صحائف
عقائد اور عہُود ۶۲


فصل ۶۲

۱۳ اگست ۱۸۳۱ دریائے میزوری کے کنارے، چیرٹن، میزوری میں، نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے سے دیا گیا مُکاشفہ۔ اِس روز نبی اور اُس کا گروہ، جو اِنڈی پینڈنس سے کرٹ لینڈ جا رہے تھے، چند بُزرگوں سے مِلے جو صِیُّون کی سرزمِین کی طرف جا رہے تھے، اور، پُر مُسرّت سلام کے بعد، یہ مُکاشفہ پایا۔

۱–۳، گواہیاں آسمان میں رقم کی جاتی ہیں؛ ۴–۹، بُزرگوں کو فہم کے مُطابق اور رُوح کی ہدایت کے مُطابق، سفر اور مُنادی کرنا ہے

۱ دیکھو، اور سُنو، اَے میری کلِیسیا کے بُزرگو، خُداوند تُمھارا خُدا، یعنی یِسُوع مسِیح تُمھارا وکیل، جو اِنسان کی کمزوریاں جانتاہے اور جو آزمایش میں پڑتے ہیں اُن کی کیسے مدد کرنی ہے، یُوں فرماتا ہے۔

۲ اور سچّ میری نظریں اُن پر ہیں جو ابھی تک صِیُّون کی سرزمِین کی طرف روانہ نہیں ہُوئے ہیں؛ پَس تُمھارا کام ابھی پُورا نہیں ہُوا ہے۔

۳ پَس، تُم مُبارک ہو، کیوں کہ وہ گواہی جو تُم نے دی آسمان پر فرِشتوں کے بغَور مُطالعہ کے لیے لِکھی گئی ہے؛ اور وہ تُمھارے لیے شادمان ہوتے ہیں، اور تُمھارے گُناہ تُمھیں بخشے گئے ہیں۔

۴ اور اب اپنا سفر جاری رکھو۔ صِیُّون کی سرزمِین پر خُود کو اِکٹھا کرو؛ اور اِجلاس مُنعقِد کرو اور باہم خُوشی مناؤ، اور خُدا تعالیٰ کے لیے نذر گُزرانو۔

۵ اور پھِر تُم گواہی دینے کے لیے واپس آنا، ہاں، چاہے ایک ساتھ، یا دو دو کر کے، جَیسا تُمھیں مُناسب لگے، مُجھے اِس سے فرق نہیں پڑتا؛ بس اِیمان دار رہو، اور دُنیا کے باشِندوں تک خُوشی کی بشارت کی مُنادی کرو، یا شریروں کی جماعت کے درمیان میں۔

۶ دیکھو، مُجھ، خُداوند نے تُمھیں اِکٹھا کِیا ہے تاکہ وعدہ پُورا ہو، کہ تُم میں سے اِیمان دار بچائے جائیں گے اور میزوری کی سرزمِین میں باہم خُوشی منائیں گے۔ مَیں خُداوند اِیمان داروں سے وعدہ کرتا ہُوں اور جُھوٹ نہیں بول سکتا۔

۷ مَیں خُداوند، رضامند ہُوں، اگر تُم میں سے کوئی گھوڑوں، یا خچروں، یا رتھوں پر سواری کرنا چاہے، وہ یہ برکت پائے گا، اگر وہ اِسے خُداوند کے ہاتھ سے قَبُول کرے، ہر بات میں شُکر گُزار دِل کے ساتھ۔

۸ یہ اُمور تُمھاری ذِمّہ داری ہیں کہ فہم اور رُوح کی ہدایات کے مُطابق کرو۔

۹ دیکھو، بادِشاہی تُمھاری ہے۔ اور دیکھو، اور نظر کرو، مَیں اِیمان داروں کے ساتھ ہمیشہ ہُوں۔ اَیسا ہی ہو۔ آمین۔