صحائف
عقائد اور عہُود ۱۰


فصل ۱۰

غالِباً اَپریل ۱۸۲۹ کے قریب قریب ہارمونی، پنسلوانیا میں، نبی جوزف سمِتھ کو دیا گیا مُکاشفہ، اگرچہ بعض حِصّے ۱۸۲۸ کے موسمِ گرما کے آغاز میں عطا کیے جا چُکے تھے۔ یہاں خُداوند جوزف کو تبدیلیوں کے بارے میں بتاتا ہے جو اُن بدکار لوگوں کے سبب سے، مورمن کی کِتاب میں، لحی کی کِتاب کے ایک سو سولہ صفحات کے ترجمے کے مسّودے میں کی گئی ہیں۔ مسّودے کے یہ صَفحات مارٹن ہیرس کی تحویل سے کھو گئے تھے، جِس کو عارضی طور پر اِن نوِشتوں کا امین بنایا گیا تھا۔ (دیکھیے فصل ۳ کی شہ سُرخی) بدی کی چال یہ تھی کہ اِن نوِشتوں کے گُم شُدہ صفحات کے متوقع ترجمے کا اِنتظار کِیا جائے اور ردوبدل سے ہونے والی تبدیلیوں کے باعث مترجم کو رَدّ کِیا جائے۔ کہ بدی کا یہ مقصد اِبلِیس نے سوچ رکھا تھا اور خُداوند نے جان لیا تھا حتٰی کہ جب مورمن، قدِیم نیفی مورّخ، حاصل شُدہ اَوراق پر خُلاصہ رقم کر رہا تھا، جو مورمن کی کِتاب میں دِکھایا گیا ہے (دیکھیے مورمن کا کلام ۱‏:۳–۷

۱–۲۶، شیطان بد کار آدمیوں کو خُداوند کے کلام کے خِلاف بھڑکاتا ہے؛ ۲۷–۳۳، وہ آدمیوں کی جانوں کو برباد کرنے کے دَرپے رہتا ہے؛ ۳۴–۵۲، مورمن کی کِتاب کے وسِیلے سے اِنجِیل دُوسری قَوموں اور لامنوں تک پہنچائی جائے گی؛ ۵۳–۶۳، خُداوند اپنی اِنجِیل اور اپنی کلِیسیا آدمیوں کے درمیان میں قائم کرے گا؛ ۶۴–۷۰، وہ پشیمانوں کو اپنی کلِیسیا میں لائے گا اور فرماں برداروں کو بچائے گا۔

۱ اب، دیکھ، مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں، کیوں کہ جِن مسوّدوں کا تُجھے اِختیار دیا گیا تھا کہ اوریم اور تمیم کے ذریعے سے ترجمہ کرے، تُو نے بدکار آدمی کے ہاتھ میں دے دیے ہیں، تُو نے وہ کھو دیے ہیں۔

۲ اور تُو نے اُس کے ساتھ ساتھ اپنی نعمت کو بھی کھو دیا، اور تیرا ذہن تارِیک ہو گیا۔

۳ اِس کے باوُجُود، اب تیرے لیے اُنھیں دوبارہ بحال کِیا گیا ہے؛ پَس دیکھ تُو اِیمان دار رہ اور ترجمے کے باقی عمل کی تکمیل کو جاری رکھ جِس کو تُو نے شُروع کِیا ہے۔

۴ ترجمہ کے اَہل ہونے کے لیے تُو اپنی ہمت سے زیادہ نہ دوڑ اور مہیا کیے گئے وسائل سے بڑھ کر مُشقّت نہ کر؛ بلکہ آخِر تک مُستَعِد رہ۔

۵ ہمیشہ دُعا کر، کہ تُو غالِب آئے؛ ہاں، کہ تُو شیطان کو مغلُوب کرے، اور کہ تُو شیطان کے غُلاموں کے ہاتھوں سے محفُوظ رہے جو اُس کے کام کی حمایت کرتے ہیں۔

۶ دیکھ، اُنھوں نے تُجھے تباہ کرنا چاہا؛ ہاں، حتیٰ کہ اُس شخص نے جِس پر تُو نے بھروسا کِیا تُجھے تباہ کرنا چاہا۔

۷ اور اِس سبب سے مَیں نے کہا کہ وہ بدکار شخص ہے، کیوں کہ وہ چاہتا تھا کہ جو چِیزیں تُجھے سونپی گئی ہیں وہ چھین لے؛ اور اُس نے تیری نعمت کو بھی تباہ کرنا چاہا۔

۸ اور چُوں کہ تُو نے وہ مسّودے اُس کے ہاتھوں میں دے دیے ہیں، دیکھ، بدکار آدمیوں نے تُجھ سے اُنھیں لے لیا ہے۔

۹ پَس، تُو نے اُن کو، ہاں، جو مُقَدَّس تھے، بدی کے حوالے کر دیے۔

۱۰ اور، دیکھ، شیطان نے اُن کے دِلوں میں یہ بات ڈال دی ہے کہ اُس متن کو تبدیل کریں جو تُو نے لِکھوایا، یا جِن کا تُو نے ترجمہ کِیا، جو تیرے ہاتھوں سے جا چُکا ہے۔

۱۱ اور دیکھ، مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں، چُوں کہ اُنھوں نے متن کو تبدیل کر دیا ہے، وہ اب اُس ترجمہ کے برعکس پڑھتے ہیں جو تُو نے ترجمہ کِیا اور لِکھوایا۔

۱۲ اور، اِس طرح سے، اِبلِیس نے مَکّاری کا منصُوبہ بنایا ہے، کہ وہ اِس اَمر کو برباد کرے؛

۱۳ پَس اُس نے اُن کے دِلوں میں اَیسا کرنے کی بات ڈالی ہے، کہ وہ جُھوٹ بولتے ہُوئے کہیں گے ہم نے تُجھے کلام میں پکڑا ہے جو تُو ترجمہ کرنے کا دعویٰ کرتا ہے۔

۱۴ مَیں تُجھ سے سچّ کہتا ہُوں، کہ مَیں یہ برداشت نہیں کرُوں گا کہ شیطان اِس کام میں اپنی بدی کی سازش کو پُورا کرے۔

۱۵ پَس دیکھ، اُس نے اُن کے دِلوں میں یہ بات ڈال دی ہے کہ تُجھے آمادہ کریں کہ خُداوند اپنے خُدا کو یہ کہہ کر آزمائے، کہ اِن کا دوبارہ ترجمہ ہو۔

۱۶ اور پھِر، دیکھ وہ اپنے دِلوں میں خیال کرتے ہیں اور کہتے ہیں—ہم دیکھیں گے کہ آیا خُدا نے اُسے ترجمہ کی قُدرت عطا کی ہے؛ اگر اَیسا ہے، وہ اُس کو دوبارہ قُدرت عطا کرے گا؛

۱۷ اگر خُدا اُسے دوبارہ قُدرت عطا کرتا ہے، یا وہ دوبارہ ترجمہ کرتا ہے، یا، با الفاظِ دیگر، اگر وہ وہی متن لے کر آتا ہے، دیکھو، ہمارے پاس متن ہے، اور ہم نے اِسے تبدیل کر دیا ہے؛

۱۸ پَس اُن میں مُوافِقت نہ ہوگی، اور ہم کہیں گے کہ اُس نے اپنے متن میں جُھوٹ بولا ہے، اور کہ اُس کے پاس نعمت نہیں ہے، اور کہ اُس کے پاس قُدرت نہیں ہے؛

۱۹ اِس طرح ہم اُسے برباد کر دیں گے، اور اُس کے کام کو بھی؛ اور ہم اِس طرح سے کریں گے کہ ہم آخِر میں شرمِندہ نہ ہوں، اور کہ ہم دُنیا کا جلال پائیں۔

۲۰ مَیں تُم سے سچّ سچّ کہتا ہُوں، کہ شیطان کا اُن کے دِلوں پر بڑا غلبہ ہے؛ وہ اُن کو بدی کرنے کے لیے بھڑکاتا ہےجو کہ نیکی کی مخالفت ہے؛

۲۱ اور اُن کے دِل بگڑے ہُوئے ہیں اور بدی اور مکرُوہات سے بھرے ہُوئے ہیں؛ اور وہ نُور کی بجائے تارِیکی کو پیار کرتے ہیں، کیوں کہ اُن کے اَعمال بُرے ہیں؛ پَس وہ مُجھ سے رُجُوع نہیں کریں گے۔

۲۲ شیطان اُن کو بھڑکاتا ہے، کہ وہ اُن کی جانوں کو تباہی کی جانب لے جائے۔

۲۳ اور اِس طرح اُس نے مَکّار منصُوبہ تیار کِیا ہے، اِس گُمان کے ساتھ کہ وہ خُدا کے کام کو برباد کرے؛ لیکن مَیں اُن سے باز پُرس کرُوں گا، اور یہ یوم ِآخِر کو اُن کی شرمندگی اور ملامت میں بدل جائےگا۔

۲۴ ہاں، وہ اُن کے دِلوں میں اِس کام کے خِلاف غُصّہ بھڑکاتا ہے۔

۲۵ ہاں، وہ اُن سے کہتا ہے: فریب دو اور پکڑنے کے لیے گھات لگاؤ، تاکہ تُجھے تباہ کریں؛ دیکھو، اِس میں کوئی نقصان نہیں ہے۔ اور اِس طرح وہ اُن کی خُوشامد کرتا ہے، اور اُن سے کہتا ہے کہ کسی شخص کو جُھوٹا ثابت کرنے کے لیے جُھوٹ بولنا گُناہ نہیں ہے، تاکہ وہ اُسے برباد کریں۔

۲۶ اور اِس طرح وہ اُن کی خوشامد کرتا ہے، اور اُنھیں راہ دِکھاتا ہے جب تک وہ اُن کی جانوں کو جہنم میں نہیں لے جاتا؛ اور اِس طرح وہ اُن کو اُن کے اپنے پھندے میں پھنساتا ہے۔

۲۷ اور اِس طرح وہ آدمیوں کی جانوں کو برباد کرنے کی کوشش میں، زمِین پر اِدھر اُدھر گُھومتا پھِرتا ہے۔

۲۸ مَیں تُجھ سے سچّ سچّ کہتا ہُوں، اُس پر افسوس جو فریب کے لیے جُھوٹ بولتا ہے کیوں کہ وہ گُمان کرتا ہے کہ کوئی دُوسرا فریب کے لیے جُھوٹ بولتا ہے، پَس اَیسے خُدا کے اِنصاف سے مبّرا نہیں ہیں۔

۲۹ اب، دیکھ، اُنھوں نے اِس کلام کو تبدیل کر دیا ہے، کیوں کہ شیطان نے اُنھیں کہا تھا: اُس نے تُجھے دھوکا دیا ہے—اور اِس طرح وہ بدی کرنے کی خاطر اُن کی خوشامد کرتا ہے، کہ تُو خُداوند اپنے خُدا کو آزمائے۔

۳۰ دیکھ، مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں، تُو اُس کلام کو جو تیرے ہاتھوں سے نِکل چُکا ہے دوبارہ ترجمہ نہ کرنا؛

۳۱ پَس دیکھ، وہ اِس کلام کے خِلاف جُھوٹ بولتے ہُوئے اپنے بدی کے منصُوبوں میں کامیاب نہ ہوں گے۔ کیوں کہ، دیکھ، اگر تُو وہی کلام اُن کے سامنے لاتا ہے تو وہ کہیں گے کہ تُو نے جُھوٹ بولا ہے اور ترجمے کا ڈھونگ رچایا ہے، کہ ہاں تُو نے خُود رَدّ کِیا ہے۔

۳۲ اور، دیکھ، وہ اِسے شائع کریں گے، اور شیطان لوگوں کے دِلوں کو سخت کرے گا کہ تیرے خِلاف اُن کا غُصّہ بھڑکے، اُس سبب سے وہ میرے کلام کا یقین نہ کریں گے۔

۳۳ لہٰذا شیطان سوچتا ہے کہ وہ تیری گواہی کو اِس پُشت میں زیر کر دے گا، کہ اِس پُشت میں کام آگے نہ بڑھے۔

۳۴ مگر دیکھ، یہ دانِش مندی ہے، جب تک تُو اِس ترجمے کے کام کی تکمیل نہیں کر لیتا دُنیا کو نہ دِکھا، اور کیوں کہ مَیں تُجھے دانِش مندی دِکھاتا ہُوں، اور تُجھے اِن چِیزوں سے مُتعلّق اَحکام دیتا ہُوں، کہ تُو کِیا کرے گا۔

۳۵ حیران مت ہو کہ مَیں نے تُجھے کہا: یہ دانِش مندی ہے، دُنیا کو نہ دِکھانا—کیوں کہ مَیں نے فرمایا، دُنیا کو نہ دِکھانا، کہ تُو بچایا جائے۔

۳۶ دیکھ، مَیں یہ نہیں کہتا کہ تُو راست بازوں کو نہ دِکھانا؛

۳۷ البتہ جِس طرح تُو ہمیشہ راست بازوں کو نہیں پرکھ سکتا، یا جَیسے تُو ہمیشہ بدکاروں اور راست بازوں میں اِمتیاز نہیں کر سکتا، پَس مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں، تُو خاموش رہ، جب تک مَیں اُن ساری باتوں کو جِنھیں دُنیا پر ظاہر کرنا مناسب نہیں سمجھتا۔

۳۸ اور اب، مَیں تُجھ سے سچّ کہتا ہُوں، اُن باتوں کا احوال جو تُو لِکھ چُکا ہے، جو تیرے ہاتھوں سے جا چُکے ہیں، نیفی کے اَوراق پر کُندہ ہیں۔

۳۹ ہاں، اور تُجھے یاد ہے کہ اُن مسّودوں میں فرمایا گیا تھا کہ ایک زیادہ جامع سرگزشت اِن باتوں سے مُتعلّق نیفی کے اَوراق میں دی گئی ہے۔

۴۰ اور اب، کیوں کہ جو سرگزشت نیفی کے اَوراق پر کُندہ ہے میری دانِست میں، اُن باتوں سے مُتعلّق وہ زیادہ جامع ہے، اِس سرگزشت کا عِلم میں لوگوں پر ظاہر کرُوں گا—

۴۱ پَس، تُو نیفی کے اَوراق پر کُندہ تحریروں، بنیامین بادِشاہ کی سلطنت تک کا، ترجمہ کرے گا، یا وہاں تک جہاں تک تُو نے ترجمہ کِیا ہے، جو تیرے پاس ہے؛

۴۲ اور دیکھ، یہ تُو بطور نیفی کی تارِیخ شائع کرے گا؛ اور اِس طرح مَیں اُنھیں شرمِندہ کرُوں گا جِنھوں نے کلام کو بدلا ہے۔

۴۳ مَیں برداشت نہیں کرُوں گا کہ وہ میرا کام برباد کریں؛ ہاں مَیں اُنھیں یہ دِکھاؤں گا کہ میری حِکمت اِبلِیس کی مَکّاری سے عظیم تر ہے۔

۴۴ دیکھ، اُن کے پاس صرف ایک حِصّہ، یا نیفی کی سرگزشت کا خُلاصہ ہے۔

۴۵ دیکھ، نیفی کے اَوراق پر کئی باتیں کُندہ ہیں جو میری اِنجِیل کے وسیع تر نکات بتاتی ہیں؛ پَس، یہ میری دانِست میں ہے کہ تُجھے نیفی کے کُندہ اَوراق کے پہلے حِصّے کا ترجمہ کرنا چاہیے اور اُسے اِس کام میں شامل کرنا۔

۴۶ اور، دیکھ، اِس کام کے باقی تمام بچے ہُوئے حِصّے میری اِنجِیل کے اُن حِصّوں پر مُشتَمِل ہیں جِن کی میرے مُقَدَّس نبیوں، ہاں، اور میرے رسُولوں نے بھی، اپنی دُعاؤں میں اِلتجا کی تھی کہ اِن لوگوں کے سامنے لائے جائیں۔

۴۷ اور مَیں نے اُن سے کہا، کہ اُن کی دُعاؤں کے اِیمان کے مُطابق اُنھیں دیا جانا چاہیے؛

۴۸ ہاں، اور یہ اُن کا اِیمان تھا—کہ میری اِنجِیل، جو مَیں نے اُنھیں دی تھی تاکہ وہ اُن ایّام میں مُنادی کرتے ہُوئے اپنے لامنی بھائیوں، اور اُن سب کے پاس بھی جائیں جو اپنے جھگڑوں کے سبب لامنی بن چُکے ہیں۔

۴۹ اب، یہی سب کُچھ نہیں ہے—اُن کی دُعاؤں پر اُن کا اِیمان یہ تھا کہ اگر مُمکِن ہو کہ، اِنجِیل دُوسری قَوموں پر بھی ظاہر کی جائے جو اِس مُلک میں بسیں گے۔

۵۰ اور اِس طرح اُنھوں نے اپنی دُعاؤں میں اِس زمِین کو برکت بخشی، کہ جو کوئی اِس مُلک میں اِس اِنجِیل پر اِیمان لائے گا اَبَدی زِندگی پا سکے گا؛

۵۱ ہاں، کہ یہ کسی بھی قَوم، قبِیلہ، اَہلِ زبان، یا لوگوں کے لیے بِلاقِیمت ہوگی۔

۵۲ اور اب، دیکھ، اُن کی دُعاؤں پر اُن کے اِیمان کے مُطابق مَیں اپنی اِنجِیل کے اِس حِصّے کا عِلم اپنے لوگوں کو دُوں گا۔ دیکھ، وہ جو اُن کے پاس پہلے سے ہے اُسے منسُوخ کرنے کے لیے نہیں، بلکہ اُسے مضبُوط کرنے کے لیے لاتا ہُوں۔

۵۳ اور اِس سبب سے مَیں نے فرمایا ہے: اگر یہ پُشت اپنے دِلوں کو سخت نہ کرے، تو مَیں اِن کے درمیان میں اپنی کلِیسیا قائم کرُوں گا۔

۵۴ اب مَیں یہ اپنی کلِیسیا کو برباد کرنے کے لیے نہیں کہتا، بلکہ مَیں یہ اپنی کلِیسیا کی تعمیر کرنے کے لیے کہتا ہُوں؛

۵۵ پَس، جِس کسی کا بھی میری کلِیسیا سے تعلق ہے اُسے خَوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں، کیوں کہ وہی آسمان کی بادِشاہی کے وارِث ہوں گے۔

۵۶ لیکن یہ وہ ہیں جو مُجھ سے خَوف زدہ نہیں ہوتے، نہ ہی میرے حُکموں کو مانتے ہیں بلکہ اپنے مفاد کی خاطر کلِیسیائیں تعمیر کرتے ہیں، ہاں، اور وہ سب جو بدکرداری اور اِبلِیس کی بادِشاہی کی تعمیر کرتے ہیں—ہاں مَیں تُجھ سے سچّ سچّ کہتا ہُوں، کہ یہ وہ ہیں جِنھیں مَیں پراگندہ کرُوں گا، اور اِس سبب سے وہ کانپیں گے اور باطن تک ہِل جائیں گے۔

۵۷ دیکھ، مَیں یِسُوع مسِیح، خُدا کا بیٹا ہُوں۔ مَیں اپنوں کے پاس آیا، اور میرے اپنوں نے مُجھے قَبُول نہ کِیا۔

۵۸ مَیں نُور ہُوں جو تارِیکی میں چمکتا ہے، اور تارِیکی اِس کو قَبُول نہیں کرتی۔

۵۹ مَیں ہی ہُوں جِس نے اپنے شاگِرد وں سے فرمایا—میری دُوسری بھیڑیں ہیں جو اِس گّلہ کی نہیں ہیں—اور وہاں بہتیرے تھے جو مُجھے نہیں سمجھے۔

۶۰ اور مَیں اِن لوگوں کو دِکھاؤں گا کہ میری دُوسری بھیڑیں ہیں، اور وہ یعقوب کے گھرانے کی شاخ تھیں۔

۶۱ مَیں اُن کے حیرت انگیز کاموں کو ظاہر کرُوں گا، جو اُنھوں نے میرے نام پر کیے؛

۶۲ ہاں، اور مَیں اپنی اِنجِیل بھی اِن پر آشکار کرُوں گا جِس کی پیروی کی جاتی تھی، اور، دیکھ، وہ اِس کا اِنکار نہ کریں گے جو تیرے پاس ہے، وہ اِس پر تعمیر کریں گے، اور میری تعلیم کے سچّے نکات کو ظاہر کریں گے، ہاں، صرف اُس تعلیم کو جو میری ہے۔

۶۳ اور مَیں اَیسا کرتا ہُوں تاکہ مَیں اپنی اِنجِیل قائم کرُوں، تاکہ وہاں زیادہ جھگڑے نہ ہوں؛ ہاں، شیطان لوگوں کے دِلوں کو بھڑکاتا ہے تاکہ میری تعلیم کے نکات کے بارے میں جھگڑا ہو؛ اور اِن باتوں میں وہ خطا کرتے ہیں، پَس وہ صحائف کو کھینچ تان کر غلط مطلب نکالتے ہیں اور اُنھیں سمجھ نہیں پاتے۔

۶۴ پَس، مَیں اُن پر یہ عظیم بھید ظاہر کرُوں گا؛

۶۵ پَس، دیکھ، جِس طرح مُرغی اپنے بچّوں کو پَروں تلے جمع کرتی ہے اُسی طرح مَیں اُنھیں اِکٹھا کرُوں گا، اگر وہ اپنے دِلوں کو سخت نہ کریں؛

۶۶ ہاں، اگر وہ آئیں گے، تو وہ، آبِ حیات سے مفت پئیں گے۔

۶۷ دیکھ، یہ میری تعلیم ہے—جو کوئی توبہ کرتا اور میرے پاس آتا ہے، وہ ہی میری کلِیسیا ہے۔

۶۸ جو کوئی اِس سے کم یا زیادہ بیان کرتا ہے وہ مُجھ سے نہیں، بلکہ میرا مخالف ہے؛ پَس وہ میری کلِیسیا کا نہیں ہے۔

۶۹ اب دیکھ، جو کوئی میری کلِیسیا کا ہے، اور آخِر تک کلِیسیا میں قائم رہتا ہے، اُس کی تعمیر مَیں اپنی چٹان پر کرُوں گا، اور دوزخ کے دروازے اُن پر غالِب نہ آئیں گے۔

۷۰ اور اب، اُس کے کلام کو یاد رکھ جو دُنیا کی زِندگی اور نُور ہے، تیرا مُخلصی دینے والا، تیرا خُداوند اور تیرا خُدا۔ آمین۔