صحائف
عقائد اور عہُود ۱۰۸


فصل ۱۰۸

۲۶ دسمبر ۱۸۳۵، کرٹ لینڈ، اوہائیو میں، نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے دیا گیا مُکاشفہ۔ یہ فصل لائمن شرمن کی درخواست پر نازِل ہُوا، جو پہلے اعلیٰ کاہن اور ستر کے رُکن کی حیثیت سے مُقرّر ہُوا تھا، اور جو اپنی ذِمّہ داری کو جاننے کے لیے مُکاشفے کی اِلتماس لے کر آیا تھا۔

۱–۳، لیمن شرمن کو اِس کے گُناہ مُعاف کیے گئے؛ ۴–۵، وہ کلِیسیا کے معروف بُزرگوں کے درمیان گنا جائے گا؛ ۶–۸، وہ اِنجِیل کی مُنادی اور اپنے بھائیوں کو مضبُوط کرنے کے لیے بُلایا گیا ہے۔

۱ یقیناً خُداوند تُم سے یُوں فرماتا ہے، میرے خادِم لَیمن: تُمھارے گُناہ تُمھیں مُعاف کیے گئے، کیوں کہ تُم نے میری آواز کو، اِس صبح یہاں آ کر اِس کی مشورت پانے کے لیے جِسے مَیں نے مُقرّر کِیا ہے، مانا ہے۔

۲ پَس، تُمھاری جان تُمھاری رُوحانی حالت کے بارے میں آرام پائے، اور میری آواز کی مزید مزاحمت نہ کرو۔

۳ اور اُٹھو اور اب سے اپنے وعدوں کو، جو تُم نے کیے ہیں اور کرتے ہو، پُورا کرنے میں مزید احتیاط کرو، اور تُم بڑی عظیم برکات سے بابرکت کیے جاؤ گے۔

۴ صبر سے اِنتظار کرو جب تک میرے خادِمو ں کی مُقدّس مجلِس بُلائی نہ جائے، تب تُم میرے پہلے بُزرگوں کے ساتھ یاد کیے جاؤ گے، اور میرے باقی بُزرگوں کے ساتھ جِنھیں مَیں نے چُنا ہے تَقرُّری سے حق پاؤ گے۔

۵ دیکھو، یہ باپ کا تُم سے وعدہ ہے اگر تُم اِیمان داری میں قائم و دائم رہتے ہو۔

۶ اور اُس دِن یہ تُم پر پُورا ہو گا کہ تُم میری اِنجِیل کی مُنادی کا حق پاؤ، جہاں بھی میں تُمھیں بھیجُوں گا، تب سے لے کر، آنے والے وقت تک۔

۷ پَس، اپنی ساری گفتگو میں، اپنی ساری دُعاؤں میں، اپنی ساری نصیحتوں میں، اور اپنے سارے کاموں میں اپنے بھائیوں کو مضبُوط کرو۔

۸ اور دیکھو، اور نظر کرو، مَیں تُمھیں برکت دینے کے لیے اور چھُڑانے کے لیے ہمیشہ تُمھارے ساتھ ہُوں۔ آمین۔