فصل ۵۵
۱۴ جُون ۱۸۳۱، کرٹ لینڈ اوہائیو میں، نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے سے وِلیم ڈبلیو فِلپس کو دیا گیا مُکاشفہ۔ وِلیم ڈبلیو فِلپس، ناشر، اور اُس کا خاندان ابھی کرٹ لینڈ میں پہنچے تھے، اور نبی نے خُداوند سے اُس کے بارے میں دریافت کِیا۔
۱–۳، وِلیم ڈبلیو فِلپس کو بپتسما کے لیے بُلایا اور چُنا جاتا ہے، بُزرگ مُقرّر کِیا جاتا ہے، تاکہ اِنجِیل کی مُنادی کرے؛ ۴، اُسے کلِیسیا کے اسکولوں میں بچّوں کے لیے کِتابیں بھی لِکھنی ہیں؛ ۵–۶، اُسے میزوری جانا ہے جو اُس کی خدمت کا علاقہ ہے۔
۱ دیکھ، خُداوند تُجھ سے یُوں فرماتا ہے۔ ہاں، یعنی کُل دُنیا کا خُداوند، میرے خادِم وِلیم، تُو بُلایا اور چُنا گیا ہے؛ اور پانی سے بپتسما لینے کے بعد اگر تُو یکسوئی سے میرے جلال کے لیے کام کرے، تُو گُناہوں کی مُعافی پائے گا اور سر پر ہاتھوں کے رکھے جانے سے رُوحُ القُدس پائے گا؛
۲ اور پھِر تُو میرے خادِم جوزف سمِتھ جُونیئر کے ہاتھ سے اِس کلِیسیا میں بُزرگ مُقرّر کِیا جائے گا، تاکہ بپتُسما کے وسِیلے سے توبہ اور گُناہوں کی مُعافی کی مُنادی مسِیح یِسُوع کے نام پر کرے، جو زِندہ خُدا کا بیٹا ہے۔
۳ اور تُو جِس پر بھی اپنے ہاتھ رکھے گا، اور اگر وہ میرے حُضُور پشیمان ہیں، تو تیرے پاس رُوحُ القُدس دینے کا اِختیار ہو گا۔
۴ اور پھِر، تُجھے میرے خادِم اولیور کاؤڈری کی چھپائی کے کام میں مدد کے لیے مُقرّر کِیا جائے گا، اور کلِیسیا کے اسکولوں کے لیے کِتابوں کو چُننے اور لِکھنے کے لیے بھی، تاکہ چھوٹے بچّے بھی میرے حُضُور ہدایت پائیں جو کہ مُجھے پسند ہے۔
۵ اور پھِر، مَیں تُجھ سے سچّ کہتا ہُوں، اِس سبب سے تُو میرے خادِموں جوزف سمِتھ جُونئیر اور سِڈنی رِگڈن کے ساتھ سفر کرے گا، تاکہ اِس کام کے لیے اپنی مِیراث کی سرزمِین میں قائم کِیا جائے۔
۶ اور پھِر، میرا خادِم جوزف قو بھی اُن کے ساتھ اپنے سفر پر روانہ ہو۔ باقی اِس کے بعد آشکار کِیا جائے گا، جَیسے مَیں چاہُوں۔ آمین۔