صحائف
عقائد اور عہُود ۱۴


فصل ۱۴

جُون ۱۸۲۹، کو فےایٹ، نیویارک میں، نبی جوزف سمِتھ کے وسِیلے سے ڈیوڈ وِٹمر کو دیا گیا مُکاشفہ۔ مورمن کی کِتاب کے ترجمے میں وِٹمر خاندان کی دِلچسپی بُہت بڑھ چُکی تھی۔ نبی نے پیٹر وِٹمر سینئر کے گھر اپنی رہایش قائم کی، مورمن کی کِتاب کے ترجمے کی تکمیل تک وہیں قیام پذیر رہا اور آنے والی کِتاب کے حقِ اشاعت کو محفُوظ کِیا۔ وِٹمر کے بیٹوں میں سے تین، کام کی سچّائی کے بارے میں گواہی پا کر اپنی شخصی ذِمّہ داری کے حوالے سے اِنتہائی فکرمند تھے۔ یہ مُکاشفہ اور دو درج ذیل (فصلیں ۱۵ اور ۱۶) اوریم اور تمیم کے وسِیلے سے تفتیش کے جواب میں دیے گئے۔ ڈیوڈ وِٹمر بعد میں مورمن کی کِتاب کے تین گواہوں میں سے ایک بنا۔

۱–۶، تاکِستان کے مزدُور نجات پائیں گے؛ ۷–۸، اَبَدی زِندگی خُدا کی نعمتوں میں سے عظیم ترین ہے؛ ۹–۱۱، مسِیح نے زمِین اور آسمانوں کو خلق کِیا۔

۱ اَرفع اور تعجب انگیز کام بنی آدم کے درمیان میں رُونما ہونے والا ہے۔

۲ دیکھو، مَیں خُدا ہُوں؛ میرے کلام پر کان لگاؤ، جو کہ زِندہ اور موثّر ہے، دو دھاری تلوار سے زیادہ تیز، جو بند بند اور گُودے گُودے کو دو لخت کر کے گُزر جاتا ہے؛ پَس میرے کلام پر توجہ دو۔

۳ دیکھ، فصل کٹائی کے لیے پہلے ہی پک گئی ہے؛ پَس، جو کوئی کاٹنے کا خواہاں ہے، وہ پُوری قُوّت سے درانتی چلائے، اور دِن کے ختم ہونے تک کٹائی کرے، تاکہ وہ اپنی جان کی اَبَدی نجات کے لیے خُدا کی بادِشاہی میں جمع کر سکے۔

۴ ہاں، جو کوئی اپنی درانتی چلائے گا اور کاٹے گا، وہ ہی خُدا کی طرف سے بُلایا ہُوا ہے۔

۵ پَس، اگر تُو مُجھ سے مانگے گا تو پائے گا؛ اگر کھٹکھٹائے گا تو تیرے واسطے کھولا جائے گا۔

۶ میری صِیُّون کو سامنے لانے اور قائم کرنے کی کوشش کرو۔ ساری باتوں میں میرے حُکموں کو مانو۔

۷ اور، اگر تُو میرے حُکموں کو مانتا اور آخِر تک برداشت کرتا ہے تو اَبَدی زِندگی پائے گا، جو خُدا کی سب نعمتوں میں سے اعلیٰ و اَرفع نعمت ہے۔

۸ اور اَیسا ہو گا، کہ اگر تُو اِیمان سے میرے نام پر یقین رکھتے ہُوئے باپ سے مانگے گا، تو تُو رُوحُ القُدس پائے گا، جو گویائی بخشے گا، کہ تُو اُن باتوں کا گواہ بن جو تُو دیکھے اور سُنے گا، اور یہ بھی کہ تُو اِس پُشت میں توبہ کی مُنادی کرے گا۔

۹ دیکھ، مَیں یِسُوع مسِیح ہُوں، زِندہ خُدا کا بیٹا، جِس نے آسمانوں اور زمِین کو خلق کِیا، نُور جِس کو تارِیکی میں چھپایا نہیں جا سکتا؛

۱۰ پَس، مَیں ضرور اپنی اِنجِیل کی کامِلیت غیر قَوموں کے وسیلے سے اِسرائیل کے گھرانے تک لاؤں گا۔

۱۱ اور دیکھ، تُو ڈیوڈ ہے، اور تُو مدد کے لیے بُلایا گیا ہے؛ اگر تُو مدد کرتا، اور وفادار رہتا ہے، تو تُو رُوحانی اور دُنیاوی دونوں لحاظ سے با برکت ہو گا، اور تیرا اَجر عظیم ہوگا۔ آمین۔