صحائف
عقائد اور عہُود ۱۰۶


فصل ۱۰۶

۲۵ نومبر ۱۸۳۴، کرٹ لینڈ، اوہائیو میں، نبی جوزف سمِتھ کے وسِیلے سے دیا گیا مُکاشفہ۔ یہ مُکاشفہ وارن اے کاؤڈری، اولیور کاؤڈری کے بڑے بھائی کے لیے دیا جاتا ہے۔

۱–۳، وارن اے کاؤڈری کو مقامی صدارتی عہدےدار کے طور پر بُلایا گیا ہے؛ ۴–۵، دُوسری آمد نُور کے فرزندوں کو چور کی مانِند نہیں دبوچے گی؛ ۶–۸، کلِیسیا میں اِیمان دار خدمت سے عظیم الُشان برکات ملتی ہیں۔

۱ یہ میری مرضی ہے کہ میرے خادِم وارن اے کاؤڈری کو فریڈم کی سرزمِین اور اِس کے اِرد گِرد کے علاقوں میں میری کلِیسیا پر صدارتی اعلیٰ کاہن فائز اور مُقرّر کِیا جائے؛

۲ اور میری اَبَدی اِنجِیل کی مُنادی کرے، اور لوگوں کو خبردار کرنے کے لیے اپنی آواز بُلند کرے، نہ صرف اپنے علاقے میں بلکہ مُلحَق کاؤنٹیوں میں بھی؛

۳ اور اپنا سارا وقت اِس اعلیٰ اور پاک بُلاہٹ کے لیے وقف کرے، جو مَیں اب اِس کو دیتا ہُوں، آسمان کی بادِشاہی اور اُس کی راست بازی کی جاں فشانی سے تلاش کرے، اور تمام ضروری چِیزیں اُسے دی جائیں گی، کیوں کہ مزدُور اپنی مزدُوری کا حق دار ہے۔

۴ اور پھِر، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، خُداوند کی آمد نزدیک آتی ہے، اور یہ دُنیا کو رات میں چور کی مانِند آ لیتی ہے—

۵ پَس، اپنی کمر کس لو، کہ تُم نُور کے فرزند بنو، اور وہ دِن تُمھیں چور کی مانِند ناگہاں نہ آ پڑے۔

۶ اور پھِر، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، آسمان میں بڑی خُوشی تھی جب میرا خادِم وارن میرے عصا کے سامنے جُھکا، اور خُود کو آدمیوں کے فریب سے الگ کِیا؛

۷ پَس، میرا خادِم وارن مُبارک ہے، چُوں کہ مَیں اُس پر رحم کرُوں گا، اور اُس کے دِل کی خُودنمائی کے باوجود، جِس قدر وہ خُود کو میرے حُضُور حلیم کرے گا، مَیں اُسے اِقبال مند کرُوں گا۔

۸ اور مَیں اُسے فضل اور توّکل عطا کرُوں گا تاکہ وہ قائم رہ سکے؛ اور اگر وہ وفادار گواہ اور کلِیسیا کے لیے چراغ بنا رہے، تو مَیں نے اُس کے لیے اپنے باپ کے مکانوں میں تاج تیار کِیا ہے۔ اَیسا ہی ہو۔ آمین۔