صحائف
عقائد اور عہُود ۶۴


فصل ۶۴

۱۱ ستمبر ۱۸۳۱، نبی جوزف سمِتھ کے وسِیلے سے، کرٹ لینڈ اوہائیو میں، کلِیسیا کے بُزرگوں کو دیا گیا مُکاشفہ۔ نبی، اوہائیو کے شہر حائرم نقل مکانی کرنے کی تیاری کر رہا تھا، تاکہ بائِبل کے ترجمے کے کام کی تجدید کر سکے، جب تک وہ میزوری میں تھا اُسے مُلتوی کر دیا گیا تھا۔ بھائیوں کا گروپ جِس کو صِیُّون (میزوری) جانے کا حُکم دیا گیا تھا اَکتوبر میں جانے کی تیاری بڑی مُستَعِدی سے کر رہا تھا۔ اِس مَصرُوف وقت کے دوران میں، یہ مُکاشفہ پایا۔

۱–۱۱، مُقَدَّسین کو ایک دُوسرے کو مُعاف کرنے کا حُکم دیا گیا ہے، اَیسا نہ ہو کہ اُن میں اِس سے بڑا گُناہ پایا جائے؛ ۱۲–۲۲، توبہ نہ کرنے والوں کو کلِیسیا کے سامنے لایا جائے؛ ۲۳–۲۵، جو دہ یکی دیتا ہے وہ خُداوند کی آمد پر بھسم نہ ہو گا؛ ۲۶–۳۲، مُقَدَّسین کو قرض کے خِلاف خبردار کِیا جاتا ہے؛ ۳۳–۳۶، سرکش صِیُّون سے نِکال باہر کیے جائیں گے؛ ۳۷–۴۰، کلِیسیا قَوموں کا اِنصاف کرے گی؛ ۴۱–۴۳، صِیُّون پھلے پُھولے گی۔

۱ دیکھو، خُداوند تُمھارا خُدا تُم سے یُوں فرماتا ہے، اَے میری کلِیسیا کے بُزرگو، تُم دھیان دو اور سُنو، اور اپنے بارے میں میری مرضی پاؤ۔

۲ پَس مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، مَیں چاہتا ہُوں کہ تُم دُنیا پر غالِب آؤ؛ پَس مَیں تُم پر رحم کرُوں گا۔

۳ تُمھارے درمیان میں وہ موجود ہیں جِنھوں نے گُناہ کِیا ہے؛ بلکہ مَیں سچّ کہتا ہُوں، صرف اِس بار، اپنے ہی جلال کے لیے، اور رُوحوں کی نجات کے لیے، مَیں نے تُمھیں تُمھارے گُناہ مُعاف کیے ہیں۔

۴ مَیں تُم پر رحیم ہُوں گا، کیوں کہ مَیں نے بادِشاہی تُمھیں دی ہے۔

۵ اور بادِشاہی کے بھیدوں کی کُنجیاں، اُن وسِیلوں سے جو مَیں نے مُقرّر کیے ہیں، میرے خادِم جوزف سمِتھ جُونیئر سے نہ لی جائیں گی، جب تک وہ جیتا ہے، بشرطیکہ ِ وہ میری رُسُوم کو مانے۔

۶ اَیسے بھی ہیں جِنھوں نے بِلاوجہ اُس کے خِلاف بہانہ تلاش کِیا ہے۔

۷ پَس، اُس نے گُناہ کِیا ہے؛ لیکن مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، مَیں خُداوند، اُن کے گُناہ مُعاف کرتا ہُوں جو میرے حُضُور اُن کا اِعِتَراف کرتے اور مُعافی مانگتے ہیں، کون ہے جِس نے گُناہ نہیں کِیا جِس کا انجام موت ہے۔

۸ میرے شاگِرد، قدِیم زمانہ میں، ایک دُوسرے کے خِلاف بہانے ڈھونڈتے اور اپنے دِلوں میں ایک دُوسرے کو مُعاف نہ کرتے تھے؛ اور اِس بدی کے باعث اُنھوں نے مُصِیبت اُٹھائی اور شدید تنبیہ پائی۔

۹ پَس، مَیں تُم سے کہتا ہُوں، کہ تُمھیں ایک دُوسرے کو مُعاف کرنا لازم ہے، چُوں کہ جو اپنے بھائی کے قُصُور مُعاف نہیں کرتا وہ خُداوند کے حُضُور مُجرم ٹھہرایا جاتا ہے؛ چُناں چہ اِس میں اُس کا گُناہ بڑا ہے۔

۱۰ مَیں، خُداوند، جِس کو مُعاف کرنا چاہُوں، مُعاف کرُوں گا، البتہ تُمھارے واسطے یہ لازم ہے کہ تمام آدمیوں کو مُعاف کرنا۔

۱۱ اور تُمھیں اپنے دِلوں میں کہنا لازم ہے—خُدا تیرے اور میرے درمیان میں اِنصاف کرے، اور تُجھے تیرے کاموں کے مُوافِق اَجر دے۔

۱۲ اور وہ جو اپنے گُناہوں سے توبہ نہیں کرتا، اور اُن کا اِقرار نہیں کرتا، اُسے کلِیسیا کے سامنے لاؤ، اور اُس سے وہ کرو جو صحائف تُمھیں کہتے ہیں، چاہے حُکم سے یا مُکاشفہ سے۔

۱۳ اور تُم اَیسا کرنا تاکہ خُدا جلال پائے—اِس لیے نہیں کہ تُم مُعاف نہیں کرتے، تُم میں رحم نہیں، بلکہ اِس لیے کہ تُم شَرِیعت کی نظر میں راست ٹھہرو، تاکہ تُم اُسے غُصّہ نہ دِلاؤ جو تُمھارا شَرِیعت دینے والا ہے—

۱۴ مَیں سچّ کہتا ہُوں، اِس سبب سے تُم اِن باتوں پر عمل کرنا۔

۱۵ دیکھو، مَیں خُداوند، اپنے خادِم عزرا بُوتھ سے خفا تھا جو میرا خادِم تھا، اور اپنے خادِم آئزک مورلی سے بھی، کیوں کہ اُنھوں نے میری شَرِیعت پر عمل نہ کِیا، نہ ہی میرے حُکموں پر؛

۱۶ اُنھوں نے اپنے دِل میں بُرا سوچا، اور مُجھ، خُداوند نے اپنی رُوح کو روکا۔ اُنھوں نے اُس چِیز کو بُرا ٹھہرایا جِس میں کوئی بُرائی نہ تھی، تاہم مَیں نے اپنے خادِم آئزک مُورلی کو مُعاف کر دیا ہے۔

۱۷ اور میرے خادِم ایڈورڈ پارٹریج نے بھی، دیکھو، اُس نے گُناہ کِیا ہے، اور شیطان اُس کی جان کی ہلاکت کا خواہاں ہے؛ البتہ جب یہ باتیں اُن پر ظاہر کی جائیں، اور وہ بُرائی سے توبہ کریں، وہ مُعاف کیے جائیں گے۔

۱۸ اور اب، مَیں سچّ کہتا ہُوں میری دانِست میں یہ ہے کہ میرا خادِم سِڈنی گلبرٹ، چند ہفتوں بعد، اپنے فرض اور صِیُّون کی سرزمِین میں نمایندگی کرنے واپس جائے؛

۱۹ اور وہ جو اُس نے دیکھا اور سُنا ہے میرے شاگِردوں کو بتایا جائے، تاکہ وہ ہلاک نہ ہوں۔ اور اِس سبب سے مَیں نے یہ باتیں بیان کی ہیں۔

۲۰ اور پھِر مَیں تُم سے کہتا ہُوں، کہ میرا خادِم آئزک مورلی اپنی برداشت سے زیادہ نہ آزمایا جائے، اور غلط مشورت سے تُمھیں اَذِیت ہو، مَیں نے یہ حُکم دیا تھا کہ اُس کی اراضی بیچی جائے۔

۲۱ مَیں نہیں چاہتا کہ میرا خادِم فریڈرک وِلیم اپنی اراضی بیچے، پَس مَیں، خُداوند، کرٹ لینڈ کی سرزمِین میں، پانچ برس کے عرصے کے لیے، مُستَحکم گرفت رکھنا چاہتا ہُوں، اِس کے دوران میں مَیں بدکاروں کو شِکست نہ دُوں گا، تاکہ اِس طرح کُچھ کو بچا سکُوں۔

۲۲ اور اُس دِن کے بعد، مَیں، خُداوند، کسی کو قُصُوروار نہ ٹھہراوں گا جو صِیُّون کی سرزمِین میں کھلے دِل سے جائے گا؛ پَس مَیں، خُداوند، بنی آدم کے دِلوں کا طالب ہُوں۔

۲۳ دیکھو، یہ وقت اِبنِ آدم کے آنے تک آج کہلاتا ہے، اور یہ درحقیقت قُربانی کا دِن ہے، اور میرے لوگوں کے لیے دہ یکی کا دِن؛ پَس جو دہ یکی دیتا ہے وہ اُس کی آمد پر بھسم نہ کِیا جائے گا۔

۲۴ پَس آج کے بعد جلنا آتا ہے—یہ خُداوند کے فرمان کے مُطابق ہے—پَس مَیں سچّ کہتا ہُوں، کل تمام مغرور اور بدکردار بُھوسے کی مانِند ہوں گے؛ اور مَیں اُنھیں بھسم کرُوں گا، پَس مَیں ربُّ الافواج ہُوں، اور کسی کو نہ بخشُوں گا جو بابل میں رہتے ہیں۔

۲۵ پَس، اگر تُم مُجھ پر اِیمان لاتے ہو، تُم مُشقّت کرو گے جب تک یہ آج کہلاتا ہے۔

۲۶ اور یہ مناسب نہیں کہ میرے خادِم، نیول کے وِٹنی اور سِڈنی گلبرٹ، اپنا ذخیرہ خانہ اور اِملاک یہاں فروخت کریں؛ کیوں کہ یہ حِکمت نہیں جب تک کلِیسیا کا بقیہ، جو اِس جگہ میں رہتا ہے، صِیُّون کی سرزمِین میں جائے۔

۲۷ دیکھو، میری شَرِیعت میں فرمایا گیا ہے، یا ممنوع ہے، کہ اپنے دُشمنوں کے مقرُوض ہونا؛

۲۸ بلکہ دیکھو، یہ کبھی نہیں فرمایا گیا کہ خُداوند جب چاہے وُصُول نہ کرے، اور جب اُسے مناسب لگے صلہ دے۔

۲۹ پَس، جَیسا کہ تُم نمایندے ہو، تُم خُداوند کے فرائض پر مامُور ہو، اور جو بھی تُم خُداوند کی مرضی کے مُوافِق کرتے ہو خُداوند کا فرض منصبی ہے۔

۳۰ اور اُس نے تُمھیں اِن آخِری ایّام میں مُقَدَّسین کے لیے مہیا کرنے کے واسطے مُقرّر کِیا ہے، تاکہ وہ صِیُّون کی سرزمِین میں مِیراث پائیں۔

۳۱ اور دیکھو، مَیں، خُداوند تُم پر واضح کرتا ہُوں، اور میرا کلام اَٹل ہے اور رائیگاں نہ ہو گا، کہ وہ اِسے پائیں گے۔

۳۲ بلکہ سب باتوں کو اپنے وقت پر ہونا لازم ہے۔

۳۳ پَس، نیک کام کرنے میں ہمت نہ ہارو، کیوں کہ تُم ایک عالی و اَرفع کام کی بُنیاد رکھ رہے ہو۔ اور معمولی باتوں کے وسِیلے سے وہ رُونما ہوتی ہے جو اَفضل ہے۔

۳۴ دیکھو، خُداوند دِل اور نیت کا طالب ہے؛ اور راغب اور فرماں بردار اِن ایّامِ آخِر میں صِیُّون کی سرزمِین کی فربہ چِیزیں کھائیں گے۔

۳۵ اور سرکش صِیُّون کی سرزمِین سے کاٹ باہر کیے جائیں گے، اور نِکال دیے جائیں گے اور زمِین مِیراث میں نہ پائیں گے۔

۳۶ پَس، مَیں سچّ کہتا ہُوں کہ سرکش افرائیم کے خُون سے نہیں ہیں، لہٰذا وہ اُکھاڑ باہر کیے جائیں گے۔

۳۷ دیکھو، مُجھ، خُداوند نے، اپنی کلِیسیا کو اِن آخِری ایّام میں اَیسے مُنصف کی طرح بنایا ہے جو پہاڑ، یا کسی اُونچی جگہ بیٹھا ہو، کہ قَوموں کا اِنصاف کرے۔

۳۸ پَس اَیسا ہو گا کہ صِیُّون کے باشِندے صِیُّون کی بابت تمام اُمور کا اِنصاف کریں گے۔

۳۹ اور وہ جُھوٹے اور ریاکاروں کو سامنے لائیں گے، اور وہ جو رسُول اور نبی نہیں ظاہر کیے جائیں گے۔

۴۰ اور حتی کہ اُسقُف بھی، جو مُنصف ہے، اور اُس کے مُشِیران، اگر وہ اپنی ذِمّہ داریوں میں اِیمان دار نہیں ہیں رَدّ کیے جائیں گے اور اُن کی جگہ دُوسرے مُقرّر کیے جائیں گے۔

۴۱ پَس، دیکھو، مَیں تُم سے کہتا ہُوں کی صِیُّون پھلے پُھولے گی، اور خُداوند کا جلال اُس پر ہو گا۔

۴۲ اور وہ لوگوں کے لیے نقیب ہو گی، اور آسمان کے نیچے تمام قَوموں سے لوگ اُس تک آئیں گے۔

۴۳ اور وہ دِن آتا ہے جب زمِین کی قَومیں اُس کے سبب سے کانپیں گی، اور اُس کے زبردستوں کے سبب خَوف کھائیں گی۔ خُداوند نے یہ فرمایا ہے۔ آمین۔