صحائف
عقائد اور عہُود ۹


فصل ۹

اَپریل ۱۸۲۹ کو ہارمونی، پنسلوانیا میں، نبی جوزف سمِتھ کے وسِیلے سے، اولیور کاؤڈری کو دیا گیا مُکاشفہ۔ اولیور کی تادیب کی جاتی ہے کہ وہ صابر ہو اور مترجم کی ہدایت پر، فیِ الحال، رقم کرنے پر اِکتفا کرے، بجائے اِس کے کہ ترجمہ کی کوشش کرے۔

۱–۶، دیگر قدِیم نوِشتوں کا ترجمہ ابھی ہونا ہے؛ ۷–۱۴، مورمن کی کِتاب کا ترجمہ، مُطالعہ اور رُوحانی اِستحکام سے کِیا گیا ہے۔

۱ دیکھ، میرے بیٹے، مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں، کیوں کہ تُو نے اُس کے مُطابق ترجمہ نہیں کِیا جَیسا مَیں نے چاہا تھا، اور دوبارہ میرے خادِم جوزف سمِتھ جُونئیر کے لیے لِکھنا شُروع کِیا، مَیں بھی یہی چاہتا ہُوں کہ تُو اَیسا کرتا رہے جب تک تُو اِس نوِشتے کو قلم بند نہیں کر لیتا، جِسے مَیں نے اُسے سونپا ہے۔

۲ اور پھِر، دیکھ، میرے پاس دُوسرے نوِشتے بھی ہیں، مَیں تُجھے قُدرت بخشُوں گا کہ تُو ترجمے میں معاونت کر سکے۔

۳ میرے بیٹے، صابر رہ، پَس یہ میری دانِست میں ہے، اور یہ مناسب نہیں کہ تُو اِس وقت ترجمہ کرے۔

۴ دیکھ، جِس کام کے لیے تُجھے بُلایا گیا ہے وہ یہ ہے کہ تُو میرے خادِم جوزف کے لیے تحریر کرے۔

۵ اور، دیکھ، اِس کی وجہ یہ ہے کہ جِس طرح، تُو نے ترجمہ شُروع کِیا تھا، اُس طرح اِسے جاری نہیں رکھا، پَس مَیں نے یہ حق تُجھ سے لے لیا ہے۔

۶ میرے بیٹے، بُڑبُڑاؤ مت، کیوں کہ مَیں نے اپنی دانِش مندی کے مُطابق تیرے ساتھ یہ سلوک کِیا۔

۷ دیکھ، تُو نے نہ جانا؛ تُو نے گمان کر لیا کہ مَیں تُجھے یہ عطا کرُوں گا جب کہ تُو نے مُجھ سے مانگنے کے عِلاوہ اِس پر غَور نہیں کِیا۔

۸ لیکن، دیکھ، مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں، کہ تُو ضرور اپنے ذہن میں غَور و فکر کر؛ پھِر مُجھ سے دریافت کر کہ آیا یہ دُرست ہے، اور اگر یہ دُرست ہے تو مَیں تیرے سِینے میں گرم جوشی بھر دُوں گا؛ اِس سبب سے، تُو محسوس کرے گا کہ یہ دُرست ہے۔

۹ لیکن اگر یہ دُرست نہ ہو تو تیرے اندر اَیسے احساسات نہ ہوں گے، بلکہ تیری سوچ گُڈ مُڈ ہو جائے گی اِس وجہ سے تُو وہ بھُول جائے گا جو نامناسب ہے؛ پَس، تُو اِسے لِکھ نہیں سکتا سِوا اُس کے کہ جو مُتبرک ہے میری طرف سے تُجھے عطا کِیا جائے۔

۱۰ اب، اگر تُو یہ جان گیا ہوتا تو تُو ترجمہ کر چُکا ہوتا؛ تاہم، یہ واجب نہیں کہ اب تُو ترجمہ کرے۔

۱۱ دیکھ، یہ واجب تھا جب تُو نے شُروع کِیا؛ لیکن تُو ڈرا، اور وہ وقت گُزر گیا، اور اب یہ واجب نہیں ہے۔

۱۲ پَس، کیا تُو نہیں دیکھتا کہ مَیں نے اپنے خادِم جوزف کو کافی ہمت عطا کی ہے، جِس کے سبب سے تلافی ہو گئی ہے؟ اور تُم میں سے کسی کو مَیں نے رَدّ نہیں کِیا ہے۔

۱۳ یہی کر جِس کا مَیں نے تُجھے حُکم دیا ہے، اور تُو خُوش حال ہو گا۔ وفادار بن، اور آزمایش کے مطیع نہ ہونا۔

۱۴ اُس کام میں ثابت قدم رہ جِس کے لیے مَیں نے تُجھے بُلایا ہے، اور تیرے سر کا ایک بال بھی بیکا نہ ہوگا، اور تُو یومِ آخِر کو سرفراز کِیا جائے گا۔ آمین۔