صحائف
عقائد اور عہُود ۱۱


فصل ۱۱

مئی ۱۸۲۹، کو ہارمونی، پنسلوانیا میں، نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے سے اُس کے بھائی حائرم سمِتھ کو دیا گیا مُکاشفہ۔ اوریم اور تمیم کے ذریعے سے جوزف کی اِلتجا اور مُناجات کے جواب میں پایا گیا مُکاشفہ۔ جوزف سمِتھ کی تارِیخ تجویز کرتی ہے کہ یہ مُکاشفہ ہارُونی کہانت کی بحالی کے بعد نازِل ہُوا تھا۔

۱–۶، تاکِستان کے مزدُور نجات پائیں گے؛ ۷–۱۴، حِکمت کی تلاش کرو، توبہ کی مُنادی کرو، رُوح پر بھروسا کرو؛ ۱۵–۲۲، حُکموں پر عمل کرو، اور خُداوند کے کلام کا مطالعہ کرو؛ ۲۳–۲۷، مُکاشفہ اور نبُوّت کی رُوح کا اِنکار نہ کرو؛ ۲۸–۳۰، جو مسِیح کو قَبُول کرتے ہیں وہ خُدا کے فرزند بنتے ہیں۔

۱ عظیم اور نِرالا کام بنی آدم کے درمیان رُونما ہونے والا ہے۔

۲ دیکھ، مَیں خُدا ہُوں؛ میرے کلام پر کان لگا، جو کہ زِندہ اور موثّر ہے، دو دھاری تلوار سے زیادہ تیز، جو بند بند اور گُودے گُودے کو دو لخت کر کے گُزر جاتا ہے؛ پَس میرے کلام پر توجہ دو۔

۳ دیکھ، فصل کٹائی کے لیے پہلے ہی پک گئی ہے؛ پَس، جو کوئی کاٹنے کا خواہاں ہے، وہ پُوری قُوّت سے درانتی چلائے، اور دِن کے ختم ہونے تک کٹائی کرے، تاکہ وہ اپنی جان کی اَبَدی نجات کے لیے خُدا کی بادِشاہی میں جمع کر سکے۔

۴ ہاں، جو کوئی اپنی درانتی چلائے گا اور کاٹے گا، وہ ہی خُدا کی طرف سے بُلایا ہُوا ہے۔

۵ پَس، اگر تُو مُجھ سے مانگے گا تُو پائے گا؛ اگر کھٹکھٹائے گا تو تیرے واسطے کھولا جائے گا۔

۶ اب، جَیسا تُو نے مانگا ہے، دیکھ، مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں، میر ے حُکموں کو مان، اور صِیُّون کی تیاری اور قیام کے دعویٰ کو تلاش کر؛

۷ دَولت کی نہیں بلکہ حِکمت کی تلاش میں رہ؛ اور دیکھ، خُدا کے بھید تُجھ پر آشکار کیے جائیں گے، اور پھِر تُو اَبَدی دَولت سے مالا مال کِیا جائے گا۔ دیکھ، جِس کے پاس اَبَدی زِندگی ہے دَولت مند ہے۔

۸ مَیں تُجھ سے سچّ سچّ کہتا ہُوں، جَیسا تُو مُجھ سے چاہے گا وَیسا تیرے لیے ہو گا؛ اور، اگر تُو چاہتا ہے، تو تُو اِس نسل کے لیے بُہت زیادہ نیکی کا وسِیلہ بنےگا۔

۹ اِس نسل سے توبہ کے سِوا کُچھ نہ کہو۔ میرے حُکموں کو مان، اور میرے حُکموں کے مُطابق، میرے کا م کی تیاری میں مدد کر، اور تُو برکت پائے گا۔

۱۰ دیکھ، تیرے پاس نعمت ہے، یا تُجھے نعمت ملے گی اگر تُو اِیمان سے، سچّے دِل کے ساتھ، یِسُوع مسِیح کی قُدرت پر اِیمان رکھتے ہُوئے، مُجھ سے چاہے گا، یا میری قُدرت پر جِس سے مَیں تُجھ سے ہم کلام ہُوں؛

۱۱ پَس، دیکھ، یہ مَیں ہُوں جو تُجھ سے کلام کرتا ہُوں، مَیں نُور ہُوں جو تارِیکی میں چمکتا ہے، اور مَیں اپنی قُدرت سے تُجھے یہ کلام دیتا ہُوں۔

۱۲ اور اب، مَیں تُجھ سے سچّ سچّ کہتا ہُوں، اُس رُوح پر بھروسا کر جو نیکی کی ترغیب دیتا ہے—ہاں، اِنصاف کرنے کی، حلیمی سے چلنے کی، راستی سے عدالت کرنے کی؛ اور یہ میرا رُوح ہے۔

۱۳ مَیں تُجھ سے سچّ سچّ کہتا ہُوں، مَیں تُجھے اپنا رُوح عطا کرُوں گا، جو تیرے ذہن کو مُنوّر کرے گا، جو تیری جان کو خُوشی سے بھر دے گا؛

۱۴ اور پھِر تُو جانے گا، یا اِس سے تُو جان جائے گا، ساری باتیں جو تُو مُجھ سے چاہتا ہے، جو راست بازی کی باتوں پر مبنی ہیں، اِیمان کے ساتھ مُجھ پر بھروسا کر تو تُو پائے گا۔

۱۵ دیکھ، مَیں تُجھے حُکم دیتا ہُوں کہ تُو گُمان نہ کرنا کہ تُو مُنادی کے لیے بُلایا گیا ہے جب تک تُجھے بُلایا نہ جائے۔

۱۶ مزید اِنتظار کر، جب تک میرا کلام، میری چٹان، میری کلِیسیا، اور میری اِنجِیل نہ پائے، تاکہ تُو میری تعلیم کو وثُوق سے جان جائے۔

۱۷ اور تب، دیکھ، تیری حسرتوں کے مُطابق، ہاں، یہاں تک کہ تیرے اِیمان کے مُوافِق یہ تیرے واسطے ہوگا۔

۱۸ میرے حُکموں کو مان؛ چُپ رہ؛ میرے رُوح سے اِلتجا کر؛

۱۹ ہاں، اپنے سارے دِل سے میرے ساتھ رہ، تاکہ تُو اُن باتوں کو سامنے لانے میں مدد کر سکے جِن کے بارے میں کہا گیا تھا—ہاں، میرے کام کا ترجمہ؛ صبر کر جب تک تُو اِس کی تکمیل نہیں کر لیتا۔

۲۰ دیکھ، یہ تیرا کام ہے، میرے حُکموں کو ماننا، ہاں، اپنی ساری جان، عقل اور طاقت سے۔

۲۱ میرے کلام کی مُنادی کا طالب نہ ہو، بلکہ پہلے میرے کلام کو پانے کا طالب ہو، اور پھِر تیری زبان کھولی جائے گی؛ اگر تُو چاہتا ہے، تب، آدمیوں کو قائل کرنے کے لیے خُدا کی قُدرت، میرا رُوح اور میرا کلام تیرے پاس ہوگا۔

۲۲ لیکن اب چُپ رہ؛ میرے کلام پر غَور کر جو بنی آدم کے درمیان میں جا چُکا ہے، اور میرے اِس کلام پر بھی غَور کر جو بنی آدم کے درمیان میں آئے گا، یا جِس کا ترجمہ ہو رہا ہے، جب تک تُو سب پا نہ لے جو مَیں اِس پُشت میں بنی آدم کو بخشُوں گا، اور تب یہ ساری باتیں اِکٹھی کی جائیں گی۔

۲۳ دیکھ تُو حائرم ہے، میرے بیٹے؛ خُدا کی بادِشاہی کی تلاش کر، اور ساری چِیزیں مِل جائیں گی اُس کے مُطابق جو واجب ہے۔

۲۴ میری چٹان پر تعمیر کر، جو میری اِنجِیل ہے؛

۲۵ مُکاشفے کی رُوح کا اِنکار نہ کر، نہ ہی نبُوّت کی رُوح کا، افسوس اُس پر جو اِن باتوں کا اِنکار کرتا ہے؛

۲۶ پَس، اُس وقت تک اپنے دِل میں ذخیرہ کر جب تک میری دانِست میں نہ ہو کہ تُجھے آگے جانا ہے۔

۲۷ دیکھو، مَیں اُن سب سے کلام کرتا ہُوں جِن کے اِرادے نیک ہیں، اور جِنھوں نے کٹائی کے لیے اپنی درانتی چلائی ہے۔

۲۸ دیکھ، مَیں یِسُوع مسِیح ہُوں، خُدا کا بیٹا۔ مَیں دُنیا کی زِندگی اور نُور ہُوں۔

۲۹ مَیں وہ ہی ہُوں جو اپنوں میں آیا اور میرے اپنوں نے مُجھے قَبُول نہ کِیا؛

۳۰ لیکن مَیں تُجھ سے سچّ سچّ کہتا ہُوں، کہ جتنے مُجھے قَبُول کرتے ہیں مَیں اُنھیں طاقت بخشُوں گا کہ وہ خُدا کے فرزند بنیں، یعنی اُن کو جو میرے نام پر اِیمان لاتے ہیں۔ آمین۔