صحائف
عقائد اور عہُود ۸۲


فصل ۸۲

۲۶ اَپریل ۱۸۳۲ کو اِنڈی پینڈنس، جیکسن کاؤنٹی، میزوری میں، نبی جوزف سمِتھ کو دیا گیا مُکاشفہ۔ موقع کلِیسیا کے اعلیٰ کاہنوں اور بُزرگوں کی مجلِس کا تھا۔ جِس میں جوزف سمِتھ کی اعلیٰ کہانت کے صدر کی حیثیت سے تائید کی گئی، اِس عہدے پر اُسے پہلے ہی اعلیٰ کاہنوں، بُزرگوں، اور اَرکان کی مجلِس کے موقع پر ایمھرسٹ، اوہائیو میں، ۲۵ جنوری ۱۸۳۲ کو مُقرّر کِیا گیا تھا۔ (دیکھیں فصل ۷۵ کی شہ سُرخی)۔ یہ مُکاشفہ پہلے سے عطا کردہ مُکاشفے (فصل ۷۸) میں ایک اِدارے کے قیام کی ہدایات کا اعادہ کرتا ہے—معروف بَنام متحدہ اِدارہ (جوزف سمِتھ کی زیرِ ہدایت اِصطلاح ”نظام“ کو ”اِدارہ“ کی جگہ پر بعد میں اِستعمال کِیا گیا)—کلِیسیائی سرمایہ کاری اور اشاعتی سرگرمیوں کی دیکھ بھال کرنے کے واسطے۔

۱–۴، جہاں بُہت دیا جاتا ہے، بُہت طلب کِیا جاتا ہے؛ ۵–۷، تارِیکی دُنیا پر راج کرتی ہے؛ ۸–۱۳، خُداوند پابند ہو جاتا ہے جب ہم اُس کے فرمان کو بجا لاتے ہیں؛ ۱۴–۱۸، صِیُّون کو خُوب صُورتی اور پاکیزگی میں بڑھنا ضرور ہے؛ ۱۹–۲۴، ہر اِنسان کو اپنے ہمسائے کی بھلائی کے لیے جُستجُو کرنی چاہیے۔

۱ مَیں تُم سے سچّ سچّ کہتا ہُوں، میرے خادِمو، کہ جَیسے تُم نے ایک دُوسرے کو اپنی خطائیں مُعاف کی ہیں، ویسے ہی مَیں، خُداوند، تُمھیں مُعاف کرتا ہُوں۔

۲ پھِر بھی، تُمھارے درمیان میں اَیسے ہیں جو بُہت سے گُناہوں کے مُرتکِب ہُوئے ہیں، ہاں، یعنی تُم سب گُناہ کے مُرتکِب ہُوئے ہو؛ البتہ مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، اب سے خبردار رہنا، اور گُناہ سے باز رہنا، اَیسا نہ ہو کہ کڑی سزائیں تُمھارے سروں پر آ گریں۔

۳ پَس جِسے بُہت زیادہ دیا جاتا ہے اُس سے بُہت زیادہ طلب کِیا جاتا ہے؛ اور جو بڑی تجلی کے خِلاف گُناہ کرتا ہے وہ زیادہ سزا پائے گا۔

۴ تم مُکاشفوں کے لیے میرا نام پُکارتے ہو، اور مَیں وہ تُمھیں دیتا ہُوں؛ اور جِس قدر تُم میرے فرمانوں پر عمل نہیں کرتے جو مَیں تُمھیں دیتا ہُوں، تُم گُناہ گار بن جاتے ہو؛ اور اِنصاف اور عدالت وہ سزائیں ہیں جو میری شَرِیعت سے جُڑی ہیں۔

۵ پَس، جو کُچھ مَیں کسی ایک سے کہتا ہُوں مَیں سب سے کہتا ہُوں: خبردار رہو، کیوں کہ اِبلِیس اپنی سلطنت پھیلاتا ہے، اور تارِیکی راج کرتی ہے؛

۶ اور خُدا کا غصّہ زمِین کے باشِندوں کے خِلاف بھڑکتا ہے؛ اور کوئی بھلائی نہیں کرتا، کیوں کہ سب گُم راہ ہیں۔

۷ اور اب، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، مَیں خُداوند، کوئی گُناہ تُمھارے ذِمّہ نہیں لگاتا، اپنی اپنی راہوں کو جاؤ اور مزید گُناہ نہ کرو؛ لیکن اُس جان پر جو گُناہ کرتی ہے پُرانے گُناہ لُوٹیں گے، خُداوند تُمھارا خُدا فرماتا ہے۔

۸ اور پھِر، مَیں تُم سے کہتا ہُوں، مَیں تُمھیں نیا حُکم دیتا ہُوں تاکہ تُم اپنے بارے میں میری مرضی جانو؛

۹ یا، باالفاظِ دیگر، مَیں تُمھیں تاکید کرتا ہُوں کہ کیسے میرے حُضُور کار بند ہونا ہے، تاکہ یہ تُمھارے لیے تُمھاری نجات میں بدلے۔

۱۰ مَیں، خُداوند، پابند ہو جاتا ہُوں جب تُم وَیسا کرتے ہو جَیسا مَیں فرماتا ہُوں؛ لیکن جب تُم وَیسا نہیں کرتے جَیسا مَیں فرماتا ہُوں، تو تُمھارے لیے کوئی وعدہ نہیں۔

۱۱ پَس، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، کہ میرے خادِموں ایڈورڈ پارٹریج اور نیول کے وِٹنی، اَے سِڈنی گلبرٹ اور سِڈنی رِگڈن، اور میرا خادِم جوزف سمِتھ، اور جان وِٹمر اور اولیور کاؤڈری، اور ڈبلیو ڈبلیو فلپس اور مارٹن ہیرس کو ایک معاہدہ اور عہد سے بندھنا مُناسب ہے جو خطا سے نہ ٹُوٹ سکے، سِوا اِس بات کے کہ تُمھاری مُختلف مُختاریوں میں فوری عدالت کرنا پڑے—

۱۲ تاکہ غریبوں کے مُعاملات، اور اُسقُف کی ذِمّہ داری سے مُتعلّقہ تمام چِیزوں کی بابت، دونوں صِیُّون کی سرزمِین اور کرٹ لینڈ کی سرزمِین میں بندوبست ہو؛

۱۳ چُوں کہ مَیں نے کرٹ لینڈ کی سرزمِین کو میرے اپنے مُقرّرہ وقت پر خُدا تعالیٰ کے مُقَدَّسین کے لیے، اور صِیُّون کی میخ کے لیے تخصِیص فرمائی ہے۔

۱۴ چُناں چہ صِیُّون حُسن میں اور پاکیزگی میں ضرور بڑھے؛ اُس کی حدیں ضروری وسیع کی جائیں، اُس کی میخیں ضرور مضبُوط کی جائیں؛ ہاں، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، صِیُّون ضرور اُٹھے اور اپنے فخر کا لباس اوڑھے۔

۱۵ پَس، مَیں تُمھیں یہ حُکم دیتا ہُوں کہ تُم اپنے آپ کو اِس عہد سے باندھو، اور یہ خُداوند کی شَرِیعت کے مُوافِق ہوگا۔

۱۶ دیکھو، یہ مُجھ میں تُمھاری بھلائی کے لیے حِکمت بھی ہے۔

۱۷ اور تُمھیں مساوی ہونا ہے، یا بااَلفاظِ دیگر، تُمھیں اِملاک پانے کے لیے مساوی حق رکھنا ہے، اپنی مُختاریوں کے مُعاملات کی نظامت کی بہتری کے لیے، ہر شخص اُس کی حاجت اور اُس کی ضرورت کے مُوافِق، جِس قدر اُس کی حاجتیں واجب ہیں—

۱۸ اور یہ سب زِندہ خُدا کی کلِیسیا کے فائدے کے لیے ہو، تاکہ ہر شخص اپنے توڑے کو بہتر بنائے، تاکہ ہر شخص دُوسرے توڑے حاصل کرے، ہاں، حتیٰ کہ سَو گُنا، تاکہ خُداوند کے ذخِیرہ خانے میں جمع کرے، تاکہ ساری کلِیسیا کی عام ملکیت بن جائے—

۱۹ ہر اِنسان اپنے ہمسائے کی بھلائی چاہے، اور یہ سب چِیزیں یکسوئی سے خُدا کے جلال کے لیے کرے۔

۲۰ اِس نظام کو مَیں نے تُمھارے لیے، اور تُمھارے جانشینوں کے واسطے اَبَدی نظام مُقرّر کِیا ہے، چُناں چہ تُم گُناہ نہ کرو۔

۲۱ اور وہ جان جو اِس عہد کے خِلاف گُناہ کرے، اور اِس کے خِلاف اپنا دِل سخت کرے، اُس سے میری کلِیسیا کے قوانین کے مُوافِق سلوک کِیا جائے گا، اور چُھٹکارے کے دِن تک شیطان کے مُکوں کے حوالے کِیا جائے گا۔

۲۲ اور اب، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، اور یہ حِکمت ہے، ناراستی کی دَولت سے اپنے لیے دوست پَیدا کرو، اور وہ تُمھیں تباہ نہ کریں گے۔

۲۳ عدالت کو مُجھ پر چھوڑ دو، کیوں کہ وہ میری ہے اور مَیں اَجر دُوں گا، سلامتی تُمھارے ساتھ ہو، میری برکتیں تُمھارے ساتھ ہمیشہ رہیں۔

۲۴ پَس درحقیقت بادِشاہی تُمھاری ہے، اور ہمیشہ تُمھاری رہے گی، اگر تُم اپنی ثابت قدمی سے نہ گِرو۔ اَیسا ہی ہو۔ آمین۔