فصل ۳۱
۱۸ ستمبر ۱۸۳۰، نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے سے تھامس بی مارش کو دیا گیا مُکاشفہ۔ یہ کلِیسیا کے اِجلاس کے فوراً بعد کا وقت تھا (فصل ۳۰ کی شہ سُرخی دیکھیے)۔ اِس سے پہلے کہ یہ مُکاشفہ دیا گیا، تھامس بی مارش کو مہینے کے اوائل ہی میں بپتسما دے دیا گیا اور کلِیسیا میں بُزرگ مُقرّر کر دیا گیا تھا۔
۱–۶، تھامس مارش کو اِنجِیل کی مُنادی کی بُلاہٹ دی جاتی ہے اور اُس کے خاندان کی بھلائی کی یقین دہانی کرائی جاتی ہے؛ ۷–۱۳، اُسے، صبر کرنے، ہمیشہ دُعا کرنے، اور مددگار کی فرماں برداری کرنے کی تلقین کی جاتی ہے۔
۱ تھامس، میرے بیٹے، میرے کام میں اِیمان کے باعث تُو مُبارک ہے۔
۲ دیکھ، اپنے خاندان کے سبب سے تُو نے بُہت ساری مُصِیبتیں اُٹھائی ہیں؛ تاہم، مَیں تُجھے اور تیرے خاندان کو برکت دُوں گا، ہاں، تیرے بچّوں کو؛ اور وہ دِن آتا ہے کہ وہ اِیمان لائیں اور سچّائی کو جانیں گے اور کلِیسیا میں تیرے ساتھ ایک ہوں گے۔
۳ خاطر جمع رکھ اور شادمان ہو، پَس تیرے پیام کی گھڑی آ گئی ہے؛ تیری زبان کھولی جائے گی، اور تُو اِس نسل کو بڑی خُوشی کی بشارت دے گا۔
۴ تُو اُن باتوں کی بشارت دے گا جو میرے خادِم جوزف سمِتھ جُونیئر پر نازِل کی گئی ہیں۔ اب سے تُو مُنادی شُروع کر، ہاں، فصل کی کٹائی کر لے کہ پہلے سے پک گئی ہے جو جلائے جانے کو ہے۔
۵ پَس، پُوری جان سے درانتی چلا، اور تیرے گُناہ مُعاف کر دیے گئے ہیں، اور تیری کمر پر پُولے لادے جائیں گے، پَس مزدُور اپنی مزدُور ی کا حق دار ہے۔ اِس سبب سے، تیرا خاندان زِندہ رہے گا۔
۶ دیکھ، مَیں تُجھ سے سچّ کہتا ہُوں، اُن کے پاس سے تھوڑی دیر کے لیے چلا جا، اور میرے کلام کی مُنادی کر، اور مَیں اُن کے لیے جگہ تیار کرُوں گا۔
۷ ہاں، مَیں لوگوں کے دِل نرم کرُوں گا، اور وہ تُجھے قَبُول کریں گے۔ اور مَیں تیرے ہاتھ سے کلِیسیا قائم کرُوں گا۔
۸ اور تُو اُنھیں مضبُوط کرے گا اور اُنھیں اُس وقت کے لیے تیار کرے گا جب وہ اِکٹھے کیے جائیں گے۔
۹ مُصِیبتوں میں صابر رہ، اُنھیں لعن طعن نہ کر جو تُجھے لعن طعن کرتے ہیں۔ حلیمی سے اپنے گھر کی نگہبانی کر، اور ثابت قدم رہ۔
۱۰ دیکھ، مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں کہ تُو کلِیسیا کے لیے طبیب ہو گا، لیکن دُنیا کے لیے نہیں، کیوں کہ وہ تُجھے قَبُول نہ کریں گے۔
۱۱ جہاں کہیں بھی مَیں تُجھے بھیجُوں گا، جا، اور مددگار کے وسِیلے سے تُو جان پائے گا کہ تُجھے کیا کرنا ہے اور کہاں جانا ہے۔
۱۲ ہمیشہ دُعا کرتے رہنا، اَیسا نہ ہو کہ آزمایش میں پڑے اور اپنا اَجر کھو دے۔
۱۳ آخِر تک وفادار رہ، تو دیکھ، مَیں تیرے ساتھ ہُوں۔ یہ کلام نہ آدمیوں کا نہ ہی آدمی کا، بلکہ میرا، یعنی یِسُوع مسِیح، تیرے مُخلصی دینے والے کے باپ کی مرضی سے ہے۔ آمین۔