فصل ۵۹
۷ اگست ۱۸۳۱، صِیُّون، جیکسن کاؤنٹی، میزوری میں نبی جوزف سمِتھ کے وسِیلے سے دیا گیا مُکاشفہ۔ اِس مُکاشفہ کے نزول سے پہلے ہیکل کے لیے زمِین وقف کی گئی، جَیسا کہ خُداوند نے ہدایت دی تھی، اور مُستقبل کی ہیکل کے لیے جگہ کی تخصیص کی گئی تھی۔ جِس دِن یہ مُکاشفہ نازِل ہُوا، پولی نائٹ، جوزف نائٹ سینئر کی اہلیہ کا اِنتقال ہُوا، پہلی کلِیسیائی رُکن جو صِیُّون میں فوت ہُوئیں۔ اِبتدائی اَرکان نے اِس مُکاشفے کی سیرت کو اِس طرح بیان کِیا کہ ”مُقَدَّسین کی ہدایت کے لیے سبت کو کیسے منانا ہے اور کس طرح روزہ رکھنا اور دُعا کرنا ہے۔“
۱–۴، صِیُّون میں اِیمان دار مُقَدَّسین برکت پائیں گے؛ ۵–۸، اُنھیں خُداوند سے محبّت رکھنا اور اُس کی خدمت کرنا اور اُس کے اَحکام ماننے ہیں؛ ۹–۱۹، خُداوند کا دِن پاک رکھنے پر مُقَدَّسین رُوحانی اور دُنیاوی برکات پاتے ہیں؛ ۲۰–۲۴، راست بازوں سے وعدہ کِیا گیا کہ اِس دُنیا میں تسلّی اور اَگلے جہان میں اَبَدی زِندگی پائیں گے۔
۱ دیکھ، خُداوند فرماتا ہے، مُبارک ہیں وہ جو یکسوئی سے میرے جلال کے لیے، میرے حُکموں کے مُطابق اِس مُلک میں آتے ہیں۔
۲ لہٰذا جو زِندہ ہیں وہ زمِین کے وارِث ہوں گے اور وہ جو مرتے ہیں وہ اپنی مُشقّتوں سے آرام پائیں گے اور اُن کے اَعمال اُن کے ساتھ ساتھ ہوں گے؛ اور وہ میرے باپ کے مکانوں میں تاج پائیں گے، جو مَیں نے اُن کے لیے تیار کِیا ہے۔
۳ ہاں، مُبارک ہیں وہ، جِن کے قدم صِیُّون کی سر زمِین پر پڑتے ہیں، جِنھوں نے میری اِنجِیل کی فرماں برداری کی؛ پَس وہ زمِین کی اچّھی چِیزیں اِنعام میں پائیں گے، اور وہ کثرت سے پھل لائے گی۔
۴ اور اُنھیں عالمِ بالا سے رحمتوں کا تاج بھی پہنایا جائے گا، ہاں اور تھوڑے حُکموں کے ساتھ نہیں، اور اپنے وقت پر مُکاشفوں کے ساتھ—اُنھیں جو میرے نزدیک اِیمان دار اور مُستَعِد ہیں۔
۵ پَس، مَیں اُنھیں حُکم دیتا ہُوں، یُوں فرماتے ہُوئے؛ تُو خُداوند اپنے خُدا سے اپنے سارے دِل، اپنی ساری جان، اپنی ساری عقل، اور اپنی ساری طاقت سے محبّت رکھ؛ اور یِسُوع مسِیح کے نام پر تُو اُس کی خدمت کر۔
۶ اپنے پڑوسی کو اپنی مانِند محبّت کر۔ تُو چوری نہ کرنا؛ نہ ہی زِنا کرنا، نہ خُون، نہ ہی اِس طرح کا کوئی اور کام کرنا۔
۷ تُو تمام باتوں میں خُداوند اپنے خُدا کی شُکر گُزاری کرنا۔
۸ تُو راست بازی سے خُداوند اپنے خُدا کے حُضُور قُربانی گُزراننا، یعنی کہ شِکستہ دِل اور پشیمان رُوح کی۔
۹ اور کہ تُو اپنے آپ کو دُنیا سے مزید بہتر طور پر بےداغ رکھنے کے لیے، تُو دُعا کے گھر میں جا کر میرے مُقَدَّس دِن پر اپنی نذریں گُزراننا۔
۱۰ درحقیقت یہ دِن تیرے لیے بدنی محنتوں سے آرام کے لیے مُقرّر کِیا گیا ہے، اور حق تعالیٰ کے لیے اپنی منتیں پُوری کرنے کے لیے؛
۱۱ پَس تیرے وعدے ہر روز اور ہر وقت راست بازی میں گُزرانے جائیں؛
۱۲ بلکہ یہ یاد رکھ کہ، خُداوند کے اِس دِن، اپنے بھائیوں اور اپنے خُداوند کے حُضُور گُناہوں کا اِعِتَراف کرتے ہُوئے، تُو اپنی نذریں اور ہدیے حق تعالیٰ کے حُضُور گُزراننا۔
۱۳ اور اِس دِن تُو کوئی اور کام نہ کرنا، سادہ دِلی سے کھانا تیار کرنا تاکہ تیرا روزہ کامِل ہو، یا، با الفاظِ دیگر، تیری خُوشی پُوری ہو۔
۱۴ درحقیقت، یہی روزہ اور دُعا ہے، یا باالفاظِ دیگر، خُوشی اور دُعا۔
۱۵ اور جِس قدر تُم اِن کاموں کو شُکر گُزاری کے ساتھ، خُوش دِلی اور خُوش صُورتی کے ساتھ کرو گے، ٹھٹھے کے ساتھ نہیں، کیوں کہ یہ گُناہ ہے، بلکہ خُوش دِلی اور خُوش صُورتی کے ساتھ—
۱۶ مَیں سچّ کہتا ہُوں، جتنا زیادہ تُم یہ کرتے ہو، زمِین کی مَعمُوری تُمھاری ہے، دشتی جانور اور ہَوا کے پرندے، اور وہ جو درختوں پر چڑھتے اور جو زمِین پر چلتے ہیں؛
۱۷ ہاں، اور جڑی بُوٹیاں، اور مُفید چِیزیں جو زمِین سے آتی ہیں، چاہے وہ خُوراک کے لیے یا پُوشاک کے لیے، یا گھروں کے لیے، یا ذخیرہ خانوں کے لیے، یا پھَلوں کے، یا پھُولوں کے باغات کے لیے، یا تاکِستانوں کے لیے؛
۱۸ ہاں، سب چِیزیں جو اپنے موسموں کے مُطابق، زمِین سے اُگتی ہیں، اِنسان کے اِستعمال اور فائدے کے لیے بنائی گئی ہیں، ہر دو جو آنکھوں کو خُوش نما اور دِل کو بھلی لگتی ہیں؛
۱۹ ہاں، خُوراک کے لیے اور پُوشاک کے لیے، ذائقہ کے لیے اور خُوش بُو کے لیے، بدن کو توانائی بخشنے کے لیے اور رُوح کی شگفتگی کے لیے ہیں۔
۲۰ اور یہ خُدا کو پسند ہے کہ اُس نے یہ ساری چِیزیں اِنسان کو دیں ہیں؛ لہٰذا یہ اِسی واسطے بنائی گئیں تاکہ سمجھ داری سے اِستعمال ہوں، نہ بُہت زیادہ، نہ ہی جبر کے ساتھ۔
۲۱ اور اِنسان خُدا کو کسی بات پر غُصّہ نہیں دِلاتا، یا نہ ہی کسی پر اُس کا قہر بھڑکتا ہے، سِوائے اُن کے جو ہر کام میں اُس کے ہاتھ کا اِعِتَراف نہیں کرتے، اور اُس کے حُکموں کی فرماں برداری نہیں کرتے۔
۲۲ دیکھو، یہ نبیوں اور شَرِیعت کے مُطابق ہے، پَس، اِس مُعاملے کی بابت مُجھے اور زیادہ تنگ نہ کرنا۔
۲۳ لیکن جانو کہ وہ جو راست بازی کے کام کرتا ہے اَجر پائے گا، یعنی اِس دُنیا میں تسلّی، اور اَگلے جہان میں اَبَدی زِندگی۔
۲۴ مُجھ، خُداوند، نے یہ فرمایا ہے اور رُوحُ القُدس اِس کی گواہی دیتا ہے۔ آمین۔