فصل ۵۶
۱۵ جُون ۱۸۳۱، کرٹ لینڈ، اوہائیو میں، نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے سے دیا گیا مُکاشفہ۔ یہ مُکاشفہ عزرا تھائر کو گُزشتہ مُکاشفے کی نافرمانی پر تنبیہ کرتا ہے (اُس ”حُکم“ کا حوالہ آیت ۸ میں دیا گیا ہے)، جو، تھائر کو فریڈرک جی وِلیمز کی زمِین پر اُس کی ذِمّہ داریوں کے حوالے سے، جہاں وہ مُقیم تھا، ہدایت دیتے ہُوئے جوزف سمِتھ نے اُس کے لیے پایا تھا۔ درج ذیل مُکاشفہ تھائر کی تھامس بی مارش کے ساتھ میزوری کے لیے سفر کرنے کی بُلاہٹ کو منسُوخ بھی کرتا ہے (دیکھیے فصل ۵۲:۲۲)۔
۱–۲، مُقَدَّسین کو نجات پانے کے لیے اپنی صلیب اُٹھانی اور خُداوند کی پیروی کرنی ہے؛ ۳–۱۳، خُداوند حُکم دیتا اور تنسیخ کرتا ہے، اور نافرمان نِکال دیے جاتے ہیں؛ ۱۴–۱۷، اُن امیروں پر اَفسوس جو غریبوں کی مدد نہیں کرتے، اور اُن غریبوں پر اَفسوس جو شِکستہ دِل نہیں؛ ۱۸–۲۰، مُبارک ہیں وہ غریب جو پاک دِل ہیں کیوں کہ وہ زمِین مِیراث میں پائیں گے۔
۱ سُنو، تُم اَے لوگو جو میرے نام کا دعویٰ کرتے ہو، خُداوند تُمھارا خُدا کہتا ہے؛ کہ دیکھ، میرا غُصّہ سرکشوں کے خِلاف بھڑکا ہے، اور وہ میرے بازُو اور میرے شدید غضب کو، مُلاحظہ کے دِن اور قَوموں پر قہر کے دِن، جانیں گے
۲ اور وہ جو اپنی صلیب اُٹھا کر میرے پیچھے نہ ہو لے گا، اور میرے حُکموں کو نہ مانے گا، وہی بچایا نہ جائے گا۔
۳ دیکھ، مَیں، خُداوند، حُکم دیتا ہُوں؛ اور جو فرماں برداری نہ کرے گا، میرا حُکم پانے اور حُکم کو توڑے جانے کے بعد، وہ میرے اپنے مُقرّرہ وقت پر کاٹ ڈالا جائے گا۔
۴ پَس مَیں، خُداوند، حُکم دیتا اور تنسیخ کرتا ہُوں، جَیسا میری نظر میں خُوب ہوتا ہے؛ اور اِن سب کی جواب دہی سرکشوں کے سر ہے، خُداوند فرماتا ہے۔
۵ لہٰذا، مَیں اپنے خادِموں تھامس بی مارش اور عزرا تھائر کو دیے گئے حُکم کی تنسیخ کرتا ہُوں، اور اپنے خادِم تھامس کو نیا حُکم دیتا ہُوں کہ وہ جلدی سے میزوری کی سرزمِین کے لیے روانہ ہو، اور میرا خادِم صیلاح جے گریفن بھی اُس کے ساتھ جائے گا۔
۶ پَس دیکھ، مَیں اپنے خادِموں صیلاح جے گریفن اور نیول نائٹ کو دیے گئے حُکم کی تنسیخ کرتا ہُوں، اور یہ اُن لوگوں کی سرکشی اور اُن کی بغاوت کا نتیجہ ہے جو تھامپسن میں ہیں۔
۷ پَس، میرا خادِم نیول نائٹ اُن کے ساتھ رہے، اور جتنے بھی اُس کے ساتھ جانا چاہیں جائیں، جو میرے حُضُور پشیمان ہیں، اور اُس سرزمِین میں اُس کی راہ نمائی میں پہنچیں جو مَیں نے مُقرّر کی ہے۔
۸ اور دوبارہ، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، میرا خادِم عزرا تھائر اپنے گھمنڈ اور اپنی خُود غرضی سے توبہ کرے۔ اور میرے گُزشتہ حُکم پر عمل کرے جو مَیں اُسے اُس جگہ کے حوالے سے دے چُکا ہُوں جہاں وہ رہتا ہے۔
۹ اور اگر وہ اَیسا کرے، تو اُس اراضی کو تقسیم نہ کِیا جائے گا، اور میزوری کی سرزمِین کی طرف جانے کے لیے بھی مُقرّر کِیا جائے گا؛
۱۰ ورنہ وہ رقم جو اُس نے ادا کی ہے اُسے ملے گی، اور وہ جگہ چھوڑے گا، اور میری کلِیسیا سے کاٹ ڈالا جائے گا، ربُّ الافواج فرماتا ہے؛
۱۱ اور اگرچہ آسمان اور زمِین ٹل جائیں، یہ باتیں ہرگز نہ ٹلیں گی، بلکہ پُوری ہوں گی۔
۱۲ اور اگر میرے خادِم جوزف سمِتھ جُونیئر کو رقم ادا کرنا ضرور ہو، دیکھ، مَیں، خُداوند اُسے میزوری کی سرزمِین میں پھِر سے دُوں گا، کہ اُن میں سے جِن لوگوں کو وہ قَبُول کرے گا وہ پھِر سے اپنے کیے کے مُوافِق اَجر پائیں گے؛
۱۳ پَس وہ اپنے کیے کے مُطابق، اراضی میں مِیراث پائیں گے۔
۱۴ دیکھ، خُداوند میرے لوگوں سے یُوں فرماتا ہے—تُمھیں بُہت سے کام کرنے ہیں اور بُہت سے کاموں کی توبہ کرنی ہے؛ چُوں کہ دیکھو، تُمھارے گُناہ مُجھ تک پہنچے ہیں، اور بخشے نہیں گئے کیوں کہ تُم اپنی مشورت کے طالب ہو۔
۱۵ اور تُمھارے دِل مطمئن نہیں ہیں۔ اور سچّائی کو نہیں مانتے، بلکہ ناراستی میں خُوشی پاتے ہیں۔
۱۶ تم امیر آدمیوں پر اَفسوس، جو اپنا مال غریبوں کو نہیں دیتے، پَس تُمھاری دَولت تُمھاری جانوں کے لیے ناسُور ہو گی؛ اور مُلاحظے اور عدالت اور غضب کے دِن یہی تُمھارا نوحہ ہو گا: کٹائی کا موسم گُزر گیا، موسمِ گرما ختم ہُوا، اور میری جان نہ بچی!
۱۷ تم غریب آدمیوں پر اَفسوس، جِن کے دِل شِکستہ نہیں، جِن کی رُوح پشیمان نہیں، اور جِن کے پیٹ نہیں بھرتے، اور جِن کے ہاتھ دُوسرے آدمیوں کے مال پر پڑنے سے نہیں رُکتے، جِن کی آنکھیں لالچ سے بھری ہیں، اور جو اپنے ہاتھوں سے محنت نہیں کرتے!
۱۸ مگر مُبارک ہیں وہ غریب جو پاک دِل ہیں، جِن کے دِل شِکستہ ہیں، اور جِن کی رُوحیں پشیمان ہیں، کیوں کہ وہ خُدا کی بادِشاہی کو اپنی نجات کے لیے قُدرت اور جلال میں آتے دیکھیں گے؛ اور زمِین کی فربہ چِیزیں اُن کی ہوں گی۔
۱۹ پَس دیکھ، خُداوند آئے گا، اور اُس کا اَجر اُس کے ساتھ ہو گا، اور وہ ہر آدمی کو صِلہ دے گا، اور غریب شادمان ہوں گے؛
۲۰ اور اُن کی نسلیں نسل در نسل زمِین مِیراث میں پائیں گی، ہمیشہ سے ہمیشہ تک۔ اور اب مَیں تُمھارے لیے فرمان ختم کرتا ہُوں۔ اَیسا ہی ہو۔ آمین۔