صحائف
عقائد اور عہُود ۱۳۰


فصل ۱۳۰

۲ اَپریل ۱۸۴۳، رامس، اِیلانوئے میں، مُتفرق مضامین پر نبی جوزف سمِتھ کی دی گئی ہدایات۔

۱–۳، باپ اور بیٹا خُود اِنسانوں پر ظاہر ہو سکتے ہیں؛ ۴–۷، فرِشتے سیلیسٹیئل دُنیا میں رہتے ہیں؛ ۸–۹، سیلیسٹیئل زمِین ایک عظیم اوریم اور تمیم ہو گی؛ ۱۰–۱۱، ایک سفید پتھر اُن سب کو دیا جاتا ہے جو سیلیسٹیئل دُنیا میں داخل ہوتے ہیں؛ ۱۲–۱۷، دُوسری آمد کا وقت نبی سے پوشِیدہ رکھا گیا ہے؛ ۱۸–۱۹، اِس زِندگی میں پایا فہم قیامت میں ہمارے ساتھ جی اُٹھتا ہے؛ ۲۰–۲۱، ساری برکتیں شَرِیعت کی فرماں برداری سے آتی ہیں؛ ۲۲–۲۳، باپ اور بیٹے کے جِسم گوشت اور ہڈیوں کے ہیں۔

۱ جب نجات دہندہ ظاہر ہو گا ہم اُسے اَیسا دیکھیں گے جَیسا وہ ہے۔ ہم دیکھیں گے کہ وہ ہماری طرح اِنسان ہے۔

۲ اور کہ وہی معاشرت جو یہاں ہمارے درمیان میں موجود ہے وہاں ہمارے درمیان میں موجود رہے گی، لیکن یہ اَبَدی جلال کے ساتھ ملی ہو گی، جِس جلال سے ہم ابھی مَعمُور نہیں ہیں۔

۳ یُوحنّا ۱۴‏:۲۳‏—اِس آیت میں باپ اور بیٹے کا ظاہر ہونا، ذاتی ظُہُور ہے؛ اور یہ تَصَوُّر کہ باپ اور بیٹا اِنسان کے دِل میں رہتے ہیں کسی ایک دقیانُوسی فِرقے کا نظریہ ہے، اور باطِل ہے۔

۴ سوال کے جواب میں—کیا خُدا کے وقت، فرِشتوں کے وقت، نبی کے وقت، اور اِنسان کے وقت کا شُمار، اِس سَیّارے کے مُطابق جِس پر وہ رہتے ہیں نہیں ہے؟

۵ مَیں جواب دیتا ہُوں، ہاں، لیکن کوئی اَیسے فرِشتے نہیں جو اِس زمِین پر خدمت گُزاری کرتے ہیں، سِوا اُن کے جو اِس سے تعلق رکھتے ہیں یا تعلق رکھ چُکے ہیں۔

۶ فرِشتے اِس زمِین کی مانِند سیارے پر نہیں رہتے؛

۷ بلکہ وہ خُدا کی حُضُوری میں کرہِ نُما پر رہتے ہیں، جو شِیشے اور آگ کے سَمُندر کی مانِند ہے، جہاں اُن کے جلال کے لیے، اور خُداوند کے حُضُور ہمیشہ رہنے کے لیے، ماضی، حال، اور مُستقبل کی تمام چِیزیں ظاہر ہیں۔

۸ وہ جگہ جہاں خُدا رہتا ہے بُہت بڑا عظیم اُلشان اوریم اور تمیم ہے۔

۹ یہ زمین، اپنی مُقَدَّس اور لافانی حالت میں، بلور کی مانِند بنا دی جائے گی اور اِن باشِندوں کے لیے جو اِس پر رہتے ہیں اوریم اور تمیم ہو گی، جِس کے ذریعے کم تر بادِشاہی یا ادنیٰ طریق کی تمام بادِشاہتوں سے مُتعلّق تمام چِیزیں، اُن پر ظاہر کی جائیں گی جو اِس پر رہتے ہیں، اور یہ زمِین مسِیح کی ہو گی۔

۱۰ تب وہ سفید پتھر جِس کا ذِکر مُکاشفہ ۲‏:۱۷ میں کِیا گیا ہے، ہر اُس فرد کے لیے اوریم اور تمیم بن جائے گا جِس کو مِلتا ہے، جِس کے ذریعے اعلیٰ طریق کی بادِشاہتوں سے مُتعلّق چِیزیں بتائی جائیں گی؛

۱۱ اور سفید پتھر اُن میں سے ہر ایک کو دیا جاتا ہے جو سیلیسٹیئل بادِشاہی میں آتے ہیں، جِس پر نیا نام درج کِیا گیا ہے، جو کوئی شخص نہیں جانتا سِوا اُس کہ جو اُسے پاتا ہے۔ نیا نام کلیدی لفظ ہے۔

۱۲ مَیں خُداوند خُدا کے نام پر نبُوّت کرتا ہُوں، کہ اِبنِ آدم کی آمد سے پہلے، مُصِیبتوں کا آغاز، جو بُہت خُون ریزی کا سبب ہو گا، جنُوبی کیرولائنا میں ہو گا۔

۱۳ یہ شاید غُلامی کے سوال سے اُبھرے۔ یہ مُجھ پر ایک آواز نے آشکارا کِیا، جب مَیں اِس موضوع پر سنجِیدگی سے دُعا کر رہا تھا، ۲۵ دسمبر، ۱۸۳۲۔

۱۴ مَیں ایک بار بڑی سنجِیدگی سے اِبنِ آدم کے آنے کا وقت جاننے کے لیے دُعا کر رہا تھا، جب مَیں نے ایک آواز کو درج ذیل دُہراتے ہُوئے سُنا:

۱۵ جوزف میرے بیٹے، اگر تُو پچاسی برس کی عُمر تک جِیے، تو تُو اِبنِ آدم کا دیدار کرے گا؛ پَس اِتنا کافی ہے، اور اِس مُعاملے کے بارے میں مُجھے اور تنگ نہ کر۔

۱۶ اور مَیں، یہ فیصلہ کرنے کے قابل ہُوئے بغیر اِس حالت میں چھوڑ دیا گیا کہ آیا یہ آمد ہزار سالہ بادِشاہی کے آغاز کی طرف اِشارہ کرتی ہے یا کسی پِچھلے ظُہُور کی طرف، یا کہ مُجھے مرنا ہے اور یُوں اُس کا دیدار کرنا ہے۔

۱۷ میرا یقین ہے کہ اِبنِ آدم کی آمد اُس وقت سے پہلے نہیں ہو گی۔

۱۸ ہم فہم کے جِس کسی اُصُول کی اِس زِندگی میں تحصیل کرتے ہیں، وہ ہمارے ساتھ قیامت میں جی اُٹھے گا۔

۱۹ اور اگر کوئی شخص اِس زِندگی میں اپنی مُستَعِدی اور فرماں برداری سے دُوسرے کی نسبت زیادہ عِلم اور فہم حاصل کرے تو، اُسے آنے والی دُنیا میں اُتنا زیادہ اِمتیاز حاصل ہو گا۔

۲۰ آسمان میں بِنائے عالم سے بیشتر ایک قانون ناقابلِ تنسیخ طور پر صادِر ہُوا ہے، جِس پر تمام برکتوں کی بُنیاد رکھی گئی ہے—

۲۱ اور جب ہم خُدا سے کوئی بھی برکت پاتے ہیں، یہ اُس قانون کی فرماں برداری سے ہے جِس پر اُس کی بُنیاد ہے۔

۲۲ باپ کا جِسم گوشت اور ہڈیوں کا ہے اَیسا ٹھوس جَیسا اِنسان کا؛ بیٹے کا بھی؛ اَلبتہ رُوحُ القُدس کا جِسم گوشت اور ہڈیوں کا نہیں، بلکہ رُوح کی ہستی ہے۔ اگر اَیسا نہ ہوتا، تو رُوحُ القُدس ہم میں بس نہ سکتا۔

۲۳ اور مُمکِن ہے کہ اِنسان رُوحُ القُدس پائے، اور وہ مُمکِن ہے وہ اُس پر نازِل ہو اور اُس کے ساتھ ٹھہرے نہیں۔