔

۲ اور اب، دیکھ، تُو اُس سے یہ کہے گا—وہ جو تُجھ سے ہم کلام ہُوا، اِس نے تُجھ سے کہا: مَیں، خُداوند، خُدا ہُوں، اور یہ چِیزیں، میرے خادِم جوزف سمِتھ جُونیئر، نے تُجھے دی ہیں اور تُجھے حُکم دیا ہے کہ تُو اِن چِیزوں کا گواہ ٹھہرے؛

۳ اور مَیں نے اِسی بِنا پر تُجھے اپنے ساتھ عہد میں داخل کِیا ہے، کہ تُو اُن لوگوں کے علاوہ کسی کو نہ دِکھائے جِن کا میں نے تُجھے حُکم دیا ہے؛ اور اُن پر تیرا کوئی اِختیار نہیں سِوا اِس کے کہ مَیں تُجھے یہ عطا کرُوں۔

۴ اور تیرے پاس اَوراق کا ترجمہ کرنے کی نعمت ہے؛ اور یہ پہلی نعمت ہے جو مَیں نے تُجھے بخشی ہے؛ اور مَیں نے تُجھے حُکم دیا ہے کہ تُو کسی اور نعمت کا دعویٰ نہ کرے گا جب تک اِس میں میرا مقصد پُورا نہیں ہو جاتا؛ پَس اِس کے پُورا ہونے تک مَیں تُجھے کوئی اور نعمت عطا نہ کرُوں گا۔

۵ مَیں تُجھ سے سچّ کہتا ہُوں، زمِین کے باشِندوں پر آفت آئے گی اگر وہ میرے کلام پر توجہ نہیں دیں گے؛

۶ پَس اب سے تُو مُقرّر کِیا جائے گا اور بنی آدم کے پاس جا اور میرا کلام پہنچا۔

۷ دیکھ، میرے خادِم جوزف، اگر وہ میرے کلام کا یقین نہ کریں گے، وہ تیرا یقین نہ کریں گے، کاش یہ مُمکِن ہوتاکہ تُم یہ ساری چِیزیں اُنھیں دِکھا سکتے جو مَیں نے تُجھے سونپی ہیں۔

۸ آہ، یہ بےاعتقاد اور سرکش نسل—میرا غُصّہ تیرے خِلاف بھڑکا ہے۔

۹ دیکھ، مَیں تُجھ سے سچ کہتا ہُوں، میرے خادِم جوزف، جو چِیزیں میں نے تُجھے سونپی تھیں، اُنھیں اپنے دانا مقصد کے لیے مَیں نے محفُوظ کر لیا ہے، اور یہ آیندہ نسلوں پر آشکار ہوگا۔

۱۰ البتہ یہ نسل تیرے وسِیلے سے میرا کلام پائے گی؛

۱۱ اور تیری گواہی کے ساتھ، میرے تین خادِموں کی گواہی، جِنھیں مَیں بُلاؤں گا اور مُقرّر کرُوں گا، اُنھیں مَیں یہ چِیزیں دِکھاؤں گا، اور وہ میرے کلام کو لے کر جائیں گے جو مَیں نے تُجھے دیا ہے۔

۱۲ ہاں، وہ یقین سے جان جائیں گے کہ یہ باتیں سچّ ہیں، کیوں کہ آسمان سے مَیں اُن پر اِس کا اِعلان کرُوں گا۔

۱۳ مَیں اُنھیں قُدرت بخشُوں گا کہ وہ دیکھ سکیں اور اِن چِیزوں کا جَیسی وہ ہیں نظارہ کر سکیں؛

۱۴ اور مَیں، اپنی کلِیسیا کے وِیرانے سے نمودار اور طلوع ہونے کے آغاز پر، مَیں کسی دُوسرے کو یہ قُدرت نہیں بخشُوں گا کہ اِس نسل میں اِس طرح کی گواہی پائے—جَیسے حُسن میں ماہتاب، اور نُور میں آفتاب، اور خَوف ناک اَیسے جَیسے کوئی عَلم دار فوج۔

۱۵ اور اپنے کلام کو تین گواہوں کی گواہی میں بھیجُوں گا۔

۱۶ اور دیکھو جو بھی میرے کلام پر یقین کرتے ہیں، اُن پر میرے رُوح کا ظُہُور ہوگا؛ اور وہ مُجھ سے پَیدا ہوں گے، یعنی پانی سے اور رُوح سے—

۱۷ اور تُمھیں ابھی تھوڑا اِنتظار کرنا ہے، کیوں کہ تُم ابھی مُقرّر نہیں ہُوئے ہو—

۱۸ اور اُن کی گواہی بھی اِس نسل کو مُجرم ٹھہرانے کے لیے آگے بڑھے گی اگر وہ اُن کے خِلاف اپنے دِلوں کو سخت کرتے ہیں؛

۱۹ پَس، اگر وہ توبہ نہیں کرتے ایک تباہ کن عذاب زمِین کے باشِندوں کے درمیان میں جائے گا، اور یہ وقتاً فوقتاً اُن پر اُنڈیلا جاتا رہے گا، جب تک زمِین خالی نہ ہو جائے اور اِس کے باشِندے میری آمد کی تاب سے بھسم اور مکمل طور پر تباہ نہ ہو جائیں۔

۲۰ دیکھ، مَیں یہ باتیں تُجھے بتاتا ہُوں، اَیسے ہی جَیسے یرُوشلیم کی تباہی کے مُتعلّق بھی لوگوں کو بتائی تھیں؛ اور میرا کلام جِس طرح اُس وقت سچّ ثابت ہُوا تھا اِس وقت بھی سچّ ثابت ہوگا۔

۲۱ اور اب میرے خادِم جوزف مَیں تُجھے حُکم دیتا ہُوں، توبہ کر اور میری حُضُوری میں زیادہ راست بازی سے چل، اور آدمیوں کی ترغیبات کو نہ مان؛

۲۲ اور تُو میرے اَحکام کو ماننے میں ثابت قدم رہ جِن کا مَیں نے تُجھے حُکم دیا ہے؛ اور اگر تُو یہ کرتا ہے، تو دیکھ مَیں تُجھے اَبَدی زِندگی بخشتا ہُوں، حتیٰ کہ تُو ہلاک ہو جائے۔

۲۳ اور اب، پھِر مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں، میرے خادِم جوزف، اُس شخص کے بارے میں جو ثبوت چاہتا ہے—

۲۴ دیکھو، مَیں اُس سے کہتا ہُوں، وہ اپنے آپ کو ممتاز کرتا ہے اور میرے حُضُور خُود کو واجب طور سے فروتن نہیں کرتا؛ لیکن اگر وہ میرے حُضُور، نیک اِرادے کے ساتھ، سجدہ ریز ہوتا ہے اور دُعا اور اِیمان کی مضبُوطی کے ذریعے خُود کو فروتن کرتا ہے، تب مَیں اُسے وہ چِیزیں دِکھاؤں گا جِنھیں دیکھنے کی اُسے تمنا ہے۔

۲۵ اور تب وہ اِس نسل کے لوگوں سے کہے گا: دیکھو، مَیں وہ چِیزیں دیکھ چُکا ہُوں جو خُداوند نے جوزف سمِتھ جُونئیر کو دِکھائی ہیں اور مَیں یقین سے جانتا ہُوں کہ وہ سچّی ہیں، پَس مَیں نے اُنھیں دیکھا ہے، کیوں کہ وہ مُجھے، آدمی کی نہیں بلکہ خُدا کی قُدرت سے دِکھائی گئی ہیں۔

۲۶ اور مَیں خُداوند اُسے حُکم دیتا ہُوں، اپنے خادِم مارٹن ہیرس کو، کہ وہ اُن چِیزوں کے بارے میں اُنھیں اِس سے زیادہ اور کُچھ نہیں بتائے گا: وہ صرف یہ کہے گا، مَیں اُنھیں دیکھ چُکا ہُوں اور خُدا کی قُدرت کے وسِیلے وہ مُجھے دِکھائی گئی ہیں؛ اور یہ اَلفاظ ہیں جو وہ کہے گا۔

۲۷ لیکن اگر وہ اِس کا اِنکار کرے تو وہ اُس عہد کو توڑے گا جو اُس نے میرے ساتھ عہد باندھا تھا، اور دیکھ، وہ مُجرم ٹھہرایا جاتا ہے۔

۲۸ اور اب، سِوائے اِس صُورت کے کہ خُود کو فروتن کرے اور اُن ساری باتوں کا جو وہ کر چُکا ہے، جو کہ غلط ہیں میرے سامنے اِقرار کرے اور میرے ساتھ عہد کرے کہ میرے اَحکام کو مانے گا اور مُجھ پر اِیمان لائے گا، دیکھ، مَیں تُم سے کہتا ہُوں، وہ یہ نہیں دیکھ پائے گا، کیوں کہ وہ چِیزیں جِن کی بابت مَیں کہہ چُکا ہُوں مَیں اُسے نہیں دِکھاؤں گا۔

۲۹ اور اگر اَیسا ہوتا ہے، مَیں تُجھے حُکم دیتا ہُوں، میرے خادِم جوزف، کہ تُو اُسے کہے گا، کہ وہ مزید کُچھ نہ کرے، نہ مزید مُجھے اِس مُعاملے کی بابت تنگ کرے۔

۳۰ اور اگر اَیسا ہوتا ہے، دیکھ، جوزف مَیں تُجھے کہتا ہُوں، جب تُو چند ایک مزید صفحات کا ترجمہ کر لے تو کُچھ عرصہ کے لیے رُک جا، جب تک مَیں دوبارہ تُجھے حُکم نہ دُوں؛ پھِر تُو دوبارہ ترجمہ کر سکتا ہے۔

۳۱ اور اگر تُو اِس طرح نہیں کرتا ہے، دیکھ، تیرے پاس یہ نعمت نہ رہے گی، اور مَیں وہ چِیزیں تُجھ سے لے لُوں گا جو تُجھے سونپی ہیں۔

۳۲ اور اب، کیوں کہ مَیں پہلے سے جانتا ہُوں کہ تُجھے تباہ کرنے کے لیے گھات لگائے بیٹھے ہیں، ہاں، مَیں پہلے سے جانتا ہُوں کہ اگر میرا خادِم مارٹن ہیرس اپنے آپ کو فروتن نہیں کرتا اور میرے ہاتھ سے گواہی نہیں پاتا، تو وہ خطا میں گرے گا؛

۳۳ اور کئی ہیں جو تُجھے صفحہ ہستی سے مٹانے کے لیے گھات لگائے بیٹھے ہیں؛ اور اِس وجہ سے، کہ تیرے ایّام دراز ہوں، مَیں نے تُجھے یہ اَحکام دیے ہیں۔

۳۴ ہاں اِسی بِنا پر مَیں کہہ چُکا ہُوں: رُک، اور جب تک مَیں تُجھے حُکم نہ دُوں باز رہ، اور مَیں تیرے لیے وسِیلے مہیا کرُوں گا تاکہ تُو اُس کام کی تکمیل کر سکے جِس کو انجام دینے کا مَیں نے تُجھے حُکم دیا ہے

۳۵ اور اگر تُو میرے حُکموں کو ماننے میں فرماں بردار رہے تو، آخِری دِن تُو اُوپر اُٹھا لیا جائے گا۔ آمین۔