صحائف
عقائد اور عہُود ۱۲۸


فصل ۱۲۸

نبی جوزف سمِتھ کی جانب سے کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقَدَّسین آخِری ایّام کے لیے خط، جِس میں رفتگان کے بپتسمے کے بارے میں مزید ہدایات شامل ہیں، ناووہ، اِیلانوئے، مورّخہ ۶ ستمبر ۱۸۴۳۔

۱–۵، مقامی اور عمومی محرروں کو مرحُوموں کے بپتسمے کے واقعہ کی تصدیق کرنی ہے؛ ۶–۹، اُن کے اندراج باضابطا جوڑنے والے ہیں اور آسمان اور زمِین میں درج کیے جاتے ہیں؛ ۱۰–۱۴، بپتسما کا حَوض قبر کی تشبِیہ ہے؛ ۱۵–۱۷، ایلیّاہ نے مُردوں کے بپتسموں کی بابت اِختیار بحال کِیا؛ ۱۸–۲۱، پِچھلے سارے زمانوں کی کُنجیاں، قُدرتیں، اور اِختیارات بحال کیے جا چُکے ہیں؛ ۲۲–۲۵، زِندوں اور مُردوں کے لیے خُوشی اور جلالی بشارت کا اِعلان کِیا گیا ہے۔

۱ جَیسا مَیں نے تُم سے اپنے خط میں اپنی جگہ کو چھوڑنے سے پہلے کہا تھا، کہ مَیں تُمھیں بُہت سے موضوعات کے بارے میں وقتاً فوقتاً لِکھتا رہُوں گا، مَیں اب رفتگان کے بپتسمے کے موضوع کو دوبارہ شُروع کرتا ہُوں، کیوں کہ اَیسا لگتا ہے کہ یہ موضوع میرے ذہن پر چھایا ہے، اور میرے احساسات پر سب سے زیادہ حاوی ہے، جب سے میرے دُشمن میرے تعاقب میں لگے ہیں۔

۲ مَیں نے تُمھیں اندراج کے بارے میں مُکاشفے کہ چند اَلفاظ لِکھے تھے۔ مَیں نے اِس مُعاملے میں کُچھ اور خیالات پائے ہیں، مَیں اب جِن کی تصدیق کرتا ہُوں۔ یعنی، پِچھلے خط میں اِعلان کِیا گیا تھا کہ کوئی محرر ہو، جو عینی گواہ ہو، اور اپنے کانوں سے سُنے، تاکہ وہ خُداوند کے حُضُور سچّائی کا اندراج کرے۔

۳ اب، اِس مُعاملے کے مُتعلّق، یہ کسی ایک محرر کے لیے مُشکل ہو گا کہ ہر موقع پر موجود ہو اور سارے فرائض انجام دے۔ اِس مُشکل سے بچنے کے لیے ہر شہر کے حلقے میں اندراج رکھنے والا مُقرّر کِیا جائے، جو دُرست مُختصَر روائداد لِکھنے کا اہل ہو؛ اور وہ تمام کارروائی لِکھنے میں اِنتہائی مخصُوص اور غلطی سے پاک ہو، اپنے اندراج میں تصدیق کرے کہ اُس نے اپنی آنکھوں سے دیکھا اور اپنے کانوں سے سُنا، تارِیخ اور نام وغیرہ لِکھے، اور تمام کارروائی کی تارِیخ لِکھے، اور تین اَفراد کے نام بھی لِکھے جو وہاں موجود تھے، اگر کوئی موجود ہو، جو کسی بھی وقت، اگر اُسے بُلایا جائے تو اِس کی تصدیق کر سکیں، تاکہ دو یا تین گواہوں کی زبان سے ہر بات ثابت ہو جائے۔

۴ پھِر، کوئی عمومی محرر ہو، جِس کو دُوسرے اندراج دیے جائیں، جِن کے ساتھ اِن کی دستخط شُدہ سَند ہو، جو یہ تَصدِیق کرے کہ جو کوائف اُنھوں نے بنائے ہیں دُرست ہے۔ پھِر کلِیسیائی محرر اِس اندراج کو کلِیسیائی کِتابوں میں، اَسناد اور تمام موجود گواہوں، اور اِس کے اپنے بیان کے ساتھ وہ واقعی تصدیق کرتا ہو کہ اُس کے عِلم کے مُطابق درج ِ بالا بیان اور اندراج، کلِیسیا کے اُن اَفراد کی طرف سے تعیناتی اور چال چلن راست ہیں۔ اور جب یہ کلِیسیا کی عمومی کِتاب میں لِکھ لیا جائے، تو یہ اندراج اُسی طرح پاک ہو گا، اور اِس رسم کی اُسی طرح تصدیق کرے گا کہ جَیسے اُس نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہو اور اپنے کانوں سے سُنا ہو، اور اِس کا اندارج کلِیسیا کی عمومی کِتاب میں ہُو بہُو کِیا ہو۔

۵ تُم شاید سوچتے ہو گے کہ اِن اُمور کی اَیسی ترتیب بُہت ہی مخصُوص ہے، بلکہ مَیں تُمھیں یہ بتاتا ہُوں کہ فقط خُدا کی مرضی کو پُورا کرنا ہے، اِس رسم کی اطاعت اور تیاری کرنا جو خُداوند نے بِنائے عالم سے بیشتر مُقرّر اور تیار کی، اُن رفتگان کی نجات کے لیے جو اِنجِیل کے عِلم کے بغیر وفات پاتے ہیں۔

۶ اور مزید، مَیں چاہتا ہُوں کہ تُم یاد رکھو کہ یُوحنّا عارف مرحُوموں کی بابت اِسی موضوع پر غَور کر رہا تھا، جب اُس نے اِعلان کِیا، جَیسا تُم مُکاشفہ ۲۰‏:۱۲ میں مرقُوم پاؤ گے—پھِر مَیں نے چھوٹے بڑے سب مُردوں کو خُدا کے حُضُور کھڑے ہُوئے دیکھا؛ اور کِتابیں کھولی گئیں؛ پھِر ایک اور کِتاب کھولی گئی، یعنی جو کِتابِ حیات ہے؛ اور جِس طرح اُن کِتابوں میں لِکھا ہُوا تھا اُن کے اَعمال کے مُطابق کِیا گیا۔

۷ تُم اِس نوِشتہ میں دریافت کرو گے کہ کِتابیں کھولی گئیں؛ پھِر ایک اور کِتاب کھولی گئی۔ جو کِتابِ حیات تھی؛ لیکن مُردوں کا اِنصاف اِن باتوں سے کِیا گیا جو، اُن، کے اَعمال کے مُطابق، کِتابوں میں لِکھی گئی تھیں؛ لہٰذا جِن کِتابوں کا ذِکر کِیا گیا ہے، ضرور ہے کہ وہ کِتابیں ہوں جِن میں اِن کے اَعمال کا اندراج شامل ہے، اور اُن اندراج کی طرف اِشارہ کرتیں ہیں جو زمِین پر رکھے جاتے ہیں۔ اور وہ کِتاب جو کِتابِ حیات ہے وہ اندراج ہے جو آسمان میں رکھا جاتا ہے؛ یہ اُصُول ہُو بہُو اُس تعلیم کے ساتھ ہم آہنگ ہے جِس کا تُمھیں حُکم اِس خط میں شامِل مُکاشفے میں دیا گیا ہے جو مَیں نے اپنے گھر سے روانہ ہونے سے پہلے تُمھیں لِکھا تھا—کہ تُمھارے تمام اندراج آسمان میں بھی درج کیے جاتے ہیں۔

۸ اب، اِس رسم کی بُنیاد کہانت کی قُدرت میں ہے، مسِیح کے مُکاشفے کے وسِیلے سے، جِس میں یہ بخشا گیا ہے کہ جو کُچھ بھی تُم زمِین پر باندھو گے آسمان پر باندھا جائے گا، اور جو کُچھ بھی تُم زمِین پر کھولو گے آسمان میں کھولا جائے گا۔ یا با الفاظِ دیگر، ترجمے پر مختلف نظر ڈالنے سے، جو کُچھ بھی تُم زمِین پر درج کرو گے آسمان پر درج کِیا جائے گا، اور جو کُچھ بھی تُم زمِین پر درج نہیں کرتے آسمان میں درج نہیں کِیا جائے گا؛ پَس کِتابوں میں سے تُمھارے رفتگان کی عدالت، اُن کے اَعمال کے مُطابق کی جائے گی، خواہ اُنھوں نے بذاتِ خُود رسم میں شِرکت کی ہے، یا اپنے نمایندے کے ذریعے سے، اِس رسم کے مُطابق جو خُدا نے بِنائے عالم سے بیشتر اُن کی نجات کے لیے تیار کی، اُن اندراج کے مُطابق جو اُنھوں نے اپنے مرحُوموں کی بابت رکھے ہیں۔

۹ بعض کو شاید یہ لگے کہ یہ تعلیم جِس کی ہم بات کرتے ہیں بُہت بےباک ہے—اَیسا اِختیار جو زمِین پر اندراج کرتا یا باندھتا ہے اور وہ آسمان پر باندھا جاتا ہے۔ تو بھی، زمِین کے تمام زمانوں میں، جب بھی خُداوند نے اِنسان کو، یا آدمیوں کے گروہ کو حقیقی مُکاشفے سے کہانت کا زمانہ بخشا ہے، یہ اِختیار ہمیشہ دیا گیا ہے۔ پَس، جو کُچھ بھی اُن آدمیوں نے اِختیار اور خُداوند کے نام پر کِیا، اور اُسے خُلوص اور وفاداری سے نِبھایا، اور اُس کا صحیح طور سے اور اِیمان داری سے اندراج رکھا، وہ زمِین اور آسمان پر قانون بن گیا، اور قادِر یہواہ کے اِعلان کے مُطابق اُسے منسُوخ نہیں کِیا جا سکتا۔ یہ سچّا قَول ہے۔ کون اِس کو سُن سکتا ہے؟

۱۰ اور پھِر، مثال کے لیے، متی ۱۶‏:۱۸، ۱۹: اور مَیں بھی تُجھ سے کہتا ہُوں، کہ تُو پطرس ہے، اور مَیں اِس پتھر پر اپنی کلِیسیا بناؤں گا؛ اور دوزخ کے دروازے اِس پر غالِب نہ آئیں گے۔ اور مَیں تُجھے آسمان کی بادِشاہی کی کُنجیاں دُوں گا: اور جو کُچھ تُو زمِین پر باندھے گا آسمان پر بندھے گا؛ اور جو کُچھ تُو زمِین پر کھولے گا آسمان پر کُھلے گا۔

۱۱ اب اِس سارے اَمر کا سب سے بڑا اور عظیم اُلشان بھید، اور اِس خیرِ مُطلق کا پُورا موضوع جو ہمارے سامنے ہے، مُقَدَّس کہانت کے اِختیارات پانے میں پِنہاں ہے۔ کیوں کہ جِس کو اِس کی کُنجیاں دی گئی ہیں اُسے بنی آدم، دونوں یعنی زِندوں اور مُردوں، کی نجات کے مُتعلّق معرفت کا عِلم پانے میں کوئی دُشواری نہیں۔

۱۲ اِس میں، جلال اور عزت، لافانی اور اَبَدی زِندگی ہے—پانی سے بپتسمے کی رسم، اِس میں ڈبویا جانا کہ مرنے کی تشبِیہ کو پُورا کِیا جائے، تاکہ ایک اُصُول دُوسرے کے ساتھ ہم آہنگ ہو؛ پانی میں ڈبویا جانا اور پانی سے باہر آنا، مُردوں کی قیامت میں اُن کی قبروں سے باہر آنے کی تشبِیہ ہے؛ لہٰذا، اِس رسم کو قائم کِیا گیا کہ مُردوں کے بپتسمے کی رسم کے ساتھ رشتہ قائم کرے، کیوں کہ یہ مُردوں کی تشبِیہ ہے۔

۱۳ اِس سبب سے، بپتسما کا حَوض قبر کی مثِیل ہے، اور حُکم دیا گیا تھا کہ اَیسی جگہ کے نیچے ہو جہاں زِندہ لوگ دستُور کے مُطابق اِکٹھے ہوتے ہیں، کہ زِندوں اور مُردوں میں فرق دِکھائے، تاکہ ساری باتوں میں اُن کی تشبِیہ ہو، اور وہ ایک دُوسرے سے رِشتہ قائم کریں—وہ جو زمینی ہے اُس کے مُطابق ہو جو آسمانی ہے، جَیسا پولوس نے اِعلان کِیا ہے، ۱ کرنتھیوں ۱۵‏:۴۶، ۴۷، اور ۴۸:

۱۴ تاہم، وہ جو رُوحانی ہے پہلے نہ تھا، بلکہ جِسمانی تھا؛ اور اُس کے بعد رُوحانی ہُوا۔ پہلا آدمی زمِین سے تھا، یعنی خاکی، اور دُوسرا آدمی آسمان سے خُداوند ہے۔ جَیسے خاکی ہے اور اَیسے ہی اور بھی خاکی ہیں؛ اور جَیسا آسمانی ہے ویسے ہی اور بھی آسمانی ہیں۔ اور جَیسے تُمھارے رفتگان کے حوالے سے زمِین پر اندراج ہیں، جو مُستَنَد قرار دیے جاتے ہیں، ویسے آسمان پر بھی اندراج ہیں۔ لہٰذا، یہ، مُہر کرنے اور محفُوظ کرنے کی قُدرت ہے، اور، بادِشاہی کی کُنجیاں، اپنی اِصطلاح کے ایک پہلو کے لحاظ سے، معرفت کی کُنجی سے مربُوط ہیں۔

۱۵ اور اب، میرے پیارے بھائیو اور بہنو، مَیں تُمھیں یقین دہانی کراتا ہُوں کہ یہ زِندوں اور مُردوں سے مُتعلّق اُصُول ہیں جِنھیں، ہماری نجات کے بارے میں آسانی سے نظر انداز نہیں کِیا جا سکتا۔ چُوں کہ اُن کی نجات ہماری نجات کے لیے ضروری اور اَہم ہے، جَیسا پولوس آباواجداد کے بارے میں کہتا ہے—کہ وہ ہمارے بغیر کامِل نہیں بنائے جا سکتے—نہ ہم اپنے رفتگان کے بغیر کامِل بنائے جا سکتے ہیں۔

۱۶ اور اب رفتگان کے بپتسمے کے بارے میں مَیں تُمھیں پولوس کا ایک اور نوِشتہ دیتا ہُوں، ۱ کرنتھیوں ۱۵‏:۲۹: ورنہ وہ لوگ جو مُردوں کے لیے بپتسما لیتے ہیں کیا کریں گے، اگر مُردے جی اُٹھتے ہی نہیں تو پھِر کیوں اُن کے لیے بپتسما لیتے ہیں؟

۱۷ اور پھِر، اِس نوِشتہ کے مُتعلّق مَیں تُمھیں انبیا میں سے ایک کا نوِشتہ دیتا ہُوں جِس نے اپنی نظر کہانت کی بحالی، جلال جو آخِری ایّام میں آشکار کیے جائیں گے، اور ایک مخصُوص طریقے سے اَبَدی اِنجِیل کے مُتعلّق سب سے بڑے جلالی موضوع، یعنی مُردوں کے بپتسمے، پر لگائی تھی؛ پَس ملاکی کہتا ہے، آخِری باب آیات ۵ اور ۶: دیکھو، مَیں خُداوند کے بُزرگ اور ہولناک دِن کے آنے سے پیشتر مَیں ایلیّاہ نبی کو تُمھارے پاس بھیجُوں گا: اور وہ باپ کا دِل بیٹے کہ طرف اور بیٹے کا دِل باپ کی طرف مائل کرے گا، مبادا مَیں آؤں اور زمِین کو ملعُون کرُوں۔

۱۸ مَیں اِس کا آسان سا ترجمہ کر سکتا تھا، لیکن میرے مقصد کے لیے اَیسے ہی واجب طور پر واضح ہے۔ اِس حوالے سے یہ جاننا کافی ہے کہ زمِین ملعُون ہو گی سِوا اِس کے کہ بچّوں اور والدوں کے درمیان کسی ایک یا دُوسرے موضوع پر کسی قسم کا مضبُوط رابطہ ہو—اور دیکھو وہ موضوع کیا ہے؟ یہ مُردوں کا بپتسما ہے، پَس ہم اِن کے بغیر کامِل نہیں بنائے جا سکتے۔ نہ وہ ہمارے بغیر کامِل بنائے جا سکتے ہیں۔ نہ وہ نہ ہم کوئی بھی اُن کے بغیر کامِل نہیں بنایا جا سکتا ہے جو اِنجِیل میں وفات پا چُکے ہیں؛ پَس یہ زمانوں کی مَعمُوری کے زمانے کو لانے کے لیے ضروری ہے، جو زمانہ اب آنا شُروع ہُوا ہے، تاکہ زمانوں، اور کُنجیوں، اور اِختیاروں اور جلالوں کا ایک پُورا اور مکمل ملاپ، اور اِکٹھا جُڑنا واقع ہو، اور آدم کے زمانہ سے لے کر اب تک ظاہر کِیا جائے۔ اور نہ صرف یہ بلکہ وہ چِیزیں جو بِنائے عالم سے لے کر کبھی ظاہر نہیں کی گئیں، بلکہ دانِش مندوں اور ہوشیاروں سے چُھپا کر رکھی گئی ہیں، زمانوں کی مَعمُوری کے اِس زمانہ میں وہ بچّوں اور شِیر خواروں پر ظاہر کی جائیں گی۔

۱۹ اب، ہم اِس اِنجِیل میں کیا سُنتے ہیں جو ہم نے پائی ہے؟ شادمانی کی آواز! آسمان سے رحم کی آواز؛ اور زمِین میں سے سچّائی کی آواز۔ مُردوں کے لیے خُوشی کی بشارت؛ زِندوں اور مُردوں کے لیے شادمانی کی آواز؛ بڑی خُوشی کی بشارت۔ اُن کے پاؤں پہاڑوں پر کیا ہی خُوش نما ہیں جو اچّھی چِیزوں کی خُوشی کی بشارت لاتے ہیں، اور صِیُّون سے کہتے ہیں: دیکھو، تُمھارا خُدا سلطنت کرتا ہے! جَیسے کرمِل کی شبنم، وَیسے ہی خُدا کا عِلم اُن پر اُترے گا!

۲۰ اور پھِر، ہم کیا سُنتے ہیں؟ کمورہ سے خُوشی کی بشارتیں! مرونی، فرِشتہ آسمان سے جو نبیوں کی تعبیر کے پُورے ہونے کا اِعلان کرتا ہے—کِتاب جو ظاہر ہو گی۔ خُداوند کی آواز، فے ایٹ، سینکا کاؤنٹی کے بیابان سے، جو اِعلان کرتی ہے کہ تین گواہ کِتاب کی گواہی دیں! سسکیوہانا کے کِنارے مِیکائیل کی آواز جِس نے اِبلِیس کو پہچانا جب وہ نُور کے فرِشتے کی مانِند ظاہر ہُوا! ہارمونی، سسکیوہانا کاؤنٹی، اور کولزوِل، برُوم کاؤنٹی کے درمیان بیابان میں سسکیوہانا دریا کے کنارے پطرس، یعقوب اور یُوحنّا کی آواز، جو اپنا اِعلان کرتے ہیں کہ بادِشاہی کی کُنجیاں اور زمانوں کی مَعمُوری کے زمانے کے کُنجیوں کے حامِل ہیں۔

۲۱ اور پھِر، بُزرگ باپ وِٹمر کے گھر، فے ایٹ، سنیکا کاؤنٹی میں خُدا کی آواز، اور مختلف وقتوں میں، اور مختلف جگہوں میں اِس کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقَدَّسین آخِری ایّام کی ساری مُسافتوں میں اور مُشکلوں میں! اور مِیکائیل مُقَرّب فرِشتے کی آواز؛ جبرائیل کی آواز، اور رفائیل کی، اور مُختلف فرِشتوں کی، مِیکائیل یا آدم سے لے کر اِس حالیہ وقت تک، سب اپنے زمانوں، اپنے حُقُوق، اپنی کُنجیوں، اپنے وقار، اپنی حشمت اور جلال، اور اپنی کہانت کے اِختیار کا اِعلان کر کے، فرمان پر فرمان، حُکم پر حُکم دے کر، تھوڑا یہاں اور تھوڑا وہاں؛ ہمیں مُستقبل کے بارے میں بتا کر دِل جوئی کرتے ہیں، ہماری اُمِید کو مضبُوط کرتے ہیں!

۲۲ بھائیو، کیا ہم اِس بڑے عظیم مقصد میں آگے نہ بڑھیں؟ آگے بڑھو اور پِیچھے نہیں۔ ہمت باندھو، بھائیو، اور فتح کے لیے آگے ہی آگے بڑھو! تُمھارے دِل خُوش اور نہایت شادمان ہوں۔ زمِین گُنگُنانے لگے۔ مُردے عِمانوایل بادِشاہ کی اَبَدی ثنا کے ترانے کہیں، جِس نے اِس دُنیا کے ہونے سے پہلے ہی وہ مُقرّر کِیا جِس سے ہم اُنھیں اُن کی قید سے مُخلصی دِلائیں؛ پَس قیدی آزاد ہوں گے۔

۲۳ پہاڑ خُوشی سے چِلائیں، اور تُم اَے وادیو بُلند آواز سے پُکارو؛ اور تُم سب سَمُندرو اور سرزمینو اپنے اَبَدی بادِشاہ کے عجائب بتاؤ! اور تُم دریاؤ، اور ندیو، اور جھرنو، شادمانی میں بہتے رہو۔ جنگل اور میدان کے تمام درخت خُداوند کی سِتایش کریں؛ اور تُم پُختہ چٹانو خُوشی سے رو دو! اور سُورج، چاند، اور صُبح کے سِتارے مِل کر گائیں، اور خُدا کے سارے فرزند خُوشی میں چِلائیں اور اَبَدی مَخلُوقات اِس کے نام کا ہمیشہ سے ہمیشہ تک اِعلان کریں! اور مَیں پھِر کہتا ہُوں، ہم جو آواز آسمان سے سُنتے ہیں کیسی جلالی ہے، جو ہمارے کانوں میں جلال، اور نجات، اور اِفتخار، اور دائمی زِندگی، اور اَبَدی زِندگی؛ بادِشاہتوں، اور حُکومتوں اور طاقتوں کا اِعلان کرتی ہے!

۲۴ دیکھو، خُداوند کا روزِ عظیم نزدیک ہے؛ اور کِس میں اُس کے آنے کے دِن کی تاب ہے، اور اُس کے ظُہُور پر کون کھڑا رہ سکتا ہے؟ پَس وہ سُنار کی آگ اور دھوبی کے صابن کی مانِند ہے؛ اور وہ چاندی کو تانے اور پاک صاف کرنے والے کی مانِند بیٹھے گا، اور بنی لاوی کو سونے اور چاندی کی طرح پاک صاف کرے گا، تاکہ وہ راست بازی سے خُداوند کے حُضُور ہدیے گُزرانیں، اِس لیے ہم، کلِیسیا اور اُمت کی حیثِیت سے، اور مُقَدَّسینِ آخِری ایّام ہوتے ہُوئے، خُداوند کے لیے راست بازی میں نذر گُزرانیں؛ اور ہم اُس کی مُقَدَّس ہیکل میں جب وہ مکمل ہو جائے، اپنے مُردوں کے اندراج پر مُشتَمِل کِتاب پیش کریں، جو کامِل قَبُولیت کی اَہل ہو گی۔

۲۵ بھائیو، میرے پاس اِس موضُوع پر کہنے کے لیے بُہت باتیں ہیں؛ لیکن فِی الحال اب ختم کرُوں گا، اور اِس موضُوع کو کسی اور وقت دوبارہ بیان کرُوں گا۔ مَیں ہمیشہ کی طرح تُمھارا حلیم خادِم اور کبھی نہ جُھکنے والا دوست ہُوں،

جوزف سمِتھ۔